اضلاع کی خبریں 28.6.2013

ذوالفقار چیمہ کے آئی جی موٹروے تبادلے کے بعد گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس میں مافیا اور ایجنٹوں میں جوش و خروش

گوجرانوالہ(جی پی آئی)ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ذوالفقار چیمہ کے آئی جی موٹروے تبادلے کے بعد گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس میں ایک دفعہ پھر مافیا اور ایجنٹوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑ اٹھی، مولوی طارق بشیر کلرک ہونے کے باوجود اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ کے اختیارات استعمال کرنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق عرصہ پندرہ سال سے مولوی طارق بشیر پاسپورٹ آفس میں تعینات ہے اور اس کا کہنا ہے کہ میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ مہرالنسا نے آتے ہی بہت اچھے کام کیے ہیں لیکن چار پانچ روز سے اپنی سیٹ سے غائب ہیں، ان کا مقف جاننے کے لیے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کامیابی نہ ہوپائی جبکہ ان کی عدم موجودگی میں کلرک مولوی طارق بشیر بااختیار بنا ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق احمد نگر کا رہائشی کلرک شریف نے پاسپورٹ میں اپنا راج بنا رکھا ہے، ارجنٹ پاسپورٹ اسلام آباد سے 8 دن میں آجاتا ہے لیکن کلرک شریف ایک ماہ پاسپورٹ نہیں دیتا، پاسپورٹ کی ڈاک جو اسلام آباد سے آتی ہے وہ کلرک شریف اوپر کلرک مالک کے پاس رکھوا دیتا ہے کہ بغیر پیسوںکے یہ پاسپورٹ نہیں دیتے۔ شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے ایف آئی اے اور متعلقہ تھانے کو منتھلی دینا ہوتی ہے اس لیے ہم سائلین سے 1000 روپے لے کر پاسپورٹ دیتے ہیں تاکہ پاسپورٹ آفس کے تمام ملازمین کے اخراجات ہم نے یہاں سے ہی پورے کرنا ہوتے ہیں، تنخواہوں سے ہمارا کچھ نہیں بنتا، یہ ساری ذمہ داریاں میری ہیں اس لیے ہر پاسپورٹ کا 1000 روپے لیتا ہوں۔ واضح رہے کہ جو ڈاک اسلام آباد سے آتی ہے وہ پاسپورٹ ڈیلیوری آفیسر کے پاس ہونی چاہئے جبکہ یہ ڈاک کلرک مالک کے کمرے میں ہوتی ہے اور وہ بغیر پیسوں کے پاسپورٹ نہیں دیتا۔ عوامی اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے ایسے کلرکوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور ان کو معطل کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میٹل فیکٹری کا گندا پانی آخری آرامگاہیں تباہ کرنے لگا انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)میٹل فیکٹری کے گندے پانی سے قبریں تباہ،پانی جنازہ گاہ کیساتھ ساتھ لوگوں کے گھروں میں داخل ،اہل علاقہ شدید مشکلات کا شکار،متعلقہ حکام سے کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جناح کالونی حلقہ پی پی 91 میں واقع قبرستان سے ملحقہ میٹل فیکٹری کا گندہ پانی مناسب نکاسی نہ ہونے سے قبرستان ، جنازہ گاہ اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہورہا ہے جبکہ پانی کے کھڑے رہنے سے اہل علاقہ متعدد بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ اہل علاقہ سید ناصر خان، افضل، بائو فیصل، سیدحبیب الرحمن خان، ڈاکٹر ریاض خان، حاجی کتاب جان، طارق خان، محمد الیاس، حاجی غلام خان و دیگر نے انویسٹی گیشن ٹیم کو بتایا کہ میٹل فیکٹری کے گندہ پانی کا پرنالہ فیکٹری کی پچھلی سائیڈ پر لگا کر فیکٹری کاگندہ پانی گلی میں پھینکا جارہا ہے جس سے پانی قبرستان ، جنازہ گاہ کیساتھ ساتھ لوگوں کے گھروں میں داخل ہورہا ہے اور پانی مسلسل کھڑا رہنے کی وجہ سے ناصرف قبریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہورہی ہیں بلکہ جنازہ گاہ میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے نمازِ جنازہ کی ادائیگی میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اہل علاقہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مذکورہ میٹل فیکٹری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قصابوں کا غنڈہ راج، انتظامیہ خاموش مکھیوں، گردو غبار سے اٹا گوشت ،شہری مختلف امراض میں مبتلا
