اضلاع کی خبریں 14.10.2013

قربانی سنت ابراہیمی ہے جو انسان کے اندر جذبہ ایثار اور جوش جہاد پیدا کرتی ہے:ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
گو جر انوالہ (جی پی آئی)سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ قربانی سنت ابراہیمی ہے جو انسان کے اندر جذبہ ایثار اور جوش جہاد پیدا کرتی ہے۔قربانی سالانہ تربیتی کورس ہے جس سے انسان اللہ کی محبت کو مال و دولت کی محبت پر غالب کرنے کی صلاحیت حاصل کرتا ہے ۔ان خیا لات انہوں نے قربانی کے فضائل پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا عمل مال و اسباب کی محبت کو مغلوب اور اللہ تعالیٰ کی محبت کو غالب کرنے کی ایک ٹریننگ ہے جیسا کہ شریعت میں بتایا گیا ہے قربانی اچھے اور خوبصورت جانور کی دی جائے اور اللہ تعالیٰ کے راستے میں وہ پیش کیا جائے جس سے بندے کا پیار ہو جب انسان ایسے پیارے جانور کو اپنے ہاتھ سے اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر ذبح کرتا ہے تو وہ عملی طور پر یہ ثابت کرتا ہے کہ میری حقیقی محبت مال سے نہیں بلکہ رب ذوالجلال سے ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی محبت کے آگے مال و دولت کی محبت کو قربان کیا جاسکتا ہے ۔قربانی کے ذریعے بندے کو جہاد فی سبیل اللہ کیلئے تیار کیا جاتا ہے کہ جس کیلئے مال پیش کیا جاسکتا ہے وقت آنے پر اس پرور دگار کیلئے جان بھی پیش کی جاسکتی ہے۔حقیقت میں پوری کائنات ہی انسان کو فلسفہ قربانی سمجھاتی نظر آتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عیدالاضحی قربانی کا مقصد تقویٰ، اﷲ کی رضا کا حصول ہے:رضوان اسلم بٹ
گوجرانوالہ (جی پی آئی)عوامی خادم، سابق امیدوار پی پی 92رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی قربانی کا مقصد تقویٰ، اﷲ کی رضا کا حصول ہے،اس لیے ہمیں چاہیے کہ سنت ابراہیمی ادا کرتے وقت صرف اور صرف اﷲ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنے کا مقصد ہی پیش نظر رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش
نظر عید الاضحی کے مبارک موقع پر علماء کرام خصوصی دعا کروائیں جن میں پاکستان کی بقاء و سلامتی ، دہشت گردی کے خاتمہ، اندرونی و بیرونی خطرات سے نجات کیلئے تمام مسلمان اﷲ تعالیٰ کے حضور گڑ گڑا کر سجدہ بسجود ہوجائیں تاکہ ہمیں تمام آفات سے چھٹکارا حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے وقت اپنے علاقہ میں موجود غریب، نادار،یتیم، بیوہ مسلمان بہن بھائیوں کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی احساسِ محرومی نہ ہو ،وہ بھی اﷲ تعالیٰ کی عظیم نعمتوں سے استفادہ حاصل کرسکیں۔عیدکے موقع پرہمیں یہ عہدکرناہوگاکہ وطن عزیزکی ترقی خوشحالی اوراستحکام کیلئے کوئی کسراٹھانہ رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عید کے دنوں میں صفائی بہتر رکھنے کیلئے شہر بھر میں خود ڈیوٹی دونگا :توفیق بٹ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)کنوئیر سالڈ ویسٹ (H.R) پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حلقہ پی پی96 توفیق بٹ نے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں صفائی بہتر رکھنے کیلئے شہر بھر میں خود ڈیوٹی دونگا یونین کونسل لیول تک لیگی عہدیداران اور کارکنان بھی اپنا عملی کردار ادا کریں گے ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے اپنی تمام ترصلاحیتوں کے ساتھ تیاریاں مکمل کرلی ہیں انشاء اللہ پچھلے سالوں سے بھی بہتر سروس مہیا کرینگے مختلف جگہوں پر شکایت سیل قائم کر دیئے گئے ہیں اور لوگوں کی سہولت کیلئے سینٹری انسپکٹر اور شکایت سیل کے نمبروں کی تشہیر بینرز کے زریعے کی جائے گی جن پر قربانی کے جانوروں کی الائشیں سٹرکوں پر نہ پھینکنے کی ہدایات کی جائیگی کسی بھی جگہ گندگی کی فوری طور پر اُٹھانے کیلئے یونین کونسل لیول تک پرائیویٹ پک اب بھی چلائی جائینگی۔DCOوکمشنر گوجرانوالہ از خود سارے پلان کی نگرانی فرما رہے ہیں صبح سویرے تمام مساجد کے راستوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا عید کے موقع پر عوام الناس کی سہولتوں اور خدمت کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ خود بھی اس سلسلہ میں انتظامیہ سے تعاون کریں
