اضلاع کی خبریں 28.72013

پیپلزپارٹی بنیادی طور پر ملک اور جمہوریت دشمن پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے:چوہدری محمد سلیمان گجر
گوجرانوالہ(جی پی آئی)چوہدری محمد سلمان گجر ایڈووکیٹ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم گوجرانوالہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی بنیادی طور پر ملک اور جمہوریت دشمن پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی سوشل ازم کا نعرہ لگا کر عوام کے ساتھ دھوکہ کیا اور روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا پیپلز پارٹی کا کردار کے سامنے ہے 1971کے الیکشن میں مجیب الرحمن شامی نے اکثیریت حاصل کی تھی لیکن جہموری اصولوں کو نہ مان کر ڈکٹیٹر سے مل کر جہموریت کا قتل کیا اور ملک کے ایک حصہ میںخون کی ہولی کھیلی گئی اور بانی پاکستان کی محنت پر پانی پھیر دیا گیا روٹی کپڑا مکان کا نعرہ دے کر عوام سے روٹی کپڑا اور مکان چھین لیا گیا اقتدار کی خاطر مشرف سے مل کر N.R.Oکیا گیا اور پیپلز پارٹی اپنے مفاد سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کرتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاک چین دوستی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے:رانا ناصر محمود
گوجرانوالہ (جی پی آئی)فاونڈر و یونٹی گروپ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدر رانا ناصر محمود نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔ گوادر پورٹ چائنہ کی سرپرستی میں بین الاقوامی سطح پر پاکستانی مصنوعات کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور بین الاقوامی منڈی میں پاکستان کی ترقی کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ ملک دشمن عناصر کی طرف سے پاک چائنہ دوستی میں دراڑیں ڈالنے کی تمام تر سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گروپ کے سیکرٹریٹ میں تاجران کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر حاجی عاصم انیس نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ میٹنگ میں گروپ کے سینئر قائدین شیخ محمد اسلم ضیاء اللہ عرفانی، شیخ شوکت جاوید، محمد اقبال بٹ اور دیگر راہنما بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت کو اپنے تمام وعدوں پر عمل پیرا ہوکر ملک و قوم کو ترقی کی جانب گامزن کرنا چاہیے۔ توانائی کے بڑھتے ہوئے بحران نے ملکی انڈسٹری کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور حکمران سرمایہ کاروں کو طفل تسلیاں دینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوف و ہراس پھیلانے سے انڈسٹری کو نقصان ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ صنعتی ترقی کیلئے تمام بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی اور ٹیکس کے تمام قوانین کو سادہ اور آسان بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوں کی بھرمار نے صنعت والوں اور عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے لیکن اس کے باوجود بجلی، گیس کا بحران قابو میں نہیں پایا جاسکا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ چیمبر کے انتخابات میں فائونڈرز گروپ کلیدی کردار ادا کرے گا اور چیمبر سے منافقت کے خاتمہ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولیس اور جماعة الدعوة کی مشترکہ کاروائی پر دو ڈاکو زخمی اور ایک گرفتار
گوجرانوالہ(جی پی آئی)علی پور چٹھہ روڈ پر سٹاپ کوٹ غلام رسول کے قریب سہ پہر 4بجے ڈاکو سرعام شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے کہ مقامی لوگوں کی اطلاع پر متعلقہ تھانہ کے پولیس جوانوںنے ایکشن لیتے ہوئے ڈاکوئوں کو پکڑنے کیلئے کاروائی کی جس پر ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی اور فائرنگ کے تبادلہ پر دو ڈاکو شدید زخمی ہو گئے جب کہ ایک ڈاکو فرار ہو کر قریبی کھیتوں میں چھپ گیا اور جسکو مقامی پولیس اور جماعة الدعوة کے نوجوانوںنے ایک سرچ آپریشن کیا اورایک گھنٹہ کے سرچ آپریشن کے بعد جماعة الدعوة کے نوجوانوںنے پولیس کے ہمراہ مل کر بھاگے ہوئے ڈاکو کو پکڑ کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا ۔اپنی جان پر کھیل کر ڈاکوئوں کو پکڑنے پر مقامی آبادی کے لوگوںنے پولیس کے ساتھ ساتھ جماعة الدعوة کے نوجوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عصر حاضر کا تقاضا ہے کہ ملکی سلامتی، خود مختاری اور آزادی کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے :خادم رضوان اسلم بٹ
