اضلاع کی خبریں 02.09.2013

پیٹرول کے نرخوں میں اضافہ کر کے نواز حکومت نے عوام کو مایوس کیا ہے’مولانا صادق عتیق
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد صادق عتیق نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی حکومت بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کے نقش قدم پر چل پڑی ہے، قوم نے میاں نواز شریف کو انتہائی محبت سے نوازا تھا مگر بد قسمتی سے عوام اپنے فیصلے پر شرمندگی محسوس کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ مولانا محمد صادق عتیق نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کر کے حکومت نے عوام کو مایوس کر دیا ہے،اس اضافے سے مہنگائی کا ایک نہ ختم ہو نے والا سلسلہ شروع ہو گا جو پہلے سے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے سسکتی عوام کی کمر پر آخری تنکا ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ذاتی دلچسپی لیکر وزارت خزانہ کو آئے روز کی مہنگائی سے روکیں اور حکومتی اخراجات کو کنٹرول کرنے کا حکم دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن وقاص شاہد کھوکھر کے بھائی اسد بن شاہد کی دعوت ولیمہ کی تقریب منقعد ہوئی
گوجرانوالہ(جی پی آئی) جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن وقاص شاہد کھوکھر کے بھائی اسد بن شاہد کی دعوت ولیمہ کی تقریب منقعد ہوئی جس میں حاجی شاہد کھوکھر ،نوریز پھلروان،سٹی صدر یوتھ ونگ ولید بٹ،شہناز خان،ڈائیریکٹر مجاہد پرویز کھوکھر،محمود بشیر ورک ایم این اے،عبدالرئوف مغل ایم پی اے،توفیق بٹ ایم پی اے، چوہدری محمد نواز چوہان ایم پی اے ،جائنٹ سیکر ٹری یوتھ ونگ پنجاب شعیب بٹ امیدوار چیمبر آف کامرس نعمان شیخ ،نائب صدر انجمن تاجران عمران شیخ،شیخ نسیم،شیخ اسلم،چاند بٹ، محمد سلیم بادشاہ،کاشف بٹ و دیگر لوگوں نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈی سی او گوجرانوالہ طارق جاوید ملک کی خصوصی ہدایات پر یونین کونسل 59/23 اور 70/34 میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)ڈی سی او گوجرانوالہ طارق جاوید ملک کی خصوصی ہدایات پر یونین کونسل 59/23 اور 70/34 میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ‘ مہم کا افتتاح سٹی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ولید بٹ نے کیا اس موقع پر صدر یوتھ ونگ پی پی 94 قاسم مجید ‘ صدر پی پی 91 یاسر مشتاق بھٹی اور یوتھ ونگ کے دیگر عہدیداران اور کارکن بھی موجود تھے یاد رہے کہ سٹی صدر یوتھ ونگ ولید آصف بٹ کی کاوشوں سے مذکورہ یونین کونسلوں میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اس موقع پر ولید بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ ن کا ایجنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرمملکت برائے نجکاری انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون میں واسا کی کوششیں اور محنت ناکافی ثابت ہوئی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)وزیرمملکت برائے نجکاری انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون میں واسا کی کوششیں اور محنت ناکافی ثابت ہوئی، حالات میں بہتری کے لئے واسا ملازمین آرام کی بجائے کام کو اپنا شعاربنائیں،،کمزوریوں اور خامیوں پر قابو پا کر اگلے مون سون تک واسا کو اپنے پائوں پر کھڑا کر نا ہو گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے واسا حکام اورملازمین کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اب 20لاکھ آبادی پر مشتمل ایک بڑا شہر ہے اور اسکے سیوریج سسٹم میں عوام کے تعاون کے بغیر بہتری لانا ممکن نہیں ہے،پچھلے پانچ سال میں ماضی کے مقابلے میںکئی گنا زیادہ انویسٹمنٹ کی گئی تاہم اس سال واسا مطلوبہ نتائیج نہ دے سکا اور عوامی توقعات پوری نہ ہوسکیں،واسا حکام مشکلات اور بد نظمی پر قابو پانے کے لئے سخت محنت کریں اور اس امر کو یقینی بنا یا جائے کہ آئندہ عوام کو ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ،عوام