تاکہ اپنے شہر کو صاف ستھرا شہر بنایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طالبان سے مذاکرات مسلم لیگ ن کی اوّلین ترجیح ہیں:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات مسلم لیگ ن کی اوّلین ترجیح ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ میں ڈرون حملوں اور دہشت گردی کے خاتمہ اقتصادی شعبہ میں مزید تعاون بڑھانے پر بات چیت ایجنڈے کا حصہ ہو گی۔ نوازشریف کے دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے کہ امریکہ کو بالآخر ڈرون حملے بند کرنا پڑیں گے۔ بھارت سرحدی خلاف ورزیاں اور اس کے حکمران غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے تو علاقے میں امن قائم نہیں ہو گا پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں، بھارت کو کشمیر کا مسئلہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر مل کر حل کرنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بے سہا رابچے بچیو ں کی فلا ح و بہبود کیلئے عوام قربانی کی کھا لیں جما عت اسلامی کو دیں !میاں مقصوداحمد
لاہور(جی پی آئی ) امیر جما عت اسلامی لاہور میاں مقصوداحمد نے لاہور کے شہریو ں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الا ضحٰی کے مو قع پر قر بانی کی کھا لیں جما عت اسلامی کو دیں ،انہو ں نے کہا کہ ان کھالو ں کی فروخت سے حا صل شدہ رقم غربا ء ،یتیمو ں ،بیوائو ں ،بے سہا را بچے بچیو ں اور فری تعلیمی اداروں اور فری ڈسپنسریا ں پر استعما ل کی جا ئے گی ۔میاں مقصوداحمد نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور کے کا رکنا ن گھر گھر گلی گلی جا کر کھا لیں جمع کر یں گے اوراس سلسلہ میں لا ہو ر میں 500 سے زائد علا قوں میں قربانی کی کھا لیں جمع کر نے کے لیے کیمپ لگا ئے گی ،یہ کیمپ تین دن تک قائم
رہیں گے ۔میاں مقصود احمد نے کہا کہ بدترین مہنگائی کے دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مخیر حضرات عید الضحٰی پر اپنے غریب اور بے کس بھائیو ں کو یا د رکھیں اور ان کی دل کھو ل کر مد د کر یں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرے گی :ثمینہ خالد گھرکی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرے گی پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے انتخابات کے بائیکاٹ سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی آبیاری عظیم قائدین کی قربانی دے کر کی ہے انہوں نے کہا کہ غیر جماعتی الیکشن کروانا میثاق جمہوریت سے انحراف ہے، جس ثابت ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن پر ابھی بھی آمرانہ عنصر پایا جا تا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت بلدیاتی الیکشن غیر جماعتی کروانے پر اپنی توانائیاں صرف کر رہی ہے۔ جبکہ اس وقت ملکی حالات کے پیش نظر موجودہ حکمرانوں کی ترجیحات میں دہشت گردی کو پہلے نمبر پر ہونا چاہیے تھا ، بلدیاتی حلقہ بندیوں جمہوریت کی بنیادی روح کے خلاف اور پری پول رکنگ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عید الضحیٰ کے آتے اشیاء خوردونوش اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کے قریب آتے ہی اشیاء خوردونوش اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ ہوگیاہے۔مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ عوام کو سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ منڈیاںجانوروںسے بھری پڑی ہیں مگر خریداروں سے محروم ہیں۔ حکومت نے