گوجرانوالہ (جی پی آئی)سابق آزاد امیدوار حلقہ پی پی 91، عوامی خادم رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ عصر حاضر کا تقاضا ہے کہ ملکی سلامتی، خود مختاری اور آزادی کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ملکی امن کے حوالے سے جرات مندانہ فیصلے کئے جائیں۔ امن کے بعیر ہم مطلوبہ معاشی، دفاعی، معاشرتی ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکتے۔ خود کش دھماکوں سے ارضِ پاک میں خوف کی کیفیت پیدا ہوچکی ہے۔ جتنا خود کش دھماکوں سے جانی و مالی نقصان پاکستان کو پہنچتا ہے شائد کسی جنگ میں بھی نہ ہوتا۔ ایسی دہشت گرد کارروائیوں کا مقصد ملک میں ”غدر” جیسی کیفیت پیدا کرنا ہے۔ حکومت فوری طور پر ملکی سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے پورے ملک میں فوری طور پر آہنی اور گرینڈ آپریشن کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رانا محمد صدیق طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سماجی و سیاسی رہنما، راجپوت سپریم کونسل آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری رانا بشیر احمد خاں کے والد رانا محمد صدیق طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج 10بجے صبح نوشہرہ سانسی بائپاس قبرستان عقب الیاس گڈز، نزد سبزی منڈی میں ادا کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انتظامیہ کی عدم توجہی اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے نوکھر رمضان بازار بند ہو چکا ہے:میاں طارق محمود
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے نوکھر رمضان بازار بند ہو چکا ہے جبکہ قلعہ دیدار سنگھ رمضان بازار ضروری اشیاء کی عدم فراہمی کی وجہ سے اپنی اہمیت کھو چکا ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے غریب اور سفید پوش طبقے کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا ٹائون جیسے پوش علاقے میں رمضان بازار لگانا بلا جواز تھا اس کے بجائے کسی غریب علاقے میں رمضان بازار لگایا جاتا تو وہ بہتر ہوتا مگر ایسا نہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ انتظامیہ رمضان بازاروں کے حوالے سے فرضی اور من گھڑت رپورٹس اعلیٰ حکام کو ارسال کر رہی ہیں وہ ایک دو روز میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو اس حوالے سے تفصیلی طور پر حقائق سے آگاہ کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موٹر ویز اور ہائی ویز پر چلنے والی ہر گاڑی کو اپنی لین میں رہنا ہو گا :ذوالفقار احمد چیمہ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)آئی جی موٹر ویز ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ موٹر ویز اور ہائی ویز پر چلنے والی ہر گاڑی کو اپنی لین میں رہنا ہو گا ہائی ویز پر بھی ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرائی جائے گی آفیسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لین کی خلاف ورزی اور اوور سپیڈنگ کرنے والی گاڑی بند کی جائے گی اور لائسنس کینسل کرایا جائے گا موٹر ویز اور ہائی ویز پر قانون کے نفاذ کا معیار دبئی سے بہتر بنا دیں گے قانون سب پر یکساں لاگو ہو گاناقص بریک سسٹم رکھنے والی گاڑیاں بھی موٹر وے پر نہیں چل سکیں گی موٹر وے پولیس کے لئے خصوسی کورس شروع کروائیں گے کراچی سے پشاور تک سفر کرنے والے کار ڈرائیور کو دائیں لین کلیئر ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی ”قائداعظم ٹائون” میں خواجہ ضیاء اﷲ کی کوششوں سے سوئی گیس چالو کردی گئی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)پنجاب سمال انڈسٹریز کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی ”قائداعظم ٹائون” علی پور چوک، گوجرانوالہ کے صدر خواجہ ضیاء اﷲ کی کوششوں سے ٹائون کو سوئی گیس چالو کردی گئی ہے۔ سوئی گیس کی فراہمی کے بعد قائداعظم ٹائون کا شمار بھی گوجرانوالہ کی سہولیات سے آراستہ جدید ہائوسنگ کالونیوں میں ہونے لگا ہے۔ تین ماہ قبل ٹائون ممبران نے سابقہ انتظامیہ کی مالی معاملات میں بے ضابطگیوں، لوٹ مار، اقرباء پروری اور ٹائون کے ترقیاتی امور میں عدم دلچسپی کے بعد ٹائون سے مخلص بے لوث قیادت کو لانے کا فیصلہ کیا اور 5اپریل کو خواجہ ضیاء اﷲ کو بھاری اکثریت سے صدر منتخب کرلیا۔ جنہوںنے منتخب ہونے کے بعد ٹائون میں ہنگامی بنیادوں پر کاموں کا آغاز کردیا اور تین ماہ کے مختصر عرصہ میں ٹائون میں فلٹر پلانٹ، گھاس کی کٹائی، اسلحہ سے لیس سکیورٹی گارڈز، رنگ و روغن، سٹریٹ لائٹس، جنرل سٹور ودیگر ترقیاتی کاموں کے علاوہ ٹائون کا سب سے اہم مسئلہ سوئی گیس کی فراہمی کیلئے بھی مخلصانہ کوشش کرتے ہوئے سوئی گیس بھی چالو کروانے میں کامیاب ہوگئے۔ قائداعظم ٹائون کو سوئی گیس کی فراہمی سے یہ ٹائون شہر کا بہترین رہائشی منصوبہ بن جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبہ بھر میں قائم 1321 دسترخوانوںسے آج 147671 افراد کو سحری اور افطاری کی مفت سہولت فراہم کی گئی
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں قائم 1321 دسترخوانوںسے آج 147671 افراد کو سحری اور افطاری کی مفت سہولت فراہم کی گئی جن میں سے 135672 مرد اور 11999 خواتین شامل ہیں۔یہ بات صوبائی وزیرزکوٰة اینڈ عشر ملک ندیم کامران کی زیرصدارت رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں محکمہ انڈسٹریز’ خوراک’ زراعت’ مارکیٹ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام آٹے کے 150785 تھیلے فراہم کئے گئے جن میں سے 99191 تھیلے فروخت ہوئے۔ اسی طرح پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں نے اپنے اپنے علاقوں میں مارکیٹوں اور بازاروں میں چھاپے مارے اور روزمرہ ضرورت کے استعمال کی اشیاء مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرتے ہوئے 55 دکانداروں کو گرفتار کیا۔ انہوں نے ان دکانداروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرائے جبکہ گرانفروشوں سے 12 لاکھ 97 ہزار 300 روپے موقع پرجرمانہ وصول کیا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رمضان بازاروں میں آلو 17 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہوا۔ پیاز 32 روپے فی کلوگرام’ بھنڈی توری 39 روپے’ دال چنا59 روپے فی کلو’ بیسن 58 رو پے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہوئے۔صوبائی وزیرملک ندیم کامران نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کے لئے خصوصی رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے اور عوام اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ رمضان بازاروں میں سبزیاں اور پھل زیادہ مقدار میں سپلائی کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہباز شریف سے چائنہ پاور انٹرنیشنل کمپنی کے نائب صدر کی ملاقات،توانائی منصوبوں میں تعاون پر اتفاق
لاہور(جی پی آئی)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے چائنہ پاور انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ(سی پی آئی ایچ) کے نائب صدر مسٹر وانگ ژی ینگ ( Mr. Wang Zhiying ) نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ صوبائی وزراء شیر علی خان ، محمد شفیق ،ایم این اے پرویز ملک ، چیئر مین پی اینڈ ڈی ، سیکرٹری اطلاعات ، سیکرٹری خزانہ ، متعلقہ حکام کے علاوہ سی پی آئی ایچ کے عہدیداران یانگ کیان وی (Ms. Yang Qianwei ) ،ژائو بنگ شینگ (Mr. Zhao Bingsheng ) ، بائی جن چینگ (Mr. Bai Jinchang ) اور سائنو سندھ ریسورسز کے حکام بھی اس موقع پرموجود تھےـ پنجاب حکومت اور چائنہ پاور انٹرنیشنل ہولڈنگز لمیٹڈ کے مابین توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر اتفاق کیاگیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے چینی وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ توانائی بحران کے حل کے لئے چین کے سرمایہ کاروں کا تعاون قابل ستائش ہےـپنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری پر خصوصی سہولیات فراہم کرے گیـتوانائی بحران کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہےـتوانائی بحران پرقابو پانے کے لئے متبادل اور قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے حصول کیلئے اقدامات کر رہے ہیںـ پاکستانی قوم کو