اضلاع کی خبریں 28.09.2013
Posted on September 29, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
شاپنگ کرکے گھر واپس آنے والے دو خواتین کو گھر کے دورازے کے سامنے طلائی زیورات سے محروم کردیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)شاپنگ کرکے گھر واپس آنے والے دو خواتین کو گھر کے دورازے کے سامنے طلائی زیورات سے محروم کردیا گیا، ملزم فرار۔ تفصیلات کے مطابق گلہ نور والا گلی نمبر 20 پرانا سبزی منڈی کے رہائشی صبور احمد اور احتشام احمد کی بیویاں سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ سے شاپنگ کرکے واپس گھر آرہی تھیں کہ مارکیٹ سے پیچھا کرتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں نے گھر کے دوازے کے سامنے دونوں کو گن پوائنٹ پر طلائی زیورات اور نقدی سے محروم کردیا تاہم ملزما فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ ملزمان سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ میں دندناتے رہتے ہیں اور ایسی خواتین کا پیچھا کرکے طلائی زیورات اور دیگر سامان چھین کر فرار ہوجاتے ہیں، ان دنوں یہ سلسلہ عروج پر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
زلزلہ متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے’خواجہ طارق جاویدنائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)راہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)وسابقہ ڈپٹی میئر خواجہ طارق جاوید نائیک نے کہا ہے کہ زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے بلوچستان کے علاقہ میں زلزلے نے جتنے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے اسے سمیٹنے اورمتاثرہ افراد کو دوبارہ زندگی کے دھارے میں لانے کے لیے طویل جدوجہد کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی ادارے زلزلے سے متاثر ہونے والے تمام مقامات میں نہ صرف پہنچ چکے ہیں بلکہ وہاں پر اس آفت کا شکار بننے والے افراد کی ہر طرح کی مدد کا عمل جاری ہے زلزلے نے جن گھرانوں کو بے یارومددگار کر دیا ہے ان کو دوبارہ باوقار پاکستانی بنانا اور انہیں گھروں کیساتھ ساتھ روز گار فراہم کرنا حکومت کے علاوہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اور پاک فوج کیساتھ مل کر جس طرح اس عذاب سے لوگوں کو نکالنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے وہ اپنی مثال آپ ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ کراچی میں صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبائی حکومت بھتہ خوروں ‘ٹارگٹ کلرز اور دوسرے جرائم پیشہ عناصر کو کراچی یا سندھ سے بھاگنے کاموقع نہ دے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت کے نزدیک ہر پاکستانی کی زندگی کی اہمیت ایک جیسی ہے :خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ(جی پی آئی)وزیرمملکت برائے تجارت،ٹیکسٹائل انڈسٹری و نجکاری انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت کے نزدیک ہر پاکستانی کی زندگی کی اہمیت ایک جیسی ہے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بہنے والے خون پر کسی مذہب کا نام نہیں لکھا ہوا،پشاور حملے میں جاں بحق ہونے والے مسیحی بھائیوں کے ورثاء کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،ہم وطنوں کی جانوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،ملک میں جاری قتل وغارت گری روکنے کے لئے حکومت کو عوام کی مکمل حمایت اور پختہ عزم درکار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عزیز کالونی میںتعمیر ہونے والی گلیوں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میںپاکستانی قوم کے جذبات کی سچی ترجمانی کی ہے اور دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو پہنچنے والے نقصانات،مسئلہ کشمیر اور ڈرون حملوںکے بارے میں حقائق سے دنیا کو آگاہ کر کے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ا ن کی جرات مندانہ قیادت ہی پاکستان میں امن وخوشحالی واپس لا سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ انتخابات کے باعث گوجرانوالہ کی ترقی کا کارواں جہاں رکا تھا ہم نے کامیابی کے بعد وہیں سے دوبارہ اس کا آغاز کر دیا ہے شہباز شریف کی خصوصی توجہ کی بدولت پچھلے پانچ سال میں ریکارڈ ترقیاتی
