اضلاع کی خبریں 05.06.2013

صاحبزادہ طارق اللہ نے میاں محمد نواز شریف کو نو منتخب وزیراعظم بننے پر مبارک باد دی
اسلام آباد(جی پی آئی)جماعتِ اسلامی پاکستان کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے پارلیمانی پارٹی کی طرف سے قومی اسمبلی میں نو منتخب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قرآن اور سنت کے غلبہ اور آئین کے مطابق ملک کو چلانے میں نواز شریف کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں رہ کر اچھے کاموں میں بھر پور تعاون کریں گے۔ ملک اسوقت کرپشن ،اقر باپروری، چوری، بدامنی میں ڈوبا ہوا ہے جس سے اسکو نکالنا موجودہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہو گی۔صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ بیرونی جنگ سے ہمیں باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو بیرونی جنگ میں بے پنا ہ نقصان ہو ا ہے اور خصوصا مالاکنڈ ،سوات کے عوام تو اس وقت بھی انتہائی مشکل صورتحال سے دو چار ہیں۔ جگہ جگہ رکاوٹیں ہیں سوات کے لوگوں کو لاکھوں کی تعداد میں مہاجر بنا دیا گیا ہے ۔ان کو اپنے گھروں میں جانے کے لیے شناختی کارڈ دکھانے پڑتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ آرمی چیف کے ساتھ بات کر کے سوات کے لوگوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نکالا جائے۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران حلقوں میں ترقیاتی فنڈز کی مدات میں کرپشن کی گئی ہے میرا مطالبہ ہے کہ جہاں جہاں کرپشن ہوئی ہے اسکا جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چھوٹے بڑے تقریبا سارے ادارے ہی کرپشن کا شکار ہیں سپریم کورٹ نے بھی اس پر نوٹس لیے ہیں ۔انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ اداروں میں کرپشن کے خلاف انکوائری کمیشن بنائیں۔ انہوں نے سعودی عرب سے نکالے جانے والے پاکستانیوں کے حوالہ سے سعودی حکومت سے بات کرنے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا تاکہ پرامن پاکستانی جو اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں اپنے بچوں کو آسانی کے ساتھ پال سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی کبھی ختم نہیں ہو گی یہ عوام کی جماعت ہے:نرگس فیض ملک
لاہور( جی پی آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کبھی ختم نہیں ہو گی یہ عوام کی جماعت ہے عوام ہی پیپلز پارٹی کو زندہ رکھیں گے پیپلز پارٹی کو ہمیشہ وفاق کی علامت سمجھا جاتا ہے پاکستان کی سیاست پیپلز پارٹی کے بغیر مکمل نہیں ہوتی ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں تعمیری اپوزیشن کرے گی اور حکومت کے ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جس میں عوام کے مفادات کا تحفظ ہو، کوئی اپوزیشن کو ننی منی نہ سمجھے جہاں عوام کے مفادات کے خلاف اقدامات کئے گئے وہاں پیپلز پارٹی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوازشریف کا وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہونا ملک کے لیے نیگ شگون ثابت ہو گا: پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلی حافظ عبدالکریم ایم این اے نے تیسری بار وزیر اعظم منتخب ہونے پر میاں محمد نواز شریف کو مبارک باد پیش کی ہے اور اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج اصول اور نظریہ جیت گیا ، نواز شریف کا وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہونا ملک کے لیے نیگ شگون ثابت ہو گا۔ شفاف اورپر امن اقتدار کی منتقلی جمہوریت کے لیے تقویت کا باعث بنے گی۔ میاں نوازشریف نے ایک طویل اور صبر آزما جدوجہد کی اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ملک وقوم کے لیے ان کی قربانیاں رنگ لے کر آئیں ہم امید کرتے ہیںکہ وہ بھنور میں پھنسی ملک کی کشتی کو اپنے تدبر اور اعلی صلا حیتوں کے بل بوتے پر نکالنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث اسلام کی سربلندی ، ملکی استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے میاں نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سید مہدی عابدی نے پرْامن انتقال اقتدار پر تمام جمہوری قوتوں کو مبارک باد پیش دی
