اضلاع کی خبریں 2.7.2013

پاکستان کی 90فیصد تجارت سمندر کے راستے ہوتی ہے جس میں بندرگاہوں پر سہولیات کا فقدان اور رش سے درامدات اور برامدات مہنگی اور مسابقت کی صلاحیت ختم ہو رہی ہے
اسلام آباد(جی پی آئی) اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر فریدہ راشدنے کہا
ہے کہ پاکستان کی 90فیصد تجارت سمندر کے راستے ہوتی ہے جس میں بندرگاہوں پر سہولیات کا فقدان اور رش سے درامدات اور برامدات مہنگی اور مسابقت کی صلاحیت ختم ہو رہی ہے۔ ہماری بندرگاہیں تجارت کو ہموار کرنے کے بجائے رکاوٹ کا سبب ہیںجس کے لئے اضافی وسائل اورفوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔فریدہ راشد نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جدید سہولیات سے مزین بندرگاہیں کامیابی کی کلید ہیں جسکے بغیر معیشت کے دیگر شعبوں بشمول مینوفیکچرنگ، زراعت اور تجارت کی ترقی مشکل ہے۔پاکستان کی سمندری تجارت میں پورٹ قاسم کا حصہ 37فیصد ہے جو منافع کمانے کے باوجوداپنا فرض نہیں نبھا رہی۔پاکستانی بندرگاہیں بمشکل سالانہ گیارہ لاکھ کنٹینرز کو برت سکتی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارت کی صرف علی جبیل کی بندرگاہ سالانہ ایک کروڑ بیس لاکھ کنٹینر ہینڈل کرتی ہے جو 2030تک پچپن ملین کنٹینروں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گی۔عمان کی آٹھ بندرگاہوں میں سے صرف ایک سوہارجو گوارد سے صرف سو کلو میٹر دور ہے سال روان کے آخر تک پندرہ لاکھ کنٹینر ہینڈل کرنے لگے گی۔سلطان قابوس پورٹ سالانہ دو کروڑ ٹن سے زیادہ کارگو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ ہمارے سیاستدان صرف دعوے کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔ فریدہ راشد نے کہا کہ دنیا کی پچاس مصروف ترین تجارتی بندرگاہوں کی فہرست میں شنگھائی پہلے اور سنگاپور دوسرے نمبر پر ہے ہے جبکہ درجہ بندی میں پاکستان کی کسی بندرگاہ کا ذکر تک نہیں۔ جنوبی ایشیائی ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان کا نمبر بتیسواں جبکہ سارک میں سب سے آخر میں ہے جسکی وجہ بیورو کریسی، سیاستدان، قابل اعتراض آپریشنل، انتظامی اور سیکورٹی کے طریقے ہیں جس سے تجارت مہنگی اور مسابقت ناممکن ہوتی جا رہی۔دنیا میں کارگو جہازوں کی تعداد ایک لاکھ کے برابر ہے بھارت اور ایران کے جہازوں کی تعداد چار سو سے زیادہ ہے جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن جسکے پاس کبھی ستر جہاز تھے اب نو کی مالک ہے۔ پاکستان کے قرب میں واقع دنیا کی جدید اور مصروف ترین بندرگاہوں کی موجودگی میں ہمارا کارگو وہاں منتقل ہو جاتا ہے جس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطی کے سنگم پر واقع گوادر پورٹ کی ترقی کے لئے بیان بازی کے بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکمران مٹھی بھر دہشت گردوں کے ہاتھوںمیںیر غمال بننے کی بجائے ملک کو خوشحال بنائیں:محمد اشرف آصف جلالی
لاہور(جی پی آئی)بانی و سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ حکمران مٹھی بھر دہشت گردوں کے ہاتھوںمیںیر غمال بننے کی بجائے ملک کو خوشحال بنائیں۔ سا نحہ داتادر با رکے مجر مو ں کی تا حال عدم گرفتاری حکومت پرواجب الاداء قرض ہے۔ ایسے عظیم سانحات کے مجرموں پر ہاتھ نہ ڈالنے سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ داتا دربار کے تین سال مکمل ہونے پراپنے ردّعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہامقدس آستانوں اور معزز جانوں کا تقدس پامال کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا دہشت گردی ہمارے معاشرے میں ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کے خاتمے کیلئے جوش اور ہوش دونوں کی ضرورت ہے جن لوگوں کے حملوں سے حضرت داتا گنج بخش ،حضر ت بابا فرید اور حضرت عبداللہ شاہ غازی جیسے اسلام پھیلانے والے عظیم اولیاء کی درگاہیں محفوظ نہ رہئیں۔ ان سے کس بھلائی کی توقع کی جاسکتی ہے؟ انہوں نے کہا دہشت گردوں سے بلا امتیاز آ ہنی ہاتھو ں سے نمٹا جائے اور دہشت گردوں کو امداد فراہم کرنے والے ممالک سے اپنے خون کا حساب مانگا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں ،زیار ت گاہوں،درسگا ہوں ،علاج گا ہوں ،شاہراہوں ، سیرگاہوں پر دہشت گردوں کے حملوں نے عالمی سطح پر اسلام اور پاکستان کے تعارف کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشت گردوں کے سر پر ست الطاف حسین کو لند ن پولیس فوری طور پر گرفتار کرے:مجاہد عبدالرسول
لاہو ر( جی پی آئی)پا کستان سنی تحریک کے ڈویژ نل صدرمو لا نا مجا ہد عبدالرسول خا ن نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سر پر ست الطاف حسین کو لند ن پولیس فوری طور پر گرفتار کرے۔برطانیہ کی حکومت کو جواب دینا ہو گا کہ ایک برطانوی شہری کس طرح پا کستان کے خلاف زبان درازی کر رہا ہے؟برطانیہ میں بیٹھ کر کراچی میں دہشت گردی کا بازار گر م کر نے والے الطاف حسین کے خلاف فوری طور پر مقدمہ چلایا جائے۔رینجرز کراچی میں امن قائم کروانے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔سند ھ میں گورنر راج لگا یا جائے ۔کراچی کو فوج کے حوالے کیاجائے۔بھتہ خوروں ،قاتلوں اور دہشتگردوں کو سیاسی جماعتوں کی گود سے نکالنا ہو گا۔ الطاف حسین کی دھمکی پر کراچی میں تاجروں ،ٹرانسپوٹروں ،کالجز ،سکولز اور یوینو ورسٹیوں کو کاروبار زندگی بند کرنا پڑتا ہے مگر اس دوران کہیں بھی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عملا نظر نہیں آتے۔کراچی کو لا واروثوں کی طرح سمجھا جا رہا ہے۔