چارماہ میں ہی عوام کے سامنے مہنگائی کے پہاڑ کھڑے کردیے ہیں۔اس پر مستزاد حکومتی وزراء کی جانب سے کڑوی گولی کھانے کے مفت مشورے دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان اور مستقبل سے مایوس ہوچکا ہے۔ناجائز منافع خوری نے رہی سہی کسر کو پورا کردیاہے۔18کروڑ عوام کی70فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے انہیں دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور نجی شعبہ کی سرمایہ کاری جمود کا شکار ہے۔توانائی کے بحران اور نام نہاد دہشت گردی کی جنگ میں خودکو جھونکنے کے باعث غیرملکی سرمایہ کار پاکستان نہیں آئے بلکہ ملکی سرمایہ کار بھی بیرون ملک رخ کررہے ہیں۔حکمران غیر ملکی سرمایہ کاروں کو وطن عزیز میں سرمایہ کاری کی رغبت دلارہے ہیںمگر درحقیقت وہ تاحال مقامی سرمایہ کاروں کو ہی قائل نہیں کرسکے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کی جی حضوری میںسابقہ تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔40سے زائد اشیاء پر جی ایس ٹی میں مزید دوفیصد اضافہ کرکے مہنگائی کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں صرف ستمبر کے مہینے میں08.8فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔حکمرانوں اپنی روش نہ بدلی تو عوام سول نافرمانی کی تحریک شروع کردیں گے۔قرضے حاصل کرنے کے لئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی سخت شرائط پر عملدرآمدکیاگیا اور اب ان کی ادائیگی کے لئے عوام پر مزید ٹیکس لگائے جارہے ہیں جوکہ سمجھ سے بالاتر ہے۔حکمران اور اشرافیہ دوسرے ممالک سے اپناسرمایہ پاکستان لے آئیں،اللوںتللوں پرقابوپالیں اور حضرت عمرجیساطرزحکمرانی اختیار کرلیں توہمیں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حج اور قربانی کی اصل روح سپردگی اور اللہ کی غیرمشروط اطاعت ہے .رخسانہ جبین
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رخسانہ جبین نے حج و عید الاضحی کے موقعے پر اپنے ایک پیغام میں کہاکہ حج اور قربانی کی اصل روح سپردگی اور اللہ کی غیرمشروط اطاعت ہے، دین توحید کے تقاضے پورے کرنے کے لئے جس محنت،ایثار اور قربانی کی ضرورت ہے وہ اسوہء ابراہیمی میں موجود ہے انہوں نے کہا کہ حج رنگ،نسل،مسلک وقومیتوںکی تفریق کو مٹاکروحدت امت کاعالمگیرسبق دیتاہے تقویٰ اورپاکیزگی کے عالی شان جذبوںکے ساتھ مسلمانوں کے اتنے بڑے اجتماع کی مثال دنیا میں کہیں اورنہیں ملتی اگر امت حج کی اس جامع تربیت گاہ سے شعوری فائدہ اٹھالے تو امت کی محکومیت غلبے میں بدل سکتی ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حج و قربانی کے عالمگیر اورآفاقی پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا جائے ڈاکٹر رخسانہ جبین نے مزید کہا کہ تمام عبادات اور قربانیاںرجوع الیٰ اللہ کی تڑپ کے بغیر بے روح ہیں مسلمان کی زندگی کی اصل اللہ کی اطاعت اور زندگی کا مقصد اللہ کی رضا کا حصول ہے ڈاکٹر رخسانہ جبین نے کہاکہ ہمارے لئے حج اور قربانی کی عبادات اﷲکی رسی کوعزم و شعور کے ساتھ تھا منے کا نادر موقع فراہم کرتی ہیںضرورت اس امر کی ہے کہ حج وقربانی کی روح کو سمجھتے ہو ئے ایک نئے دور کا آغاز کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ حج وعید الاضحی کا پیغام بھی یہی ہے کہ مسلمان کی زندگی کا منتہائے مقصودصرف اللہ کی ذات ہو اورمسلمان کے ہر عمل اور