اضلاع کی خبریں 22.08.2013

آج سے مسلم(ن) یوتھ ونگ گوجرانوالہ پی پی91 کے پریس سیکرٹری کے کام ندیم بزمی سر انجام دے گے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)آج سے مسلم(ن) یوتھ ونگ گوجرانوالہ پی پی91 کے پریس سیکرٹری کے کام ندیم بزمی سر انجام دے گے ندیم بزمی کو پی پی 91کاپریس سیکرٹری بنادیاگیا ہے۔جس کانوٹیفکیشن مسلم (ن)یوتھ ونگ سٹی صدرولیدآصف بٹ اورمسلم (ن)یوتھ ونگ پی پی 91کے صدریاسر مشتاق بھٹی نے جاری کردیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میاں نواز شریف کا قوم سے خطاب اعتراضات کا مجموعہ ہے:رانا ناصر محمود
گوجرانوالہ (جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما رانا ناصر محمود نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کا قوم سے خطاب اعتراضات کا مجموعہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کو مذاکرات کی پیش کش کی ہے جو آئین پاکستان کی کھلم کھلا مخالفت ہے۔ اسی لئے ہم اِس کی مذمت کرتے ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے اراکین و عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا ناصر محمود نے کہا کہ موجودہ حکومت فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کے اندر لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کی مدت بڑھا کر پانچ سال کردی گئی جوکہ میاں نواز شریف کے قول و فعل میں واضح فرق ہے۔ حکومت نے ابتدائی دو ماہ میں ناکامی کی عظیم الشان داستان رقم کردی ہے۔ نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا ہے کہ ان کی پرانی عادتیں نہیں بدلیں اور ان میں قائدانہ صلاحیت کا فقدان ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا قوم سے بطور وزیراعظم پہلا خطاب امید کی کرن ہے:رضوان سلم بٹ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 91، عوامی خادم رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا قوم سے بطور وزیراعظم پہلا خطاب امید کی کرن ہے۔ انشاء اﷲ میاں برادران ملک پاکستان کے ڈوبتے جہاز کو سطح ترقی پر لاکر پوری دنیا میں اعلیٰ مقام دلائیں گے۔ عوامی خادم رضوان اسلم بٹ نے کہا کہ میاں نواز شریف کے سابقہ ادوار تابناک ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی دِن رات صرف کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ الیکشن میں بھاری مینڈیٹ سے کامیابی کے بعد بجائے مغرور ہونے کے میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف نے اپنی عاجزی، انکساری میں کمی لانے کی بجائے اُس میں پہلے سے زیادہ اضافہ کیا ہے اور حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے میاں برادران نے حکومتی مشنری کو حرکت میں لاکر صدقہ جاریہ کا کام کیا ہے۔ سیلاب زدگان کی آباد کاری اور متاثرین کی فلاح و بہبود کے کام اپنے عروج پر ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشتگردی کچلنے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت فیصلہ کن کردار ادا کرناہوگا :علامہ اشفاق صابری
اسلام آباد(جی پی آئی) ادارہ صراط مستقیم پاکستان کے رہنماعلامہ اشفاق احمدصابری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے واضح پالیسی کا اعلان نہ کرکے پوری قوم کو مایوس کیا ہے۔ دہشت گردوں کو قانون کی گرفت میں نہ لانا حکومت کی بدترین نااہلی ہے۔جب تک جزا و سزا کے قانوں پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا ملک میں دہشتگرد دندناتے پھریں گے۔ دہشتگردی کو کچلنے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت فیصلہ کن کردار ادا کرناہوگا۔ وزیراعظم کی جانب سے سزائے موت پر عملدرآمد کو روکنا قرآن و حدیث کی رو سے انصاف کا قتل اور قاتلوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ اِس حکم سے صرف پنجاب میں 685 افراد کی پھانسی رک گئی اور5600 کیسز میں متوقع سزائوں پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا۔انتہاپسند دہشت گردوں کو جب تک تختہ دار پر لٹکایا نہیں جاتاملک میں بدامنی، قتل و غارت گری کو روکنا ناممکن ہے۔