گوجرانوالہ(جی پی آئی) شیخوپورہ روڈ کھیالی اڈہ پر واقعہ گوشت کی کھلی دکانیں بیماریوں کا سبب بننے لگیں، اہل علاقہ مختلف امراض میں مبتلا ، محکمہ صحت و دیگر ادارے لمبی تان کر سو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ روڈ پرکھیالی اڈہ علاقوں فیصل کالونی، شاہ پور بازار اور اردگرد جگہ جگہ پٹے لگا کر گوشت فروخت کرنے کی دکانیں قائم ہیں جہاں گوشت کو مکھیوں ، گردو غبار و دیگر جانوروں سے بچانے کے لیے کوئی انتظام نہ ہے اور نہ ہی گوشت کو کپڑے سے ڈھانپا جاتا،ایسا گوشت کھانے سے اہل علاقہ مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں اور محکمہ صحت کی ٹیمیں اور دیگر متعلقہ ادارے لمبی تان کر سورہے جنھیں لوگوں کی صحت سے کھیلنے والے یہ دکاندار نظر نہیں آتے جبکہ ان گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کھیالی ٹائون انتظامیہ کی جانب سے ناجائز تجاوزات کی مد میں بھی کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی کیونکہ یہ کھلی دکانیں مکمل طور پر ناجائز اور تجاوزات پرمشتمل ہیںجو راہگیروں کے لیے بھی مسائل پیدا کرتی ہیں ۔ واضح رہے کہ ان دکانداروں میں سے ایک نے اپنی دکان کھیالی اڈا پر نصب محکمہ سوئی گیس کے ٹرانسفارمر کے بالکل سامنے بنا رکھی ہے اگردکان پر خریداری کرنیوالے شخص یا دکاندار نے سگریٹ نوشی کرتے ہوئے کوئی سگریٹ یا ماچس کی تیلی ٹرانسفارمر میں پھینک دی تو وہ ایک بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے تاہم محکمہ سوئی گیس کی جانب سے بھی اس دکان کو ہٹانے کے لیے کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گی ہے۔ اہل علاقہ نے کمشنر، ڈی سی او، ای ڈی او ہیلتھ ، جی ایم محکمہ سوئی گیس، ایڈمنسٹریٹر کھیالی شاہ پور و دیگر متعلقہ اداروں اور اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ ان بیماریاں پھیلنے والی دکانوں کو جلداز جلد ختم کروا کر شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بٹالہ میڈیکل سٹور شیخوپورہ روڈ ای ڈی او ہیلتھ کیلئے چیلنج بن گیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی) شیخوپورہ روڈ کے بارونق علاقے کھیالی اڈا پر واقع بٹالہ میڈیکل سٹور ای ڈی او ہیلتھ کیلئے چیلنج بن گیا،نشہ آور ادویات کی کھلے عام فروخت جاری۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ روڈ کے بارونق علاقہ کھیالی اڈا پر واقع بٹالہ میڈیکل سٹور پر نشہ آور شربت، ٹیکے وغیرہ کھلے عام اور دھڑلے سے فروخت کی جارہی ہیں جہاں سارا دن نشہ کرنے والے افراد کا رش لگا رہتا ہے جبکہ آئے دن کوئی نہ کوئی نشئی نشے کی زیادتی کی وجہ سے اپنی جان سے بھی ہاتھ دھوبیٹھتا ہے لیکن محکمہ صحت کی جانب سے مذکورہ میڈیکل سٹور کے خلاف کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی۔ بٹالہ میڈیکل سٹور کے مالکان کا کہنا ہے کہ ہم جیسی چاہے ادویات فروخت کریں ہمارے خلاف کچھ نہیں ہوسکتا، اگر کوئی سرپھراڈرگ انسپکٹر ہمارے خلاف کارروائی کرے بھی تو ہم پیسے دے کر چھوٹ جاتے ہیں، پاکستان میں پیسے سے ہرکام کیا جاسکتا ہے۔ علاقے کی سماجی و معزز شخصیات نے وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف، وزیرصحت پنجاب، سیکریٹری محکمہ صحت پنجاب ،ای ڈی او محکمہ صحت ڈاکٹر اظہر مسعودبھٹی اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ میڈیکل سٹور کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

چوہدری پرویز الہی نے سرپلس صوبہ چھوڑا ، بالآخر اعتراف کر لیا گیا ، عامر سلطان چیمہ
لاہور (جی پی آئی) ق لیگ پنجاب کے رکن صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ نے کہا ہے کہ بالآخر ن لیگ کے وزیر خزانہ نے فلور آف دی ہائوس پر اعتراف کر لیا کہ چوہدری پرویز الہی نے سرپلس صوبہ چھوڑا تھا جو آج 445 ارب کا مقروض ہے اپوزیشن چیمبر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2008 میں 17 ارب سٹیٹ بنک کے اکائونٹ میں اور ترقیاتی بجٹ کے منصوبوں کے لیے مختص 100 ارب روپے متعلقہ اکائونٹس میںتھے ، عامر سلطان چیمہ نے کہا کہ ن لیگ کی 5 سالہ کارکردگی کے نتیجے میں آج پنجاب 445 ارب روپیہ کا مقروض ہے زرعی ٹیکس اور 5 مرلہ کے گھروں پر ٹیکس،موبائل کارڈ پر ٹیکس غیر ملکی دبائو اور ڈکٹیشن کا نتیجہ ہے ، اب پانی کے استعمال پر بھی 100 فیصد تک عوام پر بوجھ بڑھایا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ بجٹ آنے کے بعد سانس لینے کے سوا ہر چیز پر ٹیکس لگ گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن منصوبہ کے بانی چوہدری پرویز الہی تھے ، ماجدہ زیدی
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ پنجاب شعبہ خواتین کی جنرل سیکرٹری سابق رکن صوبائی اسمبلی ماجدہ زیدی نے کہا ہے کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن منصوبہ کے بانی چوہدری پرویز الہی تھے منصوبہ 2006 میں شروع ہوا اور اسے 2011 میں مکمل ہونا تھا خادم پنجاب نے 6 سال منصوبہ ٹھپ رکھا اگر یہ منصوبہ بند نہ کیا جاتا تو 2011 تک پنجاب کے عوام کو پٹواری کلچر سے مکمل نجات مل چکی ہوتی ، انہوں نے مسلم لیگ ہائوس میں عہدیدار خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہ 6 سال کی تاخیر کے بعد اس منصوبہ کو دوبارہ شروع کرکے اپنا شاہکار منصوبہ قرار دینے والے خادم اعلی اس بات