کراچی میں بین الاقوامی مافیا کام کر رہا ہے مگر حکومت اور قانون نا فذ کرنے والے ادارے سب اچھا کی رپورٹوں پر کان دھرے ہوئے ہیں۔ ان خیا لا ت کا اظہارر انھو ں نے کارکنان کی شہا دت پرشدید غم غصے کا اظہا رکر تے ہوئے کیا ۔ مجا ہد عبدالرسول خا ن نے کہا کہ کراچی میں سنی تحریک کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ پر حکمران چوڑیاں پہن لیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار خان بڑھکیں مارنے کے بعد اب کہاں ہیں ؟ ہمارے کارکنان کی ٹاگٹ کلنگ کی تمام ذمہ داری سندھ حکومت پر عا ئد ہوتی ہے۔ MQM کے دہشت گردوںکو نکیل نہ ڈالی گی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔قائدین نے حکم دیا تو MQMکی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پنجاب سے 313 مجاہدین کراچی بھیجیں گے۔ صدر پا کستان ،وزیر اعظم پا کستان،چیف جسٹس ،چیف آف آرمی سٹاف کراچی میں خون کی ہولی بند کروائیں۔ MQM اسلام اور پا کستان کی بد ترین دشمن جماعت ہے ایم کیو ایم کے خلاف جد جہد کو جہاد سمجھتے ہیں۔الطاف حسین قادیانیوں کا ایجنٹ اور بھارتی فوج کا وفا دار سپاہی اور پا کستان کا غدار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن 90 کی دہائی والی انتقامی سیاست سے گریز کرے
لاہور( جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن 90 کی دہائی والی انتقامی سیاست سے گریز کرے، کیونکہ اب حالات یکسر تبدیل ہو گئے ہیں پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے اس وقت محاز آرائی کے نتائج بیانک ہوں گے اور محاز آرائی سے تمام سیاسی قوتیں متاثر ہوں گی، محترمہ شہید بہت دوراندیشن تھیں انہوں نے حالات کے پیش نظر مفاہمت پر زور دیا اور تمام پارٹیوں کو یکجا کیا جس کو صدر آصف علی زرداری نے پانچ سال تک بخوبی نبھایا، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لئے تجدید عہد کر رکھا ہے پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑی تو گریز نہیں کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
توانائی بحران کے خاتمے کیلئے نجی شعبے کا تعاون خوش آئند ہے،وزیراعلیٰ
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے قلیل مدت، وسط مدت اور طویل مدت اقدامات کرے گی۔روایتی طریقوں کے ساتھ متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار حاصل کی جائے گی ۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ نجی شعبہ بھی توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا خواہشمند ہے۔نجی شعبہ کے اشتراک سے شمسی توانائی، بائیو ماس، بائیو گیس اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کا آغاز کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وہ آج ایوان وزیراعلیٰ میں سولر انرجی کی کمپنی نظام گروپ کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ ملاقات میں صوبائی وزیرتوانائی چوہدری شیر علی خان، سیکرٹری توانائی عثمان باجوہ بھی موجود تھے۔ نظام گروپ کے عثمان احمد اور عبداللہ عمر نے سولر انرجی کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔ شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویل، چھوٹے کاشتکاروں کو دینے کا پروگرام بنایاگیاہے۔اس اقدام سے زراعت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے ملک و قوم کے پانچ برس ضائع کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیاہے تاہم مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران میں کمی لانے کا وعدہ ہرصورت میںپورا کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا شکرگڑھ میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے قتل کا نوٹس، پولیس کو کارروائی کی ہدایت
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی محمدشہبازشریف نے شکرگڑھ کے علاقہ فتح پور میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے فی الفور گرفتار کیاجائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا سرگودھا کے علاقہ فاطمہ جناح کالونی میں 12سالہ طالبعلم پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس، رپورٹ طلب
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سرگودھا کے علاقے فاطمہ جناح کالونی میں 12 سالہ طالب علم یاسر رشید پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ طالب علم پر تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی فوری عمل میں لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پوزیشن ہولڈرز طلباو طالبات کا لندن سکول آف اکنامکس کا دورہ ، 118 برس قدیم تعلیمی ادارے کے دورے پر بھجوانے پر شہبازشریف کا شکریہ
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے پروگرام کے تحت معروف غیر ملکی یونیورسٹیز کے مطالعاتی دورے پر جانے والے طلبا وطالبات نے آج لندن سکول آف اکنامکس کا دورہ کیااور سکول کے مختلف حصے دیکھےـپروفیسر ول نے پوزیشن ہولڈرز کو معلوماتی لیکچر دیا۔پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات نے 118برس قدیم لندن سکول آف اکنامکس کے دورے پربھجوانے پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔طلبا وطالبات نے سینٹرل لائبریری اور مختلف فیکلیٹیز کا بھی دورہ کیا۔ طلبا و طالبات نے لند ن سکول آف اکنامکس میں سوال و جواب کی نشست میں بھر پور حصہ لیاـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ کا کوٹ خواجہ سعید میں شادی شدہ خاتون کے قتل کانوٹس،سی سی پی او سے رپورٹ طلب
