اضلاع کی خبریں 13.05.2013

علامہ اشفاق احمدصابری کی میاں نوازشریف کومسلم لیگ ن کی کامیابی پر مبارکباد

اسلام آباد(جی پی آئی) ادارہ صراط مستقیم کے ضلعی رہنماعلامہ اشفاق احمدصابری نے میاں محمد نوازشریف کو انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور ان کے لیے نیک تمنائوں اور نیک خواہشات کا اظہار اکیاہے ۔ اپنے تہنیتی بیان میں علامہ اشفاق صابری نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی انتخابات میں واضح کامیابی کے بعد اس کی آئندہ بننے والی حکومت ایک امتحان بھی ہے ۔ انہوں نے اپنے منشور میں جو وعدے کیے ہیں، عوام بجا طور پر ان کے پورا ہونے کی توقع رکھیں گے ۔علامہ اشفاق صابری نے کہاکہ نئی حکومت کو بہت سے چیلنجز کا بھی سامنا ہو گا ۔ ملک کی معیشت ، صنعت و زراعت تباہ ہو چکی ہے ، انرجی کا بحران بہت سنگین ہوچکاہے ۔ بے روزگاری اور مہنگائی سے عوام بد حال ہیں ۔ دہشتگردی پورے ملک میں پھیل چکی ہے ۔ امن و امان کے مسائل ہیں۔ بیرونی و اندرونی قرضہ جات کی ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے ۔امریکہ بھارت و دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات اور ایک آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے پاکستان کی عزت و وقار کی بحالی جیسے چیلنجز ہیں ۔انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سادگی اختیار کرے گی اور عوام نے اس کے کندھوں پر جو بھاری ذمہ داری ڈالی ہے اسے پورا کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چیف جسٹس اورآرمی چیف الطاف حسین کی ملک دشمنی کا نوٹس لیں،سُنی تحریک
راولپنڈی( جی پی آئی)پا کستا ن سنی تحریک کے رہنمائوں مفتی لیاقت علی رضوی،علامہ طاہراقبال چشتی، عطاء الرحمن دھنیال، ساحبزادہ عبدالرحمن سیالوی نے کہاہے کہ چیف جسٹس اورآرمی چیف الطاف حسین کی ملک دشمنی کا نوٹس لیں۔ الطاف حسین پا کستان کو دھمکی دینے کی بجائے اپنے تمام دہشتگردوں کو بھارت لے جائیں۔کراچی کے عوام کو بھارت کی ایجنٹ جماعت MQMنے یر غمال بنا ء رکھا ہے۔حکمران دہشتگردوں کے سامنے بھیگی بلی بننے کی بجائے فوری کاروائی عمل میں لائیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین کیطرف سے پاکستان مخالف بیان پرشدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے کی۔سُنی تحریک کے رہنمائوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ( ن) کوجو مینڈیٹ دیا ہے امید ہے کہ نوازلیگ کراچی میں حکومتی رٹ قائم کرنے کیلئے اپنی ذمہ داری اور قوم سے کیا وعدہ بھی پورا کرے گی۔نئی آنے والی حکومت کو ملکی معیشت،دہشت گردی بے روز گاری،غربت ،جہالت اور لا قانونیت جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا۔حکومت کے تمام اچھے اقدامات کی مکمل حمایت کریں گے مگر کسی بھی طرح کی مذہبی سیاسی فرقہ واریت اور تعصب بندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے بھارتی ایجنٹ ہونے پر کسی کو کوئی شک اور شبہ نہیں ہونا چا ہئے۔بلدیاتی انتخابات بروقت ہونے چاہئے۔عوام ایم کیو ایم کی کسی بھی طرح کی دھمکیوں کو اب خاطر میں نہیں لائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام نے دہشت گردوں کو مکمل طور پر مستر د کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ امن و اخوت چاہتے ہیں’:عارف حسین واحدی