لاہور(جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید مہدی عابدی نے پرْامن انتقال اقتدار پر تمام جمہوری قوتوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اب حکمرانوں کا امتحان شروع ہوا ہے عوام سے کیے گئے وعدے ،فقط الیکشن مہم کیلئے نہ ہوں۔ نئی حکومت اور نومنتخب وزیر اعظم کو اپنی ترجیحات کا تعین کرنا ہو گا۔دہشت گردی،توانائی کا بحران،زبوں حال معیشت،بے روزگاری، کرپشن کا خاتمہ،احتساب کے ادارے کو خود مختار اور بلا تفریق سیاسی مصلحتوں سے بالا ہو کر بے رحمانہ احتساب، یکساں تعلیمی نظام تا کہ طبقاتی نظام کا خاتمہ ہو،صحت کے بنیادی سہولیات شہروں اور دیہاتوں میں برابری کی سطح پر مہیا کرنا، ایک چیلنج سے کم نہیں۔ سید مہدی کا کہنا تھا کہ توانائی کی بحران کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا اور قرض پر تیل لے کر توانائی کے بحران کا حل کرنا رینٹل پاور سے زیادہ خطرناک ہوگا۔ توانائی کے بحران کا واحد اور دیر پا حل صرف اور صرف پاک ایران گیس پائپ لائن ہے نو منتخب حکو مت کو امریکہ اور پاکستان دشمنوں کے دباوُ میں آئے بغیر ملکی مفادات مد نظر رکھنا ہو گا اور ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری عمل درآمد کر کے ایک خود مختار ریاست کا ثبوت دینا ہو گا ورنہ تاریخ کبھی معاف نہیں کریگا۔ انہوں نے ڈروں حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا مجلس وحدت مسلمین ڈرون حملوں کو پاکستان کی سا لمیت پر حملہ سمجھتی ہیں ڈرون حملوں کا خاتمہ اْسی صورت ہو گا جب ہم خود مختار قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ان طاغوتوں کے سامنے ڈٹ جائیں ۔ دہشت گردوں کے خلاف موثر حکمت عملی اپنانا ہو گا مذاکرات سیاسی لوگوں سے کیے جائیں جو آئین پاکستان کو من وعن مانتے ہوں آئین سے انحراف کرنے والے معصوم عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اْن سے مذاکرات کرناہزاروں شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم پر مشرف کو ریڈ کارپٹ پروٹوکول دینے کا الزام لگانے والے اب جنرل مشرف کا ٹرائل کریں : قاضی احمد سعید
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی قاضی احمد سعید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم پر مشرف کو ریڈ کارپٹ پروٹوکول دینے کا الزام لگانے والے اب جنرل مشرف کا ٹرائل کریں، ایبٹ آباد کمشن کی رپورٹ شائع کریں اور جو کچھ لکھا ہے عوام کے سامنے لائیں، ڈرون حملے روکنے کے دعوے کئے تھے اب روک کر دکھائیں، ہماری خود مختاری پر ہونے والے حملے روکیں۔ پیپلزپارٹی کی حکومت ”اتحادی حکومت” تھی جس کے اتحادی ناراض رہتے تھے۔ ہم نے تو کمزور حکومت کے باوجود 8ماہ نیٹو سپلائی لائن بند رکھی تھی۔ نواز شریف یہ بھی یاد رکھیں کہ اس مرتبہ عدالتیں فعال ہیں، اس مرتبہ انہیں زیادہ دیر کوئی برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ الیکشن کمشن کو پاکستان کی تاریخ کا کمزور ترین الیکشن کمشن قرار دیتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور امریکی امدادسے”چھٹکارہ”حاصل کرناہوگا:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب و نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ان گنت چیلنجز میں گھرا ہوا ہے۔لوڈشیڈنگ، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری جیسے خوفناک مسائل نے پاکستانی قوم کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ملک کے اندر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ گرمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگوں کا سکون غارت ہو چکا ہے جس کی وجہ سے لوگ ذہنی مریض بنتے جارہے ہیں اور درجنوں لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بحران کی وجہ سے معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔آج ملک وقوم جن مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اس کی وجہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیاں ہیں۔ پانچ سالہ دورِ اقتدار میں پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے قوم کو سوائے اذیتوں کے اور کچھ نہیں دیا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)پیپلز پارٹی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے پاکستان کو بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی وبیروز گاری اور نام نہاد ”امریکی جنگ”سے آزاد کرائے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کو لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لئے بہتر حکمت عملی بنانی ہوگی اس کے بعد بدحال اور دگر گوں معیشت کو درست کرنے کے علاوہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ آئی ایم ایف،ورلڈ بنک اور امریکی امدادسے”چھٹکارہ”حاصل کرکے قوم کو خود انحصاری کی طرف لیجانا ہوگا۔ اگر مسلم لیگ(ن)عوامی توقعات کے مطابق بدترین لوڈشیڈنگ، خوفناک مہنگائی اور بد امنی پر قابو نہ پاسکی توعوام اس سے شدید مایوس ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف کا تیسری مر تبہ وزیر اعظم منتخب ہو نا جمہوری قوتوں کی فتح ہے :ملک احسان گنجیال
