اضلاع کی خبریں 04.08.2013
Posted on August 5, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اشرف علی انصاری نے گزشتہ روز اچانک اپنے حلقہ کے پانچ مختلف علاقوں کا دورہ کیا
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اشرف علی انصاری نے گزشتہ روز اچانک اپنے حلقہ کے پانچ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے مسائل کا جائزہ لیا اہل علاقہ نے نکاسی آب کے ناقص نظام پر شکایات کی انبار لگا دیئے۔ چوہدری اشرف علی انصاری نے واسا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے رشید کالونی’ گرجاکھ’ فضل پورہ ‘ رسول پورہ اور عالم چوک کا دورہ کیا۔ اکثر موٹریں بند تھیں اور عملہ بھی غائب تھا۔ جس پر چوہدری اشرف علی انصاری نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوری طور پر ایم ڈی واسا سے بات کی اور ان مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کریں چوہدری اشرف انصاری نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے اور خدمت کا یہ سور جاری رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
علاج معالجہ ہر شہری کی بنیادی سہولت ہے ‘حاجی شوکت علی رحمانی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)علاج معالجہ ہر شہری کی بنیادی سہولت ہے وسائل اس قدر قلیل اور محدود ہیں کہ سرکاری ہسپتال سے وطن عزیز کے دس فیصد کو بھی علاج معالجہ کی سہولتیں میسر آجائیں تو بڑی غنیمت ہیں گوجرانوالہ کا شہر اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ یہاں کے باشندے دکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش ہیں۔ان خیالات کااظہار سابق صوبائی وزیر صحت چوہدری بدرالدین رحمانی نے رحمانی برادری سٹی گوجرانوالہ کی طرف سے قائم کرنیوالے مولانا ظفرعلی خان میموریل ٹرسٹ ہسپتال کے سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔آل پاکستان رحمانی برادری کے صدر حاجی عبدالحمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک بہت بڑی عبادت ہے صاحب ثروت حضرات سے پرزور اپیل کی کہ مولانا ظفرعلی خان میموریل ٹرسٹ ہسپتال میں دل کھول کر اپنے عطیات جمع کروائیں تاکہ ہسپتال جلد سے جلد غریب مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر کر سکے۔مذکورہ ہسپتال میں جدید آپریشن تھیٹر ‘لیبارٹری’زچہ بچہ شعبہ کے ساتھ ساتھ زوائیدہ بچوں کے لیے نرسری کا بھی مکمل انتظام ہو گا۔تقریب سے رحمانی برادری سٹی گوجرانوالہ کے سرپرست اعلی بابو عبدالحمید اور سٹی صدر حاجی شوکت علی رحمانی کے علاوہ حاجی محمد رفیق’میاں عطاء اللہ ایڈووکیٹ’بابو امتیاز حسین’حاجی محمد افضل ‘حاجی بابر یاسین ‘میاں عطاء اللہ گتے والے’ڈاکٹر شہزاد اے شہزاد’سیٹھ محمد اسلم ودیگر مقررین نے بھی تقریب میں اپنے خیالات کااظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممبران کے حقوق کے لیے استحصالی گروپ کاڈٹ کر مقابلہ کریں گے:لیاقت بھٹی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)ممبران کے حقوق کے لیے استحصالی گروپ کاڈٹ کر مقابلہ کریں گے ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے اعلی سطح پر رابطے اور مشورے کر کے ان لوگوں کو آگے لائیں گے جو ملک و قوم ممبران اور بزنس کمیونٹی کی صحیح خدمت کر سکے ان خیالات کا اظہار ڈیموکریٹک گروپ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے لیاقت بھٹی کی طرف سے ممبران کے اعزاز میںدی گئی افطار پارٹی کے موقع پر کیااس موقع پر دیگر خطاب کرنے والوں نے لیاقت بھٹی کی کوششوں کو سراحا تقریب میں میاں عطا اللہ ،عابد سہیل بھٹی،سردار عاصم ظہور،نوید انجم انصاری ،اعجاز احمد ،مسعود چوھدری،میاں بابر علی،سید نذر حسین شاہ،چوھدری عبدالقیوم،وقاص بٹ،اشرف بھٹہ،میاںعمر،زاہد مقصود،عثمان زیب،و دیگر ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت قوم کو اندھیروں سے نجات دلانے میں مخلص ہے:ولید آصف بٹ