راولپنڈی (جی پی آئی)اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے نائب سربراہ اور مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں جھنگ کے عوام نے انتہاپسندوں اور دہشت گردوں کو مکمل طور پر مستر د کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ امن و اخوت چاہتے ہیں’ بھائی چارہ کے قائل ہیں’ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خواہاں ہیں لہذا ایسے شرپسند عناصر جن کے ہاتھ ہزاروں معصوم اور بے گناہ انسانوں کے خون سے رنگے ہیں وہ عوام کے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں چنانچہ بدترین شکست کے بعد تکفیری ٹولے کی جانب سے جلائو گھیرائو’ عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور فائرنگ کے ذریعہ عوام اور انتخابی عملے کو ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ انتخابی نتائج کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جاسکے۔ ان حالات میں ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان اس صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انتخابی عملے کو شرپسندوں کے چنگل سے آزاد کرائے تاکہ عوامی مینڈیٹ کو چرانے والے عناصر کا قلع قمع ہوسکے بصورت دیگر عوام زبردست احتجاج کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان سنی تحریک عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے، ملک عبدالرئوف
راولپنڈیراولپنڈی( جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے رہنماملک عبدالرئوف نے کہا ہے کہ پاکستان سنی تحریک عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے ،تاہم کراچی کے انتخابی نتائج کوتسلیم نہیں کرتے۔الیکشن کمیشن کراچی میں فوج کی نگرانی میںدوبارہ انتخابات کروائے اور فوج کو پولنگ اسٹیشن کے اندر تعینات کیاجائے۔عوام نے ثابت کردیا کہ تبدیلی کیلئے ووٹ کا استعمال ضروری ہے۔عوام نے ووٹ کے استعمال سے عوامی نمائندوں کو چن لیاہے اب عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل،بجلی،گیس کے بحران اور مہنگائی ،بے روزگاری کو ختم کرکے ملک کو مستحکم بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن)کے سربراہ میاں نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کیا۔ملک عبدالرئوف نے کہا کہ اُمید ہے کہ ملک کی نئی قیادت اور اپوزیشن ملک کی ترقی ،خوشحالی استحکام کیلئے کوئی کسر اٹھانہ چھوڑے گی۔ پاکستان سنی تحریک پر امید ہے کہ ملک کی نئی قیادت آئین و قانون کی بالادستی کو قائم کرکے دہشتگردی کوجڑسے ختم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی،انہوںنے الیکشن کمیشن اورسپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کراچی میںری الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں،شفاف و منصفانہ انتخابات کی کراچی میں دھجیاں بکھیر دی گئیں،ٹھپہ مافیاکا پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ،رینجرز،پولیس کے عملے کا غائب ہوجانا انتہائی تشویشناک عمل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آرمی چیف اور چیف جسٹس الطاف حسین کی دھمکیوںکا نوٹس لیں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور (jجی پی آئی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئین سے بغاوت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کے عزائم کھل کر عوام کے سامنے آچکے ہیں۔آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان الطاف حسین کی دھمکیوں کا نوٹس لیں۔پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش ہورہی ہے اور ایم کیو ایم اس سازش میں بیرونی قوتوں کی آلہ کار بنی ہوئی ہے۔تشدد کی سیاست کو فروغ دیاجارہا ہے جس کی پوری قوم مذمت کرتی ہے۔انہوں نے مزیدکہا ہے کہ مہنگائی،بے روزگاری،لوڈشیڈنگ اور ڈرون حملوں کے ستائے عوام نے مسلم لیگ(ن)پر اعتماد کا اظہار کیا ہے لہٰذانومنتخب حکومت عوام کوان مشکلات سے نجات دلائے۔سابقہ حکمرانوں نے ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان کو نام نہاد امریکی جنگ میں جھونک دیا مگر آج بھی50ہزارقیمتی جانوں کا نذرانہ اور68 ارب ڈالرکا ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے باوجود”ڈومور” کامطالبہ کیا جاتا ہے۔نو منتخب حکومت سے قوم کو بڑی امیدیںوابستہ ہیںاگر اس نے بھی لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا تو انجام پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں جیسا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے۔