توانائی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ ہر صورت پورا کیا جائے گاـاس موقع پر نائب صدر سی پی آئی ایچ مسٹر وانگ ژی ینگ نے کہاکہ وزیر اعلی شہبازشریف ایک مخلص لیڈر ہیںـپنجاب نے شہبازشریف کے دور میں گرانقدر ترقی کی ہےـانہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شہبازشریف نے جس تیز رفتاری سے میٹروبس پراجیکٹ مکمل کیاہے اسی تیز رفتاری سے توانائی کے منصوبے بھی مکمل کریں گےـ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اپوزیشن کی دیگر پارٹیاں بھی دل بڑاکر کے تحریک انصاف کے صدارتی امیدوارکو ووٹ دے :سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ اپوزیشن کی دیگر پارٹیاں بھی دل بڑاکر کے تحریک انصاف کے صدارتی امیدوارکو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کی بجائے اپوزیشن کی سب جماعتوں کو مل کر تحریک انصاف کے امیدوار کو منتخب کرنا چاہیے تاکہ حکومت پر بھی کوئی چیک اینڈ بیلنس کرنے والا ہو اور مسلم لیگ ن کے قائدین امیر المومنین بننے کی بجائے عوام کے خادم بنیں اور عوام کے مفادات کو سامنے رکھ کر پالیسیاں تشکیل دیں برعکس اس کے کہ وہ اپنی حکومت کو دوام بخشیں، حسب اختلاف کی سیاسی جماعتوں جماعتوں کے لئے یہ ایک سنہرہ موقعہ ہے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مرضی کا صدر منتخب کروا کر عوام کوتحفہ دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منشیات سے پاک لاہور سیف چائلڈ فائونڈیشن کی جانب سے آگاہی کیمپ
لاہور (جی پی آئی) منشیات سے پاک لاہور منصوبے کے تحت سیف چائلڈ فائونڈیشن کے زیر اہتمام میکلورڈ روڈ پر آگاہی کیمپ لگایا گیا اور عوام کو آگاہی پمفلٹ اور پوسٹر تقسیم کیئے گئے میکلورڈ روڈ پربچوں کی کثیر تعداد مزدوری کرتے ہوئے نظر آئی فائونڈیشن کے صدر شہزاد انجم بیگ نے خود کیمپ میں آگاہی پمفلٹ تقسیم کیئے اور آگاہی دی اس موقع پر انہوں نے عوام سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم عمر بچوں کا کام کاج پر نہ لگایا جائے کیونکہ یہ بچے کم عمر کے ساتھ کم تجربہ کار ہوئے منشیات کی دلدل مین پھنس جاتے ہیں اور ملک کے لیئے خطرہ بھی بن جاتے ہیں اور والدین کو اپنے بچوں کی خصوصی نگہداشت کرنی چاہئیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصری فوج اپنے ملک کو سول وار کی کھائی میں دھکیلنے کے امریکی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہے: پروفیسر ساجد میر
لاہور (جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے مصرمیں فوج کی طرف سے مرسی کے حامیوں پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افراد کی شہادت کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اسلامی دنیا میں ہمیشہ آمریت کو پروان چڑھایا اور فوجی و نام نہاد جمہوری آمروں کی سرپرستی کی ہے۔ امریکہ اسلام کی طرف بڑھتے ہوئے قدموں کو روکنا چاہتا ہے عرب قیادتوں کو نوشتہ دیوار پڑھ کر اپنی صفیں اور قبلہ درست کرنا ہو گا۔ اور انہیں امریکی و اسرائیلی مشترکہ عزائم کو ناکام بنانے کی بلا تاخیر منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ امریکا اور اسرائیل مصر میں کوئی ایسی حکومت برداشت نہیں کرسکتے جو قبلہ اول کو آزاد کرانے پر ایمان رکھتی ہو۔ مصری فوج اپنے ملک کو سول وار کی کھائی میں دھکیلنے کے امریکی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہے۔ امریکہ نے اس سے قبل عراق، لیبیا،شام کو خانہ جنگی کے دہانے پر پہنچادیا اور اب وہ مصر میں آلہ کاروں کے ذریعے کشت و خوں کا تھیٹر سٹیج کر رہا ہے۔ امریکہ سول وار کے ذریعے مصر کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ خدانخواستہ اگر یہ مذموم امریکی منصوبہ کامیاب ہوگیا تو شاید آنے والے برسوں میں کوئی عرب ملک انارکی سے محفوظ نہیں رہے گا۔ امریکہ اور اسرائیل کا اصل ہدف عالم اسلام کے مسلمانوں کی عقیدتوں،ارادتوں اور محبتوں کے مرجع حرمین شریفین پر بیت المقدس کی طرح قبضہ کرنا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بینظیر بھٹو کی اولاد بلاول بھٹو، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو ہی اپنی ماں کے وارث ہیں:قاضی احمد سعید