گوجرانوالہ (جی پی آئی)سٹی صدر مسلم لیگ (ن)ولید آصف بٹ پی پی 91کے مرکزی دفترکشمیری بازارمیں افتتاح کے موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قوم کو اندھیروں سے نجات دلانے میں مخلص ہے۔جس کی ایک مثال انرجی کانفرنس کا انعقاد ہے اس سے صوبے میں انرجی بحران کے خاتمے میں مدد ملے گی۔سابق حکمرانوں نے توانائی سیکٹر کو بری طرح نظرانداز کرکے ملک و قوم کو اندھیروں میںڈبو کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت قوم کو توانائی بحران سے نجات دلاکر دم لے گی۔ وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کی مشاورت سے قومی توانائی پالیسی کا اعلان کردیا ہے اور مشترکہ مفادات کونسل میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ بجلی و گیس چوری کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس چور قوم کے مجرم ہیں، ان سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے’ چوری میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ 14اگست کو یوتھ ونگ گوجرانوالہ کے زیراہتمام ایک ریلی کا انعقا د کیا جائے گا جس میں یوتھ ونگ کے کارکن بھرپورشرکت کریں گے۔اس موقع پر سٹی صدر وقاص کھوکھر،سینئرنائب صدراحمد بٹ،صدرپی پی91یاسرمشتاق بھٹی،جائنٹ سیکرٹری پی پی91سرداربلال،حافظ ارسلان،مرزاوقاربیگ،شیخ عمیر،علی قصائی اوردیگرممبران نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اخوت اور فائونٹین ہائوس کے زیراہتمام خواجہ سرائوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ’ افطار ڈنر اور عید گفٹ تقسیم کی تقریب کا انعقاد
لاہور (جی پی آئی) اخوت ہیلتھ سروسز اور فائونٹین ہائوس کے زیراہتمام فائونٹین ہائوس میں خواجہ سرائوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جبکہ عید کی مناسبت سے ان میں گفٹ بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی اخوت کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب’صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور اخوت ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اظہارالحق ہاشمی تھے۔پروگرام کو آرڈینیٹرروبی دانیال اورایم ایس فائونٹین ہائوس ڈاکٹر عمران بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ایسے افراد و ادارے قوم کا اثاثہ ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور انہوں نے اپنے وسائل کا ایک بڑا حصہ بیماروں خصوصاً دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے مختص کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ایسے افراد اپنا خود خیال نہیں رکھ سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ہمیں اپنے مذہب سے راہنمائی اور ثقافتی روایات پر عمل کرتے ہوئے مشترکہ خاندانی نظام کو فروغ دینا چاہیے تاکہ ایسے مریضوں کا گھر کے دوسرے افراد خیال رکھ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ دماغی امراض کے اداروں/ ہسپتال کے لئے ہر ممکن فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہخواجہ سرائوں کو معاشرے کا حصہ بنانے کے لیے اخوت اور فائونٹین ہائوس مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ خواجہ سراء ہمارے معاشرے کا ایک ایسا طبقہ ہے جو دوسروں کی خوشیوں کو دوبالا کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے انہیں معاشرے سے دھتکار دیا گیا ہے اور ان کو بری نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ خواجہ سرائوں کے پاس نہ گھر ہے نہ ملازمت نہ جائیداد’ نہ ان کو کوئی تعلیم دیتا ہے اور نہ ہی ان کی اظہار رائے کی کوئی ویلیو ہے’ اس سے بڑی اور کیا محرومی ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے اس سلوک کی وجہ سے یہ لوگ احساس کمتری اور اکثر خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہیں۔اخوت نے لاہور میں 50سال سے زائد کی عمر کے 200خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کی ہے جن کو ہر ماہ 11سو روپے وظیفہ دیا جاتا ہے اور ان کا مہینے میں ایک بار مکمل میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت ختم کرنے کا راستہ بھیک مانگنا نہیں بلکہ ایثار ہے۔قبل ازیں میڈیکل کیمپ میں100سے زائد خواجہ سرائوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں ادویات فراہم کی گئیں۔واضح رہے کہ” اخوت” نے آج سے ایک سال قبل خواجہ سرائوں کی فلاح و بہبود اور اُن کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کے لئے عملی قدم اُٹھایاتھااور اب ہر ماہ کے پہلے ہفتے خواجہ سراء فائونٹین ہائوس میں جمع ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ اپنے دُکھ درد بانٹتے ہیں۔ان خواجہ سرائوں کو دینی، دنیاوی اورمعاشرتی اقدار کے ساتھ ساتھ اُن کی صحت کے معاملات کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ فائونٹین ہائوس میں جمع ہونے والے خواجہ سرائوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے حکمرانوں نے اقتدار میں آتے ہی بجلی، گیس ،پٹرولیم اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرنے بجائے اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، گذشتہ انتخابات کے دوران حکمرانوں نے جو دعوے کئے تھے انہیں پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیںحکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے غریب عوام کا جینا محال ہو چکا ہے، عوام پیپلز پارٹی کے دور کو یاد کر رہے ہیںپیپلز پارٹی نے کڑے حالات میں بھی عوام کے منافی اقدامات سے گریز کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے تحصیل پسرور اور نارووال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں دورہ کیا
