اضلاع کی خبریں 15.08.2013

فیروز والہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)فیروز والہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 19 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 8کلو چرس، 2کلو ہیروئن، شراب کی 3چالو بھٹیاں، 400 لیٹر شراب اور 8ڈرم لاہن برآمد کرلی۔تین روز تک جاری اس آپریشن کی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) محمد عطا اور ایس پی سول لائنز شعیب خرم جانباز نے کی ۔ سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ راجہ رفعت مختار نے بتایا کہ فیروز والہ کے علاقے میں منشیات فروشی کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر وہاں سپیشل آپریشن کرایا گیا۔ گرفتار ملزمان میں رحمت علی اور اسکے 2بیٹے بھی شامل ہیں ۔ رحمت علی کے قبضے سے ڈیڈھ کلو چرس، اسکے بیٹے عباس کے قبضے سے ایک کلو 800گرام ہیروئن، صدام کے قبضے سے ڈیڈھ کلو چرس بمعہ پسٹل جبکہ تینوں سے وٹک کی رقم مجموعی طور پر 2لاکھ روپیہ بھی برآمد کی گئی۔ اسکے علاوہ شراب کشید کی 3نجی فیکٹریاں پکڑی گئیں جن میں وڈالہ سندھواں میں سردار ولد احمد دین اور عمران مشتاق کے قبضے سے 200لیٹر تیار شدہ شراب اور 2ڈرام لاہن، موضع گگڑکے میں پطرس ولد صادق کی فیکٹری سے 110بوتل شراب اور 2 ڈرم لاہن اور نتھوکے سندھواں میں افضال ولد طفیل، شہبازولد غلام حیدر کی فیکٹری سے 110لیٹر شراب اور 10ڈرم لاہن برآمد کی گئی۔ شہباز ولد رحمت کے قبضے سے ایک کلو 10گرام چرس، اشرف کے قبضے سے 13بوتل شراب، شکیل کے قبضے سے 21بوتل، نوید کے قبضے سے 12بوتل، عمران کے قبضے سے 3بوتل، عمران نزیر کے قبضے سے 10بوتل، عمران منیر کے قبضے سے 11بوتل شراب،فلک شیر کے قبضے سے 210گرام چرس، افضل کے قبضے سے 200گرام چرس، یوسف صدیق کے قبضے سے 237گرام چرس، ظہیر عباس کے قبضے سے 5لیٹر شراب، زریاب ریاض کے قبضے سے 11لیٹر شراب، حسن حمید کے قبضے سے 2لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ سی پی او گوجرانوالہ راجہ رفعت مختار نے منشیات فروشوں کے خلاف اس کامیاب آپریشن پر ایس ایچ او فیروزوالہ مرزا محمد زمان اور انکی ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہمیں آپس میں اتحاد پیدا کر کے اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا :قومی امن کمیٹی
گوجرانوالہ(جی پی آئی) ہمیں آپس میں اتحاد پیدا کر کے اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا ہمیں چاہیے کہ ہم آپس میں ہم آہنگی پیدا کر کے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے عہدیدران نے یوم آزادی کے سلسلہ میں منقعدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حاجی مدثر سلیم ،ڈاکٹر انور سلیم ، سید صادق علی شاہ ،علامہ سبطن حسن شاہ ،حافظ عادل گیلانی ،سید مہیل رضا عابدی ،عبدالرحیم سرہندی ،جاوید بٹ،تنویر خان،فیاض احمد،نور احمدکھوکھر و دیگر اراکین موجود تھے اس موقع پر اراکین نے یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹا اور ملک کی سا لمیت کے لیے دعا کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یوم آزادی شہدا ء تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کانشانہ بننے والے ہم وطنوں کو خراج عقیدت کادن ہے:غلام دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما وسابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ یوم آزادی شہدا ء تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کانشانہ بننے والے ہم وطنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کادن ہے،آزادی کی حفاظت کے لئے جان کا نذرانہ مسلمانوں کے لئے معمولی قربانی ہے بھارت اپنی سرحدوں کی حفاظت کی ناکامی کو ہمارے کھاتے میں ڈالنے کی بجائے اپنی سیکیورٹی اداروں سے باز پرس کرے، نواز شریف کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے والے سخت غلطی پر ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت دہشت گردوں کا قلع قمع کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں ان لاکھوں شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جنہوں نے آزادوطن کے لئے اپنی جان