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کوٹ خواجہ سعید میں شادی شدہ خاتون کے قتل کانوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ خاتون کے قتل میں ملوث ملزم فی الفور گرفتار کیے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کانفرنس،شہبازشریف کا اردو اور انگریزی میں خطاب
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے دو روزہ پنجاب ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے دوران اردو اور انگریزی زبان میں خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے وائس چانسلرز اور پرنسپلز صاحبان کو اگلی نشستوں پر نہ بٹھائے جانے کا نوٹس لیااوراپنے سٹاف کومتعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کانفرنس کے دوران پرنسپل صاحبان اور وائس چانسلرز کواگلی نشستوں پر ہونا چاہئیے تھا ۔وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کیئر سسٹم میں فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ناانصافی پر مبنی شعبہ صحت کا نظام اب مزید نہیں چل سکتا۔ ہم سب نے مل بیٹھ کر صحت کے نظام کو عوامی امنگوں کے مطابق بناناہے۔وزیراعلیٰ نے نظام صحت کی بہتری پر تفصیلی خطاب کے دوران دہشت گردی کے اسباب اور وجوہات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کیوبا ،چین، برطانیہ اور سویڈن جیسے ممالک کی مثالیں پیش کیں اور کہاکہ اگر ہم سے دو سال بعد آزاد ہونے والی چینی قوم اپنی محنت، لگن اور عزم سے آج ستاروں پر کمندڈال کر دوسری بڑی معاشی قوت بن گئی ہے توکوئی وجہ نہیں کہ پاکستانی قوم بھی آگے نہ بڑھ سکے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے 65سالہ دور میں مارشل لاء کے ساتھ جمہوریت نے بھی ڈلیور نہیں کیا بلکہ ملک و قوم کا بیڑہ غرق کیاہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ غریب کا بچہ دوائی نہ ملنے پر ایڑیاں رگڑ رگڑ کر دم توڑ دے اور امیر بیرون ملک جاکراپنا علاج کروائے۔وزیراعلیٰ نے ماہرین سے اپیل کی کہ وہ ٹھوس سفارشات سامنے لائیں جس سے ہیلتھ کیئر سسٹم میں اصلاحات کی جاسکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غیر منصفانہ نظام کو بدل کربہترین اور یکساں ہیلتھ کیئر سسٹم تشکیل دیں گے،شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ شعبہ صحت سے وابستہ افراد مل بیٹھ کر ایسا ہیلتھ کیئر سسٹم تشکیل دیں جس سے معاشرے کے ہرفرد کو یکساں طور پر بہترین اور معیاری طبی سہولیات میسر آئیں۔اجتماعی کاوشوںاور مشترکہ بصیرت کو بروئے کار لاتے ہوئے ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنایاجاسکتاہے۔صحت مند معاشرہ ہی تیزی سے ترقی کرتا ہے اور ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنائے بغیرصحت مند معاشرہ کی تشکیل ممکن نہیں۔علاج معالجہ کے ساتھ بیماریوں سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیرپر توجہ دینے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کوغیر معیاری ہیلتھ کیئر سسٹم، توانائی کے بحران، لوڈشیڈنگ، کرپشن، امن و امان سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہم ویژن ،محنت اورقابل اذہان کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ان چیلنجوں سے بطریق احسن عہدہ برا ہوسکتے ہیں۔ پنجاب حکومت عام آدمی کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم کا اجراء کررہی ہے۔گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں ہم نے غریب اور عام آدمی کو ادویات کی مفت فراہمی پر 26ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی۔ ادویات کی مفت فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں صحت کے شعبہ کے لئے ریکارڈ 45ارب روپے مختص کئے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو عوام کے مسائل کے حل کا تاریخ ساز مینڈیٹ ملاہے۔ بلاشبہ ہم نے عوام کے مسائل کو بلاتاخیر حل کرنا ہے اور اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔وہ آج ایوان وزیراعلیٰ میں دو روزہ پنجاب ہیلتھ سیکٹر ریفارمزکانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، صوبائی وزیرصحت خلیل طاہرسندھو، صوبائی وزیر بہبود آبادی بیگم ذکیہ شاہنواز، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، سابق مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،اراکین پنجاب اسمبلی، سیکرٹری صحت، وائس چانسلرز، پرنسپلز، فزیشنز، سرجنز اور شعبہ طب سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانفرنس میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے اور میں امید کرتا ہوںکہ کانفرنس کے انعقاد سے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے ٹھوس تجاویز سامنے آئیں گی۔ میں کانفرنس کے منتظمین کومبارکباددیتا ہوں اور کانفرنس کے شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ کس قدر ستم ظریفی ہے کہ اشرافیہ،صدر، وزیراعظم، وزرائ، ججز، جنرلز،سیاستدانوں اور بیوروکریسی کو توملک اور بیرون ملک علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں میسر ہوں لیکن غریب اور بے سہارا بنیادی طبی سہولتوں سے بھی محروم ہوں۔ ہمیں اس غیر منصفانہ نظام کو بدلنا ہے اور ایک ایسا بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم تشکیل دینا ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات کو یکساں طبی سہولیات میسر ہوں۔ انہوںنے کہاکہ بطورحکمران، فزیشنز اور سرجنز ہماری یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام کو بیماریوں سے محفوظ بنانے ،احتیاطی اقدامات کرنے اور انہیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ مقام افسوس ہے کہ خسرہ کی بیماری سے کئی بچے جاں بحق ہوئے ہیں اور اپنے جگر گوشوں کی موت کا درد ان کے والدین ہی سمجھ سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت خسرہ سے بچائو اور متاثرہ بچوں کے علاج معالجہ کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔تاہم خسرہ کے حوالے سے بروقت ویکسی نیشن مہم نہ شروع کرکے مجرمانہ غفلت کی گئی ہے اور ایسے افسوسناک واقعات ناقابل برداشت ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں انتخابی مہم کے دوران پنجاب کے کونے کونے میں گیا اور لوگوں سے مل کر پتہ چلاکہ عوام کی بڑی اکثریت پینے کے صاف پانی کی کمی کے مسائل سے دوچار ہے۔ صفائی اور سینی ٹیشن کے مسائل بھی موجود ہیں۔ پنجاب کے دیہی و شہری علاقوں کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں کے مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ دیگر اداروں کی طرح ہسپتالوں میں چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرکے ہسپتالوں میں صحت و صفائی کی صورتحال کو بہترکیاجاسکتاہے اورانتظامی امور پر تعینات ڈاکٹرز ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے فرائض سرانجام دے سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ چیک اینڈ بیلنس کے موثر نظام کے ذریعے مفت ادویات کی حقداروں کو فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے اور اس مد میں مختص کئے گئے فنڈز کے حقیقی مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دور حکومت نے ہم نے 6موبائل ہیلتھ یونٹس ہالینڈ سے منگوا کر جنوبی پنجاب میں بھجوائے جو ان علاقوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس کے شرکاء کو اس کا حل تلاش کرنا ہے کہ ہمارے دیہی و بنیادی مراکز صحت طبی سہولیات کی فراہمی میں کیوں ناکام ہیں ؟ کانفرنس اس بات کا بھی جائزہ لے کہ آیا موبائل ہیلتھ یونٹس دیہی و بنیادی مراکز صحت کے متبادل ہوسکتے ہیں یا نہیں؟ اربوں روپے کی مشینری ہسپتالوں میں خراب ہوجاتی ہے جس کی مرمت اور دیکھ بھال کے لئے غیر ملکی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہیں۔ کانفرنس جائزہ لے کہ ان طبی آلات کی مرمت اور دیکھ بھال کے لئے بائیو میڈیکل ورکشاپ کیوں قائم نہیں کی گئی؟ ہمیں اجتماعی بصیرت اور مشترکہ سوچ کے ساتھ ان سوالات کا حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تنخواہوںاور مراعات میں خاطرخواہ اضافہ کیاہے اور دوسرے صوبوں کے مقابلے میں پنجاب کے شعبہ طب سے وابستہ افراد کی تنخواہیں کہیں زیادہ ہیں۔اب ڈاکٹروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحیح معنوں میں مسیحا بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔انہوں نے کہاکہ بعض افریقی ممالک میں بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم موجود ہے۔ کمیونسٹ ملک کیوبا میں تو دنیا کا بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم موجود ہے۔ کیاوجہ ہے کہ ہم اپنے ہیلتھ کیئر کے نظام کو موثر نہیں بناسکے؟ اس پر غور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کی وجوہات میںوسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ، ناانصافی، معاشرتی ناہمواریاں اورصحت کی سہولیات میں عدم مساوات شامل ہیں۔ ہمیں اسے ختم کرنا ہے۔ لوڈشیڈنگ ختم ہونے کے باوجود بھی دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ دہشت گردی کے مسئلے کے حل کی کئی جہتیں ہیں جنہیں بیک وقت درست کرنا ہوگا اور اس کے لئے غیرمنصفانہ نظام کو تبدیل کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ اسی مقصد کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب میں تاریخ ساز ترقیاتی اقدامات کئے۔ ان علاقوں میں نئے ہسپتال بنائے اور طبی سہولیات کو بہتر کیا، جنوبی پنجاب میں دانش سکولز کھولے گئے۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عام انتخابات میں شاندار کامیابی ملی۔انہوں نے کہاکہ ابھی وقت ہے کہ ہم مل کرہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنالیں ورنہ وقت کا دھارا ہر چیز کو خش وخاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا۔قبل ازیں سیکرٹری صحت احسن اقبال نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف عوام کو بہترین طبی سہولیات کی بلاامتیاز فراہمی کا عزم رکھتے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام ترتیب دیاگیاہے۔ بہترین ہیلتھ سروسز کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک اور مشاورت سے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی مدبرانہ اور ویژنری قیادت میں ہم ایسا ہیلتھ سروس ڈلیوری سسٹم تشکیل دینے میں ضرور کامیاب ہوں گے جس سے معاشرے کے ہر فرد کو بلاامتیاز بہترین طبی سہولیات میسر آئیں۔ وزیراعلیٰ کے مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی محمد شہبازشریف کاعطاء اﷲ گروپ آف کمپنیز کے بانی میاں عطا ء اﷲکی زوجہ کے انتقال پر اظہارتعزیت
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نیعطاء اﷲ گروپ آف کمپنیز اینڈ عطا ء اﷲ کنسورشیم کے بانی میاں عطا ء اﷲکی زوجہ کے انتقال پر گہر ے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیاہےـ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اﷲ تعالی مرحومہ کی روح کو اپنے جوار رحمت میںجگہ عطاء فرمائے اورلواحقین کو یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق دے ـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جی ایس ٹی کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو چکا ہے
