اضلاع کی خبریں Feb 16, 2013

راولپنڈی ( جی پی آئی) آل پاکستان پیپلز ورکرز یونین نیٹکو کے سدا بہار صدر ملک عبادت خان کی زیر صدارت یونین کی کا بینہ کا ہنگامی اجلاس راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے صد رنے کہا ہے کہ کنٹریکٹ ما فیا اب ناقص گاڑیاں خرید رہے ہیں اور کروڑوں کی کر پشن کر رہے ہیں اور پہلی گاڑیاں اُونے پونے خود نیلام حقیقی ملازمین کو4مہنے سے تنخواہ ہی نہیں دی گئی صرف اپنے چہتیوں اور پوڈر مافیا ٹا ئوٹوں کو نواز اجارہا ہے ، وفاقی حکومت اور گلگت بلتسان کی حکومت اس کر پشن میں برابر کی شریک ہے ۔ ان کنٹر کٹ مافیا کی وجہ سے سولہ سال تک ورکزر کو ان کے بنیادی حقو ق تک نہیں مل سکے۔ وفاقی حکومت کے وزراء اور گلگت بلتسان کے ہاتھو ں سے ادارے کو لو ٹ رہے ہیں ڈرائیور اور کنٹریکٹر کو اپنی نوکری سے بر طرف کر دیا گیا ہے اور اس میں یونین کے عہد ہدار بھی شامل ہیں ، سی بی یونین کے سینکڑوں ملازمین ڈیوٹی سے اتار دیے گئے ہیں اور بغیر کسی وجہ سے ان پر ہزاروں روپوں کے جرمانے کیے جارہے ہیں ، اس مافیا کے ہا تھوں لوگ بہت پر یشان ہیں ، ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سے پر زور التجا ہے کہ وُہ مو ٹو ایکشن لیکر ان لٹیروں کو گرفتار کرائیں اور ان سے لُوٹی ہوئی دولت واپس لی جائے۔ فوج ظفر موج کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے ۔ تاکہ آئندہ آنے والوں کو نصیحت ہو جائے کہ کر پشن کا نام بھی نہیں لینا ۔ سی بی اے یونین کو دیوار سے لگایا ہوا ہے اور ٹائوٹ یونین کو نواز جارہا ہے ۔ حقیقی نما ئندے ملک عبادت کو نہ دفتر دیا جا رہا ہے اور نہ ہی کوئی اور سہولت ہم نے سپر یم کورٹ میں کنٹریکٹ مافیا کے خلاف کیس کیا ہوا ہے ۔ انشاء اللہ جلد فیصلہ ہو جائے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔
دہشتگردی کے پُرامن حل کیلئے کے آئین وقانون کی بالادستی کو یقینی بناناہوگا۔زاہدحبیب قادری
راولپنڈی،اسلام آباد(جی پی آئی)پاکستان سُنی تحریک کے مرکزی رہنمامحمدزاہدحبیب قادری نے کہا ہے کہ ہتھیارپھینکے اورقانون کے کٹہرے میں لائے بغیردہشتگردوںسے مذاکرات نہ کیے جائیں۔دہشتگردی کے پُرامن حل کیلئے کے آئین وقانون کی بالادستی کو یقینی بناناہوگا۔ملکی سلامتی کے اداروں،علماء ،مشائخ،مساجد، مدارس ،سیاسی ومذہبی شخصیات سمیت40 ہزارسے زائدپاکستانیوں اور5ہزارسے زائدسکیورٹی فورسزکے اہلکاروں کودہشتگردی کانشانہ بنانیوالوں کو قانون کے کٹہرے میں لائے بغیرمعاف کردیناشہداء کے خون سے غدازی کے مترادف ہوگا۔طالبان سے مذاکرات کرنیوالے بنائیں کہ18کروڑ پاکستانیوں کے جان ومال کے تحفظ کی گارنٹی کون لے گا؟ قائدوبانی سُنی تحریک محمدسلیم قادری شہید،ڈاکٹر سر فراز احمد نعیمی،محترمہ بینظیربھٹو،پیر سمیع اللہ چشتی، بشیراحمدبلور، میاں افتخاراحمدکے اکلوتے صاحبزادے ، کراچی میں علماء ، مذہبی جماعتوں کے قائدین ،کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کاحساب کون دے گا؟ان خیالات کااظہارانہوں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔زاہدحبیب قادری نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے، امن وامان کے قیام اورجمہوریت کے استحکام کیلئے آل پارٹیزکانفرنس میں شرکت کی ۔عوامی نیشنل پارٹی کی آل پارٹیزکانفرنس بارش کا پہلا قطرہ ہے،ملکی سلامتی واستحکام اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیاسی ومذہبی جماعتوں کو آئندہ بھی مل کربیٹھناہوگا۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ علمی معاشی اورفوری انصاف کا انقلاب لاکر قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کیاجائے۔تمام جمہوری قوتوں کو جلد از جلد بلوچستان، کراچی،خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھرمیں جاری دہشتگردی،مذہبی وسیاسی انتہاپسندی کا حل تلاش کرناچاہیے۔ انہوںنے امریکی ڈرائون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ڈرائون حملے پاکستان کی سلامتی وخودمختاری پر براۂ راست حملہ ہیں،ڈرائون حملوں کی روک تھام کیلئے حکمران دوٹوک پالیسی اختیارکریں۔دہشتگردی کے خلاف ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک ہوکر کام کرنا ہوگا اور ان قوتوں کو آگے لانا ہوگا جو ملک کی بقاء و سلامتی کے لئے کام کرنا چاہتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی نواز چوہان نے کہا ہے کہ محمد شہباز شریف نے اپنی کارکردگی سے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ( ن) ہی عوامی نمائندگی کی اہلیت رکھتی ہے، نامساعد حالات کے باوجود پنجاب میں لاتعداد ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، سستی روٹی، لاکھوں طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم، 11ماہ کی ریکارڈمدت میں میٹرو بس سروس سسٹم کی تکمیل اور دیگر بنیادی شعبوں میں سہولیات ادا کر کے شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں خادمِ اعلیٰ ہونے کا حق ادا کر دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغبانپورہ میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نواز چوہان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کی بے مثال کارکردگی کی بدولت مسلم لیگ (ن) کی انتخابات میں کامیابی نوشتہ دیوار ہے اور یہی بات مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ کی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کروڑوں کے ترقیاتی کام مکمل ہو چکے، انشاء اللہ الیکشن میں کئے تمام وعدے وفا کروں۔
۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ (جی پی آئی)تحریک انصاف کے سینئر رہنما پی پی 94 بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا ہے کہ عوام کو مسائل میں دھکیلنے والے اب پُر فریب نعروں سے عوام کو بہلا نہ سکیں گے، عمران خان نے عوام میں شعور بیدار کر دیا، الیکشن میں عوام کرپٹ سیاستدانوں کو نہ صرف ان کا ماضی یاد دلائیں گے بلکہ ان کے چہروں سے منافقت کا نقاب بھی اتار دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرید ٹائون اور گھوڑ دوڑ روڈ پر منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر عادل سلیم خاں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے ضمیر کے مطابق حق رائے دہی کا حق حاصل ہے، کسی بھی دبائو کے بغیر ووٹوں کا آزادانہ استعمال ہی جمہوری روایات کی کامیابی ہے، انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی الیکشن میں ایسے رہنمائوں کا انتخاب کریں جو مستقبل میں پارٹی کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں نہ کہ ذاتی نمودونمائش کیلئے پارٹی کو استعمال کریں۔اس موقع پر رانا راشد، آصف مغل، عمران گوندل، چودھری عدنان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ(جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمیعت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی ملکی سالمیت کیلئے زہر قاتل اور بڑا خطرہ ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے دفتر میں علماء کرام اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی’مفتی محمد حسین صدیقی’الحاج سرفراز احمد تارڈ ودیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ ملک میں شیطانی قوتیں دہشتگردی اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ان حالات میں اے این پی کی اے پی سی میں سیاسی ومذہبی راہنمائوں کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا خوش آئند ہے اور مستحسن اقدام ہے انہوںنے کہا کہ ملک میں قیام امن کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی جانوںکے ضیاع کو روکا جاسکے اور ملک میں استحکام سماجی اور معاشی ترقی کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ اب بھی پوری قوم نے دہشتگردی کیخلاف متحد ہو کر کردار ادا نہ کیا تو اس سے کہیں زیادہ سنگین حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ(جی پی آئی)سنی اتحادکونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم ‘پیر سید عظمت علی شاہ بخاری پیر سید علی سجاد حیدر شاہ بخاری پیر سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی’مولانا محمد اکبر نقشبندی صاحبزادہ دائود رضوی مفتی محمد حسین صدیقی الحاج سرفراز احمد تارڈ مفتی غلام نبی جماعتی قاری غلام سرور حیدری قاری محمد اعظم چشتی اور حافظ محمد نعمان صدیقی نے جماعت اہلسنت کے عالم دین اور مولانا محمد طیب رشید صدیقی کے والد مولانا رشید احمد صدیقی کے انتقال پراظہار تعزیت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
افضل گرو کی شہادت حکمرانوںکی ناکام خارجہ پالیسی کا بین ثبوت ہے’پروفیسر سعید کلیروی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام خطبات جمعہ میں بھارتی جیل میں افضل گرو کی ظالمانہ شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے علمائے کرام نے اسے حکومت پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی قرار دیا۔امیر سٹی پروفیسر سعید کلیروی،ناظم اعلیٰ حافظ عمران عریف،سرپرست مولانا محمد صادق عتیق،مولانا عارف اثری، مولانا محمد ابرار ظہیر، مولانا محمد نعیم بٹ،مولانا نعیم صدیقی، مولانا عتیق الرحمان خلیق،مولانااعظم طارق بھٹوی،مولانا نصر اللہ خاں مظفر،مولانا عثمان اسحاق ، مولانا ناصر سلفی،مولانا فاروق عاصم،مولانا ڈاکٹر عبد الرحمان پن ،مولانا عبد الغفار ثاقب اور دیگر علماء نے خطبات جمعہ میںافضل گرو کی شہادت پرشدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا افضل گرو جیسے مجاہد پیدا ہوتے رہیں گے، کشمیر کی آزادی کی تحریک منزل ملنے تک جاری رہے گی۔علماء نے مطالبہ کیا کہ حکمران بزدلانہ پالیسیاں تر ک کر دیں، اس بزدلی نے انہیںکہیں کا نہیں چھوڑا، علماء نے مطالبہ کیا کہ بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کو فوری طور پر پھانسی دی جائے، اگر بھارت بے گناہوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا سکتا ہے تو پاکستان اپنے بے گناہوں کے اقراری مجرم کو کیوں سزائے موت نہیں دے سکتا۔ علماء نے کہا کہ حکمران داخلی امن اور خارجہ میدان میں کوئی بھی مقام حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں، کشمیر پاکستان کی زندگی کا مسئلہ ہے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، کوئی بھی حکومت اس سے صرف نظر نہیں کر سکتی۔
۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ کے رہنما اور حلقہ پی پی 91 کے مضبوط ترین امیدوار رضوان اسلم بٹ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے میثاق جمہوریت سے انحراف کرنے کے نتیجہ میں قدم قدم پربھاری نقصان اٹھایا۔پیپلزپارٹی کی ناکامی کاانتقام جمہوریت سے نہیںلیا جاسکتا،جمہوریت کی گاڑی رواں رہے گی تواس کی کمزوریاں اورخامیاں اپنے آپ دورہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کودرپیش چیلنجز کے تناظرمیں جمہوریت کیخلاف کسی قسم کی مہم جوئی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے زرداری لیگ کا”سندھ کارڈ”نوڈیرو میں دفنادیا’ پنجاب اورسندھ سمیت چاروں کے عوام نے بدعنوان اتحادی حکومت کیخلاف اورانتخابات کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے’حکمرانوں نے تو بینظیربھٹوکے قاتلوں سے مفاہمت کرلی مگرمسلم لیگ (ن) انہیں انصاف کے کٹہرے میں ضرور لے کرآئے گی’آصف زرداری عوام کی تسلی کیلئے وضاحت کریں بینظیربھٹوکے قاتلوں کی عدم گرفتاری کی وجوہات کیا ہیں اوران کی گرفتاری میںکون رکاوٹ ہے۔ اپنے ایک بیان میں رضوان اسلم بٹ نے مزید کہا کہ زرداری لیگ والے اپناسیاسی مستقبل اوراقتداربچانے کیلئے قبروں پرسیاست چمکاناچھوڑدیں ،جس پارٹی میں رحمن ملک اور میاں منظوروٹو ہوں اس کا ذوالفقارعلی بھٹواوربینظیربھٹوسے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گوجرانوالہ(جی پی آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین ومرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن انجینئرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح مسلم لیگ ن کی اولین ترجیح ہے،گوجرانوالہ کی سچی نیت والی قیادت نے پانچ سال میں نا ممکن کو بھی ممکن کر دکھایا،عوام کی تائید،حمایت اور تعاون سے گوجرانوالہ کی ترقی کا سفر جاری رہے گا، ان خیالات کااظہار انہوں نے فضل ٹائون میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی،رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عوام کا پیسہ جیبوں میں بھرنے کی روایت ختم کر کے دکھائی ہے اور مختصر ترین عرصے میں مثالی ترقیاتی منصوبے مکمل کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ،محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجودشہباز شریف نے نمایاں کارنامے انجام دئیے ہیں ملک بھر کے عوام یہ برملا اعتراف کر رہے ہیں کہ پنجاب سے بہتر قیادت پورے ملک میں موجود نہیںہے،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کرکے مرکز اور صوبوں میں حکومت بنا کر نواز شریف کا عوامی دور واپس لائے گی جب غریب کی عزت نفس کو مجروح ہونے سے بچانے کے لئے شادیوں پر کھانے کی پابندی تھی اور 20کلو آٹے کا تھیلہ 100روپے میں دستیاب تھا،اس موقع پر معظم رئوف مغل،ڈاکٹر عزیز دل،لالہ ظہیر احمد،صفت علی بٹ ،ماسٹرنذیر ایم بھٹی،ڈیوڈ ولیم،عثمان راٹھور،طیب مغل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔
دنیا اور آخرت میں کامیابی قرآن وحدیث پر عمل کرنے سے ہوگی’حافظ سلیم بٹ
گوجرانوالہ(جی پی آئی)اسلام ایک امن وآتشی والا مذہب ہے بیشک آپۖ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے اور ہم اس اسلام کو مانتے ہیں جس میں آخری فیصلہ نبی کریمۖ کا ہے اور اہلحدیث نبی اکرمۖ کی پیدائش کی خوشی ہر سوموار کو روزہ رکھ کرکرتے ہیں۔دنیا اور آخرت میں کامیابی قرآن وحدیث پر عمل کرنے سے ہوگی۔ان خیالات کااظہار تاراں والا گلہ حافظ آباد روڈ پر سیرت امام اعظمۖ کانفرنس میں علماء اہلحدیث نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔علماء کرام میں مولانا قاری بنیامین عابد’قاری عبدالحفیظ فیصل آبادی’مولانا قاری حنیف ربانی’اور مولانا محمد اکرم زاہد بھٹوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قاری بنیامین عابد نے پورے قرآن مجید کے ہر پارے سے نبی اکرمۖ کی شان میں نازل ہونیوالی آیات سنائیں جس سے شرکاء کانفرنس اور سیکورٹی پر موجود پولیس ملازمین جھوم اٹھے’قاری عبدالحفیظ فیصل آبادی نے مفصل خطاب کیا اور عوام کو آپۖ کی شان میں نعتیں سنائیں اور نبی اکرمۖ کی پیدائش کے حوالے سے رونما ہونیوالے معجزات کا ذکر کیا جبکہ قاری محمد اکرم زاہد بھٹوی نے سیرت النبیۖ پر مفصل خطاب کیا۔جبکہ پاسبان اہلحدیث کے امیر حافظ سلیم بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ پر اختلاف موجود ہے جبکہ دن پر ساری امت کا اتفاق ہے اور اس دن روزہ رکھنا چاہیے پھر عوام سے وعدہ لیا گیا کہ سب روزہ رکھیں گے اور کہا کہ انشاء اللہ میں بھی روزہ رکھونگا شرکاء کانفرنس نے ہاتھ بلند کرکے روزہ رکھنے کا وعدہ کیا یہ کانفرنس مولانا محمد صادق عتیق کی زیر قیادت تھی ‘آخر میں مولانا محمد صادق عتیق نے کہا کہ یہ تو تاراں والا گلہ ہے میں تو یاراں والے گلے میں بھی کانفرنس کر سکتا ہوں ۔پاسبان فورس نے انتہائی منتظم انداز میں کانفرنس کا انتظام سنبھالا جس کی وجہ سے کانفرنس میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا کانفرنس کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔

وزیر آ باد(جی پی آئی) شہر میںآوارہ کتوں کی بھرمار شام ہوتے ہی اور صبح کے وقت بچوں اور شہریوں کا نکلنا محال لیکن ارباب احتیار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ،شہری عرصہ دراز سے انتظامیہ کو شکایات کر چکے ہیں لیکن شنوائی نہیں جیسے یہ شہر لاوارثوں کا ہو اگر انتظامیہ نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے نہ لیا تو میاں محمد شہباز شریف اور تمام اعلی قیادت کو بے حس انتظامیہ کے رویئے سے اگاہ کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) پنجاب کونسل کے رہنما الطاف احمد ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا میاں شہباز شریف کے وژن کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہے شہری حوف کے مارے گھروں میں معلق ہو کر رہ گئے ہیں انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ ان آوارہ کتوں کو تلف کرنے کی مہم کا آغاز کرے تاکہ شہری سکون کا سانس لے سکیں۔اگر کسی شہری کو نقصان پہنچا تو انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر آ باد(جی پی آئی)ایک سال قبل سپیشل پرسنز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہونے والے آل پاکستان مقابلہ نعت خوانی میں اول آنے پر حج پیکج جیتنے والے نابیناطالبعلم کو حج کروانے کا وعدہ پورا نہیں ہوسکا، عوامی، سماجی مذہبی حلقوں کا مقابلہ نعت خوانی کی انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج۔ متاثرہ خاندان کا سپریم کورٹ سے بااثر افراد کیخلاف از خود نوٹس لینے کا مطالبہ۔گزشتہ برس جناح کنونشن سینٹر میں منعقدہ آل پاکستان مقابلہ نعت خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے بصارت سے محروم خصوصی بچوں نے شرکت کی،انتظامیہ کی طرف سے مقابلہ میں اول آنے والے بچے کیلئے والدین سمیت حج پر جانے کا انعام مقرر تھا۔ وزیرآباد کے نواحی علاقہ ویروکی کے رہائشی غریب شخص محمد ریاض کے تین بیٹے ہیں اور تینوں پیدائشی طور پر بصارت کی نعمت سے محروم ہیںکے 13سالہ بڑے بیٹے حسن ریاض نے محفل نعت میں حصہ لیا اور موقعہ پر موجود ججز کے فیصلہ کے مطابق اول انعام کا حقدار ٹھہرا جس کے مطابق محفل نعت انتظامیہ نے گزشتہ حج میں حسن ریاض کو والدین سمیت حج پر بھجوانا تھا مگر محفل کی انتظامیہ نے حج کے ایام سے قبل مسلسل جھوٹ کا سہارا لیکرٹال مٹول سے کام لیا اور حج پر جانے کے ایام گزر جانے کے بعد امیدوار حسن ریاض اور اس کے والدین سے رابطہ منقطع کرلیا۔ بااثر افراد، کاروباری اداروں کے اس طرز عمل پر نابینا حسن ریاض اور اس کا خاندان سخت ترین اضطراب میں مبتلا ہے ۔ عوامی،سماجی حلقوں ،متاثرہ خاندان نے انتظامیہ کی طرف سے اس دھوکہ دہی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ از خود نوٹس لیکر انتظامیہ سے مقابلہ کے انعام کے وعدہ کو پورا کروایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ پرویز مشرف کی عطا کردہ تشدد کی لہر سے ملک کو نجات دلانا ہو گی قیام امن کے بغیر کوئی ریاست ترقی نہیں کر سکتی، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں امن چاہتی ہے، پیپلز پارٹی نے قیام امن کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ، تشدد سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، قیمتی جانوں کے ضیاع پر سخت افسوس ہوتا ہے ایسے واقعات سے نہ صرف سرمایہ کاری رک جاتی ہے بالکہ دنیا بھر میں پاکستان کے بارے اچھی رائے قائم نہیں ہوتی، محترمہ بے نظیر نے جمہوریت کی خاطر شہادت پائی، ہماری قائد بھی پرتشدد کاروائی کا شکار ہوئی لیکن ہمارے حوصلے بلد ہیں ہم ملک میں قیام امن کے لئے پر عزم ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
