اضلاع کی خبریں 11.08.2013

چودھری شجاعت حسین اور مشاہد حسین کی میاں محمود الرشید کے صاحبزادے کیلئے فاتحہ خوانی
لاہور(جی پی آئی ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین، سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینئر رہنما میاں محمد منیر نے گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے جواں سال صاحبزادے کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ غمزدہ خاندان کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے، ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو صبر جمیل عطا کرے اور مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے لندن سے میاں محمود الرشید کے صاحبزادے کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے میاں صاحب سے تعزیت کی۔ مسلم لیگی قائدین نے ایک بیان میں پی ایف یو جے کے سابق صدر آئی ایچ راشد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہسپتالوں میں علاج معالجے اور تشخیصی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے:شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اتوار کے روز راولپنڈی کادورہ کیا اور وہ ہولی فیملی ہسپتال گئے، جہاں انہوں نے چلڈرن میڈیسن وارڈ میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان میں پھول ، تحائف اور عیدی تقسیم کی۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف چلڈرن وارڈ میں زیر علاج تقریبا 28بچوں کے پاس فرداً فرداً گئے اور ان کی عیادت کرنے کے بعد انہیں عید کے موقع کی مناسبت سے خصوصی طور پرپھول، تحائف پیش کئے اور عیدی دی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بعض بچوں سے گفتگو کی اور ان سے خیریت دریافت کی۔وزیر اعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیر علاج بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنے سے انہیں دلی اطمینان اور بے حد مسرت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر مریضوں کی عیادت اور سب کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہماری دینی تعلیمات اوراسلامی روایات کا حصہ ہے۔ا نہوں نے کہا کہ صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے صوبے کے بجٹ میں ریکارڈ رقوم مختص کی گئی ہیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہسپتالوں میں علاج معالجے اورتشخیصی سہولتوں میں مزید اضافے اور بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گےـ انہوں نے اس موقع پر ہولی فیملی ہسپتال میں وینٹی لیٹرز اور سی ٹی سکین کی تنصیب کے لئے سیکرٹری صحت پنجاب کو جلد اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیں۔وزیر اعلی نے اس موقع پر ہسپتال کے شعبہ امراض جگر کا بھی معائنہ کیا جہاں شعبہ کے انچارج ڈاکٹر عمر نے وزیر اعلی کو ہسپتال میں امراض جگر کے علاج معالجے کی دستیاب سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔سابق ارکان اسمبلی محمد حنیف عباسی، شکیل اعوان ، ضیاء اللہ شاہ ، ملک غلام رضا، راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے، مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر جمال ناصراورمقبول احمد خان کے علاوہ کمشنر راولپنڈی خالد مسعود چوہدری ، ڈی سی او ساجد ظفر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر ارشد صابر ، پرنسپل راولپنڈ ی میڈیکل کالج ڈاکٹر عمر ،ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیدمنورحسن کا مسجد منصورہ میں نماز عید الفطر اور حیدر آباد میں عید ملن پارٹی سے خطاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جامع مسجدمنصورہ میں نماز عید کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہذیبوں کے تصادم میں چودہ سو سال پہلے بدر کے میدان میں اسلامی تہذیب بت پرستوں ،آتش پرستوں یہودی و نصرانی تہذیب پر اپنی برتری ثابت کرچکی ہے ،مغرب دلائل کی میز پر اپنا مقدمہ ہار چکا ہے اسی لئے اب وہ جدید اور مہلک ہتھیاروں سے لاکھوں انسانوں کو قتل کرکے دنیا کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے اور چاہتا ہے کہ دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے بڑھتے ہوئے قدموں کو روک دے ۔