بھی شاپر بیگ اور اس قسم کی دوسری اشیا سیوریج لائنوں میں پھینکنے سے گریز کرکے اپنے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں،اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی واسا خالد بشیر بٹ نے بتایا کہ واسا کو بوسیدہ لائنوں،مین پاور کی کمی ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور شہر میں بھینسوں کی موجودگی سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جسکی وجہ سے واسا کی کارکردگی شدید متاثر ہورہی ہے،شہر کی 64یونین کونسلوں کے لئے 140سیور مین دستیاب ہیں جو آبادی کے لحاظ سے بہت کم ہیںبجلی بند ہونے کی صورت میں پمپ اور موٹریں کام نہیں کر پاتیں جس سے سیوریج سسٹم بیٹھ جاتا ہے،ان مسائل کا حل کرکے محکمے کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابقہ لوکل کونسلوں کے تمام مستقل ملازمین گروپ انشورنس کے حقدار ہیں ۔محتسب پنجاب کا فیصلہ
لاہور(جی پی آئی)محتسب پنجاب جاوید محمود نے سابقہ یونین کونسلوں ،ٹاؤن و میونسپل کمیٹیوں اورمیونسپل کارپوریشنوں کے مستقل ملازمین کو گروپ انشورنس کی رقوم ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ سابقہ لوکل کونسلوں کے تمام مستقل ملازمین گروپ انشورنس کے حقدار ہیں اورانہیں ان کے جائز حق سے محروم رکھنا سنگین بد انتظامی ہے۔محتسب پنجاب نے کہا کہ 2002میںپنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ نافذکرتے ہوئے لوکل کونسلوں میں کام کرنے والے ہزاروںملازمین کے حقوق کاصحیح معنوں میں تحفظ نہیں کیا گیا اورکنٹرولر جنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران، محکمہ بلدیات پنجاب اورسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن نے بدانتظامی کا مظاہرہ کیا اورگروپ انشورنس کی رقوم کے حساب کتاب کیلئے کوئی طریقہ کار ہی وضع نہیں کیاگیا۔ لوکل کونسلوں کے زیرانتظام مختلف سکولوں میں کام کرنے والے ملازمین اوران کے اہل خانہ کی درخواستوں پر فیصلہ دیتے ہوئے محتسب پنجاب نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ درخواست گذاروں کوجلد ازجلدگروپ انشورنس کی رقوم کی ادائیگی یقینی بنائیں اور ملازمین کی گروپ انشورنس کی رقوم کے حساب کتاب کیلئے ایک علیحدہ جنرل لیجر اکاؤنٹ کھلوانے کیلئے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس پاکستان سے رابطہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق محتسب پنجاب کو ایم سی پرائمری سکول سرگودھا کی پی ٹی سی ٹیچر شفقت کوثر کے خاوند اورایم سی پرائمری سکول پتوکی کے پرائمری سکول ٹیچر محمد اشرف سمیت سابقہ لوکل کونسل کے متعدد ملازمین نے درخواست دی کہ 2002میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے نفاذ سے پہلے تک ان کی تنخواہوں سے باقاعدہ گروپ انشورنس کی ماہانہ کٹوتی کی جاتی تھی لیکن 2002کے بلدیاتی نظام میں میونسپل ملازمین کو گروپ انشورنس سے محروم کردیا گیا۔محتسب پنجاب نے ایڈوائزر برائے اکاؤنٹس وزیر احمد قریشی کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی ۔وزیراحمد قریشی نے محکمہ بلدیات، اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اورسٹیٹ لائف انشورنس سے جواب طلب کیا تو پتہ چلا کہ 2002میں پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے نفاذ کے ساتھ ہی سابقہ لوکل کونسلوں میں کام کرنے والے ملازمین کو متعلقہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ماتحت کردیا گیا تھااوران کی تنخواہوں کی ادائیگی متعلقہ ڈسٹرکٹ کاؤنٹس آفس سے شروع کردی گئی۔ چند ملازمین کی گروپ انشورنس کی رقوم بھی تنخواہوں سے کاٹی گئیں لیکن علیحدہ اکاؤنٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس کا مکمل حساب نہیں رکھا گیا۔