معاملات،محبتوں اور رجحانات کا رخ اللہ کی طرف ہو رخسانہ جبین نے خصوصی درخواست کی کہ قوم عید کی خوشیوں میں زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات سے متاثرہ نادار و مجبورہم وطنوں کو یاد رکھے اوراپنی قربانیوں میں انکا حصہ بھی شامل کرے ، اللہ کے حضور دعائیں مانگے کہ وہ آسمانی اور زمینی آفتوں سے اپنی پناہ میں لے لے اور ہمارے سروں پر منڈلاتے ہوئے عذاب ٹال دے اور حکمرانوں سمیت پوری قوم کو ہدایت اور شعور کی نعمت عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض دینے کے لئے پنجاب روزگار بنک کا منصوبہ بنایا ہے،شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکے درمیان آج ملاقات ہوئیـملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی اورصوبہ پنجاب میں عوام کے لئے شروع کئے جانے والے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیاـ وزیر اعلی نے گورنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہےـبلوچستان کے زلزلہ زدگان کی امداد اور بحالی کے لئے پنجاب کے عوام اور مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں ـپنجاب حکومت متاثرہ بلوچ بہن بھائیوں کی بحالی تک امداد جاری رکھے گیـ صوبے میں مختلف ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض دینے کے لئے پنجاب روزگار بنک کا منصوبہ بنایا ہےـ توانائی کی قلت سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں صوبائی حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کو بائیو گیس کے ٹیوب ویل لگانے کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہےـانہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کے لئے آگے بڑھ رہا ہے ـ وسائل قوم کی امانت ہیں جنہیں شفاف طریقے سے عوام پر خرچ کررہے ہیں ـ اس موقع پر گورنر چوہدری محمد سرور نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی عوام دوست پالیسیاں صوبے میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے:یاسر گیلانی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے نائب صدر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے۔ حکومت کی آمرانہ پالیسیوں کے خلاف تحریک انصاف بھرپور احتجاجی تحریک چلا ئے گی۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے نام پر13 ارب روپے مختص کر دئیے گئے تاکہ بلدیا تی الیکشن میں حصہ لینے والے متوقع امیدوار ترقیاتی کام کروا سکیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہ انہوں نے کہا کہ عوام بلدیاتی انتخاب میں ان پر بھروسہ نہیں کرینگے کیونکہ حکومت عوامی نمائندگی کی بجائے آئی ایم ایف کی نمائندہ بن کر سامنے آئی ہے اس ایجنڈے کے تحت عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن کی ناقص کارکردگی کی بدولت پی پی 72 میں پاکستان تحریک انصاف کامیابی سے سرخرو ہوئی۔ مسلم لیگ ن نے بر سر اقتدار آتے ہی عوام کا استحصال کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلی کارجوعہ اور چنیوٹ میں خام لوہے کے منصوبوں پر پیش رفت نہ ہونے کا سخت نوٹس،ذمہ دار افسروں کے خلاف کارروائی حکم
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رجوعہ اور چنیوٹ میں پائے جانے والے معدنی وسائل اور خام لوہے کے ذخائر کی تلاش کے منصوبوں پر پیش رفت نہ ہونے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے محکمہ معدنیات اور پنجاب منرل کمپنی کی ناقص کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ان منصوبوں میں غیر معمولی تاخیر اور سرکاری فرائض میں غفلت کے مرتکب ذمہ دار افسران کے خلاف فی الفور کارروائی کا حکم دیا ہے ـ وزیر اعلی نے کہا کہ سرکاری فرائض میں غفلت ، نا اہلی اوردونوں منصوبوں پر سست روی کا مظاہرہ کرنے والے تمام سابقہ اور موجودہ متعلقہ افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ـ انہوںنے اس امر پر ا افسوس کا اظہار کیا کہ واضح ہدایات کے باوجود دونوں منصوبوں پر کوئی پیش رفت نہیں کی گئی اور منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے کام میں تاخیری حربوں سے غیرضروری رکاوٹ ڈال کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا جو قوم کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہےـ اس صورتحال کی تمام تر ذمہ داری محکمہ معدنیات کے افسران پر عائد ہوتی ہے جن کی عدم دلچسپی اور نااہلی کی بنا پر رجوعہ اور چنیوٹ میں پائے جانے والے معدنی وسائل اور خام لوہے کے ذخائر کے بارے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض اور ذمہ داریوں میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ محکمہ معدنیات کے اہم عہدوں پر تعینات افسران ان منصوبوں کو آگے بڑھانے کی اہلیت نہیں رکھتے اور یہ اپنے عہدوں پر رہنے کے اہل نہیں ہیںـوزیر اعلی نے ہدایت کی کہ قومی نوعیت کے اہم منصوبوں پر تیزترپیش رفت کے لئے معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند سے مشاورت کی جائے اور محکمہ معدنیات اور پنجاب منرل کمپنی کے اہم عہدوں کیلئے قابل، محنتی اور ملک کی تعمیر و ترقی کے جذبے سے سرشار افسران کی خدمات حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن ان اہم منصوبوں میں غفلت اور غیر ذمہ داری برتنے والوں کا تعین اور وجوہات کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کریںـدریں اثناوزیراعلی نے معدنی وسائل کی تلاش بالخصوص رجوعہ اور چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی وزیر توانائی چودھری شیر علی خان،چیف سیکرٹری ، سیکرٹری معدنیات، متعلقہ حکام کے علاوہ معروف سائنسدان ڈاکٹر ثمرمبارک مند نے وزیراعلیٰ کی درخواست پر خصوصی طو رپر شرکت کیـوزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی مشاورت سے معدنی وسائل کی تلاش اور ان سے استفادہ کرنے کے لئے محنتی، قابل اور قومی خدمت کے جذبے سے سرشار انجینئرز ، جیالوجسٹ اور دیگرماہرین کو محکمہ میں شامل کیا جائے تاکہ معدنی دولت کو استعمال میں لاکر غربت اور بے روز گاری میں کمی لائی جا سکےـ انہوں نے کہاکہ ایک طرف ملک کو غربت او ربے روزگاری کے مسائل کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب قدرت کی عطاء کردہ بیش بہا وسائل سے کما حقہ استفادہ نہیں کیا جا سکاـاس میں کسی او رکی نہیں صرف اور صرف متعلقہ محکمے کی غفلت اور نا اہلی شامل ہےـانہوں نے کہا کہ اربوں ڈالر مالیت کی معدنیات کے ذخائر مختلف مقامات پر موجود ہیں لیکن ان کی کھوج کے کام میں نیک نیتی کا مظاہرہ نہیں کیا گیاـ ماضی میں ایسے افراد کو دونوں منصوبوں کی ذمہ داری سونپی گئی جنہوں نے لوٹ کھسوٹ کے سواکچھ نہیں کیاـ انہوں نے محکمہ معدنیات کی کارکردگی پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ برسوں میں جو نقصان ہوا،اس کی تلافی کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا اورمحنتی اورقابل افسران کی خدمات حاصل کرنا ہوں گیـ انہوںکہاکہ رجوعہ اور چنیوٹ میںخام لوہے کے ذخائر کی تلاش (Explore) کیلئے قانونی ضابطہ کار پر عمل کرتے ہوئے بین الاقوامی کمپنیو ںکی خدمات حاصل کرکے شفاف طریقے سے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائےـ قبل ازیں سیکرٹری معدنیات ڈاکٹر ارشد محمود نے رجوعہ او رچنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر کی تلاش کے حوالے سے بریفنگ دی اور گزشتہ معاملات کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جنوبی پنجاب میں داخلوں سے محروم بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل،سردار وقاص حسن موکل اور باسمہ ریاض چوہدری نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی NER رپورٹ2011 ء کا حوالہ دیتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی ہے کہ جنوبی پنجاب کے 15 ۔