کا جواب دیں کہ انہوں نے فنڈز اور غیر ملکی تعاون دستیا ب ہونے کے باوجود اس منصوبہ کو مکمل کیوں نہیں ہونے دیا ، انہوں نے کہا کہ خادم اعلی سمجھ رہے ہیں شاید 6 سال کی تاخیر کے بعد پنجاب کے عوام منصوبہ کے اصل خالق کو بھول گئے ، انہوں نے کہاکہ صرف اپنے نام کی تختی لگانے کے لیے درجنوں منصوبوں کو 5 سال تک ٹھپ رکھا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چینی کمپنی کے اشتراک اور تعاون سے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے گا، وزیراعلی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شدید بحران کے پیش نظر بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا 425میگا واٹ کے نندی پور پاور پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے ہمیں کوئی وقت ضائع کئے بغیر اس منصوبے کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچاناہیوزیراعلی نے ہدایت کی کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالے سے تمام مشینری اور آلات کا بروقت معائنہ کر لیا جائے تا کہ منصوبے پر کام کا آغاز ہونے کے بعد ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہووہ آج اسلام آباد میں نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وزارت پانی و بجلی کے افسران اور اعلی حکام کے علاوہ نندی پور پاور پراجیکٹ تعمیر کرنے والی چینی کمپنی ڈونگ فانگ (Dong Fang ) الیکٹرک کمپنی کے وائس پریزیڈنٹ مسٹر ژانگ گورونگ(Mr.Zhang Guorong )، نندی پور پاورپراجیکٹ منیجر مسٹر چین یو پنگ (Mr.Chen Youping ) ،جی ایم مارکیٹنگ مسٹر وانگ وائی (Mr.Wang Wie )اور وفد کے دیگراراکین بھی موجود تھے۔وزیراعلی محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چین او رپاکستان کے مابین دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہیچین کا پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون لائق تحسین ہے انہوںنے کہاکہ چینی کمپنی کے تعاون سے نندی پور پاور پراجیکٹ کو بھی تیزی سے مکمل کیا جائے گا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگر مفاہمتی پالیسی کو جاری نہ رکھا گیا ملک مزید بحرانوں سے دوچار ہو جائے گا:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اگر مفاہمتی پالیسی کو جاری نہ رکھا گیا ملک مزید بحرانوں سے دوچار ہو جائے گا اس لیے مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھنا ناگزیر ہے ملک کو بڑے چیلنجز در پیش ہیں اگر موجودہ حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں مخلص ہے تو انہیں مفاہمتی پالیسی پر عمل کرے، انہوں نے کہا کہ سوئس حکام کو لکھے گئے دوسرے خط کے بارے میں جو ہنگامہ برپا کیا جا رہا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسے اقدامات کر رہی ہے صدر آصف علی زرداری کے خلاف کیسز میرٹ کے مطابق بند ہوئے اور اب دوبارہ شروع نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سوئس حکومت نے فروری میں کہا تھا کہ سوئس کیسز میں 2008 کے بعد کوئی نئی شہادت نہیں آئی اس لئے یہ کیس دوبارہ نہیں کھل سکتا جس کے بعد یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ مذکورہ کیسز میرٹ کے مطابق بند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی، مسلم لیگ (ن) سیف الرحمن کا دور دوبارہ شروع کرنا چاہتی ہے؟ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت خوفزدہ نہیں ہو گی اور ہم نے پہلے بھی جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا اور آئندہ بھی کریں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عددی اکثریت کی بنیاد پر جمہوری آمریت کو عوام نہیں چلنے دیں گے:سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہاہے کہ عددی اکثریت کی بنیاد پر جمہوری آمریت کو عوام نہیں چلنے دیں گے ۔ نومنتخب حکمرانوں نے محض عددی اکثریت کو ہی فیصلہ کن سمجھ کر عوام دشمن فیصلے کرنے شروع کر دیے جس سے عوام میں غصہ اور جھنجھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے ۔ موجودہ حکومت کا پہلا بجٹ ہی عوام پر بجلی بن کرگراہے ۔ جی ایس ٹی میں ایک فیصد اضافے سے پندرہ سے بیس فیصد مہنگائی بڑھ گئی ہے ۔ بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جارہا ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات بجلی گیس اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ظلم عظیم ہے ۔ ظلم ظلم ہوتاہے وہ کوئی ایک انسان کرے یا پارلیمنٹ کرے ۔ انتخابی مہم کے دوران جو لوگ عوام کو سبز باغ دکھاتے اور مہنگائی کے بوجھ کو کم ، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے وعدے کیا کرتے تھے آج برسراقتدار آ کر” آئیں بائیں شائیں ” کر کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں ۔ مہنگائی اور غربت سے تنگ عوام نے پارلیمنٹ کا رخ کر لیا تو پھر انہیں کوئی روک نہیں پائے گا ۔ جی ایس ٹی کا 13 جون سے نفاذ کر کے سپریم کورٹ کا حکم ہوا میں اڑا دیا گیا ہے ۔ سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی عدلیہ کے فیصلوں کی تضحیک کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجدمنصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سید منور حسن نے کہاکہ حکمران قوم کے زخموں پر پھایا نہیں رکھ سکتے تو اپنے بیانات سے ان پر نمک پاشی بھی نہ کریں ۔ حکمران قوم سے قربانی مانگتے اور پیٹ پر پتھر باندھنے کا مطالبہ کرتے ہیں مگر خود عیش و عشرت کی زندگی گزارتے ہیں۔ ان کے اربوں کھربوں روپے اور اثاثے بیرونی بنکوں میں پڑے ہیں وہ اپنے اثاثے ہی ملک میں لے آئیں تو ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاناپڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران پہلے اپنے پیٹ پر ایک پتھر باندھ کر دکھائیں تو عوام دو دو پتھر باندھنے کے لیے تیار ہو جائیں گے ۔سید منورحسن نے کہاکہ امریکہ طالبان مذاکرات خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت پیش رفت ہے امریکہ جو چند سال پہلے تک طاقت کے نشے میں دھت تھا اور بندوق کی زبان میں بات کرتاتھا ، اب طالبان کے آگے گھٹنے ٹیک چکاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ان مذاکرات میں مداخلت کی ضرورت نہیں ہے ۔ مذاکرات کامیاب ہوں یا ناکام، دونوں صورتوں میں امریکہ پاکستان کے تعاون کے بغیرواپس نہیں جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ خطے سے انخلا سے پہلے بھارت کو اپنا قائم مقام بنانے اور افغانستان میں اہم کردار دینے کے لیے منصوبہ بناچکاہے ۔ 12 سالہ جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والے پاکستان پر اسے بھروسہ نہیں ، ان حالات میں پاکستانی حکومت اور فوج کو بھی اپنا غلامانہ رویہ ترک کر کے پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں۔سید منورحسن نے کہاکہ شام اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کا شکار ہے اور وہاں فرقہ کی بنیاد پر مسلمانوں کو آپس میں لڑاکر ان کی قوت کو پارہ پارہ کرنے کی مکروہ سازشیں جاری ہیں ان حالات میں عالم اسلام کو ہوش مندی کا ثبوت دینا چاہیے اور مسلم دشمنی پر مبنی مغربی ایجنڈے کو ناکام بنانا چاہیے ۔انہو ں نے کہاکہ شام میں جاری عوامی تحریک کو شیعہ سنی فساد بنانے کی بجائے سعودی عرب اور ایران کو اس مسئلے کا حل افہام و تفہیم سے نکالناچاہیے ، اس مسئلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو عالم اسلام کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پولٹری انڈسٹری کو بچانے کے لئے حکومت نوٹس لے:رانا عبدالستار
لاہور(جی پی آئی) پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا عبدالستار نے کیا ہے کہ پولٹری انڈسٹری کو بچانے کے لئے حکومت نوٹس لے کیونکہ پولٹری انڈسٹری اس وقت مشکلا ت سے دوچار ہے اور تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایک بورڈ تشکیل دے جس میں چیئر پرسن حکومتی نمائندہ ہو اور ایک ایک ممبر بالترتیب فارمر، بروکر اور فیڈ ملز سے لئے جائیں تاکہ پولٹری انڈسٹری کو مشکلات سے نکالا جائے، ان مشکلات کی وجہ سے پولٹری انڈسٹری عوام کو معیاری اور سستا گوشت مہیا کرنے سے قاصر ہے ، انہوں نے کہا کہ اس بورڈ کو لائیو سٹاک کے آفس میں بلاک دیا جائے جہاں وہ پالیسی وضع کرے اس سے متعلق پاکستان برائلر فارمرز ایسوسی ایشن نے پولٹری کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے اپنی سفارشات تمام متعلقہ حکام کو بھیج دی ہیں ،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بائیوگیس سے توانائی کے حصول کے حوالے سے جامع پالیسی تشکیل دے رہے ہیں،وزیراعلی
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بائیو گیس سے توانائی کے حصول کے بہت وسیع مواقع موجود ہیں اور پنجاب حکومت اس ضمن میں ایک جامع پالیسی تشکیل دے رہی ہے جس کے تحت دیہات میں بائیو گیس کے پلانٹ لگائے جائیں گے جبکہ بائیو گیس سے ٹیوب ویل چلانے کے حوالے سے بھی کام کیاجارہاہے۔وزیراعلی نے ان خیالات کا اظہار آج ماڈل ٹائون میں بائیو گیس کے پلانٹ لگانے کا جائزہ لینے کے حوالے سے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر توانائی چوہدری شیر علی خان، معاون خصوصی ارشد جٹ، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلی محمدشہبازشریف نے کہا کہ بائیو گیس پلانٹ لگانے کے حوالے سے جامع منصوبہ بلاتاخیر پیش کیاجائے تاکہ اس پر فوری طور پر عملدرآمد کیاجاسکے کیونکہ توانائی بحران کے باعث زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات کررہی ہے، چھوٹے کاشتکاروں کو شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویل فراہم کرنے کا پروگرام بنایاگیاہے۔ انہوںنے کہاکہ بائیو گیس پلانٹ کی تنصیب کے حوالے سے قابل عمل منصوبہ بنایاجائے کیونکہ ہم زیادہ سے زیادہ چھوٹے کاشتکاروں کو بائیو گیس پلانٹ کی سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں اور حکومت اس میں سبسڈی فراہم کرے گی۔وزیراعلی کو پاکستان ڈومیسٹک بائیو گیس پروگرام اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین نے بائیو گیس پلانٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مولانا غیاث الدین نے بجٹ اجلاس کی وجہ سے حلقہ انتخاب میں موجود نہ ہونے پر” آن لائن عوامی عدالت” لگا لی
لاہور(جی پی آئی)ملک کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ موٹر سائیکل پر پنجاب اسمبلی آنے والے شکرگڑھ سے ن لیگ کے ایم پی اے مولانا غیاث الدین نے بجٹ اجلاس کی وجہ سے حلقہ انتخاب میں موجود نہ ہونے پر” آن لائن عوامی عدالت” لگا لی ،احتساب کیلئے پیش ہو گئے۔ لاہور سے اپنی جامع مسجد میں عوامی عدالت کے شرکا ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میں نے ہر جمعہ مسجد میں عوامی عدالت شروع کر رکھی ہے لیکن بجٹ اجلاس کی وجہ سے بذات خود عوامی عدالت میں پیش نہیں ہو سکا ،میں آپ سے معذرت خواہ ہوں تاہم میں آن لائن احتساب کیلئے آپ کی عدالت میں موجود ہوں ،اگر کسی کو مجھ سے ،میرے بیٹو ں اور دوستوں سے کوئی شکایت ہے تو میں معافی مانگنے کو تیار ہوں ۔شہریوں نے مولانا غیاث الدین کے منفرد انداز سیاست پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے کوئی شکایت نہیں ،پہلے ارکان اسمبلی کی زیارت کو تر س جاتے تھے ،آپ ہر جمعہ کو ہمارے سامنے پیش ہوتے ہیںاور شہر میں موجود نہ ہونے پر آن لائن ہو کر ہمارے دل جیت لئے،ایسے نمائندے کم کم ہی ہونگے۔شہریوں نے اپنے مسائل پیش کئے ۔مولانا غیا ث الدین نے کہا کہ میرا الیکشن سلوگن تھا کہ میں ایم پی اے نہیں ،عام آدمی ہوں ،مخدوم نہیں ،خادم ہوں،اپنے وعدے پر قائم رہوں گا،ھیں ،میرا ،میرے بیٹوں اور حامیوں کا سرعام احتساب کریںجہاں ہماری غلطی اور زیادتی ہوگی ۔سرحدی علاقے سے لیکر شہر تک میرے نزدیک کوئی چوہدری ،کمی نہیں ،کوئی برادری ازم نہیں ،کوئی فرقہ بندی نہیں، بس بھائی بندی ہے،میرے لئے سب برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چور ،ڈاکو اور قبضہ مافیا بھی سن لیں کہ میں عوام کا چوکیدار ہوں ،جان دے دوں گا ،کسی کی عزت ،جان اور مال پر آنچ نہیں آنے دوںگا۔انہوں نے کہا مسجد ہی میرا دفتر اور کیمپ آفس ہے عوام کیلئے 24گھنٹے دروازے کھلے ہیں ،انہوں نے عوام کیلئے اپنا موبائل فون 0300 7764054دیتے ہوئے کہا کہ وہ جب چاہیں ،کال کریں ،میں حاضر ہونگا۔ایک سوال کے جواب میں مولانا غیاث الدین نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے 2014تک تھانہ اور پٹواری کلچر کے خاتمے کی ڈیڈلائن دیدی،شہباز شریف میرے امیر ہیں اور امیر کا حکم فرض ہوتا ہے ،تھانیدار ،پٹواری اور تحصیلدار اپنا قبلہ درست کر لیں،اب تھانہ کلچر رہے گا نہ پٹواری کلچر ،دونوں کا حشر نشر کر دینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سنی تحریک کے زیر اہتماملک بھر میں ممتاز قادری کے حق میں ”یوم عشق رسول ”منایا گیا
لاہور(جی پی آئی) پا کستان سنی تحریک کے زیر اہتمام یوم عشق رسول ۖ بھر پور طریقے سے منایا گیا ۔لاہور ڈویژن کے صدرمولانا مجاہد عبد الرسول خان نے کہاہے کہ سابقہ گورنر سلمان تاثیر جیسے کسی بھی ایسے شخص کا یہی انجام ہو سکتا ہے جو آئین اور تحفظ ناموس رسالت ۖ قانون کا مذاق بنائے گا۔شرمیلا فاروقی نے جس طرح غازی ملک ممتاز حسین قادری کے بارے زبان درازی کی ہے کوئی بھی عاشق رسول وجد میں آسکتا ہے۔نام نہاد مادر پیدر آزادکلچر کے ٹھیکدار یہود ونصاری کی غلامی میں حد سے تجاوز نہ کریں ۔ممتاز قادری کی سزا پر عملدرآمد ہوا تو عاشقانہ رسول ۖ گھروں میں تسبیاں لیکر نہیں بیٹھے گے۔ملک ممتا ز حسین قا دری کوقاتل کہنے والے زبان درازی سے گریز کریں۔295سی میں کسی بھی طرح کی کوئی بھی تبدیلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مغلپورہ میں احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگل کا قانون رائج ہے مگر نا موس رسالت ۖ کے خلاف کسی کو ایک لفظ نہیں کہنے دیں گے۔عد لیہ کا احترام کرتے ہیں مگر ملک ممتاز حسین قادری کا مقدمہ جان بوجھ کر تاخیر کا شکار کیا جارہا ہے۔مجاہد عبد الرسول خان نے کہاکہ ممتاز حسین کا مقدمہ فوری طوری شرعی عدالت میں بھجا جائے۔ممتاز حسین قادری کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا جائے۔ممتاز حسین قادر ی نے سلمان تاثیر کو کسی بھی ذاتی لڑائی جھگڑے میں قتل نہیں کیا ۔بلکہ عشق مصطفویۖ میں ہی اس کو واصل جہنم کیا ہے۔اس موقع پر لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری،محمد نواز قادری و دیگر بھی موجود تھے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس ،، دہشت گردی کی موجودہ لہر اور گلگت بلتستان کا مستقبل،،کا انعقاد کیا گیا