شریف میڈیکل سٹی میں بچوں کی ہارٹ سرجری کے شعبہ نے کام شروع کر دیا
لاہور (جی پی آئی)شریف ٹرسٹ کے زیر اہتمام شریف میڈیکل سٹی میں بچوں کی ہارٹ سرجری کا شعبہ قائم کر دیا گیا ہے جہاں سات سالہ بچی سبین شہزادی کا پہلا کامیاب آپریشن بچوں کے ہارٹ سرجن ڈاکٹر عابد حسین نے کیا۔اس بات کا انکشاف شریف میڈکل سٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ڈاکٹر عدنان خان نے کیا۔انہوں نے بتایا کہ سات سالہ مریضہ کے دل میں سوراخ تھا جیسے آپریش کے ذریعے بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریش مفت کیا گیا اور بچی کے والدین کو اخراجات برداشت نہیں کرنا پڑے۔ ڈاکٹر عدنان خان نے مزید کہا کہ شریف میڈیکل سٹی میں پیڈیا ٹرکس کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ کے قیام سے اب لوگوں کو اپنے بچوں کا علاج کرانے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا بلکہ انتہائی معیار ی اور سستا علاج اپنے ہی ملک میں میسر آ سکے گا۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ اسی نوعیت کا دوسرا آپریش آئندہ سوموار یا منگل کو کیا جائے گا۔دریں اثنا شریف ٹرسٹ کے چیئرمین محمد نواز شریف نے سبین شہزادی کو گلدستہ بھجوایا اور بچی کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کی ٹکٹوں کا جمعہ بازارلگ گیا ہے:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور(جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبدالغفور خاں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی ٹکٹوں کا جمعہ بازارلگ گیا ہے مگر کوئی خرید ارموجود نہیں ،اوکاڑہ کے ایک شخص نے پنجاب بھر میں ٹکٹ فروخت کرنے کا بازار سجادیا ہے مگر کوئی گاہک موجود نہیں ہے،کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ عام انتخاب میں حصہ لینے کے خواہش مند جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا اپنا سیاسی مستقبل تاریک کرنے کے مترادف ہے ،پیپلزپارٹی کی کارکردگی اس حدتک ناقص ہے کہ کوئی اس کاٹکٹ خریدنے کو تیار نہیں ہے ،پیپلزپارٹی نے اگرکوئی اچھا کام کیا ہوتا تواس کاٹکٹ لینے کے لئے درخواستوں کے ڈھیر لگ جاتے ،قوم کے وسائل لوٹنے والوں کی جماعت تیزی سے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے، پیپلزپارٹی اب کبھی کامیاب نہیں ہوسکے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ سیاسی شعبدہ بازوں نے پنجاب پر قبضہ کررکھا ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ق عام انتخابات کا وقت پرانعقاد چاہتی ہے اور اس جماعت نے باقاعدہ تیاریاں شروع کردی ہیں ،چوہدری شجاعت حسین سیاسی مدبر ہیں ،ان کی قیادت میں مسلم لیگ ق مزید کامیابیاں حاصل کرے گی،پاکستان مسلم لیگ ق آئندہ عام انتخاب میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی ،پاکستان مسلم لیگ ق نے پانچ سال تک عوام کی خدمت کی ہے اب عوام اسے ایک بار پھر پنجاب میں اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے ،یہ جماعت پنجاب سمیت پورے ملک میں حکومت بنائے گی ،مسلم لیگ ق ملک کی مقبول ترین جماعت ہے ،یہ اپنی کارکردگی کی بنیا د پر عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور( جی پی آئی) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیر اہتمام بحرین میں جاری تحریک جمہوریت کے دوسال مکمل ہونے ،،یکجہتی مظلومین جہاں،،کانفرنس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے سکالر ز،دانشوروں نے شرکت کی ۔کانفرنس س کی صدرات مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابوذر مہدوی مرکزی رہنماہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا کہ بحرین میں نہتے جمہوریت پسند عوام پرظالم بادشاہوں کی ظلم و تشدد پر اقوام متحدہ اور اسلامی کونسل کی خاموشی نہایت ہی افسوس ناک ہے۔اس سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ نام نہادمغربی طاقتوں کو اپنی مفادات ہی عزیز ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں صرف ان ممالک کو وہاں نظر آتی ہیں جہاں انکے مفادات ہوں ۔کانفرنس سے تحریک وحدت اسلامی کے رہنماہ علامہ جاوید اکبر ساقی نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک میں اب بادشاہوںکا دور ختم ہورہا ہے اور عنقریب ان ڈکٹیٹروںکا وہی حال ہونے والا ہے جولبیا میں کرنل قذافی اور مصر میں حسنی مبارک کے ساتھ ہواہے۔تمام شیعہ سنی مسلمان بھائی جدوجہد جمہوریت میں اپنے مظلوم بحرینی بھائیوں کے ساتھ اور وہ دن دور نہیں جب بحرین کی سرزمین پر بھی ڈکٹیٹروں کا خاتمہ اور جمہوریت کا بول بالاہوگا۔کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا بحرین میں گذشتہ دوسال سے آل خلیفہ نے وہاں کے عوام پر جو مظالم کیے ہیں ان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی خواتین کی عصمت دری ،نوجوانوں کاقتل عام ،چھوٹے چھوٹے بچوں تک کو اپنے اقتدار کے نشے میں مست ان ظالم بادشاہوں نے نہیںبخشا۔آج ہم ان مظلومین بحرین سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں جمع ہیں ۔علامہ اسدی نے کہا کہ سامراج اور ان کے حواری مسلمانوں کی بیداری سے خوف زدہ ہیں ۔