اضلاع کے سرکاری سکولوں کو نظر انداز کیے جانے کے باعث وہاں شرح داخلہ ،ڈراپ آئوٹ ریٹ اور شرح خواندگی میں کمی آئی ہے ،انہوں نے سرکاری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پرائمری سے سیکنڈری تک داخلوں سے محروم رہ جانے یا سکول چھوڑ جانے والے بچوں کی تعداد صوبہ کے دیگر تمام حصوں سے خطر ناک حد تک زیادہ ہے ،انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق جنوبی پنجاب میں پرائمری کلاس میں 30 فیصد ، مڈل کلاس میں 63 فیصد اور سیکنڈری تک 70 فیصد بچے سکول میں داخل ہی نہیں ہوتے ، تحریک میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب میں پرائمری سطح پر 70 فیصد انرولمنٹ کا دعویٰ کرتی ہے مگر یہ 70 فیصد مڈل کلاس تک آتے آتے 37 فیصد اور سیکنڈری تک آتے آتے 25 فیصد رہ جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار سکول چھوڑجانے یا داخل نہ ہونے کی وجوہات میں کسی ایجوکیشن پالیسی کا نہ ہونا اساتذہ کی کمی ، بنیادی سہولتوں کا فقدان ، اور ناقص تعلیمی معیاراور اساتذہ کا معاشی مسائل و محکمانہ نامناسب طرز عمل کا شکار ہونا سرفہرست مسائل ہیں ، جن کی طرف 2008 ء کے بعد سنجیدہ توجہ نہیں دی گئی ، ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ سکول ایجوکیشن کی رپورٹ میں یہ اعتراف کیا گیا ہے کہ ، جنوبی پنجاب کے 11 ۔ اضلاع جن میں بھکر ، بہاولنگر ، بہاولپور ، جھنگ ، وہاڑی ، لودھراں ، ملتان ، راجن پور ، ڈی جی خان ، مظفر گڑھ ، رحیم یارخان شامل ہیں ، یہاں شرح داخلہ ، صوبائی معیار کے مقابلہ میں کہیں کم ہے ،ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے شرح داخلہ میں اضافہ اور ڈراپ آئوٹ ریٹ روکنے کے لیے پڑھا لکھا پنجاب پروگرام کے تحت متعدد اہم فیصلے کیے تھے ، جس کی وجہ سے کوئی ایمر جنسی نافذ کیے بغیر شرح داخلہ میں اضافہ ہوا اور ڈراپ آئوٹ ریٹ میں حیرت انگیز کمی آئی مگر افسوس موجودہ حکومت نے چوہدری پرویز الہٰی کا ایجو کیشن ریفارمز پروگرام روک کر ہمارے بچوں کا تعلیمی مستقبل مخدوش کر دیا ،انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے جنوبی پنجاب کے 15 پسماندہ اضلاع میں سکول میں 80 فیصد حاضری پر بچیوں کو 2 سو روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان کیا جس کے نتیجے میں 11 لاکھ سکول نہ جانے والی بچیاں بخوشی سکولوں میں داخل ہوئیں ، اسی طرح مفت کتابیں ، مفت تعلیم کی سہولت دے کر انہیں سکولوں میں لایا گیایہی وجہ ہے چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں شرح خواندگی 5 سالوں میں 47 فیصد سے بڑھ کر 62 فیصد ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کی موجودہ حکومت نے قیمتی 5 سال نمائشی اور فرمائشی سکیموں میں ضائع کر دیے اور نتیجہ سب کے سامنے ہے کہ والدین کا سرکاری سکولوں سے اعتماد ہی ختم ہو گیا ہے ، وزیر تعلیم کے 100 فیصد انرولمنٹ کے دعوے محض عالمی اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہیں سرکاری سکولوں میں مطلوبہ تدریسی سہولتیں ہی موجود نہیں کہ داخل ہونے والے بچے سہولت کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں ،اراکین اسمبلی نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی NER رپورٹ پر پنجاب اسمبلی میں بحث کروانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