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی اولاد بلاول بھٹو، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو ہی اپنی ماں کے وارث ہیں۔ ان ”وارثوں” میں سے ایک کو آگے آ کر پارٹی کو ”سہارا” دینا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک آمر نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے کلاشنکوف، ہیروئن اور مذہبی انتہا پسندی سمیت دیگر معاشرتی برائیوں کے جو بیج بوئے انہوں نے آج تناور درخت بن کر ہمارے معاشرے کو جکڑ رکھا ہے، آج کل ملک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے باعث جن مسائل سے دوچار ہے ان کو پیپلز پارٹی ہی دور کر سکتی ہے، لیکن بد قسمتی سے جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے اس کو کام کرنے نہیں دیا جاتا آمرانہ سوچ رکھنے والے متحرک ہو کر پیپلز پارٹی کے گرد گھیرا تنگ کر دیتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحر یک انصاف کی سینئر رہنما فضہ ذیشان کی جانب سے بحریہ ٹاون میں افطار ڈنر کا اہتمام
لاہور (جی پی آئی) پاکستان تحر یک انصاف کی سینئر رہنما فضہ ذیشان کی جانب سے بحریہ ٹاون میں افطار ڈنر ملک محمد ریاض ،خالد گجر ،کرن سیف ،فائزہ خان سمیت یو سی عہدیدران کی شر کت گذ شتہ روزتحریک انصاف کی سینئر رہنما فضہ ذیشان کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان تحر یک انصاف کے سینئر رہنما ملک محمد ریاض ،اُمید وار براے صوبائی اسمبلی خالد گجر ،کرن سیف ،فائزہ خان سمیت دیگر عہدیدان نے شر کت کی اس مو قعہ پر خطاب کر تے ہو ئے فضہ ذیشان ،ملک محمدریاض اور خالد گجر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کر ینگے اور پٹواریوں کے سر پر سیاست کرنے والوں کو بُر ی شکست کا سامنا کر نا پڑ ئے گا انہوں نے کہا پاکستان مسلم لیگ ( ن) کا اصل چہر ہ عوام کے سامنے آچُکا ہے کیو نکہ غر یب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مختلف ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے انہوں نے کہا کہ اب عوام تھوڑ ے سے عر صے میں ہی جان چُکے ہیں کہ انہوں نے ووٹ غلط جماعت کو دیا تھا انہوں نے کہا کہ پاکستان تحر یک انصاف نے کبھی جھوٹے وعدے نہیں کئے نہ ہی عوام کو گمراہ کر کے ووٹ مانگا ہے بلکہ حقائق اور عوام کو ووٹ کی طاقت بتا نے والے تحر یک انصاف کے کارکنان ہے جو کہ بلدیاتی اور ضمنی الیکشن میں مسلم لے ( ن) کی پٹواری فورس کو شکست دینگے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں پاکستان بناینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاہنوازڈائینگ کے ملازمین کا راوی روڈ پر گیس ،بجلی ٹاسک فورس کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ
لاہور ( جی پی آئی) شاہنوازڈائینگ کے ملازمین کا راوی روڈ پر گیس ،بجلی ٹاسک فورس کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ،ایک گھنٹہ ٹریفک جام رہی گذ شتہ روز شاہنواز ڈائنگ کے ملازمین کی بڑ ی تعداد نے بتی چوک راوی روڈ پر احتجاجی مظاہر ہ کیا جس میں خواتین بچوں سمیت مردوں نے شر کت کی مظاہر ین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جا نب سے بنائی گئی بجلی ،گیس کی ٹاسک فورس بے لگام اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح بجلی اور گیس چوری ڈالی جا رہی ہے اس طرح کے اختیارات اگر ہمیں بھی دئیے جائیں تو شاید ہم چیف جسٹس آف پاکستان کو چور بنا دیں مظاہر ین نے کہا کہ شاہنواز ڈائینگ نے الحاج قیصر امین بٹ کی الا مین ڈائینگ کی بلڈ نگ کئی سالوں سے کر ایہ پر لے رکھی ہے اور جسکی مین لائن سے محکمہ گیس اور بجلی کو کوئی چوری نہیں ملی مگر بے لگام ٹاسک فورس نے کر فیو لگا کر فیکٹر ی میں لوٹ مار کے ساتھ ساتھ بجلی ،گیس چوری پکڑ لی جو کہ صرف جھوٹ ہے اور اس پر تمام ملازمین قرآن پر حلف دینے کو بھی تیار ہیں مظا ہر ین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ بجلی ،گیس چوروں کے خلاف کاروائی نہیں کی جا تی بلکہ شر یف شہر یوں کو چور بنا نے والی ٹاسک فورس کے ناجائز ختیارات کو روکا جائے اور بجلی ،گیس ٹاسک فورس کی ٹیمیں جتنا سر کاری خرچ کر کے اپنی کارکر دگی کو دیکھا نے کے لئے ناجائز کر رہے ہیں اُن کواحکامات دئیے جائیں کہ فیکٹری مالکان یا موجود افراد کے سامنے گیس ،بجلی چوری آپر یشن کی سرکاری طور پر وڈیو ریکارڈنگ کی جائے کہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں اور ٹاسک فورس کا اصل چہر ہ حکومت دیکھ سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے پارا چنار میں بم دھماکوں کے خلاف احتجاجی دھرنا