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے تحصیل پسرور اور نارووال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں دورہ کیا۔صوبائی وزیرنے تحصیل پسرور میں نالہ ڈیک کے سیلابی پانی سے متاثر ہونے والے دیہاتوں کا دورہ اور نالہ ڈیک کی قلعہ احمد آباد سے تتلے والی کے مقام تک توسیع کرنے کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے آج ضلع سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے موضعات پنج گرائیں، ککا پن اور کھیون چیمہ میں ڈیک نالہ میں طغیانی سے علاقہ میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں دورہ کیا ۔ ڈی سی او سیالکوٹ افتخار علی سہو، رکن صوبائی اسمبلی طارق سبحانی، چیف انجینئر ایری گیشن چودھری نذیر، فلڈ ریلیف آفیسر سیالکوٹ ملک عابد اور اسسٹنٹ کمشنر پسرور میاں رفیق احسن کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔صوبائی وزیر آبپاشی نے چیف انجینئر ایری گیشن چودھری نذیر کو ہدایت کی کہ وہ ڈیک نالہ کی قلعہ احمد آباد تاتتلے والی تک توسیعی منصوبے کی فزیبلٹی تیار کریں تاکہ یونین کونسل تخت پور کے موضعات پنج گرائی، ککا پن، کھیون چیمہ، اسلام پورہ ، دھیر، بانگے، تخت پورم میاں ہر پال اور بھاگوالی کی زرعی زمین اور آبادی کو نالہ ڈیک کے سیلابی پانی سے محفوظ بنایا جاسکے ۔ صوبائی وزیر نے ڈی سی او سیالکوٹ کو کہاکہ وہ متاثرہ علاقوں میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر انہیں رپورٹ بھجوائیں ۔ انہوں نے علاقے کے زمینداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کوپیش کرینگے ۔ صوبائی وزیر نے پنج گرائی میں سٹیل کے پُل کی فوری مرمت کرنے کے احکامات بھی صادر فرمائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب عوام کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے گی اور اس سلسلہ میں تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈی سی او سیالکوٹ افتخار علی سہو نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی اور لائیو سٹاک نے جانوروں کی ویکسی نیشن کیلئے خصوصی کیمپ لگا ئے ہوئے ہیں جہاں پر عملہ اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والی سڑکوںاورپلیوں کی مرمت اور تعمیر کیلئے محکمہ ورکس اینڈ سروسز کو فزیبلٹی رپورٹ بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔دریں اثناں صوبائی وزیر نے سیلاب سے متاثر ہونے والی فصلوں، سڑکوں اور پلوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا ممتاز محقق ، نقاد اور سکالر ڈاکٹر فرمان فتح پوری کے انتقال پراظہار تعزیت
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ممتاز محقق ، نقاد اور سکالر ڈاکٹر فرمان فتح پوری کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہےـ وزیر اعلی نے کہا کہ ڈاکٹر فرمان فتح پوری نے اردو زبان کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ وہ اردو کی شان تھے ۔مرحوم کی ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔وزیراعلی نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اﷲ تعالی مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے اورلواحقین کو یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق دےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلی کا جگر کے عارضہ میںمبتلا 20سالہ نعمت اللہ کے علاج معالجہ کے لئے مالی معاونت فراہم کرنے کااعلان
