اضلاع کی خبریں 31.07.2013
Posted on August 1, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کو مضبوط و مستحکم اور توانائی کے بحران سے نکلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں:حاجی نواز چوہان
گوجرانوالہ (جی پی آئی )مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف ارض پاک کو ترقی یافتہ، معاشی لحاظ سے مضبوط و مستحکم اورتوانائی کے بحران سے نکلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، جس کے لئے انہوں نے مختصر عرصہ میں وہ عملی اقدامات کیے ہیں جو ملکی میں آج تک نہیں ہوئے، میاں برادران شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغبانپورہ میں افطار ڈنر اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان کا کہنا تھا کہ میاں برادران انشاء اللہ بجلی بحران کے خاتمے سمیت ملک وقوم کو مسائل کے چنگل سے نجات دلا کر ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی تاریخی مینڈیٹ کی لاج رکھتے ہوئے عوام کی شبانہ روز خدمت کرنے کیلئے اپنے آپ کو وقف کئے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ حلقہ میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کرنا میرا مشن ہے، بلاتفریق خدمت ہی میری سیاست ہے۔ تقریب سے بیرسٹر عمر نواز چوہان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھیلوں کی بنیاد پرپنجاب کالج میں داخلے کے لئے کھلاڑیوںکے مختلف کیٹگریز میں ٹرائلز آج سے شروع ہورہے ہیں
گجرانوالہ(جی پی آئی)کھیلوں کی بنیاد پرپنجاب کالج میں داخلے کے لئے کھلاڑیوںکے مختلف کیٹگریز میں ٹرائلز آج سے شروع ہورہے ہیں ۔یہ ٹرائل اوپن ہوں گے پنجاب کالجز کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد ریاض نے بتایا کہ اتھلیٹکس کراس کنٹری ریسلنگ ہاکی ویٹ لفٹنگ جمناسٹک باڈی بلڈنگ اور تائیکو وانڈوکے ٹرائل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول جناح ہیلتھ کلب شیرنوالہ باغ منی اسٹیدیم گورنمنٹ کالج سٹیلائیٹ ٹائون اور پنجاب کالج آف کامرس میں منعقد ہوں گے ڈائریکٹر سپورٹس نے مزید بتایا کہ مختلف تاریخوں میں شفاف طریقے سے ٹرائلزلئے جائیں گے اُمیدواران کسی درمیانی راستہ کو نہ اختیار کریں اہل کھلاڑیوں کی حق تلفی نہیں ہوگی ملک کے سب سے مقبول کھیل کرکٹ کے لئے سینکڑوں کھلاڑی امیدواران ہیں جن کے ٹرائل 17اگست کو صبح 10بجے جناح اسٹیڈیم میں ہوں گے جس کے لئے کھلاڑیوں کا کٹ میں ہونالازمی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نئے بلدیاتی بل میںیونین کونسل کو زیادہ با اختیار بنا یا گیا ہے۔ حنا پرویز بٹ
لاہور( جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ بلدیاتی بل 2013ء میںیونین کونسل کو زیادہ با اختیار بنا یا گیا ہے، 2001ء کے بلدیاتی نظام میں ادارے اتنی استعداد نہیں رکھتے جتنی ان پر ذمہ داریاںڈال دی گئیں اور
9سال بعد پتہ چلا کہ ان اداروں میںکرپشن کے انبار لگائے گئے، نچلی سطح پر عہدوں کے لئے غیر جماعتی بنیادوںپر انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ عوام فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والوں کو چن سکیں، جبکہ اوپری سطح پر انتخابات جماعتی ہونے چاہئیں’پنچائتی نظام کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عدالتوں اور تھانوں میں نہ جانا پڑے۔بدھ کے روزپنجاب اسمبلی میں بلدیاتی بل 2013ء پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ آمر کے بلدیاتی نظام نے عوام کو زیادہ با اختیار بنانے کی بجائے تقسیم کردیا ‘ ناظم ،نائب ناظم، تحصیل اور ٹائون ناظمین اتنی استعداد نہیں رکھتے تھے جنہیں انہیں ذمہ داریاں دیدی گئیں جسکے نتیجے میں انہیں بے پناہ فنڈز ملے اور کرپشن کے انبار لگائے گئے ۔ جبکہ نئے بل میں احتساب کا ایک نظام موجود ہے اور ان اداروںپر چیک اینڈ بیلنس رکھا جا سکے گا ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ بل میں یونین کونسل کو با اختیار بنایا گیا ہے جس سے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ کہ مقامی حکومتوں کے حوالے سے ہمارے ملک کی سب سے بڑی بدقسمتی رہی ہے کہ ہر آنے والے آمر نے پہلے سب سے پہلا حملہ لوکل سسٹم پر کیا اور تمام اختیارات ناظم اور نائب ناظم کو دے دیئے جنہوں نے عوام کیلئے کوئی کام نہ کیا جبکہ تھینک ٹینک کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام میں گراس روٹ لیول پر عوام کو نمائندگی دی گئی ہے تاکہ ایک عام آدمی بھی مستفید ہو سکے جس کا کریڈیٹ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور وزیر بدلیات رانا ثناء اللہ کو جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر پاک افواج کا ساتھ دیں:میاں محمد آصف