( ن )لیگ کا پنجابی طالبان کے خلاف کارروائی سے گریز کرنا اور الیکشن میں کالعدم تنظیموں کے سرگرم رکن عابد رضا کو گجرات اور عباد رضا کو مظفر گڑھ میں پارٹی ٹکٹ دیکر کامیاب کرانا بہت سے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کا عندیہ 40ہزار پاکستانیوں اور پانچ ہزار سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت سے غداری ہے۔ شریعت کسی قانون شکن قاتل کو ذاتی طور پر معاف کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متفقہ قومی پالیسی اختیار کی جائے اور از سر نو داخلہ و خارجہ پالیسیاں قومی امنگوں کے مطابق ترتیب دی جائیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈمی ریلیف کیمپوں کا افتتاح کرنیوالے آٹے کی قیمتیں کنٹرول کریں’سیمل کامران
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات سیمل کامران نے کہا ہے کہ ڈمی ریلیف کیمپوں کے افتتاح میں مصروف حکمران آٹے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں کنٹرول کریں۔ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صوبہ کے 4 کروڑ سے زائد متوسط اور غریب انتہائی پریشان ہیں۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ہائوس میں ایم ایس ایف کے صدر سہیل چیمہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہی حکمرانوں نے عوام کو 2 روپے میں روٹی دینے کی نوید سنائی تھی اب روٹی 6 روپے اور نان 8 روپے سے بڑھ گیا تو انہوں نے ہمدردی کا بول تک نہیں بولا اور اب بھولے سے بھی سستے تندوروں کا ذکر نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ فلور ملز مالکان خبردار کر رہے ہیں کہ اگر پنجاب حکومت نے سستی گندم فراہم نہ کی تو آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 900 روپے تک پہنچ جائے گا اور تاحال 30 فیصد سے زائد فلورملز بند ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی حیثیت سے ہم بھی پنجاب حکومت کو خبردار کر رہے ہیں کہ وہ گندم آٹے کے ممکنہ بحران کو سنجیدگی سے لے اور عوام کو ریلیف دے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اساتذہ کی نئی بھرتیوں میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا جارہا ہے، ق لیگ پنجاب
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کے بہاولپور پی پی 276 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی ہے کہ پنجاب حکومت اساتذہ کی نئی بھرتی میں جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کو بری طرح نظر انداز کر رہی ہے، جنوبی پنجاب کے اضلاع کے ہزاروں سکول پہلے ہی حکومت کی عدم توجہ کے باعث بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ،اور شرح خواندگی کے حوالے سے پنجاب کے دیگر اضلاع سے کہیں پیچھے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اساتذہ کی نئی بھرتیوں کے حوالے سے وسطی پنجاب کے اضلاع میں 14 ہزار 7 سو 2 نئے استاد بھرتی کررہی ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں صرف 35 سو 74 استاد بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو امتیازی سلوک اور زیادتی ہے ، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بچوں کو بھی معیاری تعلیم حاصل کرنے کا حق حاصل ہے ،بادی النظر میں اس حق سے انکار کی سوچ نظر آتی ہے، اگر پنجاب حکومت کی تعلیمی ترجیحات کو دیکھا جائے تو ان میں جنوبی پنجاب کو ترجیح حاصل نہیں ، انہوں نے تحریک میں کہا کہ پنجاب حکومت راجن پور میں 295، لیہ میں 355، رحیم یار خان میں 1014، لودھراں میں 488، ملتان میں 403 ،ڈی جی خان میں 495 اور بھکر میں 584 نئے استاد بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے یہ مجموعی تعداد 3574 بنتی ہے، جبکہ اس کے برعکس وسطی پنجاب کے اضلاع فیصل آباد میں 1943، قصور میں 1039، اٹک میں 1703، گوجرانوالہ میں 849، لاہور میں 1461، منڈی بہائو الدین میں 889 ، راولپنڈی میں 1858، اوکاڑہ میں 1224،نارووال میں 1350 ،ساہیوال میں 1017، سرگودھا میں 1378، نئے اساتذہ بھرتی کر رہی ہے، یہ مجموعی تعداد 14702 بنتی ہے، صوبہ کے دونوں حصوں میں واضح