قربان کردی اورجن پاکستانیوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا جو معصوم اور بے گناہ انسان دہشت گردوں کا نشانہ بن گئے ہمیں آج انہیں بھی یاد رکھنا ہے بلا شبہ اپنی آزادی کی حفاظت کے لئے جان کا نذرانہ مسلمان کے لئے معمولی قربانی ہے،آج بھی اگر ضرورت پڑی تو پاکستانی قوم میں اتنا دم خم موجود ہے کہ وہ دشمن کے دانت کھٹے کر سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے انتخابات میں کامیابی کے لئے سرحدی کشیدگی کا ڈھونگ رچایا ہے،بھارت اپنی سرحدوں کی حفاظت میں ناکامی کو ہمارے کھاتے میں ڈالنے کی بجائے اپنے سیکیورٹی اداروں کو اس قابل بنائے کہ وہ اسکی سرحدوں کی حفاظت کر سکیں،نواز شریف کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنا بہت بڑی حماقت ہوگی،مسلم لیگ ن کی حکومت دہشت گردی کے خلاف سینہ تان کرسیکیورٹی پالیسی ترتیب دے رہی ہے اور ہم آخری دہشت گرد کو ختم کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے،اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی حاجی عبدالرئوف مغل،توفیق احمد بٹ،سیدہ شاہین اشفاق،ایم ایس ڈاکٹر انور امان،اخلاق احمد بٹ ،عامر اکرام بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)نے جشنِ یومِ آزادی بھر پور ملی و قومی جذبے سے منایا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)نے جشنِ یومِ آزادی بھر پور ملی و قومی جذبے سے منایا۔اس موقع پر گیپکو ہیڈکوارٹرز آفس میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گیپکو کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورسز اینڈ ایڈمنسٹریشن سیّد اعجاز احمدنے پرچم کشائی کی رسم ادا کی اس موقع پر انہوں نے کہاکہ آج کا دن تاریخ عالم میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔اس دن دنیا کے نقشہ پر ایک بہت بڑے اسلامی ملک کا قیام عمل میں آیا ۔ہمارے آبائو اجداد نے اپنی جانوں اور مال و متاع کی لازوال قربانیاں پیش کر کے یہ مملکتِ خدا داد حاصل کی۔اب یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اسے اقبال کے خوابوں کی تعبیر کا عملی نمونہ بنا دیں ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لیگل محمد صدیق ملک ،ڈپٹی مینجر (سول) محمد افضل مُغل ،ایڈیشنل ڈپٹی مینجرایڈمن طارق محمود زاہد، ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشنز محمد جہانگیر رانا، ،اسسٹنٹ مینجر سول محمد شبیر،سرویریئر محمد منیر،سیکورٹی انسپکٹر عطاء محی الدین، پبلک ریلیشنز اسسٹنٹ محمد عامر،فوٹو گرافر محمد وکیل ،ایل ایس میاں عمران،محمد احد، محمد زاہد محبوب ، عبدالستار سمیت دیگرافسران و ملازمین نے بھی شرکت کی۔تقریب میں سابق فوجی جوانوں پر مشتمل گیپکو سیکورٹی سٹاف کے چا ق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی اور پریڈکی۔اس موقع پر تقریب کے شرکاء اور بچوں میں مٹھائیاں اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔گیپکو کے دیگر فیلڈ دفاتر اور گیپکو گرائمر سکول میں بھی جشنِ آزادی کی رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں ننھے مُنھے بچوں نے ملی ترانے ،ٹیبلو اور خاکے پیش کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کی بقا اور استحکام اسلامی نظام میں ہی پوشیدہ ہے’پروفیسر سعید کلیروی،مولانا صادق عتیق
گوجرانوالہ(جی پی آئی)قیام پاکستان کے لئے ہمارے اسلاف نے بے پناہ مالی و جانی قربانیاں دی ہیں، آج پاکستان بچانے کے لئے ہم بھی اپنے اسلاف کے نقش قد م پر چلنے کا عزم کرتے ہیں، وطن عزیز کے لئے ہمارا مال و جان حاضر ہے، ہماری سیاست کے دو ہی محور ہیں ایک ہمارا دین اسلام اور دوسرا ہمارا ملک پاکستان۔ ان دونوں کے لئے جان و مال ، آل و اولاد کی قربانی دینا ہمارا فخر ہے،ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام14اگست کو منعقدہ”تجدید عزم سیمینار سے مختلف مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت امیر سٹی پروفیسر قاری محمد سعید کلیروی نے کی جبکہ بزرگ عالم دین مولانا محمد صادق عتیق مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے پروفیسر سعید کلیروی نے کہا کہ پاکستان کا استحکام صرف اور صرف نفاذ اسلام سے وابستہ ہے، اسلام کو چھوڑ کر کب تک ہم ذلیل و رسوا ہو نگے، ہمیں آخر کار اسلام کی طرف آنا ہوگا تو پھر اس سفر کو مختصر کیوں نہ کیا جائے اور آج کے دن سے اس بات کا عزم کیا جائے کہ ہم اسلام کو بطور ضابطہ حیات اس ملک میں نافذ کریں گے۔ مولانا محمد صادق عتیق نے قیام پاکستان کے حوالے سے اپنے اسلاف کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندو بنیا کسی بھی صورت میں ایک اسلامی ملک کو برداشت نہیں کر سکتا، اس نے آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ہمیں خودی و غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوا مخواہ ان کے آگے نہیں جھکنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کی راہنمائی یہی ہے کہ اگر کفار صلح کی بھیک مانگیں تو ان سے صلح کر لو، ورنہ ان سے جنگ تو جاری ہے۔ناظم اعلیٰ سٹی صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف نے تجدید عزم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لامحدود داخلی اور خارجی چیلنجز اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ قوم اسلام کی بنیاد پر متحد ہو جائے، لسانی و صوبائی، مسلکی اور سیاسی فرقہ واریت نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں ہمارا پیغام ہے کہ آئو قرآن و حدیث کی بنیاد پر ہم متحد ہو جائیں۔ سیمینار سے مولانا محمد عارف اثری، مولانامحمد ابرار ظہیر، مولانا حجاج اللہ صمدانی ،مولانا عطاء الرحمان اعظم، مولانا فاروق عاصم، مولانا ڈاکٹر نصر اللہ خاں مظفر،حافظ عثمان اسحاق،مولانا امتیاز محمدی،مولانا یحیٰ گرجاکھی، عبد الرحمان عظیم، مولانا قاری ابوبکر عثمانی، عبد السلام مغل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔سیمینار میں ایک قرار داد کے ذریعے کنڑول لاین اور ورکنگ بائنڈری پر بھارت کی طرف سے جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور بھارتی حکومت کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان کی مذاکرات کی دعوت کو مسترد کرنے کو بھی بھارت کی امن دشمنی سے تعبیر کیا گیا۔ ایک قرارداد میں نام نہاد دہشت گردی کی جنگ کا ایندھن بننے والے معصوم پاکستانیوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بے روز گار نوجوان تحریک کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)بے روز گار نوجوان تحریک کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع تھا جب تک جنتا بھوکی ہے یہ آزادی جھوٹی ہے بے روز گار تحریک کے راہنما مرزا علی بیگ نے کہا کہ بے روز گاری کی وجہ سے نوجوان شدید پریشانی کا شکار ہیں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بڑھتی ہوئی فیسوں کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ بااثر افراد نے تعلیم کو ایک کاروبار کی شکل دے دی ہے جبکہ دوسری طرف نوجوانوں سے روزگار کے مواقع ہی چھین لئے گئے ہیں زاہد بریاد، رانا اویس، حنان پال، صبغت اللہ وائیں نے کہا کہ معیاری تعلیم طلباء کا بنیادی حق اور تعلیم کو ہر سطح پر مفت کیا جائے مقررین نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت سے پید ا ہونے والے مسائل پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ بالادست اور سرمایہ دار طبقات نے غربت عوام سے ان کی خوشیاں چھین لی ہیں اور اب غریب عوام سرمایہ داروں کی قید میں ہیں ہمیں ملکر جدوجہد کے زریعہ ایسے طبقات سے آزادی حاصل کرنا ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وطن کی سلامتی اور بقاء کیلئے پوری قوم متحد ہے وطن پر آنچ نہیں آنے دینگے :عذرا صابر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کی راہنما اور رکن صوبائی اسمبلی عذرا صابر خان نے کہا ہے کہ وطن کی سلامتی اور بقاء کیلئے پوری قوم متحد ہے وطن پر آنچ نہیں آنے دینگے حکومت جارحیت کا منہ توڑ جواب دیگی ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنی رہائشی گاہ پر یوم آزادی کی تقریب میں کیک کاٹنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شازیہ اشفاق اور دیگر خواتین عہدیدار بھی موجودتھیں اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور وطن کی سلامتی اور بقاء کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی عذرا صابر خان نے کہا کہ اس وقت حکومت مضبوط ہاتھوں میں ہے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا حکومت قائد کے افکار کے مطابق دہشت گردی ، لاقانونیت کے خاتمہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