دنیا تہذیبوں کے تصادم سے بچنا چاہتی ہے تو اسلام دشمنی ترک کرکے جیو اور جینے دو کے اصول پر چلے ،بھارتی انتہاپسندی اور دہشت گردی خطے کے امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ،بھارت کی اشعال انگیزیوں اور سرحدوں کی خلاف ورزی کے واقعات پرپاکستانی حکمرانوں کامعذرت خواہانہ رویہ قومی غیرت کے منافی ہے ،وزیر اعظم کی طرف سے منموہن سے ملاقات کیلئے بے قراری کا اظہار اور دونوں اطراف کے لوگوں کو مل بیٹھ کر معاملات طے کرنے کا بیان شرمناک اور قابل مذمت ہے ۔پاکستانی قوم کا دوٹوک اور واضح موقف ہے کہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ ناجائز اور غاصبانہ ہے ،کشمیر کی آزادی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوسکتا اور کشمیر کی آزادی کے بغیر بھارت سے کسی قسم کے تعلقات قائم نہیں ہوسکتے۔ بھارت سے دوستی اور پیار کی پینگیں بڑھانا کشمیریوں کے ساتھ دشمنی ہے۔ کشمیری پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سید منور حسن نے گزشتہ روز کوئٹہ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے شہدا ء کے لئے مغفرت کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ،انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر بلوچستان کے حالات خراب کررہا ہے اور اسے تخریب کاری کی وارداتوں میں مکمل امریکی سرپرستی حاصل ہے ،جس کے تمام ثبوت پاکستانی سیکیورٹی اداروں اور ایجنسیوں کے پاس موجود ہیں مگر بھارت نواز حکمران بھارت کا نام لیتے ہوئے ڈرتے ہیں ۔سید منور حسن نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے بوری بند لاشوں ،بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی موجد ایم کیو ایم سے اظہار نیاز مندی ناقابل فہم ہے ۔ بوری بند لاشوں کے موجدوں کو حکومت میں شامل کرنے سے دہشتگردی میں کمی نہیں اضافہ ہی ہوگا۔ ملک میں بدامنی کا بیج بونے والوں کوسر پر بٹھانا ثابت کرتا ہے کہ حکمرانوں کو کراچی یا ملک کے امن سے کوئی سروکار نہیں وہ اپنی حکومت بچانے اور حکمرانی کو طول دینے کیلئے اخلاقی پستی کی کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔دریں اثنا سید منورحسن امریکہ کی جیل میں قید قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہل خانہ سے عید ملنے ان کے گھر گئے اور ان کی والدہ ڈاکٹر عصمت صدیقی’بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور بھانجے محمد سے ملاقات کی۔سید منورحسن نے عافیہ کے اہل خانہ کو عید کی مبارکباد دی اور عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے دعائیں کی۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکمران قوم کی حافظ قرآن بیٹی کو وطن واپس لانے میں سنجیدہ نہیں۔وزیرداخلہ چوہدری نثار نے عافیہ کے حوالے سے پارلیمنٹ میں تقریر تو اچھی کی مگریہ مسئلہ صرف زبانی جمع خرچ سے حل نہیں ہونے والا۔حکومت کو اعلی سطح پر سنجیدہ کوششیں کرنا ہوںگی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف قومی غیرت کا مظاہرہ کریں اور قوم کی بیٹی کو فوری طور پر وطن واپس لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔بعدازاں سید منورحسن جماعت اسلامی کے مرحوم رہنما پروفیسر غفور احمد کے گھر بھی گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موجودہ حکومت کے دو ماہ کے عرصہ میں ہی پاکستان خون میں ڈوبا ہوا ہے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دو ماہ کے عرصہ میں ہی پاکستان خون میں ڈوبا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ عید پربجلی کی قیمت میں اضافہ حکومت کی طرف سے نیم مردہ عوام کیلئے تحفہ ہے مہنگائی کے مارے عوام کاغم وغصہ حکمرانوں پرعدم اعتماد ظاہر کر رہا ہے غریب عوام آج بھی پتھر کے دور میں رہ رہے ہیںملک کوپسماندہ اور ناخواندہ رکھنا نام نہاد خادمین کے ایجنڈے کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کواپ گریڈ کرنے کا دعویٰ کرنیوالے خادم پنجاب اپنا معائنہ کیلئے لندن جاتے ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ انہیں مقامی ڈاکٹروں پر یقین نہیں ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبائی درالحکومت میں ہو نے والے ضمنی انتخابات کی الیکشن مہم زور پکڑ گئی ہے
