اضلاع کی خبریں 16/12/2013
Posted on December 17, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
اسلام آباد(این این اے)دنیا گروپ آف نیوز پیپرز سے صحافیوں کی جبری برطرفی کے خلاف (آر آئی یو جے) اور (پی ایف یو جے )کی کال پرپارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد کے سامنے شدید احتجاج کیا گیا جس میں صحافیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینر صحافی قربان ستی ، بلال ڈار ، آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی او پاکستان ر فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ نے واضع الفاظ میں صحافیوں کی جبری برطرفی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دنیا گروپ کو تین دن کا الٹی میٹم دیا کہ وہ صحافیوں کے بقایا جات انہیں ادا کریں بصورت دیگر دنیا گروپ کے مرکزی دفتر کے سامنے نہ ختم ہونے والے دھرنے کی کال دی جائے گی۔ صحافیوں نے واضع کیا کہ وہ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کی قیادت میں متحد ہیںاور ان کی کال پردھرنے میں بھر پور شرکت کریں گے۔
اسلام آباد(این این اے) جنوبی ایشیا کے مشترکہ مسائل پر مشترکہ حکمت علمی اختیار کرنے کی ضرور ت ہے۔پاکستان کو موسمی تغیرات کی الگ وزارت اور علاقائی وزارت کے قیام کی علاوہ اس پر بنائے جانے والے فورمزکی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ قومی سلامتی کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی ضرورت ہے جو کہ موسمی تغیرات کا احاطہ کر سکے ان خیالات کا اظہار سینٹر مشاہد حسین سید نے مقامی ہوٹل میں ادارہ برائے پائیدار ترقی ((SDPI کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک آف ساوتھ ایشیاء ((CANSA آکس فیم اور ایشین پارلیمنٹیرین فورم برائے آبادی اور ترقی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر ادارے کے سربراہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ جنوبی ایشیائی پارلیمان اور موسمی تغیرات پر مشترکہ کام کرنے والے اداروں کا مقصد حالات کی سنگینی کا جائز ہ لے کرجنوبی ایشیا کی حکومتوں کو مثبت تجاویز پیش کرنا اور قدرتی آفات ، موسمی تغیرات کے نقصانات سے انسان کو محفوظ رکھنا ہونا چاہیے۔ کانفرنس کے دوران پاکستان کے علاوہ چین، افغانستان، نیپال، تھائی لینڈ ، سری لنکا، بھوٹان ، بھارت کے پارلیمان اور ماہرین نے شرکت کی۔ قومی اسمبلی کی عارفہ خالد، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور سینٹر ڈاکٹر سیدہ اقبال نے بھی کہا کہ جنوبی ایشیاء کی حکومتوں کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تاکہ ایشیا کے مشترکہ مسائل کو عملی طور پر حل کیا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلام آباد (این این اے ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ فاٹا میں ایک ہی سانس میں مذاکرات اور طاقت کے استعمال کی باتیں کرنے والے مذاکرات کی پیشکش کو بے وقعت کررہے ہیں اور مذاکرات کی کامیابی کے لیے غلط پیغام دے رہے ہیں اس سے پہلے مشرقی پاکستان میں ہم طاقت کے استعمال کا نتیجہ دیکھ چکے ہیں مگر پھر بلوچستان، ،فاٹا اور کراچی میں آپریشن کیے جارہے ہیں ،آرمی چیف اب تک کیے گئے فوجی آپریشنز کی بیلنس شیٹ قوم کے سامنے پیش کریں ،ورنہ اب تک تو ثابت ہوچکا ہے کہ قوم اور فوج کو آپس میں لڑانے کے لیے فوجی آپریشن تباہی کا نسخہ ثابت ہوا ہے ،جمہوری معاشروں میں چاہتے ہوئے یا نہ چاہتے ہوئے بھی مینڈیٹ کا احترام کرناپڑتا ہے اگر شیخ مجیب الرحمن کے مینڈیٹ کا احترام کرلیا جاتا تو پاکستان دولخت نہ ہوتا،اسلام اور پاکستان کی محبت میں پھانسی کی سزا پانے والے عبد القادر ملا کی شہادت پر وزیر داخلہ کا ردعمل بجا مگر دفتر خارجہ کی خاموشی بے بجا ہے ،ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ الفلاح ہال میں ‘سانحہ سقوط مشرقی پاکستان ،عبد القادر ملا کی پھانسی ،مقتدر حلقوں کے منہ پر طمانچہ’ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلام آباد (این این اے ) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دسمبر میں وزیرپیٹرولیم اور اوگرا کی ہدایت پر ایل پی جی کی قیمت 10روپے فی کلو کم ۔