لاہور (جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس ،، دہشت گردی کی موجودہ لہر اور گلگت بلتستان کا مستقبل،،کا انعقاد کیا گیا جس میںمسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق، تحریک انصاف ، پاکستان پیپلز پارٹی، آل پارٹی مسلم لیگ، متحدہ قومی موومنٹ ،مجلس وحدت مسلمین، تحریک اسلامی شیعہ علما کونسل، پریس کلب، امامیہ مسجد بورڈ، اہل سنت مسجد بورڈ، نپورہ امن جرگہ،بالاورستان نیشنل فرنٹ، جماعت اسلامی پاکستان کے رہنماوں نے شرکت کی۔کانفرنس کے شرکا کو خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیر عباس مصطفوی نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور تمام جماعتوں کے رہنماوں کا شکریہ ادا کیا ۔آل پارٹیز کانفرس کے شرکا سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکر ٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ معاشرے میں امن قائم کرنا علما اور امرا یعنی سرکاری با اثر افراد کا کام ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد بھی یہی تھا کہ ہم مل کر بیٹھیں اور کوئی حل سوچیں اور لائحہ عمل ترتیب دیں۔مسلمانوں کے درمیان نظریاتی اختلافات ہیں جو کہ چودہ سو سال سے ہیں اور قیامت تک رہیں گے۔ مگر ہمیں اپنے مشترکات دیکھنے ہیں ۔ 95فیصد ہمارے مشترکات ہیں البتہ پانچ فیصد اختلافات ہیں ہمیں مشترکات کی طرف جانا ہے ۔ مجتہد اعظم امام خمینی نے ہمیں بتایا ہے کہ جو سنی شیعہ اختلافات کی بات کرتا ہے وہ استعمار کا ایجنٹ اور سید علی خامنہ ای نے کہا کہ جو مقدسات کی توہین کرتا ہے وہ شیطان کی زبان بولتا ہے اور اسے حرام قرار دیا ہے ۔ ہم سنیوں کے ساتھ ملتے ہیں نماز پڑھتے ہیں ۔ اس خطے میں دہشت گردی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے بلکہ عالمی مسئلہ ہے ۔ میرے پاس رپورٹ موجود ہے کہ اسرائیل نے تل ابیب میں تین روزہ کانفرنس ہوئی اور مسلم شناس لوگوں کو بلایا گیا اور پوچھا گیا کہ شیعہ سنی کو کیسے لڑایا جا سکتا ہے ۔ہمیں کچھ اقدامات عملی کرنے ہیں اس کے لئے ہمیں ایسا فورم بنانا ہے جو نہ شیعہ ہو اور نہ سنی ہو بلکہ اس میں تمام مسالک کے لوگ اکٹھے ہوں ۔ اس کے علاوہ سیاسی پارٹیز کے اکابرین کو بھی اپنے خطے کو اور مستقبل کی نسلوں کو بچانے کے لئے اکٹھے بیٹھنا چاہیے۔ ایسا فورم ہو جس میں ہر پارٹی کا نمائندہ ہو اور ہر ماہ اکٹھے بیٹھیں اور ہمیں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں جانا چاہیے اور عوام کو پیغام دینا چاہیے۔ اچھے اکابرین کو اکٹھے بیٹھنا چاہیے۔ کانفرنس میں جماعت اسلامی کے وفد نے بھی شرکت کی اور جماعت اسلامی کے رہنما عبد السمیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے خطے کی فکر کرتے ہوئے مجلس وحدت کو پروگرام کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ جہاں تک دہشت گردی کا تعلق ہے تو ہم غیروں کی جنگ اپنے گھر میں لائے اور ہم نے اپنی مصلحتوں کو سامنے نہیں رکھا جس کی وجہ سے مملکت پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے ۔ گلگت بلتستان میں جو دہشت گردی میں اضافہ ہوا ، کارڈ چیک کر کے مارا گیا اور اب تاریخ میں پہلی دفعہ سیاحوں کو مارا گیا ۔ جماعت اسلامی امت واحدہ پر یقین رکھتی ہے ۔ ہم نے ملی یکجہتی کونسل کے ذریعہ اتحاد امت کیلئے جدو جہد کی آپس کی نا چاقی کی وجہ سے دشمن کو موقعہ ملتا ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں دیا مر انتظامیہ سے کوتاہی ہوئی ہے ۔ اس خطے پر عالمی طاقتوں کی نظریں ہیں اور وہ فروعی اختلافات ابھار کر ہمیں لڑانا چاہتا ہے اور وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے اور ہمارا خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ۔ اس کی اسٹرٹیجک ویلیو ہے ۔ پچھلے دنوں مولانا طارق جمیل نے ایک کردار ادا کیا امامیہ بورڈ اور اسماعیلیوں کے پاس جا کر ۔ ہم بھی برداشت کا ما حول پیدا کرنا ہو گا۔ مسلم لیگ ن حافظ حفیظ الرحمن نے آل پارٹیز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا مجلس وحدت نے ہمیشہ گلگت میں امن کے لئے موثر کردار ادا کیا ہے ہم اس پر ان کے شکر گزار ہیں، بڑھتی ہوئی لا قانونیت اور دہشت گردی کی اصل وجہ سے مقامی نا اہل حکمرانوں اور وفاقی اور ادارہ جاتی خامیاں ہیں۔ 