منصوبے پایہ ء تکمیل کو پہنچے اور آج گوجرانوالہ کے شہریوں کو انفراسٹرکچرصحت و تعلیم کی بہتر سہولیات میسر ہیں ۔اس موقع پر شیخ محمد ناصر،چوہدری شریف سرویا،ایلڈر لطیف،محمد نواز احمد،حاجی افتخار احمد،سیٹھ فاروق احمد،چوہدری ریاست،حاجی مقصود احمد،ڈاکٹر عبدالستار،بلال گجر،حاجی یونس مغل نے بھی خطاب کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹری سیل اڑھائی کروڑ روپے کی ادویات محکمہ زراعت کے قبضہ میں
گوجرانوالہ(جی پی آئی)جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹری سیل اڑھائی کروڑ روپے کی ادویات محکمہ زراعت کے قبضہ میں، دو ملزمان گرفتار جبکہ دو فرار۔ تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی کے ڈیلر رانا سلطان محمود خاں اور رانا محمد عثمان کی اطلاع پر محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر پیسٹی سائیڈ ملک ضیاء نے گذشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹی سائیڈ محمد فاروق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اللہ رکھا کے ہمراہ نزد ٹول پلازہ شیخوپورہ روڈ گوجرانوالہ ایک جعلی کمپنی پر چھاپہ مار کر اڑھائی کروڑ روپے کی جعلی ادویات برآمد کر کے ملزمان حاجی ظفر ، محمد اشرف کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ میاں احد اور ملک عرفان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ جعلی کمپنی سے 10مختلف کمپنیوں کی جعلی ادویات برآمد ہوئی ہیں جس میں پی سی بی آئی ، کراپ، ماسٹر، پوسٹر ایگرو کیمیکل، مت کیئر، زنک اے ایف جی کی برانڈ شامل ہیں ، تمام ادویات کے سیمپل لاہور بھجوا دئیے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بندوق کے زور پر کسی کو خود ساختہ نظریات مسلط نہیں کرنے دیں گے:مولانا محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ بندوق کے زور پر کسی کو خود ساختہ نظریات مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ظالموں سے مذاکرات کی کوئی کنجائش نہیں رہی۔ہمیں کمزور نہیں باوقار جاندار موقف اپناناچاہیے۔پاکستانی حکمرانوں کی امریکہ اور بھارت کی جانب جھکائو منفی پیغام ہے۔انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں علماء کرام،عہداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توہین رسالت قانون میں ترمیم کی سخت مذاحمت کی جائے گی۔ترمیم کو سوچنے والے پہلے لوگوں کے انجام سے سبق سکھیں۔جاوید ہاشمی ہوش کے ناخن لیںاور قومی اسمبلی میں دیا گیا بیان واپس لیں۔مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ بے گناہ افراد قتل ہو رہے ہیں۔حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ احکامات الہیٰ کی پامالی سے سیلاب کی تباہ کاریوں،زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس موقع پر صاحبزادہ محمد دائود رضوی،الحاج سرفراز احمد تارڑ،مفتی محمد حسین صدیقی،مفتی غلام نبی جماعتی،صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی،حافظ محمد رفیق قادری،قاری غلام سرور حیدری،مولانا خالد حسن مجددی اور قاری محمد اعظم چشتی بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممبئی حملے بھارتی حکومت نے خود کرائے تھے اور پاکستان پر جھوٹا الزام لگا کر دنیا بھر میں بدنام کیا گیا :سید منور حسن
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کی تحقیقات کرنے کیلئے بھارت کا دور ہ کرنے والے پاکستانی عدالتی کمیشن کی اس رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ ممبئی حملے بھارتی حکومت نے خود کرائے تھے اور پاکستان پر جھوٹا الزام لگا کر دنیا بھر میں بدنام کیا گیا اور یہ بھی ثابت ہو گیا کہ بھارتی عدالتیں ہندوئوں کے دبائومیں آ کر ہندوئوں کے ظلم و جبر اور بربریت سے بچنے کیلئے عدل وانصاف کا گلا گھونٹ کر ہندو سرکار کی مرضی کے فیصلے دینے پر مجبور ہیں ۔