قیمتوں میں کمی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کاروائی ہوگی۔ وزیرپیٹرولیم اور اوگرا کی مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمت میں کمی کی ہدایت کے بعد ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو ،120روپے گھریلو سلنڈر اور480روپے کمرشل سلنڈر میں کمی کر دی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کیا جائے گا۔ مارکیٹنگ کمپنیو ں کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ اگر قیمتو ں میں کمی نہ کی گئی تو سخت کاروائی کی جائے گی۔ جسکے بعد ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دسمبر کے ماہ میں قیمت میں مسلسل کمی ہونا حکومت کی بہتر حکمت عملی اور ایل پی جی پالیسی 2011کا تسلسل ہے۔
لاہور(این این اے ) بین الاصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر جناب ریاض حسین پیرزادہ نے انٹر میڈیٹ بورڈ کوارڈینیشن کمیٹی کے 142ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پاکستان بھر کے ٹیکسٹ بک بورڈزاور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے چیئرمینوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں انٹرمیڈیٹ بورڈز کو درپیش انتظامی اور تعلیمی مسائل پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے تمام انٹر بورڈز چیئر مین کمیٹی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ ملک میں ایک مثالی تعلیمی نظام منظم طور پر چلانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں ۔ اس سلسلے میں وزارت بین الاصوبائی رابطہ نے ہر طرح کا تعلیمی، تکنیکی اور انتظامی تعاون فراہم کرنے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ وزارت سٹوڈینٹس ایکسچینج پروگرام اور اساتذہ کی تربیت میں انٹربورڈز کی خاطر خواہ معاونت کر سکتی ہے ۔ وفاقی وزیر نے تمام چیئر مینوں کو ہدایت کی کہ وہ امتحانی نظام کو بھی بہتر کریں تاکہ تعلیم کے عالمی معیار کا مقابلہ کیا جاسکے ۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک بھر میں یکسا ں نصاب تعلیم کے لیے تیز ی سے کام کیا جائے تاکہ ملک کا تعلیمی نظام ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔ تمام شرکاء نے وفاقی وزیر کی بات کی تائید کی کہ نصاب تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سر گرمیاں جن میں کھیل شامل ہیں پر بھی فوری توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ سکول اور یونیورسٹی کی سطح پر ماہرین کے کھلاڑیوں کی عالمی معیار کے مطابق تربیت کرنے سے پاکستان کھیلوں کے میدان میں بھی خاطر خواہ ترقی کر سکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہاول پور(این این اے) بہاول پوربجلی کاطویل بریک ڈائون ،بہاول پورسے صادق آباد تک 10 گھنٹہ تک بجلی منقطع رہی ،عوام کوشدیدمشکلات کاسامنا گھروں میں پینے کاپانی نایاب ہوگیا تفصیل کے مطابق بہاول پورمیں گذشتہ روز صبح ایک بجے بستی ملوک کے قریب 22 کے وی کی مین ٹرانسمیشن لائن کاٹاورگرنے کے باعث لودھراں بہاول پورسے صادق آباد تک علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا جس کے باعث شہریوں کوشدیدمشکلات کاسامنا کرناپڑا گھروں میں پینے کاپانی نایاب ہوگیا بجلی نہ ہونے کے باعث سکول جانے والے بچے اورشہریوں کو دفترجانے میں شدیدمشکلات پیش آئیں بہاول پورسے صادق آباد تک بجلی صبح