فرق کا مشاہدہ کیا جاسکتاہے، انہوں نے تحریک میں کہا کہ پنجاب حکومت بتائے جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لیے اساتذہ کی بھرتی میں امتیازی سلوک روا کیوں رکھا گیا ہے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائیں جائیں ،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائیں جائیں کیونکہ بلدیاتی اداروںکے انتخاب غیر جماعتی ہونے کے باعث مسائل پیدا ہونگے اور الیکشن کے بعدخریدوفروخت کا بازار گرم ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اگر خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے توپنجاب میں بھی یہی فیصلہ کیا جائے کیونکہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد ہوئے اور اس میں حکمران جماعت نے واضع برتری حاصل کی تھی اس لیے انہیں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد کروانے اور نتائج سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔میاں کامران سیف نے کہا کہ حکمران پارٹی کی جانب سے غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کروانے ان کے اپنے منشور کی نفی ہے ،جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور جماعتی بنیادوں پر منتخب ہونے والے ان اداروں کے سربراہ اپنی پارٹی کے منشور پر عملدرآمد کرواتے ہوئے اپنے اپنے اضلاع میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضمنی انتخاب میں من پسند نتائج لانے کیلئے حکومتی مشینری استعمال ہو رہی ہے:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں من پسند نتائج لانے کیلئے حکومتی مشینری استعمال ہو رہی ہے، ضمنی انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو تحریک انصاف کے کارکن سیسہ پلائی دیوار بن جائے گا، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بھرپور تیاری کیساتھ اور دھاندلی روکنے کیلئے میدان میں اتریں گے، عوام 22اگست کو باہر نکلیں او رنظریے کو ووٹ دیکر مفاد پرستوںکو مسترد کردیں۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے تھانہ کلچر کو ختم کرنے کے دعویداروں پولیس کو انتخابی مہم کے لئے استعمال کر رہے ہیں نواز شریف کے خطاب سے عوا م کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا، میاں برادران شہنشائیت برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شر یف نے اپنے خطاب میں عوام کو مایوس کر دیا ہے:فضہ ذیشان
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنمافضہ ذیشان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شر یف نے اپنے خطاب میں عوام کو مایوس کر دیا ہے الیکشن میں ووٹ لینے کے لئے عوام سے کئے گئے جھوٹے وعدوں کی حقیقت کو خود ہی بیان کر دیا جس سے مسلم لیگ ( ن) کا اصل چہر ہ سب کے سامنے آگیا ہے انہوں نے کہا کہ خاندانی سیاسی پارٹی میں عہدے بانٹنے کا فن جاننے والوں نے سیاسی و عدوں کو اپنا اپنا بیان قرار دئے دیا کہ شہباز شر یف نے نعر ہ مارا تھا لوڈ شیڈ نگ کے خاتمے کا میاں نواز شر یف کا کہنا تھا الیکشن کے بعد اور اب خطاب میں لوڈ شیڈ نگ کا خاتمہ اگلے پانچ سال پر پہنچا دیا ہے جو کہ عوام کو بیو قوف بنانے کے سوا کچھ نہیں ہے جس کو پوری قوم جان چُکی ہے انہوں نے کہا کہ قائد تحریک عمران خان نے ہمیشہ پاکستانی عوام کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کر نے کا سوچا ہے اور کر نے کا عزم بھی رکھتے ہیں عوام کو ووٹ کی طاقت کا تحریک انصاف نے بتایا جسکے بعد عوام کے مینڈ یٹ کو اپنی جیب میں سمجھنے والوں کی راتوں کی نیندیں اُڑ گئیں انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان نے پاکستان کی عوام کے لئے تبدیلی کا سفر خوشحال پاکستان کے لئے شر وع کیا ہے جو کہ اب اپنی منزل کی طرف چل نکلا ہے اور بہت جلد عوامی مینڈ یٹ کی تو ہین کر نے والوں کی سیاست کا خاتمہ ساری عمر کے لئے ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سائوتھ ایشیاء پارٹنر شپ۔پاکستان کے زیر اہتما م آج صوبائی بجٹ کے موضوع پر ایک صوبائی کانفرنس منعقد کی گئی