قبل ازیں بھارتی پارلیمنٹ کے سامنے بم دھماکے ،گودھراٹرین کو جلانے ،سمجھوتہ ایکسپریس ،مکہ مسجد،امرناتھ یاترا میں سکھوں کے قتل عام ،بھارتی فوج کے ترجمان کی طرف سے وی پی سنگھ کا پاکستان میں تخریبی کاروائیوں اور دہشت گردی کیلئے سپیشل یونٹ کے قیام جیسی چشم کشا رپورٹس منظر عام پر آچکی ہیں ،اب بھارتی جنرل کی طرف سے کشمیر میں وزراء اور ارکان اسمبلی میںبھاری رقوم تقسیم کرنے کا اعتراف اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت کشمیر یوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے اور ناکام بنانے کیلئے ہندووزراء کو بھی رشوت دینے پر مجبور ہوچکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیمی تربیت گاہ میں شرکت کے لیے ملک بھر سے منصورہ آئے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امراء اور سیکریٹریزکے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیدمنورحسن نے کہاکہ بھارت کی ساڑھے سات لاکھ فوج تمام تر درندگی اوروحشیانہ مظالم و پرتشدد کاروائیوں کے باوجود کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے سے دست بردارکرنے میں ناکام رہی ہے ،مسلمانوں کی نسل کشی ،مساجد و مزارات اور قرآن کر نذر آتش کرنے بستیوں اور کھیتوں کھلیانوں کو جلانے کے باوجود بھارت آزادی کی تحریک کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ،لیکن پاکستانی حکمران امریکی ایماء پر خونخواراور پاکستان کے ازلی دشمن ہندو کو پسندیدہ قوم قرار دے کر نہ صرف پاکستان کی سا لمیت کو دائو پر لگانے پر تلے ہوئے ہیں بلکہ کشمیر ی قوم کی نصف صدی پر محیط جدوجہد آزادی ا وربے پناہ قربانیوں کو بھی فراموش کرکے کشمیر پر بھارت کو مستقل قبضہ جمانے کا موقع دے رہے ہیں ۔حکمرانوں نے بھارتی بالادستی قبول کی تو قوم سخت مزاحمت کرے گی اور کسی صورت بھی ہندوئوں کو اپنے سر پر بٹھانے کی اجازت نہیں دے گی ۔ بھارتی وعدوں اور سہانے خوابوں پر ایمان لانے والے حکمران اپنے عدالتی کمیشن کی رپورٹ کو بھی ایک بار پڑھ لیں۔سید منورحسن نے کہا کہ بھارت سے تجارت کیلئے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنا اپنی گردن دشمن کے ہاتھ دینے کے مترادف ہے ،بھارت پاکستان کو بنجر کرنے کیلئے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل آبی دہشت گردی کررہا ہے ،پاکستان کے حصے میں آنے والے دریائوں پر بند باندھ کر پاکستان کو بنجر بنانا چاہتا ہے ،جبکہ پاکستانی حکمران بھارت سے وہی بجلی خریدنے کے معاہدے کرنے کی یقین دہانیاں کروارہے ہیں جو وہ پاکستانی دریائوں کے پانی کو روک کر پیدا کررہاہے ۔انہوں نے کہا کہ بزرگ حریت راہنماء سید علی گیلانی سمیت کشمیری قیادت کو پاکستانی حکمرانوں سے شدید تحفظات ہیں اور ان کا گلہ ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو حالات کا جائزہ لے کر حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ لیبر ونگ کے راہنما میاں محمد انور کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ لیبر ونگ لاہور کے صدر مرحوم میاں محمد انور کی یاد میں مسلم لیگ ہائوس میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا ، مہمان خصوصی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پنجاب ناصر محمود گل نے مرحوم میاں محمد انور کی مسلم لیگ اور مزدوروں کے لیے خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مرحوم نظریاتی مسلم لیگی اور دردمند سیاسی ورکر تھے ، صدر لیبر ونگ محمد امتیاز راجہ نے کہا کہ میاں محمد انور مسلم لیگ کا اثاثہ تھے اور ان کی یادیں ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی ، حافظ عثمان شفیق نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری پرویز الہٰی کارکنوں کی قدر کرنے والے قومی لیڈر ہیں انہی کی ہدایت پر مسلم لیگ ہائوس میں مرحوم ساتھی کارکن کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا ، تعزیتی ریفرنس میں مرحوم میاں محمد انور کے صاحبزادوں میاں بلال انور ، حافظ محمد زین اور صائمہ گل خان ، ناصر ہ تاج اور واجد حسین اسدنے بھی شرکت کی اور مرحوم میاں محمد انور کی مسلم لیگ کے لیے تنظیمی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بجلی میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جب کہ موجودہ حکومت نے نرخوں کے اضافہ کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔الیکشن میں میاں برادران نے بجلی کی فراہمی کو اپنے منشور اورتقاریر کا موضوع بنایا۔ کاروباری طبقہ موجودہ حکومت سے ناامید ہو چکا ہے انہوں نے کہا ہے کہ 100 دن سے زیادہ وقت گزر گیا لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہو رہی۔ بجلی کے نرخوں میں بڑا اضافہ کیا جا چکا ہے۔ اکتوبر میں گھریلوصارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں متوقع اضافہ کے بعد عام آدمی کے لیے بجلی کا بل ادا کرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا ریلا آئے گا جو عام آدمی کو بہا کر لے جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
توہین رسالتۖ ایکٹ قرآن وحدیث کے عین مطابق ہے کوئی ترمیم قبول نہیں کریں گے:پاکستان سُنی تحریک
اسلام آباد (جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک راولپنڈی واسلام آباد کے رہنمائوں مفتی لیاقت علی رضوی، علامہ طاہراقبال چشتی، علامہ وسیم احمدعباسی، صاحبزادہ عطاء الرحمن دھنیال اورملک عبدالرئوف نے کہا ہے کہ توہین رسالت ۖقانون میںکوئی ترمیم قبول نہیں کریں گے۔ توہین رسالتۖ ایکٹ قرآن وحدیث کے عین مطابق ہے کسی کو اپنی ذاتی رائے یا خیالات شامل کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی۔ اقلیتی حقوق کے نام پرتوہین رسالتۖ قانون پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی تو سخت احتجاج کریں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنمائوںجاویدہاشمی اورشیریں مزاری کی جانب سے توہین رسالت ۖ ایکٹ کو غیراسلامی قرارددیتے ہوئے اس میں ترمیم کے مطالبے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔پاکستان سُنی تحریک کے رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی دہشت گردی کے گہرے سمندر میں ڈوبا ہو اہے ،خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے جان ومال کاتحفظ کرنے میں بُری طرح ناکام ہو چکی ہے۔اس صورتحال میں جاوید ہاشمی اور شیری مزاری نے بحث کا نیا دروازہ کھول کر قوم کو مزید خلفشار کا شکار کرنے کی کوشش کی ہے۔جاوید ہاشمی ،شیریں مزاری کے بیان سے قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں فی الفوربیان واپس لیاجائے۔انہوں نے کہا کہ سیکولرقوتوں کی جانب سے توہین رسالتۖ ایکٹ میں ترمیم کا مطالبہ گستاخوں کو شیلٹردینے کی سازش ہے۔ تبدیلی کی آڑ میں295C ایکٹ کو غیرمؤثر یامکمل طورپرختم کرنے کی کسی ناپاک سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اللہ کی ناراضگی کی وجہ سے قدرتی آفات نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے:ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
لاہور(جی پی آئی)سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ اللہ کی ناراضگی کی وجہ سے قدرتی آفات نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ جب تک اللہ تعالیٰ کو راضی نہیں کیا جائے گا اس وقت تک اسلامی جمہوریہ پاکستان مسائل میں مبتلا رہے گا ۔انیس کروڑ عوام اجتماعی طور پر اللہ کی بارگاہ میں اجتماعی طور پراپنے گناہوں کی معافی مانگیںاورہمیں اللہ کی بارگاہ میں عہد کرنا چاہیے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی مکمل حفاظت کریں گے۔بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور ہولناک زلزلوں سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ اپنی زندگی قرآن وسنت کی روشنی میں گزاریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انہوں نے زلزے سے ہو نے والی سینکڑوںہلاکتوں اور نقصان پردِلی افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زلزلہ سے متاثرہ علاقے میں فوج کی امدادی ٹیموں پر حملے قابل مذمت ہیں ۔بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے ۔حکومت بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ میں پیش کرے۔ بلوچستان میںناگہانی آفت پر پوری قوم افسردہ ہے، حکومت اور فلاحی ادارے