1974سے سازشیں شروع ہوئی ہیں ان کی کئی وجوہات ہیں مگر ہم ایک دوسرے کو وجہ قرار دیتے ہیں۔ خود اس خطے میںجو انتظامی نظام ہمیں دیا گیا ہے وہ بھی ہم سے پوچھے بغیر دیا گیا ۔ نا نگا پربت کے واقعے پر بھی اپ تک کئچھ نہیں ہوا۔2دن کا یہ ٹریک تھا آخر وہ دہشت گرد کہا ں گئے؟ گلگت بلتستان میں کام کرنے والی درجنوں ایجنسیاں یہاں مذہبی فسادات برپا کرنے کے بجائے ملکی سلامتی پر توجہ دیں اس افسوس ناک واقعے کے ذمہ دار قانوں نافذکرنے والے ادارے اور بے لگام ایجنسیاں ہیں جو پر امن عوام کا تو بیڈ روم تک پیطھا کرتی ہیں اور دہشت گردوں اور وطن دشمنوں کا پتہ ان کو نہیں چلتا۔ شیعہ سنی علما کا مکالمہ ہونا چاہیے، ہمیں کنکریٹ اقدامات کرنے چاہیے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما ارشاد حسین نے کہا بیروزگاری، غربت اور دہشت گردی اس خطے کے اصل مسائل ہیں یہ دہشت گرد کون ہیں اور کہاں سے آئے ؟ یہ کون لوگ ہیں جو مذہب کے نام پرگلے کاٹ رہے ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں مذہبی جماعتوں کو بہت پہلے بیٹھنا چاہیے تھا دہشت گردی کے ان واقعات سے خطے کی مستقبل پر بہت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ بالاورستان نیشنل فرنٹ کے نمائیدہ صفدر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے نازک موڑ پر اے پی سی کے انعقاد پر ہم مجلس وحدت کو مبارک پیش کرتے ہیں۔ موجودہ دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار خیبر پختونخواہ ہے اور ہم جغرافیائی طور پر ان سے جڑے ہوئے ہیں اس لیے ہم بھی متاثر ہو رہے۔ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی فرقہ واریت کی ہمیں نشاندہی کر نا ہو گا۔یہاں عالمی سازشیں شروع ہو چکی ہیں۔ اب ریاستی اداروں کے ساتھ بین الاقوامی ادارے بھی شامل ہو چکے ہیں۔۔تحریک اسلامی کے نمائندے نے اپنا موقف دیتے ہوے کہا کہ ہماری کچھ تجاویز ہیں۔ ہمیں شیعہ سنی، اسماعیلی، نور بخشی ، غیر مسلم حتی کہ ہر پاکستانی کو اس مملکت خداداد کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ چین کی ہمارے ساتھ سرحد ہے اور اب چائنہ کو یہ پیغام دینے کے لیے کہ پاکستان آپ کا دوست نہیں اور ڈرانے کے لئے یہ سازش کی گئی ہے ۔ ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ہمارے علاقے کی معیشت صرف اور صرف سیاحت پر منحصر ہے اسی لئے سیاحوں پر حملہ کیا گیا ہے ۔کہ اس علاقے کی معیشت تباہ کی جائے ۔ میں مجلس وحدت کا مشکور ہوں اس اہم ایشو پر تمام جماعتوں کو ایک چھت تلے جمع کر کے وطن دوست کا حق ادا کیا۔آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما کریم خان نے کہاکہ گلگت بلتستان کی دہشت گردی میں شیعہ سنی علما کا کوئی کردار نہیں ۔ اس کا ذمہ دار صرف اور صرف حکومت ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنماحشمت اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ علما کو کردار ادا کرنا چاہیئے۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے پچھلے 6ماہ میں گلگت میں کوئی بھی مذہبی منافرت کا واقعہ کوئی نہیں ہوا ہے۔ گلگت دیامر کے اس دہشت گردی میں بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے اور راتوں رات 18آدمی کہاں سے آئے ۔۔ وہ بونیر، چلاس اور مانسہرہ کے دہشت گرد ہیں جو را کے ایجنٹ ہیں حکومت جواب دے کہ بونجی میں جو ہیلی کاپٹر اور ایس ایس جی کے جوان رکھے تھے وہ کہاں گئے تھے؟ حکومت کو ٹارگٹڈ آپریشن کرے۔ پاکستان مسلم لیگ کے رکن اسمبلی گلگت بلتستان آمنہ انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت میں اب انٹر نیشنل دہشت گرد موجود ہے ، اب ہم یہ بھی سنتے ہیں 2100سے 3000طالبان ہیں گلگت میں قیام پذیر ہیں اور خودکش جیکٹ اور بم بنانے کی فیکٹری کی بھی اطلاعات ہیں اہلسنت علما کو طالبان کے خلاف کردار ادا کرنا چاہیئے ہر کوئی اپنی ذمہ داری ادا کرے اور اپنے حصے کا کام لے۔اور جوانوں پر کام کرے ان کو تعلیم دے ۔سب کو ایک ایک ٹاسک دیا جائے۔اور بین المذاہب رواداری کو فروغ دیا جائے ۔ پاکستان کی بیورو کریسی نے ہمیشہ ہمیں دبایا ہے اور ہمیں کچھ نہیں دیا بلکہ تعلیمی اداروں میں خیرات میں ہمیں کچھ سیٹیں دی جاتی ہیں ۔ یہاں کوئی میڈیکل کالج یا م ابھی فائنل نہیں ہوا ہے بہت جلد یہ فائنل ہو جائے گا ۔علما کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوامی نمائندے اور شہری ادارے مون سون کیلئے فول پروف انتظامات کریں ،حمزہ شہباز
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماو رکن قومی اسمبلی حمزہ