لاہور (جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جگر کے عارضہ میں مبتلا20سالہ نعمت اللہ کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے نعمت اللہ کے علاج معالجہ کیلئے مالی معاونت کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعلی نے نعمت اللہ کے علاج معالجے کیلئے فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت پنجاب نے توانائی کے حصول کے لئے جامع روڈ میپ مرتب کر لیا ہے:وزیراعلی محمد شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ توانائی کے بحران نے معاشی و تجارتی سرگرمیوں پر گہرے منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور حکومت پہلے ہی روز سے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہےـتوانائی ہو گی تو بیرونی سرمایہ کار ی آئے گی اور ملک خوشحال ہوگا ـحکومت پنجاب نے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کے لئے جامع روڈ میپ مرتب کر لیا ہے جس پر برق رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جارہاہےـچولستان میں 75سو ایکٹر اراضی پر قائد اعظم سولر پارک کا سنگ بنیادکل(5اگست) رکھا جا رہا ہے جس سے نہ صرف سولر توانائی کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کارو ںکو بھی تمام سہولتیں میسر ہوںگیـوہ آج یہاں چائنہ کی معروف کمپنی ”زیڈ ٹی ای سولر چائنہ ”کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے کمپنی کے صدر مسٹر یو یانگ (Mr. Yu Yong ) کی سربراہی میں ان سے ملاقات کیـسیکرٹری توانائی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھےـوزیراعلی محمد شہبازشریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے بحران کے حل سے بڑھ کر اور کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی اور یہی وجہ ہے کہ ہمارا ہر قدم اس بحران کے حل کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہاہے ـہم نے صوبے میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول پیدا کیا ہے جس کی بنا پر غیر ملکی کمپنیاں توانائی کے شعبے میں بھر پور تعاون کر رہی ہیںـانہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے طویل مشاورت اور ماہرین کی آراء کی روشنی میں سولر، بائیو ماس ، بائیو گیس ، بیگاس ،ہا ئیڈل اور کوئلے سے توانائی کے حصول کا جامع روڈ میپ تیار کیا ہے اور توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے ایک علیحدہ ”انرجی سیکرٹریٹ ”بھی قائم کیا جارہاہے جبکہ پالیسی فریم ورک اور قواعد وضوابط مرتب کرنے کے لئے صوبائی انرجی کمیشن بھی تشکیل دیا جارہاہے ـ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا با اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے اور اب توانائی کے بحران میں بھی چین کا کردار قابل ستائش ہےـ انہوںنے کہا کہ متعدد چینی کمپنیوں سے سولر اور کوئلے سے بجلی کے منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے تعاون کے معاہدے کئے گئے ہیں جنہیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیںـ انہوں نے کہاکہ زیڈ ٹی ای سولر چائنہ کا شمار چین کی معروف کمپنیوں میں ہوتا ہے ،وہ پنجاب میں سولر توانائی کے شعبے میں 5سو میگا واٹ کا پلانٹ ایک سال میں لگانے کی تجویز کا جائزہ لے او راس ضمن میں فنانشل ماڈل پیش کرےـ انہوںنے سیکرٹری توانائی کی سربراہی میں ٹیم کو چین کی کمپنی سے سولر توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کیـ چین میں اس وقت تقریباً 48ہزار میگا واٹ بجلی سولر سے حاصل کی جا رہی ہے اور پاکستان بھی چین کی اس مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتاہےـزیڈ ٹی ای سولر چائنہ کے صدر مسٹر یویانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی سولر توانائی کے شعبے میں بڑی مہارت رکھتی ہے اور چین میں سولر انرجی کے شعبے میں اس کا اہم کردار ہے ـانہوںنے کہاکہ وہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں سولر توانائی کے شعبے میں تعاون پر دلچسپی رکھتے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ افسران سے مل بیٹھ کر لا ئحہ عمل کو حتمی شکل دیں گےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
باغ جنا ح لاہورمیںتاریخی جمخانہ کرکٹ کلب کے ایک حصے میں کرکٹ میوزیم قائم کرے گی:مشہود خاں