لاہور(جی پی آئی)سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت وتجارت میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر پاک افواج کا ساتھ دیں’سیاست میں یوٹرن (ن) لیگ کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہر دور میں مفادات کیلئے سمجھوتے کرنا ان کی پرانی عادت ہے ‘پاکستانی عوام حکمرانوں کے کارناموں کو دیکھ رہی ہے اور آج ایسے لگتا ہے کہ جیسے (ن) لیگ بھی پیپلز پارٹی کی بی ٹیم ہے کیونکہ دونوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نظر نہیں آ رہا۔ گزشتہ روز ایک تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد آصف نے کہا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ اقدار کی سیاست اور اصولوں کی بات کی ہے مگر بدقسمتی سے اقتدار میں آنے کے بعد وہ یہ سب کچھ بھول چکی ہے اور آج کل اس کا مقصد صرف اور صرف سیاست کرنا اور اپنے اقتدار کو مضبوط بنانا ہے لیکن وہ یہ بات بھول جاتے ہیں کہ کوئی ایک جماعت اقتدار کو مضبوط نہیں بنا سکتی کیونکہ جب تک عوام ساتھ نہیں ہوتے اقتدار مضبوط نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آج (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نظر نہیں آ رہا بلکہ دونوں جماعتوں کی پالیسیاں ایک جیسی نظر آ تی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے انتہائی ضروری ہے اور سب کو ملکر پاک افواج کا ساتھ دینا ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام افطار ڈنر سے ڈاکٹر سید وسیم اختر اور نذیر احمد جنجوعہ کا خطاب
لاہور(جی پی آئی) گزشتہ روزغزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے اعزاز میں افطار ڈنرکا انعقادکیاگیا جس میں تجارتی ، تعلیمی ، مذہبی ، صحافتی سمیت تمام حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض چیئرمین غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ،ممبرصوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اورامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب وصدرغزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نذیر احمد جنجوعہ نے ادا کئے ۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے پاکستان کی مایوس کن تعلیمی صورتحال اور ملک کو درپیش تعلیمی چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی اور اس کی بنیادی وجہ طبقاتی نظام تعلیم کو قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 65 سال گزرنے کے
باوجود پاکستان کے تعلیمی مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوسکا اور آج بھی یہاں تعلیمی حوالے سے کشمکش ہردم موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچہ ابتدائی عمر میں 3 ہزار الفاظ اپنے والدین اور ہم جولیوں سے سیکھتا ہے اور میڈیا بھی اس ضمن میں اہم کردار ادا کرتا ہے مگر طبقاتی نظام تعلیم کی وجہ سے والدین اور اساتذہ پریشان ہیں ۔ اس کشمکش کو کسی بھی سطح پر محسوس نہیں کیا جارہا ۔ انہوں نے دیگر ممالک کے تعلیمی بجٹ کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کا 50 فیصد جی ڈی پی تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں وہ نہ صرف ترقی یافتہ ملک ہے بلکہ وہاں کی معیشت بھی مستحکم ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح 2 فیصد سے آگے نہیں بڑھ پائی ہے ۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے ادارے اور لوگ آگے آئیں جو تعلیمی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ نذیر احمد جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں اور سیاستدانوں کی اپنی اپنی ترجیحات ہیں جن میں تعلیم کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی شامل نہیں ، ان حالات میں معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ جہالت کے خلاف اس جنگ میں غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اور ایسے دیگر اداروں کا ساتھ دیں جو تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل کی جدوجہد میں اپنے اپنے حصے کی شمع جلائے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بلوچستان کے تعلیمی احوال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں تمام طلبہ پر اٹھنے والا تمام بوجھ ٹرسٹ نے خود اٹھا رکھا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں بھی مجموعی طور پر 24 ہزار یتیم و مستحق بچوں کی تعلیمی کفالت کررہا ہے جس پر کروڑوں روپے خرچ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے اس سرپرستی میں اضافے ، مخیر حضرات کی جانب سے اس ذمہ داری کو محسوس کرنے اور بالخصوص پسماندہ دیہاتوں میں اس ضمن میں خصوصی توجہ دیتے ہوئے چراغ سے چراغ جلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر شرکاء نے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کی تعلیمی کاوشوں میں حصہ دار بننے کے عزم کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت کو سر جوڑکر بیٹھنا ہو گا:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت کو سر جوڑکر بیٹھنا ہو گا، تحریک انصاف خیبر پی کے کو ماڈل صوبہ بنائے گی، لوگوں کوان کی دہلیز پر انصاف ملے گا، کرپشن پر قابو پائے بغیرملک کی حالت بہتر نہیں ہو سکتی اورکرپشن کے خاتمے کیلئے ایک آزاد اور موثر احتساب سیل کے قیام کی ضرورت ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمیں ایک لائحہ عمل بنانا ہو گا اور اس کے لئے سیاسی وعسکری قیادت کو سر جوڑنا ہو گا، خیبر پی کے کو امن کا گہوارہ بنانا تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو اپنی عوام دشمن پالیسیوں کا خمیازہ بھگتنا ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمہوریت کو بہترین انتقام کہنے والوںکی قلعی صدارتی انتخاب میں کھل گئی :پروفیسر ساجد میر
لاہور( جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ جمہوریت کو بہترین انتقام کہنے والوںکی قلعی صدارتی انتخاب میں کھل گئی۔پیپلزپارٹی نے انتخابی تاریخ میں دوسری بار سیاسی غلطی کا ارتکاب کیا۔ان سے زیادہ جمہوری پختگی کا مظاہرہ پی ٹی آئی نے کیا۔پیپلزپارٹی اب ایک شریف النفس صدر کو بھی برداشت کر ے اورصدر کی حیثیت کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے یہی سب کے مفاد میں ہے۔ ممنون حسین کوصدارت مبارک قوم توقع رکھتی ہے کہ وہ خود کو ایک غیرجانبدار اور تمام پاکستانیوں کیلئے یکساں صدر ثابت کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ممتاز شخصیات نے صدر پاکستان ممنون حسین کو مبارک باد دی
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹریڈرز ونگ کے شریک چیئرمین اور لاہور چیمبر و ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رُکن ناصرسعید نے بھاری اکثریت سے کامیابی پر صدر پاکستان ممنون حسین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدرمملکت کے انتخاب کے ساتھ ہی وہ جمہوری عمل مکمل ہوگیا ہے جس کے لیے مسلم لیگ ن طویل عرصہ سے جدوجہد کررہی تھی۔ ایک بیان میں ناصر سعید نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے صدارت کے لیے ممنون حسین جیسے بہترین شخص کا انتخاب کرکے دور اندیشی کا ثبوت دیا کیونکہ نومنتخب صدرِ مملکت اس سے قبل بہت سے اہم عہدوں پر کام کرچکے ہیں اور صنعتی، تجارتی و معاشی امور کے متعلق وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس کی روشنی میں وہ ملک کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں جو جتنا بڑا کرپٹ تھا اُسے اتنا ہی بڑا عہدہ دیا گیا جس کی وجہ سے آج ملک بدترین مسائل سے دوچار ہے۔ اس کے برعکس میاں محمد نواز شریف نے اپنی ٹیم میں باصلاحیت اور ایماندار شخصیات کو شامل کیا ہے جو ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ مزید برآں ناصر سعید نے مزید کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف بلاامتیاز انتہائی سخت ایکشن لیکر میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نے قوم سے اپنی وابستگی ظاہر کی ہے، بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور آئندہ تین سالوں میں بجلی کا بحران ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے یہ باتیں تاجروں کے ایک بڑے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ ناصر سعید نے کہا کہ سابق حکومت نے نندی پور پاور پراجیکٹ کو کرپشن اور سیاسی انتقام کی نظر کیے رکھا جس کی وجہ سے پنجاب کے عوام گذشتہ پانچ سال کے دوران بجلی اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جھیلتے رہے لیکن اب صورتحال مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی مشینری سائٹ پر پہنچ چکی ہے جبکہ نیلم جہلم پراجیکٹ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے جن کی تکمیل کے بعد مجموعی طور پر تیرہ سو میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف بجلی و گیس کے بدترین بحران، بدعنوانی اور اقرباء پرستی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں جن کے نتائج جلد ہی قوم دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو ملنے والا بھاری مینڈیٹ قوم کی امانت ہے اور مسلم لیگ ن کے رہنما میاں محمد نواز شریف و میاں محمد شہباز شریف اس امانت کی مکمل حفاظت کے لیے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکمت عملی وضع کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران حکمرانوں نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا، ملک پر قرضوں کا بوجھ 60ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، دہشت گردی کے واقعات میں پچیس ہزار سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے، غیرملکی سرمایہ کاری میں 85%تک کمی ہوئی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کا ماضی بھی سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دورمیں ہونے والے ترقیاتی کام بے مثال تھے۔ ناصر سعید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور حکومت کے دوران صرف صوبہ پنجاب میں کام ہوتا نظر آیا جبکہ بقیہ تینوں صوبوں میں صورتحال انتہائی مایوس کن تھی۔ میاں محمد شہباز شریف نے ڈینگی کے خاتمے کے لیے انتھک کوششیں کیں، فروغ تعلیم کے لیے اقدامات اٹھائے اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے خصوصی کام کیا۔ ناصر سعید نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی توانائی کی پیداوار کے منصوبوں، امن و امان کے حالات کی بہتری کے لیے فوری طور پر کام کرے گی جس سے تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلز پارٹی کی تمام کوششیں جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کیلئے ہیں :قاضی احمد سعید
لاہور(جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی تمام کوششیں جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کیلئے ہیں صدر کے الیکشن کے بعد حکومت کی تبدیلی کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ ایک
بیان میں انہوں نے کہا کہ ممنون حسین متنازعہ اور صرف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں۔ مسلم لیگ ن نے من مانی کر کے صدارتی انتخابات پر داغ لگادیا ہے۔ صدر کا انتخاب غیر آئینی طریقے سے ہوا۔ اس سے اداروں کی ساکھ پر سوالیہ نشان آ گیا، پیپلز پارٹی نے آئینی کی خلاف ورزی پر احتجاج کر کے اپنا حق ادا کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی ہر پلیٹ فارم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے سٹاف اور مریضوں میں عید تحائف تقسیم کیے
لاہور (جی پی آئی) پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے سٹاف اور مریضوں میں عید تحائف تقسیم کیے ہیں ۔ انجمن تاجران آٹوپارٹس کے اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر وقار احمد میاں، عبدالغفار خان، اطہر فرید مغل، چودھری ذیشان، ملک عبدالغفور اور تاجرو ںکی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی جنہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انجمن تاجران آٹو پارٹس اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر وقار احمد میاں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل رکھنے والے لوگ عید کے پرمسرت موقع پر اپنے ان بہن بھائیوں کو ضرور یاد رکھیں جو غربت اور افلاس کی وجہ سے بدحالی کا شکار ہیں۔ وقار احمد میاں نے کہا کہ عوام کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے لیکن حکمرانوں نے عوام کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف پر زور دیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائیں کیونکہ غربت کا گراف اور امیر و غریب کے درمیان فرق ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا چلا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زکوة کمیٹیوں میں تاجر برادری کے نمائندوں کی شمولیت یقینی بنائے کیونکہ عوام زکوة کی تقسیم پرشدید تحفظات رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حقدار کو اُس کا حق نہیں ملے گا تب تک حکومت غربت کا خاتمہ یقینی نہیں بناسکتی۔ انہوں نے نجی
شعبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خوشی اور فخر کی بات ہے کہ تاجر برادری اللہ تعالیٰ کی خوشنودی خاطر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صدارتی انتخاب 2013 ء آئین کے مطابق انجام کو پہنچ گیا:لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے ممنون حسین کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ صدارتی انتخاب 2013 ء آئین کے مطابق انجام کو پہنچ گیا ۔توقع ہے کہ ممنون حسین صدارتی انتخاب میں پیدا ہونے والے بحران اور خلیج کا خاتمہ کریں گے اور ملک کے صدر عملاً بن کر دکھائیں گے ، محض حکمران جماعت کے ہی ممنون نہ رہیں۔ پہلی مرتبہ آئینی مدت کی تکمیل کے بعد صدر کا انتخاب حکمران جماعت کی عجلت اور پھرتیوں کی وجہ سے دھندلا ہو گیا۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے مسلم ٹائون میں عوامی افطار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران جماعت اور نو منتخب صدر ممنون حسین کے لیے اصل چیلنج کراچی کے حالات کو سدھارناہے ۔ وزیراعظم نے کراچی کے حالات خراب کرنے، ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، بلیک میلنگ کے ذمہ دار غیر جمہوری گروہ سے ہاتھ ملا کر کراچی کو مزید اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔ غیر حکیمانہ ، مفاد پرستی پر مبنی یوٹرن بہت مہنگا پڑے گا اور اسے اپنی غلطی کا احساس نہ جانے کب ہو۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی حکمت عملی نے کراچی کے عوام ، تاجروں ، صنعت کاروں اور قومی سلامتی کے لیے جدوجہد کرنے والی جمہوری قوتوں کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی مسائل حل کریں ۔ بجلی بحران ، مہنگائی ، بدامنی ، بے روزگاری ، سٹریٹ کرائم ، قتل و غارت گری ، دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ معاشی ترقی کے لیے بلاامتیاز احتساب ضروری ہے، بجلی و گیس چوری کے خلاف حکومتی سہ روزہ مہم ٹھنڈی پڑ گئی ہے۔ حکمران پاکستان کو اسلامی فلاحی اور حقیقی معنوں میں جمہوری ملک بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے پائیدار تعلقات اور دوستی خواب ہی رہے گا ۔ بھارت ہی اپنی شاطرانہ چالوں سے حکمرانوں کی خواہشات اور خوابوں کو چکنا چور کرے گا ۔ حکومت کشمیری قیادت اور کشمیریوں کو نظر انداز نہ کرے ۔ افطار پروگرام میں عبدالحفیظ احمد ، محمد انور گوندل ، احمد سلمان بلوچ ، عابد میر ، ذوالفقار بھٹی ، مولانا صلاح الدین ، حاجی محمد اکرم و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منورحسن کا پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے پر ردعمل
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے حکومت کی طرف سے سی این جی ، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عید کے موقع پرعوام کی خوشیوں پر ڈرون حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے آئے روز آنے والے منی بجٹ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔سالانہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمارکے بعد بھی حکومت نے بجلی ، پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کو معمول بنا لیاہے جس سے غریب کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور اب تیل کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لٹر اضافہ کرکے وہ عوام کو مہنگائی کے ایک نہ ختم ہونے والے سیلاب کے اندر دھکیلنا چاہتی ہے تاکہ غریب کے تن پر موجود کپڑے بھی اتار لئے جائیں ۔ سید منورحسن نے کہا کہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے تمام کاروبار زندگی مفلوج کردیا ہے ،فیکٹریا ںاور کارخانے بند ہونے سے لاکھوں مزدور اور محنت کش بے روزگار ہوچکے ہیں اوران کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں خاندان غربت کی وجہ سے فاقہ کشی پر مجبور ہیں لیکن حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات میں کوئی کمی نہیں آئی ،صرف غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنا یا جا رہاہے ۔سید منور حسن نے کہا کہ حکمران لوگوں سے عید کی خوشیاں چھیننے سے باز رہیں اور صبح و شام منی بجٹ مسلط کرکے عوام سے جینے کا حق نہ چھینیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ڈیڑھ ماہ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے تمام تر حکومتی دعوے
ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں ،رمضان المبار ک میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ،سحری اور افطاری کے وقت بھی عوام روشنی اور پانی سے محروم رہتے ہیں ۔سید منور حسن نے کہا کہ اگر حکومت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو لوگ بہت جلد سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی نے محکمہ جات سے متعلق اسمبلی سیکرٹریٹ میں سوالات اور تحاریک التوائے کا ر جمع کروائی
لاہو ر(جی پی آئی)ق لیگ پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی نے مختلف محکمہ جات سے متعلق اسمبلی سیکرٹریٹ میں سوالات اور تحاریک التوائے کا ر جمع کروائی ہیں ، عامر سلطان چیمہ نے تحریک جمع کروائی کہ بھینسوں سے زیادہ دودھ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے oxytocin انجکشن کو مضر صحت قرار دیکر دنیا بھر میں اس کے استعمال کو ممنوع قرار دے دیا گیا مگر پاکستان میں اس کا آزادانہ استعمال جاری ہے پنجاب اس مضر صحت انجکشن کے استعمال میں سرفہرست صوبہ ہے ایسی بھینسوں کے دودھ کے استعمال سے حاملہ خواتین اور بچوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ، انہوں نے مذکورہ انجکشن کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ، سردار وقاص موکل نے محکمہ جنگلات کی طرف سے سڑکوں کے کنارے درخت لگائے جانے کی پالیسی کے حوالے سے سوالات جمع کروائے ، سردار آصف نکئی نے دریائے راوی کے دونوں کناروں پر قبضہ مافیا کی طرف سے قائم غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف
سوالا ت جمع کروائے ، ڈاکٹر محمد افضل نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ناقص کارکردگی پر تحریک جمع کروائی ، احمد شاہ کھگہ نے مفت اور لازمی کی فراہمی سے متعلق سوالات جمع کروائے، ق لیگ کے اراکین اسمبلی نے گردہ فروش گروہوں اور سال 2013 ء کے دوران لیڈی ہیلتھ وزیٹر پر ہونے والے تشدد کے متعلق بھی تحریک جمع کروائی ، ڈاکٹر افضل نے جیلوں میں بھتہ اور رشوت خوری کے متعلق سوالات جمع کروائے ، اراکین اسمبلی نے اپوزیشن چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ نظم و نسق تباہ ہو چکا ہے ، عوام کو یہاں کسی قسم کا ریلیف نہیں مل رہا اور حکومت گورننس بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کر کے پیپلز پارٹی نے اپنا آئینی حق استعمال کیا :عابد حسین صدیقی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کر کے پیپلز پارٹی نے اپنا آئینی حق استعمال کیا ہے پیپلز پارٹی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ہر کام کرے گی اور اس کے لئے جو ضروری سمجھا جائے گا کیا جائے گا۔ صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کر کے پیپلز پارٹی نے جمہوری طریقہ اختیار کیا۔ پیپلز پارٹی اور اتحادیوں کے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ سے صدر متنازعہ ہو گئے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ میں اربوں کی کرپشن جیسا سنگین معاملہ سامنے آچکا ہے دو ماہ میں 3 وزراء پر 24 ارب کی کرپشن کا الزام سامنے آ گیا ہے۔ ایل این جی بھارت سستی خرید رہا ہے جبکہ ہم 33 فیصد مہنگی لے رہے ہیں۔