لاہور(جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے پارا چنار میں ہونے واے بم دھماکوں کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہری شریک تھے۔ دھرنے میں اہل تشیع کیساتھ ساتھ اہل سنت حضرات کی کثیر تعداد نے بھی اظہار یک جہتی کرتے ہوئے شامل ہوئے جبکہ سنی تحریک کے رہنما مولانا محمد علی نقشبندی نے شرکا سے خطاب بھی کیا۔ دھرنے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ ابوذر مہدوی اور ایم ڈبلیو ایم لاہور کے سیکرٹری جنرل سید امتیاز کاظمی کر نے کی۔ دھرنے کے شرکا دہشت گردی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کر تے رہے۔دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے رہنما مولانا محمد علی نقشبندی نے کہا کہ ہم سانحہ پارا چنار کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس دل سوز سانحہ میں اپنے اہل تشیع بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردوں کو لگام دے لے، اگر حکومت نے دہشت گردوں کو ان گھنانے جرائم کے ارتکاب سے نہ روکا تو پھر شیعہ اور سنی مل کر ان کا پاکستان سے صفایا کر دیں گے اور پھر پاکستان میں کوئی دہشت گرد دکھائی نہیں دے گا، اس طوفان میں حکومتی صفوں میں موجود دہشت گردوں کے سرپرستوں کا بھی صفایا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ شیعہ اور سنی مل کر اس کا کوئی علاج کریں، حکومت دہشت گردی کے خاتمہ میں سنجیدہ کردار ادا کرے۔مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں کی سرپرست حکومت کے اپنے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے ہیں، ہم ایک عرصے سے دہشت گردی کا شکار چلے آ رہے ہیں، لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، ہمارے ساتھ ہمارے سنی بھائیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، مزاروں اور درباروں پر حملے کئے گئے اور ہمارے اہل سنت بھائی بھی دہشت گردی کا شکار ہو کر آج ہماری صف میں شامل ہوچکے ہیں، شیعہ سنی کا یہ اتحاد واضح کرتا ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں، بلکہ یہ دہشت گرد امریکی و استعماری ایجنٹ ہیں، جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا یوم علی اور یوم القدس پر بھی ملک بھر میں شیعہ نسل کشی کے خلاف بھر پور مظاہرہ ہوگا اور 25اگست کو اسلام آباد میں ملک گیر اجتماع ہو گا اس سے پہلے حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیئے تو ہم بھی اپنی ملت اور ملک کی تقدیر کا فیصلہ اسلام آباد میں کریں گے جس میں لاکھوں کے تعداد میں لوگ چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے لوگ شریک ہونگے۔علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ ہم اپنے قائد علامہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر آج پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے ہیں اور سانحہ پارا چنار کے ملزموں کی گرفتاری تک ہم پریس کلب کے سامنے سے
نہیں اٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں شہریوں کی تعداد وقت گزرنے کیساتھ تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور ہماری قوم اپنی قیادت کے حکم پر ہمیشہ لبیک کہتی آئی ہے، آج کا یہ دھرنا حکومت کے لئے پیغام ہے کہ وہ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو اپنے ایوانوں سے نکال باہر کرے اور پاراچنار بم دھماکوں سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث تمام دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔دھرنے میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد شریک ہوئے اور دھرنا رات گئے تک جاری رہنے کے بعد پر امن طور پر اختتام کا اعلان کیا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بان کی مون ایک کروڑ سے زائد کشمیریوں کی طرف سے اقوام متحدہ کو بھیجی جانے والی ای میلز کا سنجیدگی سے نوٹس لیں: لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ایک کروڑ سے زائد کشمیریوں کی طرف سے اقوام متحدہ کو اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے بھیجی جانے والی ای میلز کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے دیرینہ مطالبے کو پورا کر تے ہوئے بھارت کو ہٹ دھرمی چھوڑ کرکشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے کا پابند کریں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھاہے ۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھارت کے عالمی جرائم اور وعدہ خلافیوں سے بخوبی آگا ہ ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں اقوا م متحدہ کی جانب سے کشمیریوں کو مسلسل نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہی بھارت کو وہاں ہٹ دھرمی ،ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا موقع ملاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کو 65 سال سے پکار رہے ہیں اب وقت آگیاہے کہ اقوا م متحدہ کشمیرپر اپنی قرار دادوں کی پاسداری کرے کیونکہ بھارت 65سال سے مسلسل اپنے وعدے سے انحراف اور ”میں نہ مانوں”کی پالیسی پر گامزن ہے جبکہ اقوام متحدہ کے دوہر ے معیار کی وجہ سے کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ اقوام متحدہ پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے دبائو ڈالیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلوانے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ن) لیگ کی قیادت کو چاہیے کہ وہ ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کے معاملے پر فوری طور پر قوم سے معافی مانگیں:میاں محمد آصف
لاہور(جی پی آئی)سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وتجارت میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ(ن) لیگ کی قیادت کو چاہیے کہ وہ ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کے معاملے پر فوری طور پر قوم سے معافی مانگیں ‘سیاست میں یوٹرن (ن) لیگ کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہر دور میں مفادات کیلئے سمجھوتے کرنا ان کی پرانی عادت ہے ‘پاکستانی عوام حکمرانوں کے کارناموں کو دیکھ رہی ہے اور آج ایسے لگتا ہے کہ جیسے (ن) لیگ بھی پیپلز پارٹی کی بی ٹیم ہے کیونکہ دونوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نظر نہیں آ رہا۔ گزشتہ روز ایک تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد آصف نے کہا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ اقدار کی سیاست اور اصولوں کی بات کی ہے مگر بدقسمتی سے اقتدار میں آنے کے بعد وہ یہ سب کچھ بھول چکی ہے اور آج کل اس کا مقصد صرف اور صرف سیاست کرنا اور اپنے اقتدار کو مضبوط بنانا ہے لیکن وہ یہ بات بھول جاتے ہیں کہ کوئی ایک جماعت اقتدار کو مضبوط نہیں بنا سکتی کیونکہ جب تک عوام ساتھ نہیں ہوتے اقتدار مضبوط نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت کو چاہیے کہ وہ ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کے معاملے پر فوری طور پر قوم سے معافی مانگیں اور اس تحاد کو ختم کیا جائے اگر ایسا نہ ہوا تو (ن) لیگ بھی کراچی میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ میں برابر کی ذمہ دار سمجھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آج (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نظر نہیں آ رہا بلکہ دونوں جماعتوں کی پالیسیاں ایک جیسی نظر آ تی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مصری عوام کے قتل عام پرعالمی دنیا خاموشی ترک کرے’ سید منورحسن
لاہور(جی پی آئی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاکہ امریکا نواز مصری فوج مصر کے عوام کا علاج گولیوں سے کررہی ہے اور صرف دو دن کے اندر 1 ہزار نہتے مصری شہریوں کو شہید کردیا گیا ہے ۔عالمی دنیا خاموشی ترک کر ے اورمصری فوج پر دبائو بڑھائے کہ وہ قتل عام روکے ۔جمہوری راستوں سے تبدیلی کا راستہ روکا گیا تو امریکا اور اس کے حواریوں کا حشر پوری دنیا میں وہی ہوگا جو افغانستان میں ہورہا ہے۔