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جی ایس ٹی کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو چکا ہے، حکومت نے جی ایس ٹی ٹیکس لگا کر عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے، پوری دنیا میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ تجویز پر ہی ٹیکس نافذ کر دیا جائے مسلم لیگ ن کو عوام نے واضح اکثریت دی ہے انہیں عوام کے منافی اقدامات سے گریز کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے پہلے ہی باور کرایا ہے کہ عوام کے مفادات کا خیال رکھا جائے تو پیپلز پارٹی ساتھ دے گی، پہلے بجٹ میں ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے اگر خاطر خواہ اقدامات نہ کئے گئے تو عوام میں انتشار بڑنے کا خطرہ ہے جو حکومت سے روکنا مشکل ہو جائے گا اس لئے حکومت کو عوام کے مفادات کا خیال رکھنا چا ہیے ملک اور قوم کے مفاد کو بالائے طاق رکھ ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر نہیں ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہر ادارہ اپنے بارڈر لائن معذوری والے کچھ بچوں کو عام سرکاری و نجی سکولوں میں صحت مند بچوں کے ساتھ تعلیم (Inclusive Education) حاصل کرنے کے لیے بھجوائیں
لاہور(جی پی آئی)صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے خصوصی بچوں کی تعلیم وتربیت کے اداروں کے منتظمین سے کہا ہے کہ ہر ادارہ اپنے بارڈر لائن معذوری والے کچھ بچوں کو عام سرکاری و نجی سکولوں میں صحت مند بچوں کے ساتھ تعلیم (Inclusive Education) حاصل کرنے کے لیے بھجوائیں کیونکہ دنیا بھر میں یہی طریقہ کار موثر ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بات آج رائزنگ سن ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ اجلاس سے خطاب میں کہی۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ یہ فلاحی ادارہ پیدائشی طور پر نارمل بچوں سے کم ذہنی صلاحیت (مینٹل ریٹارڈیشن) رکھنے والے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کا ملک بھر میں سب سے بڑا ادارہ ہے ۔ادارے کے صدر ڈاکٹر عبد التواب خان نے بتایا کہ وہ ذہنی طور پر پسماندہ بچوں کی محرومیوں کی طرف نہیں بلکہ ان کے اندر پوشیدہ خوبیوں (Residual Capabilities) کی طرف دیکھتے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ رائزنگ سن ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام لاہور میں ایک ماڈل انکلوژو سکول قائم کیا جارہا ہے جس کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طاہر جاوید نے ایک کنال کا پلاٹ بطور عطیہ دیا ہےـاجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور میں نہر کے کنارے ڈینٹل کالج کے ساتھ چار کنال کے ایک اور پلاٹ پر خصوصی بچوں کے لئے شیلٹر ہوم اور شیلٹر ورکشاپ تعمیر کی جارہی ہے ـ یہ پلاٹ بھی لاہور کی ایک مخیر شخصیت نے رائزنگ سن ویلفیئر سوسائٹی کو عطیہ کیا ہےـصوبائی وزیر تعلیم نے اس موقع پر پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ (PEEF ) کے چیف ایگزیکٹو کو ہدایت کی کہ وہ بہاولپور ، لودھراں ، مظفرگڑھ اور بہاولنگر کے مختلف ووکیشنل انسٹیٹیوٹس میں خصوصی بچوں کے لئے تعلیم وتربیت کا سلسلہ جاری کرنے کے سلسلے میں رائزنگ سن ایجوکیشن اینڈویلفیئر سوسائٹی کے ساتھ اشتراک عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لیںـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی محمد شہبازشریف کاایکسپریس نیوز کے سینئر صحافی اور رپورٹر شہریار خان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایکسپریس نیوز کے سینئر صحافی اور رپورٹر شہریار خان کے والد کے انتقال پر گہر ے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیاہےـ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اﷲ تعالی مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میںجگہ عطاء فرمائے اورلواحقین کو یہ صدمہ صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق دے ـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلام نے دشمن کو بھی وحشیانہ انداز سے قتل کرنے کی اجازت نہیں دی: پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مسلم ممالک میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر قتل وغارت گری اغیارکی سازش ہے۔ جس کے تحت مسلمان سے لڑایا جارہا ہے ۔شام ہو ،پاکستان ہو یا عراق شیعہ اور سنی کی لڑائی سے تیسری قوت فائدہ اٹھا رہی ہے۔ او آئی سی بیدار ہو یہ سلسلہ جاری رہا تو فرقہ وارانہ کشیدگی عالمی رخ اختیار کرسکتی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جہاںجس کی اکثریت ہے جمہوریت کا تقاضا ہے کہ اسکا حق حکمرانی تسلیم کیا جائے۔ مخالفین کے گھروں کو جلانا، بچے بچیوں کا قتل کونسی شریعت ہے۔ اقتدار کی خاطر کلمہ گو مسلمانوں کو زبح کرنا اسلام کے علاوہ انسانیت کی بھی توہین ہے۔ پاکستان ،سعودی عرب اورایران کو اس مسئلہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ کوئی ایسی تدبیر نکالی جائے خون ریزی کا سلسلہ رک جائے۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ اسلام نے دشمن کو بھی وحشیانہ انداز سے قتل کرنے کی اجازت نہیں دی، یہاں مخالف عقیدہ کے لوگوں پر پٹرول چھڑک کر جلایا جارہاہے۔ یہ دہشت گرد ی کی بدترین شکل ہے۔ جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکمران وسائل کو شاہ خرچیوں کی بجائے ملکی ترقی کے لئے استعمال کریں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں،بھارتی آبی جارحیت،توانائی بحران کے خاتمے اور نئے روز گار کے مواقع پیداکرنے کے لئے ضروری ہے کہ حکومت کالاباغ ڈیم پر کام شروع کرے۔