زلزلہ متاثر ین کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کریں۔ متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے میں پاک فوج کا کردار اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ ادارہ صراط مستقیم زلزلے کے نتیجے میںجاں بحق ہونے والوںکے لواحقین کے غم میں برابر کی شر یک ہے،متاثرین زلزلہ کو مشکل اور آزمائش کی اس گھڑی میںتنہانہیں چھوڑیں گے،دارہ صراط مستقیم کے رضاکار متاثرین کی سہولت کیلئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کارلائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوریت کے استحکام کے لئے بلدیاتی انتخابات ناگزیرہیں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومتیں سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل درآمد نہیں کررہی جو آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے متراف ہے۔دونوں بڑی جماعتیںخلوص نیت سے بلدیاتی انتخابات کاانعقاد نہیں چاہتیں۔جمہوریت کااستحکام اور اس کی بنیادیں اختیارات اور فنڈزکو عوام کے نمائندوں میں تقسیم کرنے سے ہی مضبوط ہوتی ہیں۔بدقسمتی کی بات ہے کہ جب کبھی کوئی فوجی آمر آیاتو اس نے بلدیاتی انتخابات کروائے مگر سیاسی نمائندے ہمیشہ اس سے بھاگتے رہے ہیں۔جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میںبھرپوراندازمیںحصہ لے گی۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات آئین کا تقاضاہے جب آئین پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل نہ کیاجائے تو اداروں میںتصادم کی فضاء پیداہوجاتی ہے اور حکومتوںکے قائم رہنے کاجوازختم ہوجاتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اور عوام کو خوشحال بنانے کے لئے بلدیاتی نظام کے قیام کو جلد ازجلد ممکن بنایاجائے۔ناظم اور کونسلرکے کرنے کے کام ایم این اے اور ایم پی اے کررہا ہے۔آئین پاکستان کے آرٹیکل 140الف کے تحت صوبے پابند ہیںکہ وہ مقامی حکومتیںقائم کرکے ان کے
منتخب نمائندوںکوسیاسی،انتظامی اور مالی ذمہ داریاںاور اختیارات منتقل کردیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی سے ہی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔اس سے فرارآمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔10کروڑآبادی والے صوبے میں عوام دن بدن مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔کسی کی بھی جان ومال محفوظ نہیں۔جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام نے بلدیاتی نظام کو پنپنے کاموقع نہیں دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیدمنورحسن اور لیاقت بلوچ کاخضدار میں آنے والے شدید زلزلے پر اظہار افسوس اور متاثرین سے دلی ہمدردی
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے آج خضدار میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔سیدمنورحسن نے الخدمت فائونڈیشن سمیت ملک بھر کی رفاہی تنظیموں اور فلاحی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی کاروائیوں میں حصہ لیں اور متاثرین زلزلہ کی بھر پور مدد کریں ۔سیدمنورحسن نے الخدمت فائونڈیشن کو متاثرہ علاقوں میں ایمبولینس گاڑیاں اور خیمے پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی کے شعبے میں ٹھوس اقداما ت کئے ہیں:کنول نعمان
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی کے شعبے میں ٹھوس اقداما ت کئے ہیں جن کی وجہ سے توانائی کا شعبہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے انتہائی پرکشش بن گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کا مقصد انرجی مکس کو مختصر ترین وقت میں درست کرنا
ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کوئلہ،گیس اور پانی جیسے وسائل سے سستی توانائی پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ تھوڑے عرصہ میں مسلم لیگ ن کی حکومت لوڈشیڈنگ پر قابو پا لے گی اور عوام کو سستی بجلی مہیا ہو جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حالیہ اے پی سے وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں:علامہ ناصر عباس جعفری