اسلامی انقلاب کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔پڑھی لکھی،مخلص اور دیانتدار قیادت کے فقدان نے ملک وقوم کواس نہج پر پہنچادیا ہے۔65برس سے جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کے لئے ضروری ہے کہ صحیح فیصلے کیے جائیں۔ کراچی اور حیدر آباد میں بدترین دھاندلی پوری قوم الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے دیکھ چکی ہے لہٰذا وہاں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔شفاف اور منصفانہ الیکشن کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔فوج اور رینجرزکاکردارخاموش تماشائی کے سوا کچھ نہیںرہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ(ن) نے اجارہ داری کی سیاست کی:مولانا مجاہد عبدالرسول خان
لاہور(جی پی آئی)پا کستا ن سنی تحریک کے ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اجارہ داری کی سیاست کی۔پا کستان سنی تحریک کے تمام امیدواروں کو انتخابا ت میں اخلاقی فتح حاصل ہو ئی ہے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ نے روایتی بد معاشی کا مظاہرہ کیا۔الیکشن کمیشن کراچی اور پنجاب کے بعض حلقوں میں شفاف انتخابات کروانے میں ناکام رہا۔جمہوریت کے استحکام سے ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامذن کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے سنی تحریک کے امیدواروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گھنٹوں ووٹرز کا قطاروں میں کھڑا رہنا یہ ملک میں واضع تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔آصف علی زرداری سے نفرت اور پیپلز پارٹی کی گذشتہ پانچ سالہ خراب کاکردگی کے سبب مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف کو ووٹ ملا۔مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہاکہ نواز لیگ کا خاصہ یہ ہے کہ ان کے دورے حکومت میں ہمیشہ مذہبی انتہاء پسندی کو تقویت اور برادری ازم کو چڑھا وا ملتا ہے۔لیکن عوام اس بار کسی کو پنجاب میں تھانے کی سیاست جھوٹی مقدمہ بازی سیاسی مخالفت کو ذاتیات میں تبدیل کر نے کی اجازت نہیں دیں گے۔ہمارے کسی امیدوار نے الیکشن کمیشن کی خلاف ورزی کی اور نہ ہی ہمارے کسی کارکن نے نے کسی بھی پارٹی کے سپوٹر ،ووٹر ز کو حراساں کیا۔کارکنان،ہمدردوں اور سپوٹرز کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے جمہوری عمل کو مضبوط کرنے میں تنظیم کا بھر پور ساتھ دیا۔ذمہ داران اور ہمدروں کے لئے اگلا چیلنج بلدیاتی انتخابات کی تیاری ہے۔اس موقع پر لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری، محمدنواز قادری اور دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو مارٹن ڈیوڈ سن کی سربراہی میں وفد کاپنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے گرلز پارٹنر سکول کا دورہ
لاہور(جی پی آئی)دنیا بھر میں تعلیمی و ثقافتی مواقع کے فروغ کے لیئے سر گرم عمل برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو مارٹن ڈیوڈ سن کی سربراہی میں پانچ رکنی اعلی سطحی وفد نے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے باغبانپورہ کے گرلز پارٹنر سکول کا دورہ کیا ۔ وفد میں برٹش کونسل کے ریجنل ڈائریکٹر سائوتھ ایشیاء سٹیفن رومن ، ڈائریکٹر پاکستان چیپٹر پیٹر اپٹن ، صوبائی ڈائریکٹر رچرڈ ویورز،ٹریننگ کنسلٹنٹ ڈینئیل سوپر بھٹ اور پروجیکٹس منیجر عائشہ نعمان شامل تھیں ۔ اس دورے کا مقصد برٹش کونسل کے اشتراک سے لاہور میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے غریب بچوں کو مفت تعلیم کے منصوبے فائونڈیشن ایسسٹڈ سکول سے منسلک گرلز سکولوں کی انگریزی زبان کی خواتین اساتذہ کی تدریسی وابلاغی صلاحیتوں میں اضافہ کے ذریعے طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن مہیا کرنا ہے۔ اس موقع پر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر عامر افتخار احمد اور ڈائریکٹر بشری سعید خان نے برطانوی وفد کو پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی تربیت کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔برطانوی وفد کو بتایا گیا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں تربیت اساتذہ کے ساتھ ساتھ خوشگوار تعلیمی ماحول مہیا کیا گیا ہے تاکہ طالبعلموں کی شخصیت میں مثبت نکھار آئے۔بعد ازاں برطانوی وفدنے تربیت حاصل کرنیوالی اساتذہ اور طالبات سے ملاقات کی ۔برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو مارٹن ڈیوڈ سن نے اساتذہ اور طالبات کے حصول علم کی لگن کو سراہا اور کہا کہ برٹش کونسل تربیت اساتذہ کے لیئے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن سے تعاون جاری رکھے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف کے وزیر اعظم بننے سے ملک کی ترقی کا سفر 12 اکتوبر 1999 سے شروع ہو گا:عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ نواز شریف کے وزیر اعظم بننے سے ملک کی ترقی کا سفر 12 اکتوبر 1999 سے شروع ہو گا نواز شریف کے دور اقتدار میں دن دُگنی رات چگنی ترقی ہوئی پھر 12 اکتوبر 1999 کو ملک میں مارشل لاء لگا کر ترقی کا یہ عمل روک دیا گیا اُس کے بعد تنزلی کا سفر شروع ہوا اور پھر پیپلز پارٹی کی لوٹ مار اور ق لیگ کی وارداتوں نے پاکستان کی بنیادیں ہلا دیں، انہوں نے کہا 11 مئی2013 کو اندھیری رات کا خاتمہ ہوا اور نئی صبح کا آغاز ہوا، عوام نے نواز شریف کو وزیر اعظم منتخب کر لیا۔ میاں نواز شریف کی کامیابی پوری دنیا میں بہت اہم ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ نواز شریف کے وزیر اعظم بننے سے جنوبی ایشیا میں امن کی فضا قائم ہو گی، یہ ہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے حکمران نواز شریف کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دے رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منورحسن کا قوم کے نام پیغام
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ غربت ،مہنگائی،بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ کے مارے لوگوں نے میاں نوازشریف اور عمران خان کو گہرے امتحان میں ڈال دیا ہے ۔مینڈیٹ لیکر آنے والی دونوں بڑی پارٹیوں کو بہت بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے ۔عوام سے کئے گئے وعدوں اور اپنے دعوئوں کو پورا کرنے کیلئے ملک سے انرجی بحران کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہونی چاہئے اورتعلیم، صحت ،روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملکی وقار اور آزادی کے تحفظ کیلئے بھی انہیں دور رس اقدامات کرنا ہونگے ۔ہم نواز شریف اور عمران خان کیلئے دعا گو ہیں کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اتر سکیں ،ہم کسی بدگمانی کا اظہار نہیں کرتے ،جن وعدوں اور دعوئوںپر انہوں نے ووٹ لئے ہیں ان کو پورا کرنا دونوں پارٹیوںکی ذمہ داری ہے ،ان کی تکمیل کیلئے لوگوں کا مطالبہ زور پکڑتا جائے گا۔جذباتی نعروں کے زور پر بڑے مینڈیٹ کے ساتھ آنے والی حکومتوں سے لوگوں کو جتنی امیدیں ہوتی ہیں اتنی جلدی وہ مایوس بھی ہوجاتے ہیں ۔جماعت اسلامی ملک بھر میں بھرپور انتخابی مہم کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کیوں ناکام رہی اس پر بہت جلد مرکزی شوری کا اجلاس بلا کر غور کیا جائے گااور ائندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ سید منور حسن نے کہا کہ قومی و صوبائی سطح پر چلنے والی انتخابی مہم کے نتائج سب کے سامنے ہیں ،جماعت اسلامی سے ہمدردی رکھنے والے اور ملک میں اسلامی نظام کے خواہاں عوام میں یک طرفہ نتائج پر سخت بے چینی پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ سیاسی دائرے کے اندر ایک ایسی لہر چلی ہے جس نے سب سے زیادہ خیبر پختونخواہ کو متاثر کیا ہے ۔