محتسب پنجاب نے وزیراحمد قریشی کی سفارشات کی روشنی میں سیکریٹری بلدیات کو حکم دیا ہے کہ جوملازمین گروپ انشورنس کی مد میں تنخواہوں سے کٹوتی کرواتے رہے ہیں، گروپ انشورنس ان کا قانونی حق ہے اوران کے جائز حق کوسرکاری اداراروںکی بدانتظامی کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔محتسب پنجاب نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ جن ملازمین کی 2002کے بعد کٹوتی ہوئی ،انہیں بھی گروپ انشورنس کی رقم نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس پاکستان نے میونسپل ملازمین کی گروپ انشورنس کے حساب کتاب کیلئے طریقہ کار ہی وضع نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اورڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران، محکمہ بلدیات پنجاب، ضلعی حکومتوں اورسٹیٹ لائف کارپوریشن نے بدانتظامی کا مظاہرہ کیا۔ محتسب پنجاب نے کہاکہ سرکاری اداروں کی بدانتظامی کی وجہ سے میونسپل ملازمین ذہنی اورمعاشی کرب سے دوچار ہیں اور سرکاری محکموں کی بدانتظامی کی سزا میونسپل ملازمین کو نہیں دی جاسکتی۔محتسب پنجاب جاوید محمودنے کہا کہ سٹیٹ لائف کارپوریشن نے تسلیم کیاہے کہ میونسپل ملازمین کی گروپ انشورنس کی کئی سو ارب روپے کی رقم سٹیٹ لائف کے پاس جمع ہے اور میونسپل کمیٹیوں اورکارپوریشنوں کے ملازمین کی گروپ ا نشورنس کا سلسلہ جاری رہتا تو گذشتہ دس سال میں تنخواہوں سے 100ارب روپے سے زائدکی کٹوتی ہوچکی ہوتی۔محتسب پنجاب نے سیکریٹری بلدیات کو حکم دیا ہے کہ سٹیٹ لائف کارپوریشن کی کٹوتی کے لئے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس سے نیا جنرل لیجر اکاؤنٹ کھلوایا جائے اورنئے لیجر اکاؤنٹ میں میونسپل ملازمین کے گروپ انشورنس کی رقوم منتقل کرکے انہیں ان کا قانونی حق دیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
توانائی بحران اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جار ہی ہے، شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی محمد شہباز شریف سے پاکستان میںکینیڈا کے ہائی کمشنر گریگ جیوکاس(Mr. Greg Giokas)نے آج یہاں ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور مختلف شعبوں میںتعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاـ صوبائی وزیر صحت خلیل طاہر سندھو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری صحت اور کینیڈا کے اعزازی قونصل جنرل سید یاورعلی بھی ملاقات میں موجود تھےـوزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کینیڈین ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین خوشگواردوستانہ تعلقات ہیں اور کینیڈا پاکستان میں مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون کر رہا ہے ـانہوںنے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس میں توانائی کا بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ سر فہرست ہیںـ توانائی بحران نے معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے اور صنعت، تجارت سمیت دیگر شعبوں پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیںـ انہوںنے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے اور جلد از جلد لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیںـ ہائیڈل، سولر ، بائیو ماس، بائیو گیس اور کوئلے سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہےـ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا قلع قمع بھی نہایت اہمیت کا حامل ہےـ ہماری بقاء دہشت گردی کے خاتمے میں مضمر ہےـ ملک میں امن ہو گا تو ترقی ہو گی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ممکن ہو گیـ یہی وجہ ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہےـ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور چالیس ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہےـ نئی قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی سطح پر انسداد دہشت گردی پالیسی مرتب کر رہی ہےـ دہشت گردی کے سد باب کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ صحت و تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور روز گار کے نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جار