اضلاع کی خبریں 23.08.2013
Posted on August 23, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
ملکی قیادت مخلص ہاتھوں میں ہے’خواجہ غیورطارق نائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن)سٹی کے سینئر نائب صدر خواجہ غیور طارق نائیک نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت مضبوط اور مخلص ہاتھوں میں ہے’آنے والا دور پاکستان کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ رہنے کیلئے بنا ہے اگر کسی نے بھی ملک کو میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ورکروں کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر گوجرانوالہ مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور یہاں کے متحرک نوجوان میاں برادران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ جب بھی پارٹی قیادت کو ہماری ضرورت محسوس ہوئی تو ہم پارٹی قائدین کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منورحسن نے شام میں احتجاجی مظاہرین پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر افسوس کا اظہار کیا ہے
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے شام میں فوج حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرکے ہزاروں لوگوں کے قتل عام جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں کی ہے، پر رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے کہاہے کہ اس قتل عا م پر عالمی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ کسی طرف سے کوئی مذمت اور اس ظلم اور انسانیت کشی پر کوئی آواز بلند نہیں کی گئی۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور سلامتی کونسل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عالم اسلام کے حکمران بھی اس قتل عام اور ظلم و بربریت کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا نہیں کررہے ۔عرب لیگ اوراوآئی سی بھی خاموش ہیں ۔سید منورحسن نے اپنے ایک بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت فوری طور پر اپنا کردار ادا کرے۔ عالم اسلام اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں کے ذریعے اس قتل عام کا فوری نوٹس لے اور اسے رکوانے کی بھر پور کوشش کرے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے ۔سیدمنورحسن نے مصری حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی ان خبروں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیاکہ منتخب صدر محمد مرسی نے خود کشی کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر مرسی جیسا صاحب ایمان خود کشی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے سالہا سال جیل میں گزارنے اور اقتدار کے ایک سال کے دوران امریکہ، اسرائیل اور اس کی غلا م مصری فوجی قیادت کی طرف سے شدید دبائو کے سامنے سرجھکانے سے انکار کیا۔ سیدمنور حسن نے کہاکہ سیسی انتظامیہ کی طرف سے خود کشی کی خبریں پھیلانا خطرے کی گھنٹی ہے ان خبروں سے منتخب صدر کے بارے میں سیسی انتظامیہ کے ناپاک ارادے ظاہر ہور ہے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ منتخب صدر اور اخوان المسلمون کے مرشد عام سمیت چار ہزار سے زائد بے گناہ شہری جیلوں میں بند ہیں اور ان پر بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے لیکن عالمی برادری شتر مرغ بنی بیٹھی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ تمام بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے اور ہزاروں افراد کے قاتل مصری اور شامی حکمرانوں پر جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں۔ دریں اثنا سید منورحسن نے ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ لوگ جگہ جگہ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں جن کے پاس خوراک اور پانی سمیت اشیائے ضرورت کی شدید قلت ہے جبکہ حکومت کی طرف سے متاثرین کی مدد کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جارہے ۔وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں سیلاب زدگان کا ذکر تو کیا لیکن ان کی امداد اور بحالی کا معاملہ صوبائی حکومتوں پر ڈال کر خود بری الذمہ ہوگئے ۔