لاہور (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صدر اے آڑ ڈی کسان کمیٹی پاکستان ملک احسان گنجیال نے کہا ہے نے میاں محمد نواز شریف کو تیسری بار وزیر اعظم منتخب ہو نے پر مبارک باد دیتے ہو ئے جمہوری قوتوں کی فتح قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جیسے جراتمند محب وطن لیڈر کا ملک کی باگ ڈور سنبھالنے پر عوام سکھ کا سانس لیں گے اور عوام سے کئے گئے وعدوں میں حقیقت کا رنگ بھر نے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے میاں برادران چیلنجز سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں میاں محمد نواز شریف نے بلوچستان میں اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر مالک کو وزیر اعلیٰ نامزد کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ انہیں اقتدار کے بجائے پاکستان کا امن اور روشن مستقبل عزیز ہے میاںمحمد نواز شریف کا مدبرانہ فیصلہ قومی سوچ کی عکاسی اور محب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے خیبر پختونخواہ کے بعد بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملے پر انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بہتر مستقبل کی طرف پیش قدمی کی ہے میاں محمد نواز شریف اقتدار میں آکر ملکی حالات بہتر کرنے کیلئے عظیم اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ مشکلات میں گھرے ملک کو واپس ٹریک پر لے آئیں گے میاں محمد نواز شریف کا وژن اور قومی سوچ ملکی مستقبل کیلئے سود مند رہیں گے ان کی اعلیٰ قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کی تجربہ کار ٹیم ملکی حالات سد ھارنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے پاانہوں نے کہا کہ ماضی قریب میںپیپلز پارٹی نے کرپشن کی تمام حدیں توڑتے ہوئے ملک کو ایسے بحرانوں سے دوچار کر دیا ہے جنہیں ختم کیئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا کرپشن نے اس ملک کی جڑیں ہلا کر رکھ دی ہیں مگر اہل پاکستان کو مایوس نہیں ہونا چاہیے ملکی باگ دوڑ اب میاں محمد نواز شریف جیسے محب الوطن رہنما کے ہاتھوں میں ہے عوام کے دکھوں کا مداوا میاں محمد نواز شریف جیسا محب وطن رہنما ہی کر سکتا ہے میاں محمد نواز شریف نے موٹروے، ییلو کیب سے لے کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے تک بے شمار کارنامے سرانجام دئیے ہیں اسی شاندار کارکردگی کی بدولت وہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اپوزیشن کا کوئی ممبر میاں شہباز شریف کو ووٹ نہیں دے گا ، ترجمان ق لیگ
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کی ترجمان رکن صوبائی اسمبلی ثمینہ خاور حیات نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا کوئی ممبر میاں شہباز شریف کو ووٹ نہیں دے گا تاہم اگر اس حوالے سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان کوئی ڈیل ہوئی ہے تو ہمیں اس کا علم نہیں ،ڈپٹی سپیکر کے الیکشن میں ہمیں جو اضافی 4 ووٹ ملے وہ ن لیگ کے تھے ، وزیر اعلیٰ کا الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعے ہونا ہے ، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ، ثمینہ خاور حیات نے اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کے فیصلہ کے مطابق محمود الرشید ہمارے مشترکہ امید وار ہیں ، بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ بننے کا خواب چکنا چور ہونے پر ن لیگ والے حواس باختہ ہیں ہم آئندہ بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے اور تحریک انصاف سے ملکر ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے ، پنجاب میں ون مین شو کا راستہ روکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اگر پرانا رویہ روا رکھا تو پھر حالات مختلف ہوں گے: عابد حسین صدیقی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اگر پرانا رویہ روا رکھا تو پھر حالات مختلف ہوں گے مسلم لیگ ن کو ایک بار پھر مختصر اپوزیشن ملی ہے، اگر میاں برادران نے وطیرہ نہ بدلا اور امیر المومنین بننے کی کوشش کی تو حالات پھر سے 1999 والے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امید کرتے ہیں کہ ”فرد واحد” کی بجائے جمہوری حکومت ہو گی۔ 