پختونخواہ سیاسی نظریاتی اور انتخابی حوالے سے ہمارا قلعہ تھا، ہمیں صوبائی اور قومی سطح پر جس کامیابی کی امید تھی وہ خواب ادھورا رہ گیا ہے ،ہم صر ف سات آٹھ صوبائی اور تین قومی نشستیں لے سکے ہیں جس پر کارکنوں میں ایک افسردگی کی کیفیت ہے۔سید منور حسن نے کہا کہ ہمیں 70ئکے بعد پہلی بار اپنے پرچم تلے اپنے انتخابی نشان اور قیادت کے تحت الیکشن لڑ نے کا موقع ملا جس پر کارکن مطمئن ہیں ،40سال تک اتحادی سیاست کے نتیجے میں ہمار ا تشخص مجروح ہوچکا تھا جس کی بحالی پر کارکنان میں بحثیت مجموعی ایک اطمینان اور حوصلہ ہے،جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اول و آخر ایک دعوتی اور دینی تحریک ہے ہمارا کام عوام الناس کو اعلائے کلمتہ اللہ کیلئے تیار کرنا ہے ،ہم اپنے اس فریضہ کی ادائیگی کیلئے بھی پورے عزم اور حوصلہ کے ساتھ میدان عمل میں ہیں اور ہماری کوششوں میں کوئی کمزوری سامنے نہیں آئے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
احمد لدھیانوی پنجاب میں امن و امان تباہ کرتے کی کوشش کر رہے ہیں:علامہ مظہر عباس علوی
لاہور(جی پی آئی) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی اور لاہور کے صدر سیدآصف علی زیدی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ احمد لدھیانوی پنجاب میں امن و امان تباہ کرتے کی کوشش کر رہے ہیں اگر عوام نے ان کے خلاف فیصلہ دیا ہے تو اس کو خوش دلی سے قبول کریں اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو کو بھی چاہیے کہ وہ اس معاملے سے لاتعلق رہیں کیونکہ اس سے پنجاب کے حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے، الیکشن کمیشن دھاندلی کے بے بنیاد الزامات کا نوٹس لیں اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے کیونکہ ہر ہارنے والا دھاندلی کے الزامات لگا کر حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نگران وزیراعلی نجم سیٹھی نے شیخوپورہ میں بااثر افراد کے تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے شیخوپورہ کے علاقے باغاں والی گڑیال میں بااثر افراد کے تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہےـ وزیراعلیٰ نے کہاکہ 6بہنوں کے اکلوتے بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیںـانہوں نے کہاکہ تشدد کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے خاندان کوہر صورت میں انصاف دلائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطو ط پر استوار کر کے سفری سہولیات کو بہتر بنایا جاسکتاہے،وزیراعلی نجم سیٹھی
لاہور(جی پی آئی)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہاہے کہ عوام کو آرام دہ ، محفوظ اور بہترین سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہےـبہترین پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم مہذب معاشروں کی علامت سمجھا جاتاہےـ ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کر کے سفری سہولیات کوبہتر بنایا جاسکتاہےـمیٹروبس پراجیکٹ شہریوں کو بہترین ، محفوظ اورتیز رفتار سفری سہولیات فراہم کررہاہے ا ور لاکھوں مسافر ان جدید بسوں پر سفر کر رہے ہیں ـوہ آج یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں میٹروبس سسٹم کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھےـجس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی ، سیکرٹری خزانہ ، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ ، کمشنر لاہور ڈویژن ، چیف ٹریفک آفیسر اور پنجاب میٹروبس اتھارٹی کے ا علیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جدید دور میں موثر پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم انتہائی ضروری ہے ـجدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹرانسپورٹ سسٹم کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے اور شہریوں کو آمد ورفت کے لئے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں ـانہوںنے کہاکہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم عصر حاضر کی ضرورت ہے تاکہ شہری وقت کے ضیاع کے بغیر اپنی منزل مقصود پر پہنچ سکیںـانہوںنے کہاکہ میٹروبس سسٹم کا منصوبہ شہریوں کے ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہورہاہے اور اس منصوبے کے صوبائی دارالحکومت کے ٹریفک کے نظام پر اچھے اثرات مرتب ہورہے ہیںـانہوںنے کہاکہ معذوروں اور بزرگ شہریوں کی سہولت کے لئے میٹروبس کے سٹیشنز پر نصب کی گئی برقی سیڑھیوں کو چالو حالت میں رکھا جائے تا کہ ان سے شہری بھر پور استفادہ کر سکیںـوزیراعلی نے ہدایت کی کہ برقی سیڑھیوں کی حفاظت اور دیکھ بھا ل کے لئے فوری طور پر موثر بندوبست کیا جائے اور نصب کی گئی تمام برقی سیڑھیوں کوجدید انداز سے ڈھانپنے کا انتظام کیا جائے تاکہ یہ بارشوں اور گردوغبار سے محفوظ رہیںـجنرل منیجر میٹروبس اتھارٹی نے میٹروبس سسٹم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹروبسوں کے ذریعے روزانہ سوا لاکھ سے زائد لوگ سفر کر رہے ہیںـانہوںنے بتایاکہ مسافروں کی سہولت کے لئے ٹوکن کے سا تھ کارڈ بھی متعارف کرایا گیاہےـانہوںنے کہاکہ میٹرو بسوں پر بڑھتے ہوئے رش کی وجہ سے مزید 19نئی میٹروبسیں بھی منگوائی جارہی ہیںـ جس کے بعد میٹروبسوں کے ذریعے سفرکرنے والے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ 60ہزارسے تجاوز کر جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مخالف سمت سے آتی ہوئی چاند گاڑی ٹیوٹا ویگن منی مزدا ٹرک سے جا ٹکرائی ، 4افراد زخمی
گوجرانوالہ(جی پی آئی) مخالف سمت سے آتی ہوئی چاند گاڑی وک بچائے ہوئے ٹیوٹا ویگن منی مزدا ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے جنھیںفوری طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ میں جی ٹی روڈ پر ٹیوٹا ویگن مخالف سمت سے چاندگاڑی کے اچانک سامنے آنے سے اُسے بچاتے بچاتے منی لوڈر مزدا سے جا ٹکرائی جس سے گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ ڈرائیور اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھی سوریوں سمیت چار افرار شدیدزخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم عامر چیمہ شہید کا ساتواں سالانہ عرس مبارک پروفیسر محمد نذیر احمد چیمہ کی زیر صدارت منایا گیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسل عامر چیمہ شہید کا ساتواں سالانہ عرس مبارک ان کے دربار ساروکی چیمہ میں پروفیسر محمد نذیر احمد چیمہ کی زیر صدارت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما الحاج سرفراز احمد تارڑ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت پر جان دینا اور لینا دونوں عبادت ہے۔ناموس رسالت کے مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے،عامر چیمہ شہید نے ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے جان قربان کر کے لافانی مقام حاصل کیا۔مسلمان کٹ سکتا ہے مگر توہین رسالت صلی اللہ علیہ وسل برداشت نہیں کرتا۔ اس موقع پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف ہزاروی،الحاج مولانا محمد اکبر
نقشبندی،علامہ صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی،مولانا غازی ثاقب شکیل جلالی،قاری غلام سرور قادری ،میاں احسان اللہ،محمد ریاض مغل،لیاقت علی چشتی،مولانا علی رضا صدیقی،قاری احسان اللہ کیلانی،مولانا احمد خان میکن،عمران شہزاد تارڑ اور دیگر نے بھی خطا ب کیا پروفسیر محمد آصف ہزاروی نے کہا کہ محبت رسول امت مسلمہ کا بنیادی ایمان ہے تعلیمات مصطفی صلی اللہ علیہ وسل پر عمل کر کے دنیا و آخرت میں سرخروی حاصل کر سکتے ہیں۔مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ عشق رسول رب کائنات تک پہنچنے کا واحد ذریعہ ہے۔