صوبائی حکومتیں بھی زبانی جمع خرچ کے علاوہ عملی اقداتات نہیں اٹھا رہیں جس سے سیلاب کے اندر پھنسے ہوئے لاکھوں لوگوں کو سخت مایوسی ہوئی ،لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ کسانوں کے ہزاروں مویشی ہلاک ہوچکے ہیں،حکومت کی طرف سے فوری طور پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے اور ان کی زندگیاں بچانے کی کوئی کوشش سامنے نہیں آرہی ،ہر جگہ پرائیویٹ امدادی ادارے اور این جی اوز عوام کی جانیں بچانے اور سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔سید منور حسن نے کہا کہ بھارت کی طرف سے دریائوں میں چھوڑے گئے پانی نے ملک بھر میں تباہی مچادی ہے۔ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت نے کوئی پیشگی اقدامات نہیں کیے، حالانکہ ملک میں بہنے والے دریائوں میں ہرجگہ طغیانی اور سیلاب کی پیش گوئی کی جارہی تھی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ابھی تک سیلاب زدگان کیلئے سنجیدہ امدادی سرگرمیاں شروع نہیں کی گئیں جو قابل افسوس ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بنگلہ دیش کی طرز پر 24/7 ایکسپورٹ سہولت کیلئے ایف بی آر سے بات چیت کی جائے، وزیراعلیٰ
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں گارمنٹس انڈسٹری کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور گارمنٹس کے شعبہ کو فروغ دے کر نہ صرف بھاری زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں گارمنٹس انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے اور اس مقصد کیلئے چین کے ساتھ پنجاب چائنہ گارمنٹس انڈسٹریل زون بنانے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ گارمنٹس انڈسٹریل زون میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب چائنہ گارمنٹس انڈسٹریل زون کے قیام کیلئے جگہ کے انتخاب کیلئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی 7 روز کے اندر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد جگہ کی نشاندہی کرے تاکہ اس منصوبے پر بلاتاخیر کام شروع کیا جاسکے۔کمیٹی سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری صنعت اور پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔وہ آج یہاں گارمنٹس انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، مشیران اعجاز نبی، عزم الحق، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، صدر بینک آف پنجاب، معروف صنعتکاروں، گارمنٹس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے کے قریب وسیع و عریض قطعہ اراضی پر پنجاب چائنہ گارمنٹس انڈسٹریل زون بنانے کا جائزہ لیا جائے جبکہ انڈسٹریل زون کے قیام کیلئے موٹر وے کے علاوہ دیگر مقامات کی نشاندہی کا جائزہ لے کر 7 روز کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل زون کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ورکنگ گروپ اس ضمن میں فوری سفارشات مرتب کرے تاکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت کرکے رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ ہفتے میں ایک بار اجلاس کرکے اس ضمن میں تیز رفتاری سے اقدامات تجویز کرے۔ وزیراعلیٰ نے ورکنگ گروپ کیلئے تشکیل دی جانے والی 6 سب کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ گارمنٹس انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے قابل عمل اور ٹھوس تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کے ساتھ بات چیت کرکے بنگلہ دیش کی طرز پر 24/7 ایکسپورٹ کی سہولت حاصل کرنے کیلئے اقدامات کریں کیونکہ بنگلہ دیش کا ماڈل اپنا کر پاکستان بھی گارمنٹس کی برآمدات بڑھا سکتا ہے۔ گارمنٹس انڈسٹری سے وابستہ معروف صنعتکاروں نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے گارمنٹس انڈسٹری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے نہ صرف گارمنٹس انڈسٹری دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گی بلکہ کثیر زر مبادلہ بھی حاصل ہوگا۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی عرفان الٰہی نے گارمنٹس انڈسٹری کے فروغ کیلئے وضع کردہ حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھارت لائن آف کنٹرول اور سرحدوں پر شیر بن گیاہے اور حکمران بھیگی بلی بنے پھرتے ہیں :لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قائم ہو گئی ہیں لیکن عوام کے مسائل اور مصائب میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔حکمران جماعتوں نے انتخابی مہم میں پیسہ پانی کی طرح بہایا ، تبدیلی ، انقلاب ، مسائل کے حل اور نئے پاکستان کے وعدے کیے ، ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کیں ۔ عوام کو توقع تھی کہ حکمران جماعتوں نے ہوم ورک کیا ہوگا لیکن وزیراعظم نوازشریف کے قوم سے خطاب میں واضح ہوگیاہے کہ ان کے سامنے کوئی واضح خطوط کار نہیں ہیں۔ اپنے اعلان کردہ منشور کو بھی واضح اور متعین پالیسی میں ڈھالنے اور قوم کو متحد کرکے ایک حقیقی طور پر آزاد داخلہ، معاشی اور خارجہ پالیسی مرتب کرنے کے لیے 65 دنوں میں پہلا قدم بھی نہیں اٹھایا جاسکا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی کمزور ی، بزدلی اور عدم حکمت کی وجہ سے ملک کے اندر دہشتگردی اور تخریب کاری بڑھ رہی ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول اور سرحدوں پر شیر بن گیاہے اور حکمران بھیگی بلی بنے پھرتے ہیں۔ حکومتی کیمپ افراتفری کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ہوش کے ناخن لیں انتخابی مہم اور جیت کے نشے سے باہر آئیں۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بلاامتیاز مدد کی جائے ۔ بجلی اور توانائی بحران ختم کیا جائے۔ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے۔ غریب عوام پر یوٹیلٹی بلز میں ہوشربا اضافہ ختم کیا جائے ۔ حکومت عوام کو جان و مال اور عزت کا تحفظ دے اور بلاتاخیر امریکی غلامی سے نجات، بھارتی جارحیت کے جواب کے لیے قومی سلامتی پالیسی بنائی جائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں وفود سے ملاقات اور این اے 126 کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مصر میں 30 جون کی فوجی بغاوت کے بعد مسلسل بے گناہ پرامن انسانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ اخوان المسلمون کے مرشد عام ڈاکٹر محمد بدیع اور دیگر قائدین کو گرفتار کر لیا گیاہے۔ مصری عوام کے مجرم حسنی مبارک کی رہائی، منظم سازش کے تحت سیکورٹی اداروں کی طرف سے جیلوں میں قید اخوان المسلمون کے قیدیوں کو بے دردی سے قتل کرنا پوری دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مصر میں خطرناک خونی کھیل نے پوری دنیا کے لیے خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ اخوان المسلمون نے 1928 ء سے فلاحی، دعوتی کاموں اور اسلام کی تبلیغ کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ ہر ظلم و زیادتی کو صبر وا ستقامت سے برداشت کیاہے۔ مصر میں عوام کے منتخب اور انتہائی مقبول لیڈر ڈاکٹر محمد مرسی کے خلاف فوجی بغاوت کر کے عوام کے بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق پر شب خون مارا گیاہے ۔ محمد مرسی کیخلاف مہم چلانے والی تحریک نے بھی عبوری صدر کے اعلان کردہ آئینی ا علامیہ کو آمرانہ قرار دے کر مسترد کریاہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مصر میں جمہوریت بحال کی جائے، بے گناہ مصریوں کے قتل عام پر قاتل جنرل عبدالفتاح سیسی پر قتل عام کے جرم میں مقدمہ چلایا جائے۔ صدر مرسی کو بحال کیا جائے ۔ دنیا بھر کے مسلمان مصر کے عوام کے حقوق کی بحالی اور مظالم کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیگی قیادت دعوئوں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔۔ملک احسان گنجیال
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احسان گنجیال نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سے خطاب ثابت ہو گیا کہ نواز شریف دعوئوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر پختہ یقین رکھتے ہیں توانائی بحران کے خاتمے ہشت گردی سے نجات اور معاشی استحکام کے نتیجے میں خود دار ،خودمختار اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا عوام نے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو عوام نے بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کر تی ہے ان خیالات کا اظہارلاہو ر میں فرسٹ ایڈ جنرل پر یکٹیشنرز پنجاب کے صدرلیگی رہنما ڈاکٹر ندیم اشرف، محمد سلیم رضا، ڈاکٹر طارق محمود گجراتی، معروف ماہر قانون اعجاز وارثی ایڈووکیٹ کے ہمراہ این اے 129 لاہور میںمختلف پو لنگ اسٹیشن کا دور کے موقع پر میڈیا اور مقامی ووٹر سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طرف سے مذاکرات کی ضابطہ دعوت کے بعد کسی شدت پسند کے پاس ہتھیار اٹھانے کا کوئی جواز نہیں رہا مسلم لیگ ن محب وطن عوام دوست اور پاکستانیت کی بات کر نیوالی جماعت ہے گذشتہ 14 سالوں کے لوٹ مار بدامنی کرپشن کی وجہ سے جو ملک کے ساتھ ہوا اس کو چند سالوں میں ٹھیک کر نے کا وعدہ خود سب سے بڑی تبدیلی ہے عوام کو نواز شریف کی شکل میں مسیحا مل چکا ہے اب عوام کو کسی تبدیلی خان کی ضرورت نہیں ضمنی الیکشن اس کا واضع ثبوت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی کے بل دیکھ کر گھر گھر سوگ کا سما ہے ،میاں کامران سیف