1997 ء میں ملنے والے ہیوی مینڈیٹ نے 99 ء میں جو کام دکھایا خدا کرے اسی طرح کا سانحہ اب نہ ہو، اب انہیں جمہوری رویہ اپنانا چاہیے ، میاں برادران قوم سے کئے گئے اپنے وعدے اور دعوے پورے کریں، اور پیپلز پارٹی کی طرح جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گزشتہ 5 برسوں کے دوران پنجاب وہ واحد صوبہ تھا جس میں اوپر کی سطح پر بدعنوانی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا:شوکت عزیز
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب کو کرپشن فری صوبہ بنانے کیلئے دانشوروں، صحافیوں، اساتذہ اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقے سے مشاورت کرکے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل تیار کرے گی، گزشتہ 5 برسوں کے دوران پنجاب وہ واحد صوبہ تھا جس میں اوپر کی سطح پر بدعنوانی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو مرکز، پنجاب اور بلوچستان میں حکومت کا مینڈیٹ ملا ہے جبکہ دیگر جماعتوں کو خیبر پی کے اور سندھ میں مینڈیٹ ملا ہے جن جماعتوں کو جہاں مینڈیٹ ملا ہے وہاں وہ اپنے اپنے منشور پر عمل کریں گی تو ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں مدد ملے گی۔ عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے۔ عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر ہر صورت پورا اتریں گے۔ ملک میں اس وقت لوڈشیڈنگ سمیت بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور ان کے حل کے لئے مسلم لیگ ن بھرپور اقدامات کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت آسودگی کے لیے اوپر سے نیچے تک سادگی کو شروع دے گی
گوجرانوالہ(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے ممتاز راہنما چوہدری ارشاد گورائیہ جنھوں نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن سے اور اہل گوجرانوالہ کی سرزمین سے اپنی پہچان کروائی اور ہمیشہ مسلم لیگ سے وابستہ رہے، ان کے ساتھ چوہدری جاوید گورائیہ نوجوان راہنما نے بھی عوامی خدمت کا بیڑہ اٹھایا، گوجرانوالہ کے ممبران قومی اسمبلی میاں طارق محمود آف لدھیوالہ وڑائچ، انجینئر خرم دستگیر خان،ایم پی اے چوہدری اقبال گجر اور ایم پی اے عمران خالد بٹ سمیت دیگر قائدین کیلئے دن رات محنت کرکے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ حالیہ دور میں میاں محمد نوازشریف اور میاں محمد شہبازشریف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اُنھوں نے وزیراعظم بننے پر میاں محمد نوازشریف اور دیگر قائدین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور اہل علاقہ میں میلہ سج گیا۔ اُنھوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو جدید فلاحی اسلامی ریاست بنائیں گے، پاکستان مسلم لیگ ن کی جیت ہی ملک میں ماحول خوشگوار ہوچکا ہے، اب اُنھوں نے اقتدار سنبھال لیا ہے اور ملک کی مایوسی کو دور کرکے ہی دم لیں گے۔انشاء مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف کی مدبرانہ قیادت میں ملک و قوم کے مسائل ضرور حل کرے گی، اب کوئی شخص ، کوئی فرد، کوئی پاکستانی خوشحالی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔اُنھوں نے مزید کہا کہ بحرانوں سے دوچار پاکستان وسائل کے اصراف کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔ وفاق اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت آسودگی کے لیے اوپر سے نیچے تک سادگی کو شروع دے گی، امید ہے کہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی سادگی مہم کو بنایا اور فروغ دیا جائے گا اور جو قوم سے وعدے کیے گئے ہیں وہ انشاء اللہ ضرور پورے کریں۔ میاں نوازشریف کے متعلق اُنھوں نے کہا کہ عوام کے لیے سند کی حیثیت رکھتے ہیں، اُنھوںنے آج تک جس بھی کام کاآغاز کیا ہے وہ اسے پایۂ تکمیل تک ضرور پہنچاتے ہیں اور اب سادگی مہم کو کامیاب کروانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ولید بٹ کی قیادت میں گوجرانوالہ کے وفد کی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں شرکت