دل میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وسل نہ ہو تو ارکان اسلام میں سے کوئی عمل قبول نہ ہو گا۔صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی نے کہا کہ رسول نبی کریم صلی اللہ علیہ وسل کا سچا غلام وہی ہے جو ناموس رسالت کیلئے زندگی وقف کر دے۔میاں احسان اللہ نے کہا کہ امت مسلمہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وسل کے ہتھیار سے لیس ہو جائے تو یہود و ہنود کو شکست ہو سکتی ہے۔غازی ثاقب شکیل نے کہا کہ ناموس رسالت کیخلاف بولنے والی زبان کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اظہرقیوم ناہرہ اوربیگم امانت علی ورک کی کامیابی پرنوشہرہ ورکاں میں جشن کا سماں مبارکباددینے والوں کا تانتابندھا رہا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے نامزدامیدوارحلقہ این اے 100کے اظہرقیوم ناہرہ اورپی پی101کی بیگم امانت علی ورک کی کامیابی پرنوشہرہ ورکاں میں جشن کا سماں مبارکباددینے والوں کا تانتابندھا رہا۔باضمیراورباکردارلوگ ہی پاکستان کو نچاسکتے ہیں ہمیں اہنے نمائندوں پرفخرہے۔اہل نوشہرہ ورکاں ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن 2013میں جہاں مسلم لیگ(ن)نے پورے ملک میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیںوہیں گوجرانوالہ ڈویثرن کے سب سے مشہورحلقہ این اے100میں جہاں پرتمام سیاسی پارٹیوں نے ملکرمسلم لیگ(ن)کے خلاف اتحادکیا تھا۔کامیابی نے مخالفوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ممبرنیشنل اسمبلی اظہرقیوم ناہرہ اورممبرصوبائی اسمبلی بیگم امانت علی ورک نے اپنی کامیابی کا ساراکریڈیٹ اہل نوشہرہ ورکاں کودے دیا گزشتہ روزہونے والے جشن کیبعد چوہدری ضیاء اللہ ورک،چوہدری امیرحمزہ ورک،سجاد کھرل اوردیگرکارکنان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ عوام جاگ اٹھی ہے اوراس الیکشن میں لوگوں نے تمام فصلی بیٹروں کومستردکرتے ہوئے ہمیں ایک دفعہ پھرخدمت کا موقع دیاہے۔گزشتہ 5سال چوروں لیٹروں کی آنکھوں میںآنکھیں ڈالتے ہوئے میاں محمدشہبازشریف نے پنجاب کوبدل کررکھ دیا ہے۔ترقیاقی کاموں کا جال بچھا کرمخالفین کی نیندیں حرام کردی تھیں۔یہی ہماری کامیابی کا ذریعہ ہے کہ ن لیگ اپنے وعدے پورے کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف کی شکل میں قوم کے لئے امید کی شمع روشن ہوگئی:غلام دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما غلام دستگیر خان نے کہاہے کہ نواز شریف کی شکل میں قوم کے لئے امید کی شمع روشن ہوگئی،پورے ملک کے عوام روشنی ،خوشحالی اور ترقی سے مستفید ہوں گے، پاکستان میںاپنی ذات کے لئے حکمرانی کرنے کا دور گزر گیا،عوامی خدمت کے سوا اب حکومتوں کا کوئی اور مقصد نہیں ہونا چاہئے،اتحادی ٹولے نے عوام پر ظلم کا نتیجہ بھگت لیا،زرداری چند گھنٹے عوام اور ملک کے مسائل پر بھی صرف کردیتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا،مسلم لیگ ن بند کارخانے اور فیکٹریاں چلا کر عوام کا روزگار بحال کرے گی، الطاف حسین کے بیانات میں کوئی نئی بات نہیں ،انکی جماعت علاقائی اور لسانی بنیادوں پر سیاست کرتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پرمسلم لیگ ن کی کامیابی کی مبارکبا ددینے کے لئے آئے ہوئے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جیت نواز شریف کے وژن ،استقامت اور عوامی سوچ کی بدولت ممکن ہوئی،عوام نے ایک بار پھرثابت کیا کہ انہیں آزادانہ رائے کا موقع دیا جائے تو وہ ملکی مفاد میں درست فیصلہ کرسکتے ہیں اور ملک و قوم کے حق میں بہترین فیصلے پر عوام مبارکبا دکے مستحق ہیں،نواز شریف قومی لیڈر ہیں اور وہ تمام صوبوں کے عوام اوراقلیتوں کے مساوی حقوق کے قائل ہیںاسلئے عوام نے ملک کے بہترین مفاد میںا نہیں ایک با رپھر بھاری اکثریت دلا کر اپنے اعتماد کا بھرپور اظہار کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی سوچ محدود اورانکی پارٹی لسانی و علاقائی بنیادوں پر کام کرتی ہے کارکن دعا کریں کہ ا للہ تعالیٰ میاں نواز شریف کو بلیک میلروں اور بھتہ خوروں سے محفوظ رکھے اور ملک و قوم کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کی توفیق دے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