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و جوائینٹ سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ رواں مہینہ آنے والے بجلی کے بل دیکھ کر گھر گھر سوگ کا سما ہے ، عوام پریشان ہیں کہ بل ادا کرنے کے بعد مہینہ بھر وہ اپنے بچوں کو کیا کھلائیں گے؟ انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں1ہزار روپے بجلی کا بل آتا تھا اس بار 2ہزار سے زائد آیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے بجلی کے نرخوں میں100فیصد تک اضافہ کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل آنے کی یہی شرح رہی تو عوام بجلی استعمال کرنے کی بجائے اسے خودکشی کیلئے استعمال کریں گے ۔میاں کامران سیف نے کہا کہ حکمران خدا کا خوف کریں عوام بڑی مشکل میں ہیں، عوام کی ضرورت سستی بجلی اور سستا آٹا ہے ، جو آہستہ آہستہ ناپید ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روٹی 8روپے کی ہوگئی ۔ سینے پر ہاتھ ما ر کر2روپے میں بیچنے کا اعلان کرنے والے کہاں گئے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ سچے اور حقیقی لیڈر ہیں، انہوں نے پرعزم اور مخلص سیاستدان ہونے کا عملی ثبوت پیش کیا ہے: نائب صدر اے ڈی بی
لاہور(جی پی آئی)ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر مسٹرایکسیاؤیو ژاؤ نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی صوبہ پنجاب کے عوام کیلئے گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک پرعزم اور مخلص لیڈر ہونے کا عملی ثبوت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جس محنت اور لگن سے صوبے میں پل، انڈرپاسز اور میٹرو بس پراجیکٹ مکمل کیا ہے وہ ایک سچے اور حقیقی سیاست دان کی پہچان ہے۔ ہم نے خود دیکھا ہے کہ وزیراعلیٰ فیلڈ میں رہ کر کام کا جائزہ لیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پنجاب دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت آگے ہے۔ بینک کے نائب صدر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب میں انتہائی برق رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں اور اب شہباز شریف اسی تیز رفتاری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کے خواہاں ہیں۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم شہباز شریف کی سپیڈ سے مطابقت رکھتے ہوئے کام کو آگے بڑھائیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور بینک کے عہدیداران کے درمیان خوشگوار اور دلچسپ انداز میں گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہ وزیر انتہائی متحرک ہیں اور بہت شاندار کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے سیکرٹری کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی طرف رکھی نشست پر بیٹھے دیکھ کر کہا کہ یہ ہیں تو ہماری طرف لیکن آج آپ کی طرف بیٹھے ہیں جس پر نائب صدر نے کہا کہ یہ باہمی تعلقات کی عمدہ مثال ہے جس پر شرکاء مسکرا دیئے۔ نائب صدر نے ایک موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اپنے عزم اور عملی اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ جمہوریت کو ایسے رہنمائوں کی ضرورت ہے جو عوام کی خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بناتے ہیں۔ بینک کے وفد نے بتایا کہ ازبکستان اور آذربائیجان میں بجلی کے پری پیڈ سمارٹ میٹرز متعارف کرائے گئے ہیں جبکہ پاکستان میں ایسا نظام وضع کیا جا رہا ہے جس سے ڈسٹری بیوشن کمپنیاں سوئچ دبا کر دفاتر اور گھروں میں لگے ائیرکنڈیشنرز اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے آلات کو ازخود بند کرسکیں گی جبکہ پنکھے اور لائٹس بند نہیں ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا کہ کرپشن ختم کرنے کیلئے صوبے میں سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ بینک کے نائب صدر کا تعلق چین سے ہے اور یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی اور چینی بھائیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف نے موٹروے بنا کر پاکستان کے عوام کو شاندار تحفہ دیا ہے اور توانائی سیکٹر کے گردشی قرضوں کا خاتمہ حکومت کا بہترین کارنامہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات بارے ابتدائی تفصیلات جاری