لاہور(جی پی آئی)وزیر تعلیم،کھیل وامور نوجوانان پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب باغ جنا ح لاہورمیںتاریخی جمخانہ کرکٹ کلب کی پویلین کے ایک حصے میں کرکٹ میوزیم قائم کرے گی۔انہوں نے یہ بات آج لاہور جمخانہ کرکٹ کلب کے زیر اہتمام صوبہ بھر سے آئے ہوئے دس سال سے بارہ سال کی عمر کے110 بچوں کو دو ماہ کی کرکٹ ٹریننگ کے سمر کیمپ کی تکمیل پر کیمپ میں حصہ لینے والے بچوںاور ان کے کوچز کو انعامات دینے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔لاہور جمخانہ کرکٹ کلب کے چیئرمین میاں مصباح الرحمن،اعزازی سیکرٹری جاوید زمان خاں اور معروف قانون دان رانا اسداللہ خاں بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر کھیل نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھ کر انہیں اچھا سوچنے اور اچھا عمل کرنے کی جانب راغب کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی کرکٹ جیسے نفیس کھیل میں دلچسپی کے نتیجے میں آگے چل کر ان کی شخصیت سپورٹس مین سپرٹ کے سانچے میں ڈھل جاتی ہے اور ان کے ذہنوں میں یہ چیز راسخ ہو جاتی ہے کہ اپنی فتح کے لئے ہر جائز طریقہ اختیار کیا جائے اور مقابلے کے بعد اگر شکست بھی ہو تو اسے خندہ پیشانی سے قبول کرکے مزید محنت سے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا عزم ہی مستقبل میں بڑی کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے لاہور کے مختلف سکولوں کے علاوہ اسلام آباد ،بہاولپور اور فیصل آباد سمیت صوبہ بھر سے آئے ہوئے دس سے بارہ سال عمر کے کھلاڑیوں کی کرکٹ کے مختلف شعبوں میں مہارت کو سراہا اور کہا کہ لاہور جمخانہ کلب کرسمس کی چھٹیوں میں بھی اسی طرح کا ونٹر ٹریننگ کیمپ پندرہ دن کے لئے لگائے۔حکومت پنجاب اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی۔صوبائی وزیر کھیل نے تمام جونیئر کھلاڑیوںکو انعامات اور اعزازی شیلڈز دینے کے علاوہ امپائرز جاوید اشرف ،منصور احمد،محمد کلیم اور محمد عظیم،گرائونڈز مین محمد شریف،یعقوب علی،محمد رفیع،فاروق احمد،کرامت حسین،فریاد علی،محمد بشیر اور جونی کو بھی انعامات دئیے جبکہ 1970ء کی دہائی کے بزرگ فاسٹ بائولرمحمد صادق قریشی کو بھی خصوصی یادگاری شیلڈ دی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فلسطین، برما، افغانستان، مصر،عراق اور شام سمیت عالم اسلام کو درپیش تمام بڑے مسائل کی وجہ ”جرم ضعیفی”ہے:رانا مشہود
لاہور(جی پی آئی)وزیر تعلیم، سیاحت، امور نوجوانان، کھیل وآثار قدیمہ پنجاب رانا مشہود احمد خاںنے کہا ہے کہ فلسطین، کشمیر،برما،افغانستان،مصر،عراق اور شام سمیت عالم اسلام کو درپیش تمام بڑے مسائل کی وجہ ”جرم ضعیفی”ہے۔ہم سب کو عہد کرنا چاہیے کہ آپس میں لڑنے کی بجائے مل کر دنیا میں اپنا مقام بحال کرائیں گے۔اگرپاکستان کے مسلمان بیت المقدس کو یہودیوں کے قبضے سے چھڑانا چاہتے ہیں تواس کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ پاکستان کو مضبوط بنایا جائے ۔اتنا مضبوط کہ جب پاکستان سے فلسطین کی آزادی کی آوازبلند ہو گی تو دنیا بھر میں سنی بھی جائے گی اور مانی بھی جائے گی۔انہوں نے یہ بات آج ایک مقامی ہوٹل میں ”قبلہ اول کی پکار’ امت مسلمہ کی بیداری واتحاد” کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں کہی۔سیمینار کے دیگر مقررین صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین مولانا راجہ ناصر عباس، صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی،چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن پاکستان لعل مہدی خان اور جرمنی میں پاکستان کے سابق سفیر میاں عبدالوحید بھی شامل تھے۔رانا مشہود احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو دفاعی ،اقتصادی اور نظریاتی طور پر مضبوط تر بنائے بغیر ہم نہ اپنے عوام کو خوشحالی اور سربلندی سے ہمکنار کر سکتے ہیں اور نہ ہی دوسرے ممالک کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کے قابل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی 6 بڑی افواج میں ہوتا ہے لیکن ہم سے ڈرون حملے نہیں روکے جا سکے۔پاکستان آج بھی بیرونی ڈکٹیشن لینے پر مجبور ہے کیونکہ ہم اکٹھے نہیں ہیں۔ ہمیں فرقہ واریت اور علاقائی نفرتوں کے ذریعے ذہنی طور پر بانٹ دیا گیا ہے۔ قیام پاکستان کے وقت ہمیں خدا نے جس لیڈر سے نوازا تھا وہ سوٹ پہنتا تھا اور سگار پیتا تھا لیکن ان کی شخصیت شیعہ سنی اختلافات اورعلاقائی تعصبات سے بالاتر تھی۔جب پاکستان بن رہا تھا تو فسادات کے دوران کوئی یہ نہیں کہتا تھا کہ ہندئووں اور سکھوں نے اتنے شیعہ مار دئیے یا اتنے سنی دنیا میں نہیں رہے۔ساری دنیاکو یہی پیغام گیا تھا کہ کافروں نے لاکھوں مسلمان شہید کر دئیے کیونکہ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیام چاہتے تھے۔قیام پاکستان کے بعد ہم نے الجزائر،تیونس اور فلسطین کی جنگ آزادی میں حصہ لینے والوں کی سفارتی سطح پر کھل پر حمایت کی ۔کشمیر کے مسئلہ پر اسلامی دنیا سے ہمیں وہ رد عمل نہیں ملا ۔ایران اورعراق کی طویل جنگ رکوانے میں پاکستان نے ہر ممکن کردار ادا کیا اور جب سویت یونین نے افغانستان کا قبضہ کر لیا تو یہ صرف پاکستان تھا جس نے افغانستان کی مدد کی تاکہ مسلمانوں کو غلامی سے بچایا جا سکے۔