لاہور(جی پی آئی)سائوتھ ایشیاء پارٹنر شپ۔پاکستان کے زیر اہتما م آج ایک مقامی ہوٹل میں صوبائی بجٹ کے موضوع پر ایک صوبائی کانفرنس منعقد کی گئی۔یہ کانفرنس” عوام سب سے اہم ہیں :لوگوں کے معاشی اور سماجی تحفظ کا پروگرام “کے تحت ہوئی۔ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد فیصلہ سازوں، سیاسی جماعتوں ،سول سو سائٹی اور پنجاب اسمبلی کے نمائندوں اور ما ہرین معشیت کے ساتھ مل کر صوبائی بجٹ کی تشکیل کے مختلف مرا حل پرمشاور ت کرنا اور اس عمل کے ذریعے سامنے آنے والی تجاویز اور سفارشات کو پالیسی سازوں اور پارلیمنٹ کے ممبران کو پیش کرنا تھا تا کہ ا ئندہ سال آنے والے بجٹ میں ان سفارشات کی روشنی میں عوام کے معاشی،سماجی و انسانی تحفظ کے لئے ان کی ضروریات کو بجٹ کا حصہ بنایا جا سکے ۔کا نفرنس میںمختلف شراکت داروں نے حصہ لیا اور صوبائی بجٹ میں عوام کی سماجی اور معاشی ضروریات کے مطابق فنڈز مختص نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیپ ۔پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر محمد تحسین کہا کہ ہمارے قومی اورصوبائی بجٹ میں عوام کی ضرورتوں اور مسائل کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا، یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں معاشی اور سما جی صورت حال انتہائی تباہ کن ہے، خاص طور پر تعلیم و صحت کی حالت تو بے حد خراب ہے اور انسانی تحفظ کو درپیش خطرات بڑھ رہے ہیں جبکہ بجٹ بناتے وقت عوام کی ضرورتوں کا بالکل خیال نہیں رکھا جاتا، انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ سازی کے عمل میں عوام کو شامل نہیں کیا جاتا۔ غیرمنصفانہ طور پر بنایا گیا بجٹ عوام پرتھوپ دیا جاتا ہے۔ اَب وقت آگیا ہے کہ ہم خود آواز بلند کریں۔ بجٹ سازی پر بحث ومباحثہ کو پنجاب کے تمام اضلاع میں شروع کیا جا رہا ہے۔ تاکہ ضلعی سطح پر ضلعی بجٹ پر بھی بات چیت ہو گی اور بجٹ سازوں کے ساتھ بھی رابطے بڑھائے جائیں ۔ادارہ آگاہی برائے شرکتی ترقی کے ریجنل ڈائریکٹر سلمان عابد نے بجٹ کی تیار ی کا عمل ،بجٹ کیا ہوتا ہے اور کیا ہونا چاہئے ؟کے موضوع پر بات چیت کی اور کہا کہ بجٹ بنانے سے پہلے عوام کی اس سارے عمل کے ساتھ مشاورت ہونی چاہئے اورعوام کی رائے اور ان کی ضرورتوں کا احاطہ بجٹ کی تیاری سے پہلے کیا جانا اہم ہے تاکہ بجٹ لوگوں کی ضروریات کا آئینہ دار ہو۔ انہوں نے اس ضمن میں بجٹ کی نگرانی کے موثر اور فعال نظام کی تشکیل پر زور دیااور کہا کہ بجٹ ایک انتہائی اہم سیاسی عمل ہے۔ماہر معاشیات، مصنف، اور محقق ڈاکٹر طاہر پرویز نے صوبائی بجٹ کی ترجیحات کی وضاحت پیش کی اور کہا کہ درحقیقت بجٹ میں ان تر جیحات کو عوام کے سماجی، معاشی اور انسانی تحفظ پر مرکوز ہونا چاہئے جبکہ ایسا ہر گز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا۔انسانی تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کا کام ہے، شہریوں کو اپنے حقوق اور بجٹ میں اپنی ضروریات تعلیم و صحت کے لیے فنڈز مختص کرانے کے لیے احتجاج کرنا چاہئے۔ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائینسز سے ڈاکٹر فیصل باری ،نے پنجاب بجٹ، رحجانات، تجزیہ اور مستقبل کے موضوع پر اپنی تقریر میں بجٹ کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ بجٹ کے بارے میں مباحثہ کرنا ہمارا حق ہے ۔دنیا کے بیشتر ممالک میں یہ ایک موثرآلہ کا ر کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔پنجاب کا تعلیمی بجٹ بہت کم ہے ترقیاتی بجٹ ہر سال مختص تو کیا جاتا ہے لیکن ان میں اخراجات کا تعین ضروریات کے مطابق نہیں ہوتا ۔ایک اہم مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں صحیح اعدادوشمار میسر نہیں ہیں۔ہمیں بجٹ عمل میں شامل ہونے کے لیے صحیح اعدادوشمار کے نظام تک رسائی ممکن بنانی ہوگی۔اسلا میہ یونیورسٹی بہاولپور سے ماہر تعلیم ڈاکٹر صبیحہ رحمانی نے بجٹ کی تشکیل کا عمل اور اس کی تیاری کے تمام مراحل کا احاطہ پیش ؛کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کی بہتری اور ترقی کے لیے موئثر منصوبہ بندی کرنا ہے ۔ ہمیں ان مسائل کی نشاندہی کرنا ہے جن کے باعث غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تعلیم وصحت کے شعبوں میں بہتری لانے کے لیے سول سوسائیٹی کو اپنا متحرک کردار ادا کرنا ہو گا۔اس ضمن میں سنجیدگی سے وسائل کی تقسیم کے لیے منصوبہ سازی کی جائے اور ان وسائل کو استعمال کرنے کا علم ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کے بجٹ عوام کی ضرورتوں کا آئینہ دار ہونا چاہئے ،سیپ۔پاکستان کے ڈپٹی ڈائیریکٹر عرفان مفتی نے شرکا کو بجٹ پر اپنے خیالات اور مسائل کا اظہار کرنے اور اس سلسلہ میں تجاویز و سفارشات پیش کرنے کی دعوت دی ۔نعیمہ ملک سیپ۔پاکستان، مہناز رفیع پاکستان تحریکِ انصاف، فائزہ ملک پاکستان پیپلز پارٹی، شمیلہ اسلم پاکستان مسلم لیگ ن اور عطیہ سلیم انفارمیشن سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی بجٹ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم میاں نوازشریف کے حالیہ خطاب میں لفاظی کے سواکچھ نہیں تھا،:عابد حسین صدیقی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کے حالیہ خطاب میں لفاظی کے سواکچھ نہیں تھا، اس نازک وقت میں تقریر نہیں تدبیر کی ضرورت ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی نااہلی چھپانے کیلئے قوم کوطفل تسلیاں دے رہے ہیں معاشرے کا ہر پسماندہ فرد سیاسی طور پر پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو درپیش بحرانوں پر قابو پانا اور اسے شاہراہ ترقی پرگامزن کرنا شعبدہ بازوں کے بس کی بات نہیں ہے۔ بھارت کی حالیہ آبی جارحیت پاکستان کے بزدل حکمرانوں کی داخلی اور خارجی پالیسیوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اخوت اور خرم ویلفیئر سوسائٹی قصور کا گزشتہ روز قصور کے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ
لاہور(جی پی آئی) اخوت اور خرم ویلفیئر سوسائٹی( ہٹھاڑ) قصورنے گزشتہ روز قصور کے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا جبکہ امدادی کاموں میں حصہ لینے والے تمام جوانوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔اخوت کی جانب سے روبی دانیال’فوزیہ چغتائی ‘ خرم ویلفیئر سوسائٹی کے صدر حافظ عبدالغفار جبکہ ریسکیو 1122 کی جانب سے تنویر ، میڈم طاہرہ ، عمران اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر خالد نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ امدادی کاموں کے دوران متاثرہ دیہات بھکھی ونڈ ، تلنجر ، ساجرہ اور ماہی وال سمیت بہت سے گائوں کا جائزہ لیا گیا اور لوگوں سے ان کے نقصان کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئیروبی دانیال اور حافظ عبدالغفار نے کہا کہ ہم سیلاب زدگان اور ریسکیو 1122 کے ہر پل ساتھ ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ہم اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سیلاب کے دوران اور سیلاب کے بعد یہاں کے لوگوں کا ہر طرح سے ساتھ دیں گے۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے اخوت اور خرم ویلفئیر سوسائٹی کے کام کہ سرہا اور کہا کہ یہ لوگ باقی لوگوں کے لیئے ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تعلیم سے متعلقہ اداروں میں خالی آسامیوں پر فی الفور با صلاحیت اور میرٹ پر افسران تعینات کئے جائیں : سرمائیکل باربر
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنا کر پاکستان کا مستقبل سنوارا جا سکتا ہے اور یہ صرف انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ہی ممکن ہے۔ پنجاب میں آئندہ پانچ برس کے دوران سوفیصد شرح خواندگی کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا ـسوفیصد شرح خواندگی کا ہدف ایک چیلنج ہے جسے قومی ذمہ داری سمجھ کر پورا کیا جائے گا ـ صوبہ بھر میں ایمرجنسی انرولمنٹ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ـ اس مہم کے دوران بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جا رہا ہے ـ پنجاب حکومت اور برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ(DFID)کے درمیان تعلیم کے شعبہ میں اشتراک کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں ـ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت ڈیفڈکے درمیان تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دیئے جائیں ـسیلاب متاثرہ علاقوں اور امدادی کیمپوں میں بھی انرولمنٹ مہم جاری رکھی جائے ـوہ آج یہاں ماڈل ٹاؤن میں پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھےـصوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، مشیر اعجاز نبی ، چیف سیکرٹری ، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، برطانیہ کے ادارہ ڈیفڈ کے حکام کے علاوہ ماہرین تعلیم نے اجلاس میں شرکت کی ـوزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی اور معیشت کے استحکام کے لئے معیاری تعلیم کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے ـ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے تک بکھیرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے ـ بچوں کو حصول تعلیم کے لئے سکولوں میں لانے کے لئے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈکے اشتراک سے شروع کئے گئے پروگرام کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں ـ انہوں نے کہا کہ حصول تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت یہ حق انہیں پہنچا رہی ہے ـ حکومت کے اقدامات کی بدولت انشاء اللہ کوئی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہیں رہے گا ـ ہونہار طلباء و طالبات کو ٹیب لیٹس (Tablets) دینے کا بھی پروگرام بنایا ہے جس سے طلباء و طالبات کو جدید علوم سے آگاہی حاصل کرنے میں مدد ملے گی ـ انہوںنے کہا کہ سکولوں میں بچوں کو خصوصی سہولیات کی فراہمی پربھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے اور اس مقصد کے لئے خطیر وسائل خرچ کئے جارہے ہیں ـ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعلیم سے متعلقہ اداروں میں خالی آسامیوں پر فی الفور قابل اور میرٹ کی بنیاد پر افسران تعینات کئے جائیں ـ اساتذہ کی سکولوںمیں حاضری یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ پلان مرتب کیا جائے اوراساتذہ کے تقرر و تبادلوں کے حوالے سے کسی قسم کا سیاسی یا انتظامی دباؤ قبول نہ کیا جائے ـ انہوںنے کہا کہ تربیت یافتہ اساتذہ ہی قوم کے نونہالوں کو صحیح معنوں میں زیور تعلیم سے آراستہ کرسکتے ہیں اس لئے تحصیل کی سطح پر اساتذہ کی تربیت کا موثر انتظام ہونا چاہیے ـ انہوںنے کہا کہ سکول مینجمنٹ کمیٹیا ںتعلیمی نظام کی بہتری کے لئے اہم کردار ادا کریں گی ـ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی تشکیل سے سکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا ـ سکولوں کی بنیاد پر تعلیمی بجٹ مختص کرنے کے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گےـ انہوںنے کہا کہ ایمرجنسی انرولمنٹ مہم کے حوالے سے عوام کو بھرپوررہنمائی دینے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے جبکہ اس ضمن میں منتخب نمائندوں کو بھی مہم میں شامل کیا جائے۔ برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے تعلیم سر مائیکل باربر نے پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس پروگرام پر نہایت موثر انداز میں عملدرآمد کیا ہے ـپنجاب حکومت نے پچھلے چند برس کے دوران تعلیمی شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے ـ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات لائق تحسین ہیں ـ اجلاس میں انرولمنٹ مہم کو کامیاب بنانے اور بچوں کی ڈراپ آؤٹ شرح میں کمی کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیکولر قوتیں اسلام پسندوں کے خلاف صف آراء ہوگئی ہیں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے اخوان المسلمون کے سربراہ ڈاکٹر بدیع سمیت درجنو ںرہنمائوں کی گرفتاری ، ہزاروں کارکنوں کی شہادت اور خواتین کو برہنہ کرکے تشدد کے واقعات پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصری فوج اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،ظلم کی انتہا ہوچکی ہے۔