ایک بجے سے صبح گیارہ بجے تک منقطع رہی اورصبح گیارہ بجے بجلی بحالی کی گئی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہاول پور(این این اے)کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن(ر) اسد اﷲ خان نے کہا ہے کہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کو سیاحوں کیلئے محفوظ،دلچسپ ،پرکشش اور سہولیات سے مزین کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی2014ء کے انتطامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرر ہے تھے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر عمران سکندر بلوچ،میجر(ر) طاہر مجید،ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی شاہد محمود،منیجر ٹی ڈی سی پی طاہر محمود موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ ریلی کے دوران مختلف رنگا رنگ تقریبات منعقد کی جائیں گی اور تمام صوبوں و چولستان کے روایتی کھانوں کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ منتظمین،فیملیز،پروفیشنلز اور شائقین کیلئے علیحدہ علیحدہ فوڈ کورٹس مختص کئے جائیں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ میوزیکل گروپ اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی ڈیزرٹ ریلی کا حصہ ہوگی۔کمشنر بہاولپور اسد اﷲ خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی سیکورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہاول پور(این این اے) 15 ویں چولستان امن میلہ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، بھرپور انتظامات مکمل ، ملک بھر سے امن کے شیدائی میگا ایونٹ کے منتظر،تفصیلات کے مطابق معروف سماجی تنظیم چولستان ڈویلپمنٹ کونسل آف پاکستان دی اسلامیہ یونیورسٹی آف پاکستان اور محکمہ پولیس کے اشتراک سے روایتی امن میلہ 20 دسمبر کی صبح اسلامیہ یونیورسٹی کے عباسیہ کیمپس میں منعقد کرے گی تاہم امن میلے سے جڑی تقریبات 18 دسمبر صبح دس بجے مین آڈیٹوریم بغدالجدید کیمپس میں سیمنار سے شروع ہوجائیں گی ۔سیمنار میں عوام کی شرکت سے معاشرتی امن کے قیام کے حوالے سے ڈی پی او بہاولپور سہیل حبیب تاجک کلیدی خطاب کریں گے جبکہ دیگر مقررین بھی اظہار خیال کریں گے ۔ 19 دسمبر شام سات بجے آڈیٹوریم بغدادلجدید کیمپس میں ہی ” صوفی نائٹ” منائی جائے گی جس میں پروفیسر ڈاکٹر مزمل بھٹی اپنا مقالہ پیش کریں گی جبکہ ملک بھر سے آنے والے فنکار صوفیانہ کلام پیش کریں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہاول پور(این این اے) سقوط ڈھاکہ اورعبدالقادرملاکے عدالتی قتل کی خلاف اسلامی جمعیت طلباء کے زیراہتمام احتجاجی ریلی مسجدالحق سے فریدگیٹ تک نکالی گئی اس موقع پر اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنوں نے احتجاجی کتبے اوربینرز اٹھارکھے تھے جن پر سقوط ڈھاکہ عبدالقادرملاکے عدالتی قتل کے خلاف احتجاجی نعرے درج تھے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلباء بہاول پور کے ناظم عبدالرحمان نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ کی سازش میں امریکہ اوربھارت کومرکزی حیثیت حاصل ہے جنہوں نے ایک سازش کے تحت مسلح گروہ مکتی باہنی بناکر ملک کودولخت کرنے میں اہم کرداراداکیا اسلامی جمعیت طلباء نے پاکستان کومتحدرکھنے کیلئے مشرقی پاکستان میں اپنے دس ہزار نوجوانوں کی قربانی دی جس کی سزاآج عبدالقادرملا کوپھانسی کی صورت میں دی گئی انہوں نے کہاکہ عبدالقادرملا کو پاکستان سے محبت کرنے کی سزادی گئی مگرافسوس کہ ہماری حکومت کاکردار انتہائی شرمناک رہا اوراس نے بنگلہ دیش حکومت سے احتجاج تک نہ کیا انہوں نے اس موقع پرمطالبہ کیا کہ پاکستان حکومت بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات پرنظرثانی کرتے ہوئے بنگلہ دیشی سفیر فوری ملک