PTIکی رہنما فضہ ذیشان کی جانب سے بحریہ ٹاون میں پاکستان کے 67ویں یوم آزادی کے مو قعہ پر تقر یب کا انعقاد کیا گیا
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحر یک انصاف کی سینئر رہنما فضہ ذیشان کی جانب سے بحریہ ٹاون میں پاکستان کے 67ویں یوم آزادی کے مو قعہ پر تقر یب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضمنی الیکشن میںحلقہ پی پی161 سے اُمیدوارخالدمحمود گجر ،فائزہ خان،کرن سیف ،معصوم ،اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شر کت کی اس مو قعہ پر تحر یک انصاف کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کو بنایا تھا اُس کا جذ بہ آج بھی عوام کے دلوں میں قائم ہے مگر بے قسمتی سے مفاد پر ست حکمرانوں نے عوام کے جذ باتوں کو ہمیشہ اپنے ذاتی فائد ے کے لئے استعمال کیا ہے اور قائد تحر یک عمران خان ہی واحد لیڈر ہے جو قائداعظم کے پاکستان کو دوبارہ قائم کر ینگے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر ینگے انہوں نے کہا کہ پاکستان بنا نے میںقائداعظم محمد علی جناح ، محمد علامہ اقبال کی محنت ،خلوص، قوم کے لئے جذبہ اور جو قر بانیاں جن خاندانوں نے دی ہیں اور قوم کے بیٹے ،بیٹیاں شہید ہو ئے ہیں اُن کو پوری پاکستانی قوم سلام پیش کر تی ہے کیو نکہ اُن قر بانیوں اور پاکستان کے ساتھ محبت نے ہمیں یہ پاکستان دیا ہے جس کا ہمیں فخر ہے اور پوری قوم اب تبدیلی کو سمجھ گئے ہیں اور اب تبدیلی آکر ہی رہے گی اس مو قعہ پر سینکڑوں افراد نے پاکستان کے پر چم اُٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ آباد کے نعر ے بھی گو نجتے رہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی شہبازشریف کا پرچم کشائی کی تقریب میں ملکی حالات کا انتہائی جامع انداز میں احاطہ،حاضرین کی بھرپورتحسین
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے دوران ملکی حالات کا انتہائی جامع انداز میں موثر دلائل کے ساتھ احاطہ کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز کو معرض وجود میںآنے کے 66سال گزرنے کے باوجود بھی ہم الگ ملک حاصل کرنے کے حقیقی مقاصد حاصل نہیں کر سکے ،آج بھی غریب کا پاکستان او رہے اورامیر کا پاکستان اور ـایٹمی قوت ہونے کے باوجود کشکول اٹھائے پھرتے ہیں ،دہشت گردی نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں ۔پشاور سے کراچی تک خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہےـ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ناخن کے ہوش لیں اور جس طرح ہم نے متحد ہو کر ایٹمی طاقت کا مقام حاصل کیا ،اسی طرح پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو اور ملک میں لگی بدامنی کی آگ کو ٹھنڈا کرےـ اس ضمن میں تمام اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا ـ اگر ہم نے اقوام عالم میں باوقا ر قوم کا مقام حاصل کرنا ہے تو ہمیں اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہو گا کیونکہ معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی ناممکن ہےـ غیروں کی بھیک سے ہر حال میں چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ کے رہنما ملک احسان گنجیال کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹا گیا