ایم کیوایم اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی’وزیراعظم نوازشریف دہشتگردی کے خلاف قومی کانفرنس کی ذمہ داریاں بھی اب متحدہ کے حوالے کردیں ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے اتوار کے روز جماعت اسلامی غربی کے تحت غربی اورنگی ٹائون میں منعقدہ عوامی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افطار پارٹی سے جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی اورجماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر اسحاق خان نے بھی خطاب کیا۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ وزیراعظم میاںنوازشری صاحب اگر دہشتگردوں کو پناہ دیں گے تو پھر وہ آئندہ اہل کراچی سے ووٹ طلب نہ کریں’ ایم کیوایم حکومت کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی ‘اگر حکمران دہشتگردوں کے حوالے سے کانفرنس کرنا چاہتے ہیںتو اسکی ذمہ داری بھی ایم کیوایم کو سونپ دیں کہ وہی دہشتگردی کے خلاف کانفرنس کرے۔ انہوںنے کہاکہ دنیابھر میں مسلمان شدید پریشانی اور آزمائش کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مصر کے عوام کا علاج گولیوں سے کیا جارہا ہے ان عوام کو جنہوں نے اپنے ووٹ سے اپنے لیڈر کو چنا’کل صبح سے آج شام تک تقریبا 1000 لوگ شہید کئے جاچکے ہیں۔ ہمیں ان کے حق میں آواز بلند کرنے اور خوابیدہ عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر جمہوری انتخابی راستے کو مسدود کیا جائے گا تو ایسے راستے کھل جائیں گے جس کی وجہ سے امریکا افغانستان چھوڑنے پر مجبور ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان میں پورے معاشرے کا رنگ بدل جاتا ہے اورپورامعاشرہ ایک نیکی کی چادر اوڑھ لیتا ہے۔دریں اثناسیدمنورحسن نے ادارہ نور حق میں یونین کونسل کے ذمہ داران کی شب بیداری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مصر میں فوج کا رویہ فرعون کی صورت اختیارکرتا جارہا ہے ‘ صدر مرسی کے حامیوں پربراہ راست فائرنگ کر کے ان کو شہید کیا جارہا ہے ‘جمہوریت کے ذریعہ اگر اسلام پسند برسراقتدار آجائیں تو امریکا اورمغرب انہیں برداشت کرنے پر تیارنہیں ‘بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والے آج بھی سزا بھگت رہے ہیں ‘ پاکستان کی وزارت خارجہ کا اسے بنگلہ دیش کا داخلی معاملہ قرار دینا ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔انہو ن نے کہاکہ رمضان کی مبارک ساعتیں گزر رہی ہیں ‘ ضروری ہے کہ ہم اپنی خصوصی دعائوں میں مصر اور بنگلہ دیش کے بھائیوں کو یاد رکھیں آزمائشوں اورمصائب میں ان کی ثابت قدمی اورکامیابی کیلئے دعائیں کریں۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کی بھارت نواز حکومت نے جنگی جرائم کیلئے جو عدالتیں بنائی ہیں انہیں عالمی انسانی حقوق و انصاف کے اداروں نے بھی تسلیم نہیں کیا اور ان کی مذمت کی کیونکہ یہ عدالتیں عالمی معیارات پر پورا نہیں اترتیں اوریکطرفہ طورپر الزامات لگا کر سزائیں سنائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مصر اوربنگلہ دیش کے حالات کے حوالے سے پاکستان میں رائے عامہ سے بڑے پیمانے پر رابطے کی ضرورت ہے اور وہاں کے مسلمانوں کو یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ امت مسلمہ ان کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اخوان المسلمون نے 2 سال میں 5 مرتبہ عوامی مینڈیٹ حاصل کیا۔ پوری دنیا نے دیکھا کہ اخوان کو مصر میں بھرپور عوامی حمایت حاصل ہے اور صدر مرسی عوام کے منتخب اورجمہوری صدر ہیں آج ان کو صرف اس جرم کی سزا دی جارہی ہے کہ وہ اپنی وابستگی اللہ اور اس کے رسولۖ سے رکھتے ہیں اور ملک میں اسلام کے نظام کو نافذ کرنا چاہتے ہیں لیکن جمہوریت کے نام نہاد اور جمہوریت کے عالمی ٹھیکیدار اپنے جمہوری رویے سے پلٹ جاتے ہیں اور فوجی آمریت کی حمایت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ اختتام پذیر ہے ہمیں اپنے رب سے اپنے تعلق کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے اور قرآن سے جڑ جانے کیلئے اورکوششیں کرنی چاہیے آخری عشرے کی طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش کا اہتمام کیا جائے اور رمضان کی رحمتوں ‘ برکتوں اورمغفرتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹنا چاہیے ۔شب بیداری سے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ’ امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی اور سیکریٹری کراچی نسیم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