گوجرانوالہ(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کیپٹن (ر)محمدصفدر کی خصوصی دعوت پر سٹی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ولید بٹ کی قیادت میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ گوجرانوالہ کے وفد کی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں شرکت ،وفد میں سٹی جنرل سیکریٹری وقاص شاہد کھوکھر اور نائب صدر احمد بٹ سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان شامل تھے۔ وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں وزیراعظم کے انتخاب اور بعدازاں ایوانِ صدر میں نو منتخب وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کی بعدازاں وفد کے شرکاء نے میاں محمد نوازشریف سے ملاقات میں اُنھیں تیسری مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُنھیں پاکستان کے لیے اپنا ہرقسم کا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ علاوہ اَزیں وفد نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، خیبر پختونخواہ کے متوقع گورنر اقبال ظفر جھگڑا سمیت دیگر پارٹی عہدیداران و ممبرانِ اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹھنڈا مشروب بیچنے والوں کی بھرمار ،حفظانِ صحت کی دھجیاں بکھیرنے لگیں
گوجرانوالہ(جی پی آئی)جگہ جگہ کھڑے مشروب بیچنے والوں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے سڑکوں پر چھڑکائو کرنیوالے ٹینکرز سے پانی بھرکر عوام کی زندگیوں سے کھیلنا شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی شہر بھر میں جگہ جگہ ٹھنڈا مشروب بیچنے والوں کی بھرمار نظر آتی ہے جو گندے اور مضرصحت پانی میں کیمیکل اور سکرین استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے لگے ہیں۔گذشتہ روز ‘بی بی سی ہیڈلائنز’ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان مشروبات بیچنے والوں کے معلق سروے کیا تو معلوم ہوا کہ یہ مشروب بیچنے والے نہ صرف لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے بلکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے قانون کا مذاق بھی اڑا رہے ہیں،دورانِ سروے مشروبات بیچنے والوں کو میونسپل کارپوریشن کے پانی کا چھڑکائو کرنے والے ٹینکرز سے پانی بھرتے ہوئے تصاویر بھی بنالیں ۔شہریوں نے ‘بی بی سی ہیڈلائنز’ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر بھر میںمختلف مشروبات بیچنے والے اپنے ریڑھیاں اور ٹھیلے لگاکر لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہیںاور گندے اور مضر صحت مشروبات بیچ کر لوگوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کے ساتھ ساتھ قانون کا بھی مذاق اڑا رہے ہیں ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے ان بیماریوں کی پیداوار ٹھیلوں اور ریڑھیوں کے خلاف سخت کارروائی کے مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیرانوالہ باغ پھاٹک بند ہونے کے باعث نندی پور ٹائون انتظامیہ کی ملی بھگت سے غیر قانونی چاند گاڑی سٹینڈز قائم
گوجرانوالہ(جی پی آئی) شیرانوالہ باغ پھاٹک بند ہونے کے باعث نندی پور ٹائون انتظامیہ کی ملی بھگت سے غیر قانونی چاند گاڑی سٹینڈز قائم۔ ذرائع کے مطابق فالئی اوور کی تعمیر کے سلسلہ میں شیرانوالہ باغ کے بالمقابل ریلوے پھاٹک کوتقریباً 6ماہ قبل بند کردیا گیا تھا لیکن وہاں پر نندی پورٹائون انتظامیہ کی ملی بھگت کی وجہ سے غیر قانونی چاند گاڑی سٹینڈز قائم کرکے کچھ عرصہ قبل بننے والی پسرور روڈ کو خراب کیا جانے لگا جبکہ سٹینڈز کی وجہ سے پیدل چلنے والوںکے لیے بھی مشکلات پیدا کردی گئیں ہیں۔ علاوہ اَزیںچاند گاڑی سٹینڈزپر اوباش نوجوان راہگیر خواتین کو چھیڑنے اور آوازیں بھی کستے ہیں جس کی وجہ سے جھگڑے معمول بن رہے ہیں جبکہ نزدیک ہی واقع تھانہ سیٹلائٹ ٹائون اور لنڈا بازار ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی معاملات بھی خراب ہورہے ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن طارق نجیب نجمی، ڈی سی او طارق جاوید ملک اور دیگر متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شیرانوالہ باغ ریلوے پھاٹک سے غیر قانونی چاندگاڑی سٹینڈز کا فوری خاتمہ کیا جائے اورمطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی چاندگاڑی سٹینڈز سے ٹائون اہلکاروں کی روزانہ وصوصی کی انکوائری کرواکے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
معراج النبیۖ کی رات بڑی بابرکت رات ہے:حاجی مدثر سلیم
گوجرانوالہ(جی پی آئی)قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ڈسٹرکٹ گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری حاجی مدثر سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ معراج النبیۖ کی رات بڑی بابرکت رات ہے۔ اس رات کو نبی پاکۖ نے آسمانوں کی سیر کی اور مسلمانوں کیلئے پنجگانہ فرض نماز کا تحفہ دیا۔ اس رات کو مسلم امہ کو خصوصی عبادت نوافل کی ادائیگی نبی آخرالزماںۖ پر درود سلام کی ادائیگی کرنی چاہیے ملک کی ترقی اور سلامتی اور مسلم امہ کو متحد رہنا کی خصوصی دعا کرنی چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میاں نواز شریف نے خود کو ایک قومی لیڈر کے طور پر منوا یا ہے:بیرسٹر عادل سلیم
گوجرانوالہ (جی پی آئی)سماجی رہنما و سابق آزاد امیدوار حلقہ پی پی 94 بیرسٹر عادل سیلم نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے بلوچستان میں امن و استحکام اور وفاق کی مضبوطی کیلئے اپنے تعمیر ی کردار سے خود کو ایک قومی لیڈر کے طور پر منوا یا ہے، انشاء اللہ مسلم لیگ ن ملک کو بحرانوں سے چھٹکارا دلا دے گی، میاں برادران مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں و میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر عادل سلیم خاں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مینڈیٹ کے باوجود قربانی دے کر میاں نواز شریف نے وطن عزیز میں نئی سیاسی تاریخ رقم کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال تک عوام کا خون چوسنے والے ٹولے کا کڑا احتساب ضروری ہے تاکہ ملکی دولت کو واپس لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی شخصیت تعمیر و ترقی سے عبارت ہے،چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں انہیں خاص مہارت حاصل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام نے اہل قیادت کو منتخب کرکے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنا دیا:حاجی نواز چوہان
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ عوام نے اہل قیادت کو منتخب کرکے آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنا دیا، مسلم لیگ ن عوام دوست پالیسیوں سے ملک کی تقدیر بدل دے گی، میاں نواز شریف پہلی ترجیح میں لوڈشیڈنگ ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فارم ہائوس پر کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان نے کہا کہ میاں نواز شریف واحد سیاستدان ہیں جو مقتدر قوتوں کو ہینڈل کرنا بخوبی جانتے ہیں، ن لیگ کی قیادت قومی مفادات اور داخلی خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور ناانصافی کے خاتمہ کیلئے مسلم لیگ ن کی حکومت خود احتسابی کو فروغ دے گی۔ قبل ازیں حاجی نواز چوہان کا فارم ہائوس پہنچنے پر کارکنوں و معززین علاقہ نے پرجوش استقبال کیا، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے اور نعرے بازی کرتے رہے، گھوڑا ڈانس کے علاوہ مٹھائی تقسیم کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
معراج مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم حضور سرور کائنات کی عظمتوں اور رفعتوں کا مظہر ہے:مولانا محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ معراج مصطفی,صلی اللہ علیہ وسلم حضور سرور کائنات کی عظمتوں اور رفعتوں کا مظہر ہے۔واقعہ معراج سمجھنے کیلئے رب کی قدرت کا ادراک ضروری ہے۔سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر آج 6جون کو ملک بھر میں آفتاب نبوت کا جشن معراج انتحائی عقیدت و احترام شیان شان اور ایمانی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائیگا۔