لاہور (جی پی آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صدر اے آڑ ڈی کسان کمیٹی ملک احسان گنجیال کے زیر اہتمام پی پی 153 لاہور میں وطن عزیز پاکستان 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور مقامی لوگوں اور مسلم لیگی کارکنوں کو حلوہ پوری سے ناشتہ کروایا گیا ناشتہ تقسیم کرنے سے قبل پاکستان کی سلامتی خوشحالی ،ترقی اور جمہوریت کی بحالی اور میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی صحت و حکومت کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی تقریب میں فرسٹ ایڈ جنرل پریکٹیشنرز پنجاب کے صدر لیگی رہنما ڈاکٹر ندیم اشرف ۔ لیگی رہنما فریاد گجر ، ڈاکٹر طارق محمود گجراتی ،محمد سلیم رضا ،میو برادری کے رہنما ڈاکٹر ارشد میو ، معروف ماہر قانون اعجاز وارثی ایڈووکیٹ سمیت مقامی مسلم لیگی ،سماجی ،مذہبی رہنمائوکی کثیر تعداد نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے مسلم لیگ ن کے رہنما سابق صدر اے آڑ ڈی کسان کمیٹی ملک احسان گنجیال فرسٹ ایڈ جنرل پریکٹیشنرز پنجاب کے صدر لیگی رہنما ڈاکٹر ندیم اشرف، معروف ماہر قانون اعجاز وارثی ایڈووکیٹنے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ یہ آزادی ہمیں چاندی کی طشتری میں رکھ کر پیش نہیں کی گئی بلکہ مادر وطن کے حصول کے لئے ہم نے اپنی جان و مال، عزت و آبرو کا نذرانہ پیش کیا اس لئے آزادی کی نعمت کے تحفظ کے لئے ہمیں ہر مرحلے پر مسلسل جدوجہد کرنی چاہئے ہم ان حالات میں یوم آزادی منارہے ہیں کہ جب ملک کا کوئی گوشہ دہشت گردی سے محفوظ نہیں قومی معیشت تباہی سے ہمکنار ہوچکی ہے بے روزگاری بڑھ رہی ہے بعض پاکستانی صنعتکاروں نے بھی صنعتیں سمیٹ کر بیرون ملک سرمایہ کاری شروع کر رکھی ہے غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات مخدوش ہیں توانائی کے بحران نے تجارتی اور صنعتی زندگی پر بے پناہ ضرب لگائی ہے عالمی منڈی میں روپے کی قیمت مسلسل گر رہی ہے اور اس ابتری کے باوجود ہمارے سیاستدان آپس میں ایک دوسرے سے برسر پیکار ہیں انہیں حالات کی سنگینی کا ادراک ہی نہیں جبکہ دوسری طرف سرحدوں پر بھی ہمارے ہمسائے نے کشیدگی کا آغاز کر دیاہے جس ملک کی معیشت اورداخلی صورتحال ایسی ہو جیسی آج وطن عزیز کی ہے اس کے دشمن بھی اسے اپنے لئے ترنوالہ سمجھنے لگے ہیں اور ان کی چھیڑ چھاڑ شروع ہوجاتی ہے سب سے بڑی حقیقت یہی ہے کہ کمزوری جارحیت کو دعوت دیتی ہے مضبوط معیشت کے بغیر مضبوط دفاع ممکن نہیں ہے سوویت یونین کے ابترمعاشی حالات نے اسے تحلیل کر دیا اور اس کی ایٹمی صلاحیت اسے متحد نہ رکھ سکی یہ وقت جماعتی مفادات کے لئے ایک دوسرے کوزیر کرنے کا نہیں بلکہ ان دشمنوں کو زیر کرنے کا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی محمد شہبازشریف کا یوم آزادی کے موقع پریونیورسل پرائمری انرولمنٹ کے لئے ایمرجنسی مہم کا افتتاح
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے 67ویں یوم آزادی کے موقع پر ایوان اقبال میں پرچم کشائی کی تقریب کے دوران یونیورسل پرائمری انرولمنٹ کے لئے ایمرجنسی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے تحت 35لاکھ سے زائد سکول نہ جانے والے چار سے نو سال تک عمر کے بچوں کو سکول میں داخلہ دیا جائے گا اور انہیں معیاری تعلیم میسر آئے گیـ وزیراعلی نے مہم کا آغاز داخلہ فارم پرباقاعدہ دستحظ کر کے کیاـصوبائی وزیر تعلیم رانا مشہور احمد خان اورسیکرٹری تعلیم بھی اس موقع پر موجود تھےـ وزیراعلی نے ایمرجنسی مہم کے تحت داخلہ حاصل کرنے والے بچوں میں کتابیں بھی تقسیم کیںـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یوم آزادی کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سوئمنگ ایگزیبشن ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا
لاہور(جی پی آئی)یوم آزادی کے حوالے سے ماڈل ٹائون کلب لاہور میں سٹیٹ بینک آف پاکستان سوئمنگ ایگزیبشن ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا۔صوبائی وزیر تعلیم وکھیل رانامشہود احمد خاں نے 50 میٹر بٹر فلائی،بیک سٹروک،بریسٹ سٹروک اور فری سٹائل سوئمنگ مقابلے جیتنے والے نوجوانوں میں کیش پرائزز اور میڈلز تقسیم کئے۔