آج ستم کی بات یہ ہے کہ شام میں یہ سامراجی طاقتیں دہشت گردوں کے حامی ہیںشام جیسے پرامن ملک کو تباہ کرنے میں انہی عرب بادشاہوں کا ہاتھ ہے جو مسلمانوںکی حمایت کے بجائے احکامات الہی کیخلاف ورزی کرتے ہوئے یہود ونصری ٰ کے اتحاد ی ہیں ۔شیطان بزرگ امریکہ اور اس کے ناجائز اولاد اسرائیل کی بقا کے لیے آج شامی حکومت کے خلاف دہشت گردوں کی سر عام پشت پناہی کرنے والے عرب حکمران اس بات کویاد رکھیں کہ عنقریب وہ بھی عبرت کانشان بننے والے ہیں۔بحرین میں پرامن جدوجہد کو دبانے کے لیے ہر طرح کے وسائل کابے دریغ استعمال ہورہاہے۔انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خاموش عالمی برادری اور برائے نام انسانی حقوق کے اداروں کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے واضح ہورہاہے۔انشااللہ آج ہم اپنے بحرینی بھائیوں کو یہ بتادینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام آپ کے ساتھ ہیں اور اسکانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ بحرینی عوام کے جدوجہد حمایت ہم جاری رکھیں گے اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے کانفرنس سے اہلسنت رہنماہ پیر غلام رسول اویسی سے بھی خطاب کیاانہوں نے کہا بحرینی حکومت اپنے عوام پر اس لیے غیر انسانی مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے کہ ان کا جرم یہ ہے کہ وہ صرف جمہوری حق مانگتے ہیںبحرین کے مظلوم جمہوریت پسند عوام پر پر امن مظاہروں کے دوران بدترین تشدد اور زہریلی گیس کا استعمال کرتی ہے جو جنگوں میں بھی ممنون ہے انہوں نے کہا پاکستان کی عوام بحرین میں ہونے والے شرمناک مظالم سے نابلد ہیں کیونکہ میڈیا ان خبروں پر پردہ پوشی کرتی ہے مجلس وحدت مسلمین لائق تحسین ہے کہ انہوں نے آج یہ کانفرنس منعقد کرکے لوگوں کو حقائق سے اگاہ کیا۔ کانفرنس سے علامہ سید مبارک علی موسوی ، الحاج حیدر علی مرزا،علامہ محمد اقبال کامرانی، آفسر رضا خان ،علامہ سید حسن رضا ہمدانی ،رائے ناصر علی ،سید اسد عباس نقوی ، نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں انہی نکات پر اتفاق کیا گیا جن پر پارلیمنٹ کی کئی متفقہ قراردادیں پہلے سے موجود ہیں ۔ اے این پی کو طالبان سے مذاکرات کی ضرورت کا خیال اس وقت آیا جب وہ اپنا 5سالہ دور حکومت پورا کر چکی ہے اور مرکزی و صوبائی حکومتیں آج کل کی مہمان ہیں ۔ ان کے دور اقتدار میں پختونوں کا خون بہتا رہا ، ڈرون حملے جاری رہے ۔ان میں بے گناہ عوام مارے جاتے رہے لیکن اے این پی خاموش تماشائی بنی رہی اور دہشتگردی کی مسلمانوں کے خلاف جنگ میں امریکہ کی ہم نوا رہی اب اسے امن کا خیال کیسے آگیا ہے؟ ایم کیو ایم اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی ،عبوری حکومت میں حصہ بٹورنے کیلئے جلد ہی دوبارہ زرداری کی گود میں بیٹھنے کی کوشش کریگی ۔ایم کیو ایم ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں کسی کی شراکت برداشت کرنے کو تیار نہیں البتہ زرداری انہیں حکومت میں حصہ دار بنانے کیلئے تیار ہوجائیں گے۔جب پوری قوم طالبان سے مذاکرات کی حامی ہے ،عوام جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت اور فوج کن تحفظات اور خدشات کا شکار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سید منور حسن نے کہا کہ قوم بدامنی اور دہشت گردی سے تنگ آچکی ہے ،لوگ جلد از جلد ملک میں امن و امان کاقیام اور دہشت گردی سے نجات چاہتے ہیں ،دہشت گردی اور امن و امان کی تباہی نے ملک وقوم کو اپنے آہنی پنجوں میں جکڑ رکھا ہے۔ بدامنی ، قتل و غارت گری ، غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری توانائی کا بحران سب پرائی جنگ میں کودنے کا شاخسانہ ہیں ۔ حکمران ملک و قوم کے مفاد کی بجائے امریکی مفادات کی تکمیل میں لگے ہوئے ہیں اور شاید ابھی ان کے مفادات باقی ہیں جس کی وجہ سے وہ کرسی اقتدار سے اترنے کو تیار نہیں اور عبوری سیٹ اپ کی تشکیل میں لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں ۔ انہو ں نے کہاکہ اے این پی طالبان سے مذاکرات کے لیے اب متفقہ اعلامیے جاری کر رہی ہے جب ان کا چل چلائو ہے اور حکومت ایک آدھ دن کی مہمان ہے، پانچ سال تک وہ امریکی دم چھلا بنی رہی اور طالبان کو نیست و نابود کرنے اور صفحہ ٔ ہستی سے مٹا کر دم لینے کے دعوے کرتی رہی ۔ سید منورحسن نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو ایم کیو ایم نے پوری طرح اپنے نرغے میں لیاہوا ہے ۔ اب زرداری ایم کیو ایم کے ہاتھوں میں کھلونا بن چکے ہیں ۔ پانچ سالہ دور اقتدار میں کراچی اور سندھ میں جتنے بے گناہ انسانوں کا خون بہایا گیا ہے اس میں زرداری برابر کے شریک ہیں ۔ پیپلز پارٹی چاہے بھی تو ایم کیو ایم سے نجات حاصل نہیں کر سکے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نئی حلقہ بندیوں کی تشکیل اور ووٹر لسٹوں کی فوج کی نگرانی میں تصدیق کے سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عملدرآمد کروایا جاتا تو ایک مخصوص گروہ کی اجارہ داری سے جان چھوٹ سکتی تھی ،لیکن زرداری نے ایم کیو ایم کے خوف سے کراچی میں کسی بھی آئین و قانون کی عملداری میں تعاون نہیں کیا جس سے لاقانونیت اکاس بیل کی طرح بڑھتی اور پھلتی پھولتی رہی اور معصوم انسانوں کا قتل عام جاری رہا ۔ انہو ںنے کہاکہ اے این پی ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے ٹرائیکانے ملک کو آئینی حوالے سے عملاً مفلوج کردیا ہے ۔ ملک کو دوبارہ دستوری راستے پر گامزن کرنے اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ فوری طور پر طالبان سے مذاکرات شروع کیے جائیں ، اسمبلیاں تحلیل کر کے عبوری حکومت کا اعلان کیاجائے اور ملک میں صاف و شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے عدم تعاون کا رویہ ترک کر کے اس سے مکمل تعاون کیاجائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ آنے والے انتخابات ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ امریکہ بالآخر طالبان کے سامنے گھٹنے ٹیک کر خطے سے نکلنے پر مجبور ہو چکاہے ۔ امریکہ نے افغانستان پر حملہ آور ہونے سے پہلے برطانیہ اور روس کے انجام سے سبق سیکھا ہوتا تو آج اسے اس ذلت آمیز شکست سے دوچار نہ ہونا پڑتا ۔اسے نوشتہ ٔ دیوار پڑ ھ لیناچاہیے ۔ امریکہ اب بھی چاہتاہے کہ اس کے پائوں ٹک جائیں تو وہ بھارت کو خطے میں بالادست قوت بنا کر ہی خطے سے نکلے ۔ بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام ، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکہ تھا جسے نہتے افغانوں نے عبرتناک شکست سے دوچار کیاہے ۔ غیر منظم حکومتوں کو فوج نے بار بار ایوان اقتدار سے نکالا۔ جماعت اسلامی ایک منظم جماعت ہے جس نے ظلم و جبر کے نظام کو بدلنے کے لیے عوامی اور انقلابی منشور دیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری کارکنان جماعت کی پانچ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ناظم تربیت گاہ حافظ محمد ادریس بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس تمام شعبہ ہائے زندگی کے بہترین اور اہل افراد کی ٹیم ہے جو ملک و قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔ ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ دیانتدار لوگ اسمبلیوں میں آئیں جو ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر قربان کرنے کا حوصلہ رکھتے ہوں اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے دفعہ 62-63 اور ممبران پارلیمنٹ کی اہلیت کے سلسلہ میں سب سے پہلے آواز اٹھائی۔ جب تک سیاسی جماعتیں اپنے اندر احتساب کے عمل کے ذریعے دیانتدار لوگوں کو آگے لے کر نہیں آئیں گی اور اہل لوگوں کو ٹکٹ نہیں دیں گی ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کامنشور ملکی ترقی اور قومی یکجہتی کا بہترین آئینہ دار ہے ، اگر ہمیں خدمت کا موقع دیا جاتاہے تو جماعت اسلامی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
برسراقتدارجماعتیں امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتیں۔سینیٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور(جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اے این پی کو اقتدار کی کشتی ڈوبتی نظر آئی تو طالبان سے مذاکرات یاد آگئے۔برسراقتدارجماعتیں امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتیں۔ امریکہ اور نیٹوافواج کے خطے سے فوری انخلا کے بغیر امن عمل کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔امریکہ افغانستان کی جنگ کا رخ پاکستان کی طرف موڑنا چاہتا ہے۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کی سوچ اچھی بات ہے مگر اسکے لیے حکمران جماعتوں کو پہلے اپنا ااعتماد بحال کرنا چاہیے۔دریں اثناء انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر آزاد کشمیر وگلگت بلتستان کوارڈی نیشن کمیٹی کے راہنمائوںقاضی نثار احمد اور حاجی علی جان کی قیادت میں ملنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کو ریاست جموں کشمیر کا حصہ سمجھتے ہیں، تحریک آزادی کشمیر کو تقویت دینے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے ریاست کے دونوں آزاد حصوں کا مشترکہ آئینی اور انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے۔ ہم گلگت بلتستان کو آزادکشمیر میں شامل کرنے کی تحریک کی حمایت کرتے ہیں۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میںگلگت بلتستان کو ریاست جموں کشمیر کا حصہ قراردیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اس کو الگ صوبہ قراردے کر کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر آزاد کشمیر وگلگت بلتستان کوارڈی نیشن کمیٹی کے راہنمائوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جس کی قیادت قاضی نثار احمد اور حاجی علی جان نے کی۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ریاست کو دوحصوں میں تقسیم کرنے سے تحریک آزاد کشمیر کا بیس کیمپ کمزور ہوا ہے اورگلگت بلتستان میں فرقہ واریت کو ہوا ملی ہے۔ جس سے ریاست کی وحدت پارہ پارہ ہو ئی ہے اور وہاں پیکج گورنس آرڈر2009 ء کے تحت قائم ہونے والا نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ دریں اثنا ء انہوں نے جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے لیے حکومت خود سنجیدہ نہیں ہے۔اے این پی کو اقتدار کی کشتی ڈوبتی نظر آئی تو طالبان سے مذاکرات یاد آگئے۔برسراقتدارجماعتیں امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتیں۔ امریکہ اور نیٹوافواج کے خطے سے فوری انخلا کے بغیر امن عمل کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔امریکہ افغانستان کی جنگ کا رخ پاکستان کی طرف موڑنا چاہتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میٹرو بس منصوبہ کو عوامی پذیرائی نہیں ملی، ق لیگ پنجا ب

لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ ، سیمل کامران اور کرنل (ر) محمد عباس نے کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبہ کو عوامی پذیرائی نہیں ملی ۔40منٹ کے سفر کے لئے مسافروں کو ایک گھنٹہ قطار میں کھڑا رکھا جاتاہے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ متاثرین فیروز پور روڈ کو معاوضہ نہ دینا مجرمانہ رویہ ہے۔ منصوبہ کے 9 پی سی ون ہیں جس دن تھرڈ پارٹی آڈٹ ہو گیا خادم اعلیٰ سمیت پوری کابینہ ”اندر” ہو گی۔ کرنل (ر) محمد عباس اور عامر سلطان چیمہ نے کہاکہ سرگودھا نارووال سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع کے عوام کی سفری مشکلات جو لاہور کے عوام سے 200 گنا زائد ہیں کے لئے آج تک کچھ نہیں ہوا جو امتیازی سلوک اور قومی وسائل کا غلط استعمال ہے۔ سیمل کامران نے کہاکہ میٹرو بس کو کامیاب کرنے کے لئے ہزاروں چھوٹی بڑی پبلک ٹرانسپورٹ کو ٹریک سے دور رکھنے کے ”شریف شاہی” احکامات جاری ہوچکے ہیں۔ خادم اعلیٰ کو منصوبہ کی عوامی افادیت پر ناز ہے تو وہ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی فیروز پور روڈ پر چلنے دیں۔ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے پارٹی الیکشن کروانے کا اعلان کر دیا