روس کی شکست سے پورا سنٹرل ایشیاآزاد ہو گیا۔افسوس کی بات ہے کہ آج ہم افغانستان کی مدد نہیں کر پاتے۔تلخ حقیقت یہ ہے کہ افغانستان آج ہماری بجائے مدد کے لئے بھارت کی طرف دیکھ رہا ہے۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ ہم اپنے دین سے دور ہو گئے ہیں۔ ہمیں فرقوں میں اسلام نے نہیں،ہمارے مذہبی رہنمائوں نے تقسیم کیا ہے۔ دوسری جانب ہماری ترقی کا سفر عیاشی اور کرپشن کی نذر ہو گیا جس سے عالمی برادری میں پاکستان کا وقار مجروح ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لائی جاتی،پاکستان کا احترام بحال نہیں ہو گا۔آج ایران سے گیس پائپ لائن کی تنصیب اتنا بڑا ایشو بن گیا ہے ۔ہمیں چاہیے کہ اس پر سیاست نہ کریں بلکہ ایک خوددار قوم کی طرح ایک ہو کر آواز بلند کریں۔وہ وقت جلد آ جائے گا جب ہم اتنے طاقتور ہو ں گے کہ قبلہ اول کی آزادی کا مطالبہ عالمی برادری کو پورا کرنا پڑے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ لائیو سٹاک عوام کو سستا اور صحت مند گوشت فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے:رانا عبدالستار
لاہور(جی پی آئی) پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک عوام کو سستا اور صحت مند گوشت فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے اور خاص طور پر پولٹری انڈسٹری سے متعلقہ تمام شعبہ جات پر کڑی نظر رکھی جائے ، انہوں نے کہا کہ فیڈ ایکٹ پر عمل درآمد کرنے سے ناجائز منافع خوروں کا محاسبہ ہو گا، فیڈ ریٹ کم ہونے سے برائلر کی تیاری پر فارمر کی لاگت میں کمی آئے گی، فیڈ صحت مند ہونے سے برائلر میٹ بھی صحت مند ہو گا، پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے ایجنڈے کے مطابق پاکستانی عوام کو برائلر میٹ سستا اور صحت مند مہیا ہو گا سیکرٹری لائیو سٹاک سے گزارش ہے کہ فیڈ ایکٹ کے ساتھ ساتھ پولٹری انڈسٹری رولز بھی تیار کر کے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے جو پولٹری کے تمام شعبہ جات مثلاً فیڈ، ہیچری، میڈیسن، بروکرز، فارمرز پر لاگو ہوں، کیونکہ فیڈ کے ساتھ ساتھ ہیچری، میڈیسن اور بروکر بھی اپنی مرضی کی قیمت لگاتا ہے فیڈ کی طرح میڈیسن اور ہیچری چوزہ کا بھی ٹیسٹ کیا جائے، چوزہ کا ٹیسٹ ثابت کرے گاکہ اس میں کوئی وائرس تو نہیں،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت 17 سال عمر کے طلبہ کو میٹرک تک مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائے’ : وزیر انور
لاہور(جی پی آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور میں فروغ تعلیم کیلئے کوشاں غیر سرکاری سماجی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق 17 سال کی عمر کے بچوں کو بلاتفریق میٹرک سطح تک ہر قسم کی مفت تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ یہ بات انجمن شہریان کوٹ لکھپت کے زیر اہتمام یونین کونسل 129 میں فروغ تعلیم کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کے دوران مقررین نے کہی۔ اس موقع پر ماڈل فلاحی سوسائٹی’ سٹیزن فورم ماڈل ٹائون کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت کوٹ لکھپت کے ممتاز سماجی بزرگ کارکن چوہدری ایم مقبول احمد نے کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شہریان کوٹ لکھپت کے صدر وزیر انور نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اسکی شرح خواندگی کو بڑھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ چائلڈ لیبر میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ اس لئے حکومت سمیت تمام شہریوں کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے اپنی خدمات پیش کریں۔ وزیر انور نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ سرکاری و غیر سرکاری تمام تعلیمی اداروں میں یکساں نظام تعلیم کو نافذ کرے اور ان اداروں میں زیر تعلیم طلبہ بالخصوص چائلڈ لیبر کرنیوالے بچوں کو میٹرک سطح تک مفت تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈز امتحانات کی طرز پر سرکاری ثانوی تعلیمی بورڈز میں بھی جماعت نہم اور دہم کے داخلہ فیسوں اور کمپیوٹر کے نام پر وصول کئے جانیوالی 200 روپے پراسیسنگ فیس اور سند کے حصول کیلئے 550 روپے کی رقم طلبہ سے وصول نہ کی جائے اور انہیں ہر طرح کی میٹرک تک مفت تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کے دوران وزیر انور نے کہا کہ فروغ تعلیم کیلئے حکومت اور نجی شعبہ کے سماجی کارکنان و مخیر حضرات ”ایک کمرہ ایک سکول” کے پروگرام کو تشکیل دے تاکہ پسماندہ و دور دراز علاقوں کے بچوں کو بھی حصول تعلیم کے مواقع میسر آسکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میاں عبدالرزاق کا کارکنوں کے اعزاز میں افطار و ڈنر