سیکرٹری یوتھ افیئرز،سپورٹس ،آرکیالوجی اینڈ ٹورزم محمد خاں کچھی،ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹری ڈاکٹر نائلہ ظفر اورڈپٹی سیکرٹری سپورٹس سرفراز احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم وکھیل رانامشہود احمد خاں نے تیراکی کے مقابلوں میں نمایاں رہنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نصیحت کی کہ جس طرح سوئمنگ پول کے اندر آپ نے اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ آپس میں مقابلے کے دوران صحت مند مسابقت کا مظاہرہ کیا ہے، اسی طرح آپ عملی زندگی میں بھی پاکستان کو اسی جذبے کے تحت مضبوط تر بنانے کی ہر ممکن کوشش بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر جس سوئمنگ پول میں یہ مقابلے منعقد کروائے گئے ہیں،اسے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر تعمیر کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر کھیل نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حکومت پنجاب صوبے کے کونے کونے میں کھیلوں کے میدان ڈویلپ کرے گی تاکہ ہمارے نوجوان صحت مند فضا میں مقابلے کی سپرٹ کے ساتھ ہر شعبہ میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے جذبے سے سرشار ہو کر زندگی کی دوڑ میں آگے جا سکیں۔ٹورنامنٹ میں انڈر 19،انڈر16 ،انڈر 14 ،انڈر 12 ،انڈر 10 اورانڈر 8 کیٹگریز میںسوئمنگ کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں لاہور کے مختلف سکولوں کے طلبہ نے شرکت کی۔ انڈر 19 سپر بوائز مقابلہ میں حسن کامران نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔دیگر مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں دانیال،نائل عارف ڈار،حاذق ممتاز، عبدالرحمن، محمدانس، شمیر عزیز، صدام حسین، عبداللہ بلال، محمد رضوان، محمد مصطفی، میکائیل فیصل اورحسن علی راجہ نے اپنے اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔سوئمنگ کے ان مقابلوں میں دو سپیشل پرسنز کے مابین بھی تیراکی کا مقابلہ ہوا ۔ایک ٹانگ سے محروم پنجاب سکول ٹائون شپ کے انڈر 16 نوجوان حارث نے یہ مقابلہ جیت لیا جبکہ بینائی سے محروم اسی سکول کے انڈر 16 نوجوان علی دوسرے نمبر پر رہے۔سپیشل پرسنز کے اس مقابلے میں 3 دیگر نوجوانوں ذیشان،محمد سمیع اور نعمان عزیز نے بھی شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں، ملک کو بحرانوں سے وہی نکالیں گےـحمزہ شہباز
لاہور(جی پی آئی) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش پہاڑ جیسے بڑے مسائل کے حل کیلئے پارٹی عہدیدار ، کارکن اور عوام وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ کی سیاست عوام کی خدمت اور مخلوق خدا کو راضی کرنے کی سیاست ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت خدا کے فضل اور عوام کے تعاون سے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت تمام بحرانوں کا خاتمہ کر دے گی۔ وہ آج حلقہ این اے 48 اسلام آ باد کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے چین کے کامیاب دورے کے نتیجے میں کوئلے، ونڈ مل اور سولر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کیلئے ملک میں سرمایہ کاری آر ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) نے ملکی معیشت بحال کرنے ، توانائی کے بحران کے حل اور ملک سے دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کا عزم کررکھاہے ۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے بحران کے حل کے نتیجے میں صنعت و زراعت تیزی سے ترقی کرے گی اور ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن ) کے پارٹی عہدیدار اور کارکن جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں عوام کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے بااختیار بنایا جائے گا اور ان کی تجاویز اور آراء کو اہمیت دی جائے گی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ این اے 48 کے ضمنی الیکشن میں پارٹی عہدیداروں اور کارکن اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کو سپورٹ کریں اور اسے کامیاب کرائیں۔ انہوں نے اس موقع پر پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ( ن ) میں شامل ہونے والے کارکنوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) میں ہر کارکن کی اپنی اہمیت ہے اور نئے شامل ہونے والے کارکن پرانے کارکنوں کے ساتھ مل کر کام کریں۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ کارکن پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ہر ماہ کارکنوں سے رابطے کیلئے خصوصی وقت نکالیں گے اور کارکنوں کی مشاورت سے پارٹی کو مضبوط بنایا جائے گا۔