ہی ہے ـصوبے کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم، صحت اور انفرسٹرکچر کی ترقی سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے ایسے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتیـ نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی اور علوم سے آراستہ کئے بغیر ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور تعلیمی شعبے کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت صوبے میں موثر اور جامع تعلیمی پالیسی پر عمل پیراہےـ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈاور دانش سکولوں کا قیام اس سلسلے کی اہم کڑی ہے ـ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام سے اب کسی بھی ہونہار طالب علم کو مالی دشواریوں کی بناء پر اپنی تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ منقطع نہیں کرنا پڑتا اور پچاس ہزار سے زائد ہونہار مستحق طلباء و طالبات تعلیمی فنڈ کے ذریعے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر ہے ہیں جبکہ دانش سکولوں میں غریب ترین طلباء و طالبات کو معیار ی سکولوں سے بڑھ کر تعلیمی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جہاں پر سمارٹ بورڈ اور آئی ٹی لیب کے ذریعے مستقبل کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہےـ انہوںنے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کی فنی تربیت کے لئے پنجاب سکلڈ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہےـ پہلے مرحلے میں یہ پروگرام جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میںشروع کیا گیا اور اب اس کا دائرہ کار مزید اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہےـ انہوں نے
بتایا کہ اقلیتوں کو بھی اسمبلیوں میں بھرپور نمائندگی دی گئی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے ـ کینیڈین ہائی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے اور انہیں میٹرو بس کا منصوبہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے جس کاموازنہ ترقی یافتہ ممالک سے بھی بخوبی کیا جا سکتا ہےـ انہوںنے کہا کہ پاکستانی عوام زبردست صلاحیتوں کے مالک ہیں اور پاکستان کی علاقائی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے ـانہوںنے کہا کہ کینیڈا مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گاـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پٹرولیم مصنوعات میںاضافہ، مہنگی بجلی،گیس صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے،نصراللہ مغل
لاہور(جی پی آئی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ، مہنگی بجلی اورگیس ملک میں صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔بجلی ،گیس، پٹرول کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ سے پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے ،مہنگی پروڈکشن کے باعث پاکستان کی برآمدات میں کمی واقع ہوگی،حکومت اگر انڈسٹریز کو ترقی دینا چاہتی ہے تو انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق سستی بجلی، گیس اور پٹرول فراہم کرے تاکہ انڈسٹریز اپنی پوری استطاعت کے مطابق پیداوار تیار کرے اس سے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگااور حکومت کا ویژن بھی مکمل ہوگا۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نصر اللہ مغل نے کہا کہ بجلی و گیس بحران کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں 1024صنعتیں اور فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں جس کے باعث 3 لاکھ سے زائد مزدور بے روزگاری کا شکار ہیں مہنگی بجلی ،گیس ،پٹرولیم مصنوعات کے باعث بڑے پیمانے پر انڈسٹریز بند ہونا لمحہ فکریہ ہے حکومت فوری ریونیو کے حصول کیلئے انڈسٹریز کو قربان نہ کرے ،صنعتی ترقی ملک کو خوشحالی کی راہوں پر گامزن کرے گی اس لیے انڈسٹریز کیلئے بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافوں کو فی الفور واپس لیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کے برسرِاقتدار آتے ہی عوام کو بجلی لگانے کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے :شوکت بسرا