لاہور (جی پی آئی)صوبائی درالحکومت میں ہو نے والے ضمنی انتخابات کی الیکشن مہم زور پکڑ گئی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شر یف کی جانب سے صوبائی حلقہ 161سے خالی کی گئی نشست پر کانٹے کا مقابلہ، پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے چوہدری گلزار گجر ،تحر یک انصاف کے خالد محمود گجر کے درمیان سخت مقابلہ متو قع ہے پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی جانب سے اس نشست کو جیتنے کے لئے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور منتخب ارکین اسمبلی نے اپنی پارٹی کی جیت کے لئے کو شش شر وع کر دی ہیں جبکہ تحر یک انصاف کے اُمیدار نے الیکشن میں 19ہزار کے قر یب ووٹ حاصل کئے تھے میاں محمد شہباز شر یف کے مقابلے میںاس حلقے میں گجر برادری ،،آرائیں،راجپوت ،جٹ ،کا کثیر ووٹ بینک ہے گجر برادری کا زیادہ ووٹ تحریک انصاف کو ملنے کا امکان ہے کیو نکہ گلزار احمد گجر پہلے بھی اسی علاقہ سے ناظم بھی رہ چُکے ہیں اور اُن کی برادری میں اپنی بھی مخالفت ہے جسکی وجہ سے فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا تحریک انصاف کے اُمیداور خالد محمود گجر کو جیا بگا ،گنگ شر یف ،لدھیکی،چوہنگ ،مانگا منڈی ،جلیانی ،اور بحریہ ٹاون میں واضح حمایت حاصل ہے اور پچھلے الیکشن میں بحریہ ٹاون کے علاقے میں کلین سویپ بھی کیا تھا جو کہ مسلم لیگ ( ن) کے لئے بڑا دھجکا تھا جسکے لئے مسلم لیگ ( ن) کے اُمیداور گلزار احمد گجرنے ان علاقوں میں رابطوں کو تیز کر دیا ہے اور انتخابی سر گر میوں کو ان علاقوں میں شروع کر دیا ہے ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اس حلقے میں جلسوں میں بھی شر کت کر ینگے اور الیکشن مہم میں اس حلقے کو اہمیت دی جا رہی ہے دوسری جانب تحریک انصاف نے مسلم لیگ ( ن) کی جانب سے بجلی ،گیس ،پیٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں میں ہو نے والے حالیہ اضافے کو عوام کے سامنے رکھ کر الیکشن مہم کا آغاز کیا ہے جسکی وجہ سے عام عوام کی جانب سے مسلم لیگ ( ن) کے اُمیداور کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے اور مسلم لیگ ( ن) کی جانب سے مختلف ٹیکس اور ڈیوٹیوں سمیت حکومتی اقدمات کی وجہ سے اس حلقے میں مسلم لیگ ( ن) کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے تحر یک انصاف کے کارکنان کی جانب سے یہ الزامات بھی لگا ئے جا رہے ہیں کہ پنجاب حکومت اس حلقے میں سر کاری وسائل کو استعمال کر رہی ہے اور پٹواریوں کے سر پر الیکشن لڑا جا رہا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے اس حلقے میں مسلم لیگ ( ن) کا ووٹ بینک انتہائی متاثر ہو ا ہے اور متنازعہ شخصیت کو مسلم لیگ ( ن) نے ٹکٹ دیا ہے جبکہ اسی حلقے سے سابق دور میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو نے والے چوہدری عبدالغفور کو پارٹی نے نظر انداز کیا جسکی وجہ سے ذرائع کے مطابق فائدہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیداور کو ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی شہبازشریف کی کوئٹہ میں نمازیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کوئٹہ میںنماز عید کے موقع پرمسجد میںنمازیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہر ے دکھ او رافسو س کا اظہار کیا ہےـ انہوںنے زخمیو ںکی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ـوزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔عید پر معصوم نمازیوں پر فائرنگ کرنے والے شرپسند، مسلمان تو کیاانسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہباز شریف نے کسی بھی مشکل میں ہمیں اکیلا نہیںچھوڑا،عید پر ہماری تکالیف خوشیوں میں بدل گئی ہیں،متاثرین سیلاب