بھاشا ڈیم کی تعمیر 12سال میں مکمل ہوگی اس لحاظ سے اگر ہم اسے مستقبل کا ڈیم کہیں توبہتر ہوگا۔صرف کالاباغ ڈیم ہی واحد ڈیم ہے جو4سال میں مکمل ہوسکتا ہے۔پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے اگرحکمران ان وسائل کو اپنی شاہ خرچیوںکی بجائے ملکی تعمیرکے لئے استعمال کریں تو ہم تمام میگاپراجیکٹس مکمل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت آئی پی پیز کے تیل کے منصوبوں کے بجائے دیگر ہائیڈل پاور پراجیکٹ منصوبوں کی طرف توجہ دیتی توہمیں ایک روپے فی یونٹ والی سستی ترین بجلی میسر ہوتی جوتیل کے بجلی گھروں سے18روپے فی یونٹ حاصل کی جارہی ہے۔ملک میں معاشی استحکام کے لئے توانائی کے سنگین بحران پر ہنگامی بنیادوںپر قابوپانے کی ضرورت ہے۔1983سے اب تک کالاباغ ڈیم کو سیاسی ایشو بنا کرالتواء میں ڈالاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت اپنے دور اقتدار میں کالاباغ ڈیم کو تعمیر اور پاک ،ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کرکے 18کروڑ عوام کے ساتھ محب وطن ہونے کاثبوت دے سکتی ہے۔بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان میں کوئی بڑاڈیم تعمیر کیا جائے اس کے لئے وہ تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ ملک میں سونے کی کانیں اور ہر قسم کی معدنیات ہیں ان سے وطن عزیز کو فائدہ پہنچانے کی بجائے لوٹ سیل لگی ہوئی ہے۔گزشتہ5سالوں میں لوٹ مارکرنے والوں کا سختی سے احتساب کیا جائے۔ایسے لوگ جو ملکی مفاد کو نظر انداز کرکے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے حکمرانی کے لائق نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے کورین واٹر ز ریسورسز کارپوریشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات ،توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کورین واٹرزریسورسز کارپوریشن کے نمائندہ وفد نے آج یہاں ماڈل ٹائون میں ملاقات کیـملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئیـکورین واٹرز ریسورسز کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاراحمد خان، ڈپٹی چیف ایگزیکٹوآفیسرہیوک پارک(Hyukpark )، چیف فنانشنل اینڈ کمرشل آفیسرہیکسوپ ہین((Haksop Han،صوبائی وزیر توانائی چودھری شیر علی خان ، صوبائی وزیر آبپاشی یاور زمان ، سیکرٹریز توانائی وآبپاشی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھےـوزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کودرپیش توانائی کے شدید بحران کے پیش نظر ہمارے لئے بجلی کا ایک ایک میگا واٹ قیمتی ہے ،ہمیں انتہائی تیز رفتاری سے توانائی کے منصوبے مکمل کرنا ہیںـ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور غفلت کے باعث قوم کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنا پڑ رہا ہےـ ہم پاکستان کو توانائی کے بحران سے جلد ازجلد چھٹکارا دلانا چاہتے ہیںـانہو ںنے کہاکہ کورین واٹرز ریسورسز کارپوریشن کی جانب سے توانائی کے شعبے میں تعاون کی پیشکش خوش آئندہ ہے ـکورین سرمایہ کار پنجاب میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں ہر ممکن سہولت فراہم کریںگےـ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ تونسہ پاور پراجیکٹ میں کورین واٹر ریسورسز کارپوریشن کے ساتھ تعاون کا جائز ہ لیا جائےـانہوںنے کہاکہ 120میگا واٹ کے تونسہ پاور پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کرنا چاہتے ہیںـ منصوبے کی فزیبلٹی بن چکی ہے ـکنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کا عمل جلد سے جلد شفاف طریقے سے مکمل کیا جائےـانہوںنے کہاکہ دریائوں اور نہرئوں پر واٹر مینجمنٹ کے حوالے سے بھی کورین فرم کا تعاون حاصل کرنے کا جائزہ لیا جائےـ انہوںنے کہاکہ محکمہ توانائی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گاـکورین واٹر ز ریسورسز کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقار احمد خان نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں ـکوریا کے سرمایہ کار پنجاب میںتوانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے سنجید ہ ہیں اور اس شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھائیں گےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اراکین اسمبلی کے دوروں سے ہسپتالوں کا باقی ماندہ نظام برباد ہو گا’شاہانہ فاروقی
لاہور(جی پی آئی) ق لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی صدر شاہانہ فاروقی نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کے دوروں سے ہسپتالوں کا باقی ماندہ نظام بھی برباد ہو جائے گا۔ حال ہی میں ایک خاتون ایم پی اے نے بس کے سفر میں کئی گھنٹے قیامت برپا کئے رکھی اس واقعہ سے سبق لیا جائے حکومتی ایم پی اے خود کو آسمان کی مخلوق سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت یہ مراسلہ واپس لے اور ہسپتال انتظامیہ ہی ہسپتال کے معاملات چلائے تو بہتر ہو گا۔ انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہسپتالوں کے دوروں کا مراسلہ جاری ہوا کل تھانوں کی انسپکشن کیلئے ایم پی اے پہنچ جائیں گے اور اس سے عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کا عمل بری طرح متاثر ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کشکول توڑنے کی بات کرنے والوں نے سائز بڑا کرلیا ، سینیٹر کامل آغا