لاہور(جی پی آئی)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات بارے ابتدائی تفصیلات جاری کردی ہیںـ اس سلسلے میں صوبہ پنجاب میں بارشوں اور سیلابی پانی سے 12لاکھ ایک ہزار 71ایکڑ زمینی رقبہ متاثر ہوا ہے جس میں 4لاکھ 43ہزار 421ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصلیں شدید متاثر ہوئیں جبکہ سیلابی پانی سے 790افراد زخمی ہوئے۔ صوبہ بھر میں سیلاب متاثرہ اضلاع میں 175قائم ریلیف کیمپوں میں 3433افراد کو انتظامیہ کی طرف سے تینوں وقت کاکھانا باقاعدگی سے مہیاکیا جارہاہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی طرف ان افراد کو امدادی اشیاء ضروریہ و خوردونوش بھی باقاعدگی فراہم کی جارہی ہیں۔اس امر کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب کیپٹن (ر) محمد آصف نے اس بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں اور سیلاب پانی سے 9557 گھروں کو جزوی اور 4616گھروں کو مکمل نقصان پہنچا جبکہ 20اضلاع کے 1620دیہات 5لاکھ 48ہزار 594افراد متاثر ہوئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ حکومت اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی متاثرین کی بحالی تک ان کی ہر قسم کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ اضلاع میں ہونے والے نقصانات کی حتمی رپورٹ تمام اضلاع سے پانی اترنے کے بعد مرتب کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیکر کارکنوں کو ہنگامی بنیادوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے گزشتہ روز شیخوپورہ، نارووال اورسیالکوٹ میںسیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا اور متاثرین میں راشن کے پیکٹ تقسیم کیے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب نذیر احمد جنجوعہ،صدر الخدمت فائونڈیشن پنجاب رائومحمد ظفر،سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن اکرام الحق سبحانی،سرفراز احمد خان،ڈاکٹر عبید اللہ گوہر،ڈاکٹر لیاقت علی،محمد ضیاء الحق اور دیگر بھی موجود تھے۔دورہ کے دوران ڈاکٹر سید وسیم اختر نے الخدمت فائونڈیشن کے تینوںضلعی صدور کوپانچ پانچ لاکھ کے امدادی چیک بھی دیے۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے حقیقی مستحق افراد کو امداد پہنچائے،بہت سی امداد غیر مستحق افراد کو دی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو مکمل بحالی کے حوالے سے بھر پور انداز میں اپناکردار اداکررہی ہے۔ہم مصیبت میں مبتلاء بہن بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔سیلابی پانی سے سینکڑوں دیہات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ہزاروں گھر ملبہ کے ڈھیر بن گئے اور اربوں روپے کی املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم دل کھول کر سیلاب زدگان کی امداد کرے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مختلف انواع کی بیماریوں پیدا ہونا کا خدشہ ہے حکومت ہنگامی صورتحال کے پیش نظر نمائشی اقدامات کی بجائے بروقت امدای سرگرمیوں کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب سے نارووال،شیخوپورہ،گوجرنوالہ،راجن پور،قصور،چنیوٹ،جھنگ،سیالکوٹ کے مختلف علاقے اور دیہات متاثرہوئے ہیں۔لاکھوں ایکڑ پر فصلیں تباہ و برباد ہوچکی ہیں۔سیلاب زدگان کے لئے ملنے والی امداد میں سابقہ ادوار کی طرح ہونے والی کرپشن کے پیش نظر سختی سے مانیٹرنگ کرنے کی ضرورت ہے۔اس بات کو ہر صورت میں باور کرایا جائے کہ امداد کی ایک ایک پائی حکومت متاثرین تک پہنچائے گی۔تباہی بہت بڑے پیمانے پر ہوئی ہے حکومت،فوج اور دوسرے غیر سرکاری ادارے آپس میں تعاون کے ذریعے ریلیف کے کاموں کو سرانجام دیں۔انہوں نے مزید کہاکہ الخدمت فائونڈیشن اب تک 3000افراد کو ریسکیو کرچکی ہے۔38ہزار افراد کو روزانہ کی بنیاد پر کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔27 فلڈ ریلیف کیمپ متاثرہ اضلاع میں قائم ہیں۔62میڈیکل کیمپوں میں36ہزار 4سو افراد کوطبی امداد فراہم کی جاچکی ہے۔150راشن پیکٹوں سے 9ہزار سے زائد افراد روزانہ کی بنیاد پر مستفید ہورہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے ٢ کروڑ روپے پر مشتمل ریلیف فنڈ قائم کردیا