این اے 98کی با شعور عوام نے پیپلزپارٹی کے تمام دعوے مئی میں دھونس دیئے :ملک سرور اعوان ایڈووکیٹ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری اور سینئر لائیرز ملک سرور اعوان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ این اے 98کی با شعور عوام نے پیپلزپارٹی کے تمام دعوے مئی میں دھونس دیئے اور صدر زرداری کے قریبی ساتھی اور پیپلزپارٹی پنجاب کے سابق صدر کو عبرتناک شکست دیکر میاں طارق محمود کو کامیاب کروایا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صوبائی راہنما اور سابق ایم پی اے میاں مظہر خاندان کو میاں نواز شریف کا نمائندہ ہونے اور علاقہ میں عوامی خدمات کی وجہ سے عوام ا ن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ ہمیشہ مسلم لیگ ن کا گڑھ رہا ہے:عدنان بزمی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پی پی91کے جنرل سیکرٹری عدنان بزمی نے کہا کہ گوجرانوالہ ہمیشہ مسلم لیگ ن کا گڑھ رہا ہے عوام نے ایم این اے انجینئر خرم دستگیر خا ن ، ایم پی اے عثمان ابراہیم اور عمران خالد بٹ ایم پی اے کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر بلے تیر اور سائیکل کو پرانے سٹور روم میں پھینک دیا ہے عدنا ن بزمی نے کہا کہ بزرگ سیاستدان سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان کی قیادت میں گوجرانوالہ میں فلائی اوور سمیت جتنا ترقیاتی کا م گزشتہ دور میں ہوا تاریخ میں آج تک اتنا نہ ہوا تھا جبکہ عوام نے بھی اسکا پور صلہ دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نجی کالج کی انتظامیہ کے رویہ کیخلاف طلباء مشتعل ہوگئے
وزیرآباد(جی پی آئی)نجی کالج کی انتظامیہ کے رویہ کیخلاف طلباء مشتعل ہوگئے، ہاکیوں اور ڈنڈوں کے وار کر کے عمارت اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔پنجاب کالج جی ٹی روڈ نظام آباد کے طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ادارہ میں بھاری فیسیں دیکر داخل ہوئے جبکہ ناتجربہ کار اساتذہ اور انتظامیہ نے ان کے تعلیمی کیریئر کو دائو پر لگا دیا ہے۔انٹر کے طالبعلموں سعد شفیق،عمار جاوید ،شعیب رانجھا،سلیمان، بابر، عمران، اسد اﷲ عثمان،بلال، لقمان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ادارہ کے پرنسپل آصف عثمانی ، وقار عظیم نے ان کے تعلیمی کیرئیر کو ناتجربہ کاری کی بھینٹ چڑھا دیا ہے انہیں اپنا مستقبل ویران ہوتا نظر آرہا ہے ، انہوں نے کہا کہ اب تو پرائمری،مڈل،ہائی سکولوں میں بھی طلباء پر تشدد نہیں کیا جاتا جبکہ ادارہ کے اساتذہ طلباء کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ غلط رویہ کا نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے ادارہ کی اعلیٰ انتظامیہ کو بارہا مرتبہ ا س بارے میں آگاہ کیا مگر معاملہ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ، الٹا انہیں کلاسوں میں بیٹھنے نہیں دیا جاتا کلاس میں بیٹھنے کے معاملہ پر ادارہ کی انتظامیہ اور طلباء کے درمیان جھگڑا زور پکڑ گیا اور انہوں نے ڈنڈوں اور ہاکیوں کے وار کر کے عمارت اور نئی ٹویوٹا کار کے شیشے توڑ دیئے۔اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس بھی موقعہ پر پہنچ گئی۔ طلباء نے اس موقعہ پر احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے تعلیمی کیریئر کو بچانے کی خاطر ادارہ میں پڑھا لکھا، تجربہ کار سٹاف تعینات کیا جائے۔ ادارہ کی انتظامیہ نے واقعہ کے بارے میں اپنا موقف دینے سے انکار کردیا۔