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پچھلے برس کی طرح رواں سال بھی جنوبی پنجاب کے سیلاب زدگان کے ساتھ عید منائی ۔ وزیراعلی سیلاب متاثرین کے مسائل سے آگاہی کے لئے راجن پور کے مختلف دیہات میں گئے جہاں انہوں نے متاثرین سے عید ملی اوران میں عید تحائف ،مٹھائی،عیدی اورامدادی اشیاء تقسیم کیں ۔راجن پور کے علاقے فتح پور میںنماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعلی گاڑی کے ذریعے لال گڑھ اوردیگر مقامات پرگئے ۔لال گڑھ میں وزیر اعلی سکیورٹی کو نظرانداز کرتے ہوئے متاثرین سے گھل مل گئے ،متاثرین نے وزیر اعلی کا نعرے لگا کر استقبال کیا اور کہا کہ وزیر اعلی نے ہر مشکل کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے اور انہوں نے کبھی بھی ہمیں مشکل وقت میں اکیلا نہیںچھوڑا۔شہباز شریف نے ہمارے ساتھ کیاگیا ہر وعدہ پورا کیاہے،سیلاب متاثرین کے ساتھ عید مناکر شہباز شریف نے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں خادم پنجاب ہیں اوروہ متاثرین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں،وزیر اعلی کو عید پر اپنے درمیان دیکھ کر ہماری تکالیف خوشیوں میں بدل گئی ہیں۔وزیر اعلی نے متاثرین سے خطاب کے بعد پاکستان اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے لگوائے اور سرائیکی میں عید مبارک کہتے ہوئے کہا کہ ”تہاکوں ڈھیر عید مبارک ” متاثرین نے پنجاب حکومت کی جانب سے کئے جانے والے امدادی و بحالی کے کاموں کو اطمینان بخش قرار دیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف عید کی صبح لندن سے لاہورائر پورٹ پر پہنچے جہاں سے وہ گھر جانے کے بجائے سیدھے راجن پور گئے اورسیلاب متاثرین کے ساتھ عید منائی اوران کے ساتھ وقت گزارااورانکے مسائل دریافت کئے ۔وزیر اعلی نے متاثرین کو ان کی جلد بحالی کے لئے مزید تیز رفتاری سے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اللہ تعالی آپ اوراہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے:وزیر اعلیٰ
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تحریک انصاف کے رہنماء اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کے جواں سال بیٹے حافظ حسین محمود کے انتقال پرگہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف گزشتہ رات میاں محمود الرشید کے گھر گئے اور ان کے جواں سال بیٹے حافظ حسین محمود کی ناگہانی وفات پر تعزیت کااظہار کیاـوزیر اعلی نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق دےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی محمد شہبازشریف کا ڈی آئی جی آپریشنز کوئٹہ فیاض سنبل کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کوئٹہ میںپولیس لائن کی مسجد کے باہر دھماکہ میں شہید ہونے والے ڈی آئی جی آپریشنز فیاض سنبل کی رہائش گاہ گئے ـصوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن اور ایم این اے پرویز ملک بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھےـ انہوںنے ڈی آئی جی فیاض سنبل کی شہادت پرسوگوار خاندان کے ساتھ گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ـوزیراعلیٰ نے فیاض سنبل مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے وطن عزیزکی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے ،ان کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گےـوزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق دےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک میں دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ موجودہ حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے:قاضی احمد سعید
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ موجودہ حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت کو دہشت گردی کے سدِباب کے لئے ٹھوس اقداما ت کرنے ہوں گے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا دہشت گردی کی وارداتوں پر خاموشی مجرمانہ غفلت ہے انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی کی حوصلہ شکنی کی ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے لیڈر دہشت گردی کا نشانہ بنتے رہے ہیں جبکہ موجودہ حکمران دہشت گردوں کے خلاف لب کشائی کرنے سے گریز کر رہے ہیں جس سے صاف ظاہر ہے کہ انہیں اپنی جان عزیز ہے عوام کی کوئی فکر نہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حکومتی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں اور حکمران ان کے لئے سافٹ کارنر رکھے ہوئے ہیں جو کہ وطن عزیز پاکستان کے لئے بہت خطر ناک ہے۔