عظمت مصطفی,صلی اللہ علیہ وسلم کا پرچم بلند رکھنا ہمارے ایمان کا تقاضا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد نور میں سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ معراج مصطفیٰ ٰ صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی نے کی اس موقع پر مفتی غلام نبی جماعتی،مفتی محمد حسین صدیقی،الحاج سرفراز احمد تارڑ،صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی،مفتی محمد سعید رضوی،قاری غلام سرور حیدری،مفتی محمد حسیب قادری،قاری محمد اعظم چشتی،حافظ محمد رفیق قادری،مولانا محمد خالد حسن مجددی،ملک نصیر نقشبندی اور دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔مولانا محمد اکبر نقشبندی نے مزید کہا کہ معراج مصطفیٰٰ صلی اللہ علیہ وسلم سے انسانیت کو تسخیرہ کائنات کا سبق ملا۔انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم,صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ معراج امت مسلمہ کیلئے بلندیوں کا پیغام اور غور و فکر تدبر کی دعوت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معراج نبی ۖ بے مثال معجزہ ہے جو کسی نبی،رسول کو حاصل نہیں ہوا معراج کی رات بے داری کے عالم میں حضورنبی کریم ٰ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیدار الہیٰ ہوا اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو مختصر وقت میں زمینی اور آسمانی سیر کرائی اور اپنی نشانیاں دکھائی یہ شرف کسی اور نبی کو حاصل نہیں ہوا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت رضائے مصطفی, صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر اہتمام 7جون کو معراج مصطفیٰ ٰ صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس ہو گی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)جماعت رضائے مصطفیٰ ٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر اہتمام 7جون بعداز نماز مغرب جامع مسجد رضائے مصطفی ٰ صلی اللہ علیہ وسلم عالم چوک بائی پاس پر معراج مصطفیٰ ٰ صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس ہو گی جس کی صدارت مولانا مفتی پیر ابو دائود محمد صادق قادری کریں گے۔ اس موقع پر پیر سید وسیم الحسن شاہ نقوی، صاحبزادہ محمد دائود رضوی،مولانا منور حسین عثمانی،صاحبزادہ محمد رائوف رضوی، صاحبزادہ محمد غوث رضا اور دیگر خطاب کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاہین اشفاق نے میاں نواز شریف کو وزارت اعظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے اور تیسری بار وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ن شعبہ خواتین ضلع گوجرانوالہ کی صدر ممبر پنجاب اسمبلی شاہین اشفاق ،سابق ایم این ائے نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کو وزارت اعظمیٰ کا قلمدان سنبھالنے اور تیسری بار وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بجلی بحران اور ڈرون حملوں کے خاتمہ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں گے قوم کو ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں ممبر پنجاب اسمبلی شاہین اشفاق ،سابق ایم این ائے نے کہا کہ محسن پاکستان میاں محمد نواز شریف کے جرات مندانہ فیصلوں اور کارکردگی سے پاکستان آج عالم اسلام کا مضبوط قلعہ ہے اور پاکستان کو میاں محمدنواز شریف نے ایٹمی قوت بناکر اس ملک کا مضبوط دفاع کیا اور ہر محاذ پر اس ملک کی ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے اور ملکی معیشت کو فعال کرنے میں اہم کردار ادا کیا آج پھر اس ملک کو میاں محمدنواز شریف کی قیادت میں نئے دور کا آغاز شروع ہوگیا ہے ۔ میاں نواز شریف ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے ہی نکال کر ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزان کریں گیانہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پانچ سال کی مدت کے دوران انشاء اللہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ مہنگائی پر بھی قابو پا لیا جائیگا ۔ مسلم لیگ ن میاں برادران کی قیادت میں ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے ۔ یہی وجہ سے ہے کہ ن لیگ کی کامیابی کے بعد بعض ممالک نے پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے میں مدد کی پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب نے عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے پنجاب میں عوام دوست پالیسیاں اپناکر صحت ،تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں انقلابی اقدامات اٹھائے اور صوبے میں میرٹ کا بول بالا کیا۔ میاں نوا زشریف کی قیادت میں تمام پارٹیاں اتحاد واتفاق سے ملک کے مفادات کی خاطر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