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکڑتری اطلاعات اور سابق ڈپٹی اپوزیشن لیڈر شوکت بسرا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے برسرِاقتدار آتے ہی عوام کو بجلی لگانے کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس منصوبے کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیں جبکہ باقی وزراء معاون خصوصی بنے ہوئے ہیں اس منصوبے کے زریعے روز عوام کو بجلی لگائی جاتی ہے اور کبھی عوام پر پٹرول بم گرایا جاتا ہے اور اب عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھینا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ایسے منصوبے ہنگامی بنیادوں پر شروع کئے اور عوام کا خون نچور کر اپنے تخت کو توام بخشا ہے ، عوام کو بجلی لگا کر اپنے تخت کو مضبوط کرنے والے اب اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیں عوام کو طرح طرح کی اذیتیں دے کر حکومت کرنے والے مزید اقتدار میں نہیں رہیں گے، جن لوگوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کیا ہے، ایسے لوگوں کا اقتدار تھوڑی دیر کے لئے ہوتا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب بھر میں مکینیکل تندور قومی خزانے پر بوجھ ہیں ،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں قائم مکینیکل تندور قومی خزانے پر بوجھ ہیں پچھلے چار سال سے ردزانہ کی بنیادوں پر پنجاب بھر کے103مکینیکل تندوروں پر سستا آٹا تو جاتا ہے لیکن ان تندوروں پر حکومت کی طرف سے کروڑوں کی سسبڈی کے باوجود عوام کو مہنگی روٹی کی فراہم لمحہ فکریہ ہے کم وزن روٹی کی قیمت 4کی بجائے6روپے اور نان کی قیمت 6کی بجائے8روپے وصول کی
جاتی ہے۔ میاں کامران سیف نے کہا کہ ضلعی حکومت کی طرف سے روزانہ کی بنیادوں پر فی دستر خوان5بیگ اور فی مکینیکل تندور 15بیگ دیئے جا نے پر ماہانہ 38لاکھ 62ہزار روپے اور مکینیکل تندوروں کو45لاکھ روپے کا ماہانہ آٹا فراہم کیا جارہا ہے جبکہ اس کی آدھی قیمت پنجاب حکومت سسبڈی کے طور پر ادا کر رہی ہے۔لیکن اتنی خطیر رقم کے باوجود عوام کی اکثریت ان اقدامات کی افادیت سے محروم ہے جبکہ پنجاب بھر کی عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہے۔حکومت فی الفور ان مکینیکل تندوروں پر سبسڈی ختم کر ے اور یہ خطیر رقم پنجاب بھر میں آٹا کی سبسڈی کے طور پر استعمال کرکے آٹا کی قیمتیں کم کرکے کیونکہ 3ماہ میں آٹا 7روپے فی کلو مہنگا اور آٹے کا تھیلہ 630 سے 785 روپے تک پہنچ چکا ہے جوغریب اور سفید پوش عوام سے زیادتی ہے۔حکومت فی الفور عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وارڈنز کی برطرفیوں سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے ، سینیٹر کامل علی آغا
لاہور (جی پی آئی)279 وارڈنز کی برطرفی پر ق لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ ، سردار وقاص حسن موکل اور جیدہ خان نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی ہے ، موقف اختیار کیا ہے کہ وارڈنز کی برطرفی معاشی قتل عام ہے انکوائری میں وارڈنز کے موقف کو نظر انداز کیا گیا اور انصا ف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے متاثرہ وارڈنز سراپا احتجاج ہیں، ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ وارڈنز کی برطرفیوں سے سیاسی انتقام کی بو آرہی ہے محکمانہ انکوائری شفاف نہیں اور نہ ہی ایسی انکوائریوں کی کوئی کریڈیبلٹی ہوتی ہے پنجاب حکومت کی بے شمار انکوائری رپورٹس آئے روز عدالتوں میں مسترد ہوتی رہتی ہیں ، لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ مذکورہ انتہائی اہم مسئلہ پر جوڈیشل انکوائری کروائی جائے وارڈنز کو پوری طرح سنا جائے اور ان کے ساتھ انصاف ہونا چاہئیے پنجاب حکومت کا ڈریکونین حملہ جو 279 خاندانوںپر کیا گیا جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ تک معطل کیا جائے،انہوں نے کہا کہ 2008ء سے مسلسل چوہدری پرویز الہٰی کے تشکیل دیئے گئے وارڈنز کے جدید نظام کو ناکام اور غیر موثر بنانے کے لیے مسلسل ہتھکنڈے اختیار کیے گئے برطرفی کا حالیہ اقدام بھی اسی انتقامی سوچ کا تسلسل ہے، انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت اس سے قبل پراسکیوٹرز، پٹرولیم پولیس، پبلک ڈیفنڈر سروس جیسے عوامی خدمت کے اداروں پر حملہ آور ہو چکی ہے، سیاسی مخالفت میں رو زگار چھیننا فاشزم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوہدری ناصر عنایت سرا جنرل سیکرٹری مسلم لیگ گوجرانوالہ مقرر
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الہٰی کی ہدایت پر چودھری محمد ناصر عنایت سرا کو جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ضلع گوجرانوالہ مقرر کردیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ایک تقریب میں مسلم لیگ ہائوس میں ان کو نوٹیفیکشن دیا گیا۔چودھری محمد ناصر عنایت سرا اس سے قبل مسلم لیگ ضلع گوجرانوالہ کے سیکرٹری اطلاعات کے فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاقی حکومت کو خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف سازشیں اور ضمیر وں کی خرید و فروخت مہنگی پڑے گی: لیاقت بلوچ
لاہور (جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کو خیبر پختونخوا حکومت کیخلاف سازشیں اور ضمیر وں کی خرید و فروخت مہنگی پڑے گی۔ پنجاب سندھ اور بلوچستان میں بھی اسے شدید مزاحمت کا سامنا کرناپڑے گا۔ صوبہ خیبر پی کے میں گڈ گورننس، کرپشن کا خاتمہ، امن کی بحالی، بہتر تعلیمی اور صحت کی سہولتیں اور روزگار کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں۔ بلدیاتی نظام عوام کی خدمت ، اختیارات کی تقسیم اور انقلابی اقدامات کا حامل ہوگا۔ جماعت اسلامی صوبہ خیبر پی کے میں وزارت خزانہ، بلدیات، زکوة و عشر اور مذہبی امور میں خدمت، شفافیت اور امانت و دیانت کا معیار قائم کرے گی۔ جماعت
اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے بونیر اور صوابی میں ضلعی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ابتدائی 90دنوں میں تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیاہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں اضافہ کی بجائے آئی ایم ایف کی شرائط پر کیا گیاہے۔ جماعت اسلامی تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔ پورے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ڈرون حملے پاکستان کی آزادی، خود مختاری پر حملے ہیں۔ امریکہ پوری ڈھٹائی سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے جبکہ پاکستان کے حکمران مسلسل خاموشی اور بزدلی کا مظاہرہ کرر ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر بم دھماکہ الارمنگ اور المناک ہے۔ حکومت محض بیانات پر گزارا کررہی ہے۔ ملک و ملت کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر آزاد، خود مختار اور باوقارقومی پالیسی اختیار کی جائے اور 18 کروڑ عوام کے بکھرے شیرازے کو اکٹھا کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام سعودی عرب پر روس کے حملہ اور شام پر امریکی حملے کے بیانات اور ارادوں کی مذمت کرتے ہیں۔ عالم اسلام کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنے مسائل خود حل کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگر امریکہ نے شام پر حملہ کی غلطی کی تو پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آجائے گا، اطہر عمران طاہر