لاہور (جی پی آئی) ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر حکومت گھٹنے ٹیک چکی کشکول توڑنے کی بات کرنے والوں نے اس کا سائز بڑا کر لیا ، قرض مانگنے والوں کی شرائط نہیں منت ترلہ ہوتا ہے ، وفاقی حکومت کے کاروبار دشمن اقدامات سے سرمایہ کار اور بچا کچھا سرمایہ ملک سے فرار ہو جائے گا ،گیس ، پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ اور جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد بجلی کی قیمتیں آئی ایم ایف کے حکم پر بڑھائی گئیں ، گزشتہ روز انہوں نے یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ادائیگیوں کے باوجود بڑھ چکا عوام مر رہے ہیں مگر حکمران عوام کی جیبیں کاٹنے میں مصروف ہیں ، ن لیگ کو ووٹ دینے والے جان لیں شیر جنگل کا بادشاہ ہوتا ہے اور جنگل میں روشنی نہیں ہوتی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام کی رائے پر ڈاکہ زنی مصر کو پھر سے ڈکٹیٹر شپ اور کرپشن کی دلدل میںدھنسادے گی
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے مصر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی رائے پر ڈاکہ زنی مصر کو پھر سے ڈکٹیٹر شپ اور کرپشن کی دلدل میںدھنسادے گی۔ مصر کے دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔ صدر محمد مرسی مصری تاریخ کے پہلے منتخب جمہوری صدر ہیں لیکن حسنی مبارک کی باقیات اور ان کے عالمی سرپرستوں نے انہیں ایک روز بھی سکھ کا سانس نہیں لینے دیا۔اپنے ایک بیان میں سید منور حسن نے کہا ہے کہ اپنے ایک سالہ پرآشوب عرصہ صدارت میں صدر مرسی نے نہ صرف ملک کو پہلا آزادانہ جمہوری دستور دیا بلکہ ملک میں کرپشن کے دروازے بھی بند کرنا شروع کر دیے۔ انہوں نے ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے دور رس جامع منصوبے شروع کیے ، مصر کا کھویا ہوا عالمی مقام بحال کرنے کا آغاز کیا۔اور کئی سال سے محصور فلسطینیوں کا حصار ختم کروا دیا۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا ہے کہ پہلے منتخب سویلین صدر نے کئی بار اپوزیشن کی طرف مصالحت کا ہاتھ بڑھایا ۔ کابینہ میں نصف سے زائد وزراء دوسری پارٹیوں اور باصلاحیت قومی شخصیات میں سے بنائے ،لیکن گزشتہ 60سال سے ملک پر براجمان ڈکٹیٹر شپ کی باقیات، مسلسل ایک کے بعد دوسرا بحران کھڑا کر رہی ہیں۔سید منور حسن نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے جمہوری اقدار کا پاس نہ کیا ، اخوان کی صلح جو پالیسی اور باربار مذاکرات کی دعوت کی قدر نہ کی تو بہت جلداسے پچھتاوا ہو گا اور ملک وقوم ایک بار پھر کسی مہم جو جابر کے چنگل میں پھنس کر رہ جائے گی۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مصر کی کلیدی حیثیت کے باعث ،عالمی استعمار کو اس کی خودمختاری،استحکام اور آزادانہ پالیسیاں ہضم نہیں ہو رہیں۔وہ سرمائے کے انبار اور اپوزیشن کی مار دھاڑ کے ذریعے، اہم برادر مسلم ملک مصر کو اسرائیل کی کسی غلام حکومت کے ہاتھ سونپنے کے لیے بے تاب ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کو واقعی عوا م کی تائید حاصل ہے تو صدر مرسی کے اعلان کردہ قومی اسمبلی کے عام انتخابات کو یقینی بنائے اور ووٹ کے ذریعے ملک میں تبدیلی لے آئے۔سیدمنور حسن نے مصری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن اور متحد رہتے ہوئے بیرونی دشمنوں اور نادان اپوزیشن رہنماؤںکی سازشیں ناکام بنا دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولیو خاتمہ مہم میں کسی گروہ کو بھی رکاوٹ کھڑی نہیں کرنی چاہیے ( لیاقت بلوچ)
لاہور (جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسف کے زیر انتظام انسداد پولیو کے لیے منعقدہ دینی اور سیاسی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر بیماری کے علاج کے لیے کوشش کرنا اسلامی تعلیمات کا لازم جزو ہے ۔ دینی تعلیمات پولیو ،خسرہ ، ہیپاٹائٹس جیسے متعدی اور مہلک امراض کے خاتمہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ،منبرو محراب اور علما ء اس مہم میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔جماعت اسلامی عوام اور نئی نسل کو ہر طرح کی بیماری سے بچائو کے لیے مثبت اور بھر پور جدوجہد کرے گی ۔ عوام ، والدین پولیو کے خاتمہ کے لیے بھر پور تعاون کریں اور ایسی مہمات میں بچوں کی ویکسین اور قطرے پلانے کے لیے دینی اور قومی جذبہ سے کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ شیخ عبدالوہاب ، پولیو خاتمہ مہم کے کنٹری انچارج طارق بھٹہ ، جماعت اسلامی کے رہنمائوں سید وقاص جعفری، ڈاکٹر عطاء الرحمن ، احمد سلمان بلوچ ، عابد میر ، الخدمت فائونڈیشن کے رہنمائوں سید احسان اللہ وقاص ، احسن علی سید اور بابر حمید اور مولانا سید عبدالخیر آزاد اور دیگر علما ئے کرام بھی موجود تھے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملے اور انہیں ناحق قتل کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ۔ پولیو خاتمہ مہم میں کسی گروہ کو بھی رکاوٹ کھڑی نہیں کرنی چاہیے ۔ پولیو ٹیموں کے مرد و خواتین رضاکاروں کا احترام اور حفاظت کی جانی چاہیے لیکن ان مہمات کو ملک میں بد انتظامی ، کرپشن ، غفلت اور ناقص ادویات نے نقصان پہنچادیا ہے ۔ پولیو مہم کے نام پر ایبٹ آباد میں ڈاکٹر شکیل آفریدی سے جاسوسی کا کام لینا اور فاٹا میں ڈرون حملوں کے لیے پولیو اور دیگر بیماریوں کی ویکسینیشن کی آڑ میں رضاکاروں کے ذریعے جاسوسی کا نیٹ ورک چلانا شرمناک اور ناقابل معافی ہے ۔ ڈبلیو ایچ او اور یونیسف یو این او کو پاکستان میں در پیش مشکلات کے لیے امریکہ اور نیٹو فورسز کی ناجائز مداخلت اور اقدامات سے آگاکریں اور پاکستان کی آزادی و خود مختاری کا احترام کیا جائے ۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک بھر میں دہشتگردی کی تازہ لہر بہت خوفناک اور بے گناہ انسانوں کو لقمہ اجل بنارہی ہے ۔ کراچی ، کوئٹہ ، پشاور ، فاٹا اور دیگر مقامات پر تخریب کاری وہی قوتیں کر ارہی ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم اور ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتی ہیں ۔ نومنتخب حکومت آتے ہی امریکہ ، برطانیہ اور عالمی مالیاتی اداروں کے دبائو کا شکار ہو گئی ہے ۔ بجٹ کی ناکامی اور عوام پر مظالم نے حکومت کو حواس باختہ کر دیاہے ۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام اپوزیشن جماعتوں کو قومی سلامتی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے یک آواز اور قومی چارٹر پر یکسو ہو کر چلنا ہوگا ورنہ قومی سلامتی ، عوامی اعتماد اور جمہوریت کو بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی کا جِن بے قابو ہو گیا ہے
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سادیہ سہیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی کا جِن بے قابو ہو گیا ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکو مت کی پا لیسوں میں کوئی فرق نہیں، موجودہ حکومت بھی ماضی سے بھی بڑا کشکول لے کر آئی ایم ایف کے قدموں میں جا بیٹھی ہے، حکو مت نے عوامی مسائل حل نہ کیے تو انکا حشر پیپلزپارٹی سے بھی برا ہو گاایک بیان میں انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت عام انتخابات سے پہلے 6ماہ میں بجلی کے بحران کو حل کر نے کی باتیں کرتی رہی مگر آج حکو متی وزیر تین سال میں بھی بجلی لوڈشیڈ نگ ختم نہ ہونے کی باتیں کر رہے ہیں جس سے قوم کو انتہائی مایوسی ہو رہی ہے، موجودہ حکومت سے بہتری کی کوئی توقع نظر نہیں آ رہی ہے، بجٹ نے حکومت کی عوام دوستی اور قابلیت کا پول کھول کر دیا ہے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویناک ہو چکی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میاں نواز شریف کے چین کے دورے سے پاکستان میں توانائی کے بحران کو حل کر نے میں مدد ملے گی
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے چین کے دورے سے پاکستان میں توانائی کے بحران کو حل کر نے میں مدد ملے گی۔ توانائی بحران مسلم لیگ ن کی اولین ترجیح ہے اس کو حل کرنے کے لئے مسلم لیگ ن کی قیادت دن رات ایک کئے ہوئے ہے چین کے دورے پر وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ایجنڈے میں توانائی کا معاملہ سرفہرست ہوگا۔ اس دورے سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور چین دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ملکر کام کررہے ہیں۔ چین کی حکومت اور عوام نوازشریف کے دورہ کے شدت سے منتظر ہیں ، مسلم لیگ ن کی قیادت کو پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وتجارت میاں محمد آصف نے حکومت سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے آل پارٹیز کا نفر نس بلانے کامطا لبہ
لاہور( جی پی آئی) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وتجارت میاں محمد آصف نے حکومت سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے آل پارٹیز کا نفر نس بلانے کامطا لبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی مخالفت کر نیوالے ملک وقوم کے دشمن ہیں ‘ (ن) لیگ کی حکو مت پیپلزپارٹی کے” مشن” کو آگے بڑھا رہی ہے’بجلی کی لوڈشیڈ نگ ‘مہنگائی اور بے روز گاری جیسے مسائل کا خاتمہ نہیں ان میں اضافہ ہو رہا ہے ‘پنجاب حکو مت بلد یاتی انتخابات 6ماہ میں کروانے کا وعدہ پورا کر ے۔ گر ین بلڈ نگ میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد آصف نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت اپنے دور اقتدار میں کالاباغ ڈیم کو تعمیر اور پاک ،ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کرکے 18کروڑ عوام کے ساتھ محب وطن ہونے کاثبوت دے سکتی ہے اور حکو مت کو چاہیے کہ وہ کالا باغ ڈیم پر اتفا ق رائے کیلئے اے پی سی بلائے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ5سالوں میں لوٹ مارکرنے والوں کا سختی سے احتساب کیا جائے مگر بدقستمی (ن) لیگ کے حکو مت بھی ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر مسائل میں اضافہ کر کے اصل میں پیپلزپارٹی کو کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے ‘ حکمران آنیوالے دنوں میں عوام پر مزید مہنگائی اوربے رو زگاری کے بم مارے جا ئینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)آل سوات ٹرانسپورٹ کے نمائندوں کا اجلا س ہوا اجلاس میں اعلی حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ اے سی تحصیل بابوزئی سوات کے سارے عوام کا حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں یہ اے سی پشتو نہیں جانتا اور لوگوں سے اردومیں بات کرکے ہمارے سوات کے غیر تعلیم یافتہ عوام کو غیر ضروری باتو ں میں الجھا کر لاجواب کردیتے ہیں کسی کا موقف سننا گوارا نہیں کرتا علاقے کے رسم و رواج سے نا اشنا ہے ٹرانسپورٹ برادری کو بلاوجہ تنگ کررہاہے اور معمولی معمولی باتوں پر عوام کو حوالات میں بند کرتا ہے لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ مذکورہ اے سی کو جلد از جلد یہاں سے تبدیل کریں ورنہ عوام سڑکوں پر نکل ائیںگے اور ہڑتال کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔
حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ بلدیہ اورواپڈاکے معاملات کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے۔تاکہ دودھ کادودھ اورپانی کاپانی ہوسکے