بدرکرے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہاول پور(این این اے)انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کافیصلہ ،اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹرمیرعابدجتوئی کے بلاضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 19 دسمبرکو طلب کرلیا تفصیل کے مطابق انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نثاراحمدنے تھانہ کوٹ سبزل کے مقدمہ نمبر57/13 مورخہ 16-2-2013 میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرمیرعابد جتوئی جوکہ پولیس کو اغواء برائے تاوان کے مقدمہ میں مطلوب ہے کے خلاف بلاضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں 19 دسمبر2013 ء کوعدالت میں پیش ہونے کاحکم دیدیا ملزم رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرمیرعابدجتوئی کے پہلے بھی بلاضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے تھانہ کوٹ سبزل کے سب انسپکٹر محمداسلم کو حکم دیاگیاتھاکہ وہ ملزم کوعدالت میں پیش کرے جس پر سب انسپکٹر محمداسلم نے ایک فرضی رپورٹ بناکرعدالت میں پیش کی کہ ملزم اسلام آباد جاکر روپوش ہوگیاہے عدالت نے فرضی رپورٹ بناکر عدالت میں پیش کرنے پر آرپی او بہاول پور کوسب انسپکٹر محمداسلم کے خلاف بھی محکمانہ کاروائی کاحکم دیدیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہاول پور(این این اے) ماڈل ٹائون اے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر بیرئیرلگادیئے گئے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے ماڈل ٹائون کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی اورشہریوں کی جان ومال کی حفاظت کی خاطربیرئیرنصب کردیئے گئے یہ بات کنٹونمنٹ ایگزیکٹوآفیسر راجاایلیااسدنے ماڈل ٹاون اے کے اطراف میں لگائے گئے بیرئیرکامعائنہ کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے جس کے پیش نظر ماڈل ٹائون اے کے تمام داخلی اورخارجی راستوں پر بیرئیرنصب کردیئے گئے ہیں رات 12 بجے کے بعد ماڈل ٹائون اے میں داخل ہونے والوں کوچیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت ہوگی انہوں نے ماڈل ٹاون اے کے مکینوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کنٹونمنٹ بورڈ کے عملہ سے تعاون کریں تاکہ انکی سیکورٹی کو یقینی بنایاجاسکے ۔
بہاول پور(این این اے)پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کمپیوٹر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا اہم ہنگامی اجلاس گزشتہ روز (PEMCA)کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی صدر میاں عاطف اکرم عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں بعض اخباری مالکان کی جانب سے کمپیوٹر آپریٹرز کو معاوضوں کی عدم ادائیگی پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ (PEMCA)کا وفد آج 17دسمبر بروز منگل کمشنر بہاولپور اور ڈی سی او بہاولپور سے ملاقات کرکے انہیں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں کام کرنیوالے کمپیوٹر آپریٹرزکو درپیش مسائل سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ بعض اخبارات کی جانب سے کمپیوٹرآپریٹرز کو معاوضوں کی عدم ادائیگی سے آگاہ کریں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر ایسے اخباری مالکان نے اپنی روش نہ بدلی تو (PEMCA) کے اراکین جلد ایسے اخبارات اور ان کے مالکان کے خلاف دھرنا دینے سے بھی دریغ نہیں کریںگے۔اجلاس کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں کام کرنے والے کمپیوٹرز آپریٹر کو ویج بورڈ کے تحت حاصل مراعات کو یقینی بنانے بارے بھی کمشنر بہاولپور اور ڈی سی او بہاولپور سے درخواست کی جائے گی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com