لاہور(جی پی آئی) سابقہ آزاد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی پی حلقہ 153 میاں عبدالرزاق نے یہاں پیکو روڈ پر مقامی ہوٹل میں کارکنان کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ اس موقع پر کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکت کرنیوالوں میں یونین کونسل 129′ 130 اور 131 کے سابق ناظمین و کونسلرز صاحبان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عبدالرزاق نے کہا کہ وہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے گراس روٹ لیول پر قیام سے شہریوں کے روز مرہ کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ افطار ڈنر کے موقع پر یونین کونسل 129 کے سابق امیدوار برائے ناظم اور انجمن شہریان کوٹ لکھپت کے صدر وزیر انور نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنے حقوق کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کریں تاکہ علاقہ کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیدمنورحسن کی جماعت اسلامی کے کارکنوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن نے خیبر پختونخوا ، پنجاب ، کراچی اور ملک کے دوسرے حصوں میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی اورالخدمت فائونڈیشن کے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوراً ریلیف کاکام شروع کردیں اور متاثرین کومحفوظ مقامات تک پہنچائیں اور انہیں ضروریات زندگی اور کھانے پینے کی اشیاء مہیا کی جائیں۔اتوار کے روز منصورہ سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں سیدمنورحسن نے کہاہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے انسانی جانوں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچاہے ۔ گھروں میں پانی داخل ہو گیاہے ۔ کئی مکانات پانی کی نذر ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو اس موقع پر اپنے مصبیت زدہ بھائیوں کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے ۔ انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے کارکنوں کو خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کو فوری ریلیف پہنچائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ امریکہ فوری طور پر خطے سے اپنی فوجیں نکال لے :سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ امریکہ فوری طور پر خطے سے اپنی فوجیں نکال لے اور پاکستان کے معاملات میں دخل دینے سے گریز کرے ۔امریکہ پاکستان کو دہشت گردی کے حوالے کرکے خود طالبان سے مذاکرات کررہا ہے اور ہمیں طالبان سے دور رہنے اور کسی قسم کے مذاکرات نہ کرنے کی ہدایات دے رہا ہے ۔پاکستان میں دہشت گردی طالبان اور القاعدہ نہیں امریکہ اور بھارت کررہا ہے جس کا الزام طالبان اور القاعدہ پر لگا کر ڈرون حملوں کا جواز پیش کیا جاتا ہے پاکستان کو القاعدہ کے نام پر بلیک میل کرنے کی امریکی چالیں ناکام ہوچکی ہیں ،بھارت اور امریکہ کی خفیہ ایجنسیاں بلوچستان میں علیحدگی پسندوں میں رقوم اور اسلحہ تقسیم کررہی ہیں جس کے تمام ثبوت ہمارے سیکیورٹی اداروں کے پاس موجود ہیں ،کیری کا یہ بیان مضحکہ خیز اور حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہے کہ” پاکستان میں دہشت گردی ایمن الظواہری جیسے لوگ کررہے ہیں ”امریکہ افغانستان میں ذلت آمیز شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی باجگزار ریاست بنا دیا ہے۔امریکہ ہماری آزادی اور خودمختاری کا مذاق اڑا رہا ہے لیکن قومی غیر ت سے بے نیاز حکمران امریکہ کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں اور کسی نے امریکی سیکریٹری اور آف اسٹیٹ جان کیری کے بے تکے بیانات کا نوٹس نہیں لیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سید منورحسن نے کہا کہ امریکہ نے القاعدہ اور طالبان کے نام پر افغانستان پر جنگ مسلط کی اور پاکستان کو بلاوجہ اس میں گھسیٹ لیا ،دہشت گردی کے نام پر لڑی جانے والی اس جنگ میں اب تک پاکستان کو 48 ہزار سے زائد انسانی جانوں اورسو ارب ڈالر سے زائد معاشی نقصان اٹھانا پڑا ہے ،امریکہ نے آج تک پاکستان پر اعتماد نہیں کیا اور ہر موقع پر اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا،انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے بارے میں کیری کا بیان انتہائی شرمناک ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ طالبان اور القاعدہ کے دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کیلئے ڈرون حملے جاری رکھے جائیں گے حالانکہ خود امریکی ادارے رپورٹ دے چکے ہیں کہ ان حملوں کا نشانہ98فیصد معصوم اور بے گناہ شہری بن رہے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بھی بہت بڑی تعدا ہے ،انہوںنے کہا کہ اب حکمرانوں کو عوام کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کرنا ہوگی جنہوں نے ڈرون حملے رکوانے ،پاکستان کی سا لمیت کویقینی بنانے ،اس کی آزادی و خود مختاری کا دفاع کرنے اور عافیہ صدیقی کو رہا کروانے جیسے وعدے کر کے عوام سے ووٹ حاصل کئے ۔سید منور حسن نے کہا کہ ہر ملک اپنے اندرونی معاملات بہتر بنانے اور اپنے قوانین کے مطابق آئین اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کا خود ذمہ دار ہے ۔امریکہ خود عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور دہشت گردی کے نام پرجہاں چاہتا ہے گھس جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ امریکہ مزید ذلت اور خواری سے بچنا چاہتا ہے تواس کے لئے یہی بہتر ہے کہ خطے سے اپنی فوجیں نکال لے۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے اپنے تھنک ٹینکس کی رپورٹوں پر عمل نہ کیا اور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر دہشت گردی کو فروغ دینے کی روش نہ چھوڑی تو بعید نہیں کہ اس کے لئے بھی روس کی طرح اپنا وجود قائم رکھنا مشکل ہوجائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الخدمت فائونڈیشن نے پنجاب خیبر پختونخوا اور سندھ میں متاثرین سیلاب کے لیے ریلیف کا کام شروع کردیا
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ، پنجاب کے صدر رائو محمد ظفر ، سندھ کے صدر تبسم جعفری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حالیہ بارشوں سے ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی صورتحال اور متاثرین کی بحالی کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ و دیگر ذمہ داران نے لیاقت بلوچ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن نے صوبہ پنجاب، خیبر پختونخو ا اور سندھ میں متاثرین سیلاب کے لیے ریلیف سرگرمیوںکا آغاز کردیاہے ۔ سیلاب متاثرین کے لیے اشیائے خوردونوش، بچوں کے لیے دودھ اور میڈیکل کیمپوں کا بھی انعقاد کر دیا گیاہے ۔لیاقت بلوچ نے الخدمت فائونڈیشن کے ذمہ داران سے کہاکہ متاثرین سیلاب کے لیے سحر و افطار کے انتظامات کیے جائیں اور الخدمت کے رضا کار سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو بھی محفوظ مقامات تک پہنچانے کا اہتمام کریں۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے البدر انجینئرنگ کی مینجمنٹ اور مزدوروں کے افطار ڈنرسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے بعد حکومتوں میں آنے والی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ حالات کو سنبھالیں اور سدھاریں۔ سنجیدگی، دیانت اور اعلیٰ صلاحیتوں کے ساتھ ملک و قوم کے مسائل حل کریں، عوام کو کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، افراط زر کی دلدل سے نکالیں ۔ عوام کو مایوسی سے بچائیں عوام کی مایوسی بغاوت اور انارکی پیدا کردے گی ۔اقتدار میں آنے کے بعد ابھی تک حکومتی کارکردگی مایوس کن اور ملک کے مستقبل کے لیے تشویشناک ہے۔ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی منظم، ملک گیر، تعصبات اور فرقہ پرستی سے بالا امانت و دیانت سے عوامی خدمت کرنے والی جماعت ہے۔ ان انتخابات میں بھی عوام نے دوبارہ برادریوں، دھڑوں، نام نہاد الیکٹ ایبلز، پروپیگنڈہ مہم کی بنیاد پر ووٹ دیا جس کی وجہ سے آزمائے، ناکارہ، بار بار ناکام ہونے والے نئے روپ میں اقتدار پر قابض ہو گئے۔ جماعت اسلامی رابطہ عوام مہم اور ملک کے دین پسند اچھے اور اہل افراد کو متحد کرنے کی تحریک جاری رکھے گی۔ ہمیں یقین ہے کہ اسلامی انقلاب ملک و ملت کا مقدر بنے گا۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ہم پاکستان کو مدینہ منورہ کے طرز پر مثالی ترقی یافتہ اسلامی ریاست بنائیں گے۔اس موقعہ پر مشتاق بٹ، رانا تحفہ دستگیر ، احمد سلمان بلوچ ، چوہدری محمد شوکت، سطوت کلیم ، ڈاکٹر محمد طارق ، عابد میر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