لاہور(جی پی آئی)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے بیالیسویں کنونشن بعنوان امید مستضعفین جہان سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حالیہ اے پی سے وقت کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں،مذاکرات اپوزیشن اور سیاسی قوتوں کے ساتھ کئے جاتے ہیں دہشت گردوں اور قاتلوں کیساتھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ اے پی سی بزدل اورڈرے ہوئے لیڈروں کا اجتماع تھا، جس میںان سے مذاکرات کی باتیں کرکے قوم کو بھی خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین بھی دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی اجازت نہیں دیتا ،دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات دراصل ریاست کی شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کنفیوژ لیڈر ہیں، جب وہ بیان دیتے ہیںتوان کی پارٹی کے رہنما پریشان ہوجاتے ہیں اوروضاحتیں کرنا شروع دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پاکستان میں طالبان کے دفتر کے قیام کی بات کرکے اپنے ووٹرز اور پارٹی رہنمائوں کو مایوس کیا ہے۔عمران خان کو ووٹ دینے والے ملک میں امن چاہتے ہیں اوراسی بنیاد پرانہوں نے عمران خا ن کو ووٹ دیئے لیکن عمران خان نے ان کی امیدیں پرپانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں عمران خان کو اس بیان کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔ہم اپنی ہم خیال جماعتوں کیساتھ مل کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات کی باتیں ہو رہی ہیں دوسری جانب سے وہ انہیں لاشیں بھیج رہے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کے خلاف آپریشن کیا جائے ہم ملک میں دہشت گردی کے سب سے بڑے متاثرین ہیں، ہم کبھی
سرندر نہیں کریں گے۔انہوںنے کہا کہ اگر آپریشن نہ کیا گیا توہم حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔مذاکرات کے ڈول سے پانی نہیں نکلے گا حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرئے۔بعد ازاں عالمی بیداری اسلامی کانفرنس سے ایران سے آئے ہوئے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندہ خصوصی آیت اللہ محسن نے مرکزی خطاب میں کہا کہ عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ اتحاد کا نہ ہونا ہے۔ اگر ہم خطے سے امریکی وجود کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ہمیں متحدہ ہونا ہوگا۔ آج افغانستان، عراق،، لیبیا سمیت کئی ممالک میں امریکہ اور اس کے اتحادی لاکھوں انسانوں کا خون بہاچکے ہیں، اب دوسرے ممالک کے تعاقب میں ہے۔ کتنی عجیب بات ہے کہ جمہوریت کے چیمپئن ممالک نے مصر میں ایک جمہوری اسلامی حکومت کو ہٹایا اور کئی اسلامی ممالک نے اس عمل کا ساتھ دیا، ان ممالک کے اس عمل سے مصر میں ہزاروں افراد کا خون بہا۔ آج یہ طاقتیں شام کے درپے ہیں۔ امریکہ کو کبھی بھی سیاسی اسلام پسند نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ کبھی حماس کی حکومت کو قبول نہیں کرتے تو کبھی مصر میں اخوان المسلمون کی حکومت گرا دی جاتی ہے۔ یہ عمل عالمی استکبار ی طاقتوں کا معمول بن چکا ہے۔ عالم اسلام کو متحدہ ہونا ہوگا۔ اس کے بغیر مسائل حل ممکن نہیں۔ پاکستان کے ساتھ ایران کے برادرانہ تعلق ہیں، پاکستان کے عوام غیور ہیں جو امریکہ اور استکباری طاقتوں سے نفرت کرے ہیں۔ پاکستان کے حالات خراب کرنے میں انہیں طاقتوں کا ہاتھ ہے۔ مرکزی صدر آئی ایس او اطہر عمران کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بیداری کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب عالمی سطح پر امریکہ کے سپر پاور ہونے کے دعوی کی دھجیاں بکھر جائیں گے۔ شام میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا ۔ یہ ممالک چاہتے تھے کہ شام پر حملہ ہوجائے لیکن انہیں معلوم ہوگیا کہ اگر شام پر حملہ ہوتا ہے تو اسرائیل نہیں بچے گا ۔ اسی وجہ سے ان ممالک نے اپنا اردا ترک کردیا۔ کانفرنس سے اسلامی اسکالر علی مرتضی ٰ زیدی ، آغا حسن صلاح الدین، سید حسنین عباس گردیزی، علامہ احمد اقبال رضوی، ناصر عباس شیرازی و دیگر نے خطاب کیا۔