جمہوری انداز میں منتخب حکومت کو معزول کرنا کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔مصری عوام کی اکثریت نے اخوان المسلمون کو ووٹ دے کر کامیاب کروایا لہٰذایواین او اور عالمی دنیا خاموش تماشائی بننے کی بجائے مرسی حکومت کی بحالی کے لئے اپنا مثبت کردار اداکرے۔انہوں نے کہاکہ مصری فوج کی بغاوت میں امریکہ اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔دنیا بھر میں مصرمیں ہونے والے مظالم کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور ان میں دن بدن شدت آتی جارہی ہے۔اسرائیل اور امریکہ کی ایماء پر مصری فوج نے قتل و غارت گری کا بازار گرم کررکھا ہے۔میڈیا کو آزادانہ طور پر کوریج کرنے نہیں دی جارہی۔غیر سرکاری ذرائع کے مطابق اخوان کے38قیدیوں کی لاشوں پر تشدد،جلائے جانے اور گولیوں کے نشانات واضح تھے۔انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں مگر مجال ہے کہ امن اور جمہوریت کے دعویدار ممالک اور غیر ملکی فنڈز پر چلنے والی این جی اوز کے کانوں پر جوں تک رینگ جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ہر سطح پر سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے مرسی حکومت کی بحالی کے لئے اپنا کردار اداکرے۔اخوان کے مینڈیٹ کا احترام کیا جاناچاہئے۔ترکی اور ایران کے موقف قابل ستائش ہیں۔انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب اللہ اور اس کے رسولۖ کی تعلیمات پر عمل کرنے والے دنیا پر غالب آئیں گے۔یہی وجہ ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اسلامی تحریکوں کے خلاف کفار متحد ہوچکے ہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ مرسی کی بحالی تک مظاہرے جارہیں گے۔امریکہ مرسی حکومت کو ہٹائے جانے والے فوجی اقدامات کو بغاوت تسلیم کرنے سے انکار کررہا ہے۔ثابت ہوچکا ہے کہ سیکولر قوتیںاسلام پسندوں کے خلاف صف آراء ہوگئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب نے توانائی منصوبوں کے حصول کیلئے ہر صورت سبقت لینا ہے:شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے تیزرفتاری سے پیش رفت کرنے کیلئے ہر صورت سبقت لینا ہے اور اس ضمن میں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے راستے تلاش کرنا ہوں گے۔ ترقی کیلئے توانائی کا حصول بنیادی اہمیت رکھتا ہے، آئندہ ایک سال کے دوران ایک ہزار میگاواٹ بجلی کا حصول ہدف ہونا چاہیئے اور اس ہدف کے حصول کیلئے متعلقہ ادارے شب و روز ایک کردیں۔ وہ آج یہاں ماڈل ٹائون میں توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے پنجاب انرجی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کے دوران پنجاب انرجی کونسل کیلئے علیحدہ سیکرٹریٹ بنانے کی سمری کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، کوآرڈینیٹر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل، ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کے استحکام، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے توانائی کے بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا جو وعدہ کیا ہے اسے ہر صورت پورا کریں گے۔ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے مینڈیٹ دیا ہے۔ عوام کو لوڈشیڈنگ کی اذیت سے نجات دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے راستے تیزی سے تلاش کرنا ہوں گے اور توانائی کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے توانائی کا حصول خاصی اہمیت رکھتی ہے اور اس جانب ہمیں بلاتاخیر تیزی سے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی کے حصول کا ہدف پیش نظر رکھ کر ہمیں کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ملکی اور غیرملکی کمپنیاں بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کیلئے تیار ہیں اس لئے متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے مراعاتی ماڈل تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے چولستان میں قائداعظم سولر پارک کے امور چلانے کیلئے علیحدہ کمپنی بنانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم سولرپارک سے یزمان تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے کیلئے این ٹی ڈی سی کو فوراً کام کرنے کی ہدایت کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سولر پارک میں معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قائداعظم سولر پارک میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیلئے فی الفور کام شروع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سولر کے ساتھ کوئلے اور بائیوماس سے توانائی کے حصول کے 100، 100 میگاواٹ کے منصوبے فی الفور شروع کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور اس ضمن میں قابل عمل پلان پیش کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کوئلے کی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے بھی ریلوے اور بذریعہ سڑک نقل و حمل کیلئے واضح منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے حصول کے منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے وزارت پانی و بجلی کے حکام سے قریبی رابطہ رکھا جائے کیونکہ ہمیں صرف توانائی چاہیئے اور اس مقصد کیلئے ایک لمحہ بھی ضائع کرنا مناسب نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے صوبے میں 700 میگاواٹ کا سولر پلانٹ لگائے گی اور اس مقصد کیلئے قائداعظم سولر پارک میں اراضی مختص کر دی گئی ہے۔ ہم نے جنگی بنیادوں پر بجلی کے منصوبوں کو مکمل کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انرجی کونسل کو ہدایت کی کہ سالڈویسٹ سے بجلی کی پیداوار کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور دہلی ماڈل کی طرز پر پلان پیش کیا جائے۔ فنانس کمیٹی کی سربراہ عائشہ غوث پاشا اور سیکرٹری توانائی عثمان باجوہ نے وزیراعلیٰ کو توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سر مائیکل باربر کا فروغ تعلیم کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین
لاہور(جی پی آئی)برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے تعلیم سر مائیکل باربر نے وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف کے صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب نے شعبہ تعلیم میں چند برس کے دوران قابل قدر ترقی کی ہے اور شرح خواندگی میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس کیلئے ہم وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف ایک تعلیم دوست وزیراعلیٰ ہیں جو صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں صوبہ پنجاب سو فیصد شرح خواندگی کا ہدف جلد حاصل کرلے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
”وزیراعلیٰ کاقصور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ”
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ منتخب نمائندے اور انتظامیہ متاثرین سیلاب کی دیکھ بھال میں شب و روز مصروف عمل ہیں۔ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔یہ بات انہو ںنے آج قصور میں دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ علاقے تلوار پوسٹ کے مقام پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ ہے اور ان کی مکمل بحالی تک ساتھ رہے گی۔ عوام کی خدمت میری سیاست کا محور ہے اور میں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ سیلاب سے فصلوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے جامع سروے شروع کردیا گیا ہے جس کی روشنی میں متاثرین کے نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضہ ادا کیا جاے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندے انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کریںاور مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کرکے دین و دنیا سنواریں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے ریلیف کیمپوں کا معائنہ کیا اور متاثرین سے بات چیت کی۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہیں خوراک کے ساتھ ساتھ طبی سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ دریائے ستلج کے سیلاب سے 17 دیہات کی 5 ہزار آبادی متاثر ہوئی ہے۔