لاہور (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے صوبائی اور اضلاع کی سطح پر پارٹی انتخابات کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پارٹی انتخابات کے لئے عالمگیر ایڈووکیٹ کو چیئرمین الیکشن کمیشن پنجاب مقرر کیا گیا ہے۔ صوبہ کے تمام اضلاع کی تنظیموں کو پارٹی آئین کے مطابق انتخابات منعقد کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا کام صرف تنقید کرنا ہے، وفاقی حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے، اسلام آباد میں بیٹھے لوگو ں میں عوام کی خدمت کاجذبہ نہیں ہے، میٹرو بس قوم کااثاثہ ہے ،حکومت پنجاب نے میڑو بس کا تحفہ عوام کودے کر ایک اور وعدہ پوراکردیا ہے ،ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ محنت، دیانت اور شفافیت کے ساتھ مکمل ہونے والے میٹرو بس سسٹم پر اب بسیں رواں دواں ہیں اور عوام کو بہترین اور جدید سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ منتخب نمائندوں ، سرکاری افسروں کی نگرانی اور بھرپور آگاہی مہم کے باعث عوامی شعور میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور( جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمردیاسمین رانا نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے اگر قوم کو کچھ دیا ہوتا تو انتخابات ملتوی کرانے کی سازش نہ کرتے، جمہوریت کے خلاف پیپلز پارٹی کی تمام سازشیں ناکام ہونگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ گورنر راج سے طاہر القادری کے دھرنے تک پیپلز پارٹی کی تمام سازشیں عوام نے ناکام بنائیں، عوام جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے اب تک کچھ نہیں کیا، پیپلز پارٹی میں شامل شعبدہ باز، مسخرے اور دھوکے باز کبھی عوام کے مفاد کا نہیں سوچ سکتے، اس لئے عوام اس جماعت کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں یہ چند لوگوں کی جماعت بن چکی ہے، پیپلز پارٹی عام انتخابات میں شکست کے خوف سے راہِ فرار اختیار کر رہی ہے یہ جماعت اب شاید کبھی انتخابات جیت نہ سکے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
کراچی کی خبریں
کراچی (جی پی آئی)بہاولنگر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ میلاد النبی ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سیکریٹری جنرل سابق وفاقی وزیر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ یہ ملک ہم نے نظام مصطفی ۖ کے نفاذ کی خاطر بنایا مگر یہاں دنیا بھر کے فرسودہ نظاموں کا تجربہ کرتے رہے اور ملک افراتفری کا شکار ہے قتل وغارتگری عام ہے امن و سکون نہیں ہے ۔آج بھی ملک میں امن و امان قائم نہیں ہورہا عوام کو معاشی مسائل میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے اور اسکا حل ہمارے حکمرانوں کے پاس نہیں ہے ایسے میں ہمیں نظام مصطفیٰ ۖ کو اپناتے ہوئے اسے اپنے معاشرے پر لاگو کرنا چاہیے تاکہ عدل و انصاف قائم ہوسکے اور عدالتوں کا نظام بہتر ہو انصاف کا حصول آسان ہو اور اس میں حائل دشواریوں کا خاتمہ ہوسکے ۔ پاکستان میں جگہ جگہ دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب اور متوسط طبقے کا جینا مشکل کردیا ہے ۔ اگر آج بھی حکمران سرکار دوعالم ۖ کی تعلیمات کو عملاً نافذ کردیں تو ہمار ا ملک امن و سکون کا گہوارہ بن جائے گا اور معاشی طور پر بھی ملک کو استحکام نصیب ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ حضور ۖ تمام جہانوں کیلئے رحمت ہیں اور سراپا نور ہیں اور اسی صدقے امت کی بخشش کا وصیلہ ہیں لہٰذا ضرور ت اسی امر کی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ تعلیمات مصطفیٰ ۖ کو عام کریں اور سنتوں کے پیکر بنیں انہوں نے کہا کہ حضور اقدس ۖ کی امتیازی شان ہے کہ آپ ۖ کی حیات مبارکہ کا ہر پہلو تمام انسانوں کے لئے کامل نمونہ ہے سیرت مصطفی اہل ایمان کے لئے ہی نہیں بلکہ پورے عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔تقریب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سردار محمد طاہر صابر ، بار کے صدر محمد مسعود جوئیہ ،سیکریٹری جنرل سید علی حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس جلسہ میں 20سے زائد وکلاء نے بار گاہ رسالت ۖ میں منظوم نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا ۔
۔۔۔۔۔
آٹا بحران حکومت کی نااہلی اورناکامی کا نتیجہ ہے’ محمد حسین محنتی

کراچی(جی پی آئی) امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی نے کہاکہ ہے کہپیپلزپارٹی کی موجودہ وفاقی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں گندم کے سرکاری نرخوں میں 182 فیصد ( فی کلو گرام 19.37 روپے ) کااضافہ کر کے آٹے کی مد میں 18 کروڑ صارفین پر سالانہ تقریبا 535 ارب روپے کا مستقل بوجھ بڑھا دیا ہے ‘عوام جو پہلے ہی دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں اب ان پر آٹا مہنگا کر مزید مہنگائی کا بوجھ لاد دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ منظم سازش کے تحت آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کو بھوکا رہنے پر مجبور کیا جارہاہے ‘مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پہلے ہی تین وقت کے بجائے صرف دو وقت کا کھانا کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وافرمقدار میں گندم ہونے کے باوجودآٹے کا بحران سمجھ سے بالاتر ہے۔ موجودہ حکومت نے اس سے قبل چینی کا بحران پیدا کر کے بھی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا تھا اور اب آٹے کا بحران پیدا کر کے عوام کی رہی سہی کسر نکالی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ بیکری مصنوعات اور سوجی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن زدہ حکومت تمام شعبہ ہائے زندگی میں ناکام ہوگئی ہے ‘ وزیراعلی آٹے کی قیمت کے حوالے سے کئی اجلاس کرچکے ‘ ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ‘ عوام انتہائی بنیادی ضرورت آٹا بھی حکومتی نرخ 38 روپے کے بجائے 45 روپے میں خریدنے پرمجبور ہیں ‘ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے حکومتی رٹ روند ڈالی ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں کراچی میں من مانے اضافے پر اپنے شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ اس شہر کے باسیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ ٹارگٹ کلنگ ‘ بھتہ خوری ‘ بدامنی نے پہلے ہی مزدور اوریومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو مشکلات میں ڈال رکھا ہے ‘ صوبے میں گندم کی فراوانی کے باوجود بحران سمجھ سے بالاتر ہے ۔ سندھ حکومت آٹے اور گندم کے بحران پر کئی اجلاس کرچکی ہے سبسڈی پر سبسڈی دی جارہی ہے پر ایسا لگتا ہے کہ سبسڈی دے کر گندم خریدنے کے بعد دوبارہ بڑے زمینداروں کو فروخت اور پھر خریدنے کا عمل چل رہا ہے اور گندم کے ذریعے حکومت اور اپوزیشن میں موجود بڑے زمیندار جو دراصل حکومت اور اقتدار کا منبع سمجھے جاتے ہیں کو نوازا جارہا ہے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ آٹے کے مصنوعی بحران کو کنٹرول کرنا ناگزیر ہے ۔ اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو بھوک کے ستائے ہوئے عوام کو سنبھالنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
پارکوں کی تباہی سے عوام تفریحی سہولیات سے بھی محروم ہوگئے’ سابق اراکین اسمبلی ‘ جماعت اسلامی
کراچی(جی پی آئی)جماعت اسلامی کے سابق اراکین اسمبلی مظفر احمد ہاشمی’ لئیق احمد خان’ نصراللہ خان شجیع ‘ حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اوریونس بارائی نے کراچی میںپارکوں پر قبضے اور بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے توجہ نہ دئیے جانے پر پارکوں کی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام جو امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے خوف و ہراس کا شکار ہیں اب انہیںتفریحی جیسی سہولیات سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہری انتظامیہ کی نااہلی سے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت سے تعمیر ہونے والا شیخ احمد یاسین ماڈل فیملی پارک گلشن اقبال تباہی کا شکار ہوگیا ہے ‘پارک کی بائونڈری وال چاروں اطراف سے گر گئی ‘ جب کہ بچوں کیلئے لگائے گئے جھولے اور تین فواروں کانام و نشان مٹ گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ کی جانب سے کراچی کے درجنوں پارکس پر قبضہ کر لیا گیا ہے اور پلاٹنگ کر کے اپنے کارکنان میں تقسیم کردئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے کراچی کے عوام پچھلے پانچ سالوں سے محصور ہوکر رہ گئے ہیں’حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بھی ناکام ہوگئی ہے۔سابق اراکین اسمبلی نے کہاکہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کو روشنیوں کاشہر بنانے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے دن رات ایک کردیاتھے لیکن مصطفی کمال اور موجودہ حکومت نے ان تمام ترقیاتی کاموں پرتوجہ نہ دے کر انہیں تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نعمت اللہ خان کراچی میں پارکس پر قبضے کے حوالے سے سپریم کورٹ بھی گئے اور سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی کے پارکوں پر قبضہ ختم کرانے کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کراچی کو اندھیروں کاشہر بنا دیا ہے’اربوں روپے کے فنڈز ہونے کے باوجود ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر کئے گئے’ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے شہریوں کو صاف ستھراماحول فراہم کرنے کیلئے کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا۔ سابق اراکین اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں عدم توجہ سے تباہ ہونے والے پارکوں کوجلد بحال کیا جائے’ عوام کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے نئے پارکس بنائے جائیں اور جن پارکوں پر قبضہ کرلیا گیا ہے ان کا قبضہ فی الفور ختم کرایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔
محکمہ ریلیف سندھ سے جڑا ہر شخص انسانیت کی خدمت سے سرشار ہے، اپنی کارکردگی اور ذمہ داری سے کبھی عوام کو مایوس نہیں ہونے دیا۔حلیم عادل شیخ
کراچی (جی پی آئی)وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ریلیف حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ محکمہ ریلیف سندھ سے جڑا ہر شخص انسانیت کی خدمت سے سرشار ہے۔ اپنی کارکردگی اور ذمہ داری سے کبھی عوام کو مایوس نہیں ہونے دیا۔ محکمہ ریلیف سندھ ذمہ داری کے ساتھ آج بھی اندرون سندھ میں مختلف مقامات پر خسرہ اور دیگر مشکلات میں گھری عوام کے مسائل حل کررہی ہے۔ سندھ حکومت نے سیلاب زدگان کی بحالی اور عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے بہت سے قابل تعریف اقدامات اٹھائے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے محکمہ ریلیف سندھ کے کیمپ آفس سے جاری کردہ بیان میں کیا۔حلیم عادل شیخ نے کہاکہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اندرون ملک کے وسائل اور بیرونی امداد کو موثر طریقے سے استعمال کررہی ہے،حکومت تمام تر وسائل بتدریج سیلاب زدگان کی بنیادی ضروریات و مسائل کو حل کرنے میںخرچ کررہی ہے ۔متاثرہ لوگوں کیلئے وقف ایسی امداد کوکبھی ضائع یا غلط استعمال ہونے نہیں دیا جاتا۔ 2012ء کے سیلاب سے سندھ میں بہت نقصانات ہوئے اور لوگوں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا جس پرحکومت اور دوست ممالک کے تعاون سے بہت حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ ملک کے دیگر سنگین معاملات دہشت گردی اور سیاسی بحرانوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں تھوڑی کمی ضرور ہوئی ہے مگر حکومت کے پاس جتنا بھی وقت ہے امید ہے کہ وہ تمام وقت سیلاب زدگان کی بحالی ،خسرہ جیسی وباء دیگر مشکلات کیلئے امدادی کام جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنے فعل کا خود ذمہ دار ہے۔ اندرون سندھ سیلاب متاثرین اور دیگر معاملات میں جتنی بھی بہتری آئی ہے۔ اس سلسلے میں میڈیا اور سول سوسائٹی میڈیا نے عوامی مسائل کے ساتھ ان لوگوں کو بھی قوم کے سامنے پیش کیا جو امدادی کام کرتے رہے ہیں۔