لاہور (جی پی آی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این ا ے کی نگرانی میں متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے ٢ کروڑ روپے پر مشتمل ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے اور تمام علماء کرام کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ کل 23 اگست جمعہ کے اجتماعات میں عوام الناس کو متاثرین کی امداد کے لیے ترغیب دلائیں اور ریلیف کیمپ لگائیں۔ ناظم اعلی حافظ عبدالکریم نے متاثرہ علاقوں، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور جنوبی پنجاب میں ریلیف آپریشن میں حصہ لیا اور انکے لیے اشیائے ضروریہ تقسیم کی جبکہ شعبہ خدمت خلق کے ناظم حافظ شاہد امین نے ضلع سیالکوٹ میں متاثرین میں امداد تقسیم کی اور متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت متاثرین سیلاب کی ہر ممکن امداد ،متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے، علامہ عارف واحدی
اسلام آباد(جی پی آئی)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کرے، متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیکر سیلاب سے بچائو کی ٹھوس اقدامات کئے جائیں، مصیبت کے اس وقت میں پوری قوم مصیبت زدہ خاندانوں کے ساتھ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوںنے حالیہ شدید بارشوں کے باعث آنے والی سیلاب کی تباہ کاریوں پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہر سال ملک میں سیلاب آنا معمول بن چکاہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ قدرتی آفات کسی بھی وقت آسکتی ہیں مگر اس سلسلے میں ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ ہرسال بعد یا دو سال کے وقفے سے سیلاب آجاتے ہیں اور اس سے دریائو ں کے کنارے خصوصاً اور ان سے کچھ فاصلے پر عموماً بسنے والی عوام متاثر ہوتی ہے مگر حکومت نے آج تک سیلاب کی روک تھام یا اس سے بچائو کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔ انہوںنے کہاکہ اب ملک میں جمہوریت ہے اس لئے جمہوری حکومت کو چاہیے وہ عوام کی فلاح وبہبو د اور سیلاب سے بچائو کیلئے ٹھوس اقدامات کرے ۔اس موقع پر انہوںنے حکومت سے یہ بھی مطالبہ بھی کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے۔اس موقع پر انہوںنے مصیبت زدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے دکھی بھائیوں کے ساتھ ہے ۔اس موقع پر انہوںنے سیلاب میں جاں بحق ہونیوالے افرادکی بلندی درجات کی دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت آمرانہ فیصلوں کی بجائے آئین اور جمہوریت کی روح سے بلدیاتی نظام تشکیل دے:قاضی احمد سعید
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہحکومت آمرانہ فیصلوں کی بجائے آئین اور جمہوریت کی روح سے بلدیاتی نظام تشکیل دے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف، ضیاء الحق کا مشن جاری رکھنے کا عہد نبھا رہے ہیں اور پنجاب میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات اسکا ثبوت ہے ‘ پنجاب حکومت کا بلدیاتی نظام 1973ء کی شق 140اے کی کھلی خلاف ورزی ہے جسکے خلاف پیپلز پارٹی ہر سطح پر احتجاج کرے گی، ‘ وزیر اعلیٰ کے پاس چیئرمین ‘ وائس چیئرمین’ میئر اور لارڈ میئر کی برطرفی کا اختیار آمرانہ ذہن کی عکاسی کرتا ہے جو بلدیاتی اداروں پر 58ٹو بی جیسی لٹکتی تلوار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غیر جماعتی بنیادوںپر بلدیاتی انتخابات کاانعقاد جمہوریت پرشب خون مارنے کے مترادف ہوگا:عابد حسین
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کاانعقاد جمہوریت پرشب خون مارنے کے مترادف ہوگا’ مسلم لیگ (ن) نے پہلے تین ماہ میں قوم کو مایوس کیا ہے اور وزیر اعظم کا قوم سے خطاب بھی مایوس کن رہا ہے جس میں قوم کو مسائل کے حل کیلئے حکو متی اقدامات سے آگاہ نہیں کیا ‘ پیپلزپارٹی ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوںپر کرانے سے پنجاب حکومت کمزور ہونے کا خدشہ تھا اس لئے غیر جماعتی بنیادوں پربلدیاتی انتخابات کرائے جارہے ہیں اور منتخب ہونے والے نمائندوں کوپولیس کے زور پر اپنے ساتھ ملایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عام انتخابات سے قبل تبدیلی کے نعرے لگائے لیکن وہ آج کہیںنظر نہیں آرہی انتخابات سے قبل عوام سے یہ بھی کہا گیاکہ منتخب ہونے کے تین ماہ بعد بجلی دیدیں گے لیکن آج کہا جارہا ہے کہ پانچ سال بعد دیں گے۔