لاہور(جی پی آئی)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے امریکہ کی جانب سے شام پر حملہ کرنے کے اعلان کو بدحواسی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے یہ غیر سنجیدہ اعلان کرکے درحقیقت اپنی موت کو دعوت دی ہے۔ امریکی صدر باراک اوبامہ کے شام کیخلاف اعلان جنگ پر اپنے ردعمل میں اطہر عمران طاہر کا کہنا تھا کہ شام کے حالات خراب کرنے کا مقصد عرب ممالک کو غیر مستحکم کرنا اور امت مسلمہ کیلئے مسائل پیدا کرنا تھا۔ شام میں امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ باغیوں کی شکست کے بعد امریکہ کی جانب سے شام پر باقاعدہ حملہ کرنے کا اعلان باغیوں کی شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے شام پر حملہ کی غلطی کی تو پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آجائے گا اور پھر یہ جنگ امریکہ اور اسرائیل کی نابودی پر منتج ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کا شام پر حملہ کا اعلان ان مسلم ممالک کے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو شام میں جاری نام نہاد جہاد کی حمایت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ان مسلم ممالک اور امریکہ کے مشرکہ مفادات امت مسلمہ کیلئے نقصان دہ ہیں۔ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کو اس حوالے سے اپنا مثبت کردار اد اکرنا ہوگا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ امریکہ شام میں حقوق انسانی کی بحالی کیلئے نہیں لڑ رہا بلکہ دنیا پر اپنی عالمگیر شیطانی حکومت کے قیام کیلئے شام پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، اور حطے میں اسر ا ئیل کی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے جوامریکی گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ امریکہ اِس گریٹ گیم میں کیمیائی ہتھیاروں کے ذریعے سینکڑوں بیگناہ لوگوں کا قتل عام کر چکی ہے اور اس وقت یہ نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں تھیں جب امریکہ نے ایران، کیوبا، افغانستان اور عراق پر حملوں کیلئے کیمیائی ہتھیا ر فراہم کئے۔ مزید کہا کہ اُمت مسلمہ کی خاموشی قابلِ تشویش ہے اور پاکستانی حکومت شام پر ممکنہ امریکی جارحیت روکوانے میںکردار ادا کرے لیکن اسلامی حکومتوں کی طرف سے ماسوائے زبانی کلامی مذمت کے کسی قسم کا بھی ردِعمل دیکھنے میں نہیں آیا جو عالم اسلام کی بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولیس کو سیاسی سرپرستی سے نجات دلاکر ہی کراچی کو دہشتگردی سے پاک کیا جاسکتاہے:محمد ثروت اعجاز قادری
لاہور(جی پی آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ پولیس کو سیاسی سرپرستی سے نجات دلاکر ہی کراچی کو دہشتگردی سے پاک کیا جاسکتاہے،تاجر برادری، صنعتکار لاقانونیت اور بھتہ خوری سے پریشان حال ہیں،کراچی میں قیام امن کیلئے ٹارگٹڈآپریشن کو شفاف بنایاجائے، حکومت اورقانون نافذ کرنے والے ادارے ٹارگٹ کلرز،جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیازکاروائی کریں،پاکستان سنی تحریک شہر کراچی کے امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی مثبت پالیسیوں کی حمایت کریگی، پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر مہنگائی ڈرون گرانے کے مترادف ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی،بے روزگاری اور دہشتگردوں کے ہاتھوں تنگ ہیں ،ان خیالات کا اظہارانہوں نے میڈیا سیکریٹری شیخ محمد نواز قادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ پاکستان سنی تحریک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کومسترد کرتی ہے،انہوں نے کہاکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے سلسلے کا نہ رکنا حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کیلئے سوالیہ نشان ہے، عوام کا اعتماد قانون نافذ کرنے والوں سے دن بدن ختم ہوتاجارہاہے،عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ٹارگٹ کلرز ،بھتہ خوروں کی گرفتاری کو ہرحال میں یقینی بنایاجائے،انہوں نے کہاکہ ملک کو معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا،عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت کی آئینی ذمہ داری ہے،حکومت حیلے بہانے کے بجائے شہر کا امن تباہ کرنے والوں کو قانون کے دائرے میں لائے۔