شہبازشریف نے کہاہے کہ عوامی نمائندے اور شہری اداروں کے افسران بھرپور تعاون اور ذمہ داری سے آمدہ مون سون سیزن میں شہریوں کیلئے حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں ۔ شہر میںتمام ڈرینزکی ڈی سلٹلنگ کا عمل مکمل کرلیاجائے ۔مون سون کی تیاریوں کے سلسلے میں واسا،ایل ڈی اے ،سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران دفتر وں سے نکل کر فیلڈ میںآجائیں۔حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں مون سون کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا بلال یسین ،مجتبی شجاع اور رانا مشہود سمیت لاہور شہرسے تعلق رکھنے والے تمام ایم پی ایز اور پارٹی کے مقامی عہدیداران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کمشنر ،واسا ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے سربراہان اور دیگر شہری اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔حمزہ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کو بارشوں کے موسم میںمشکلات اور مسائل سے بچانے کیلئے عوامی نمائندوں او رسرکاری محکموں میںبھر پور تال میل اور اشتراک کا ر ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی ڈی سی او آفس اورواسامیںکنٹرول روم قائم کئے جائیں گے جو کمشنر لاہور کی نگرانی میں کام کریں گے۔شہری میں 25مقامات جہاں پر پانی بہت زیادہ جمع ہوتاہے پر بارشی پانی کے مکمل نکاس تک متعلقہ عملہ موجود رہے گا۔محکمہ موسمیات بارش سے 2گھنٹے پہلے عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کو اس بارے میںاطلاع دینے کا پابند ہوگا،جبکہ لیسکونے بارش کے دوران بارشی پانی کے ڈسپوزل سٹیشنزکو لوڈشیڈنگ سے مستثنی رکھنے کا فیصلہ کیاہے ۔حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ ایس ایم ایس سسٹم کے ذریعے بارش کے دنوں میںتمام متعلقہ افسران اور ارکان اسمبلی بروقت اطلاعات حاصل کریں گے۔ ڈی واٹرنگ پمپس کی خرابی موقع پر دور کرنے کے لئے موبائل سکواڈدستیاب ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک وارڈنر بھی مون سون میںمختلف شا ہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کی اطلاعات فراہم کریںگے۔اس تمام عمل کی موثر نگرانی کیلئے مانیٹرنگ زوننزقائم کئے گئے ہیںجن کی نگرانی ارکان اسمبلی کریں گے۔شہر میں 32کمپلینٹ سنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیںجبکہ خطر ناک عمارتوں کی نشان دہی اور نگرانی کے سلسلے میں متعلقہ عملے کی ڈیوٹی لگادی گئی ہے بعض ارکان اسمبلی نے کہاکہ ان کے حلقوں میںکئی علاقے واسا کی حدود میںشامل نہیںہیں اور وہاں مشینر ی اور عملے کی عدم موجودگی کی وجہ سے شہریوں کو مسائل کا سامناہے ۔ حمزہ شہبازشریف ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں قواعد و ضوابط تیارکرکے فوری طور پر مذکورہ علاقوں کو واسا کی
عملداری میںدیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ یوسی سے لیکر ٹائونز کی سطح تک بارشوںکے سیزن میںشہریوں کی حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ مون سون کے چیلنج پر پورا اترنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے یہ میدان عمل میں نکلنے کا وقت ہے اس حوالے سے متعلقہ محکموں کی کوئی سستی کاہلی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ ہماری قیادت سمجھتی ہے کہ عوام نے بھاری مینڈیٹ نہیںبلکہ بھاری ذمہ داری ان کے کاندھوں پر ڈال دی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلی پنجاب کا روجھان کے علاقہ ڈیرہ دلدار میں12سالہ لڑکی کو” ونی” قرار دینے کے واقعہ کا نوٹس، رپورٹ طلب
لاہور(جی پی آئی) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے روجھان کے علاقہ ڈیرہ دلدار میں 12 سالہ لڑکی شان بی بی کو ”ونی” قرار دینے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے راجن پور کی انتظامیہ اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ معصوم لڑکی کو ”ونی ” قرار دینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوئس مقدمات میں زرداری ٹولے کی حرکات اور انکشافات حیران کن اور شرمناک ہیں:لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سوئس مقدمات میں زرداری ٹولے کی حرکات اور انکشافات حیران کن اور شرمناک ہیں ۔ دولت کی ہوس اور حکمرانوں کی کرپشن غریب عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری ،
بجلی بحران اور زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے محروم کررہی ہے ۔ حکومت اور عدلیہ فوجی آمر جنرل پرویز مشرف اور صدر آصف علی زرداری کی کرپشن پر کسی کمزوری اور کمپرومائز کا مظاہرہ نہ کریں ۔ پنڈورا باکس کھولنے کا واویلا کرنے والے سٹیٹس کو کے ہرکارے ہیں ۔ پاکستان کو عالمی محاذ پر عزت اور وقار دینے کے لیے مستحکم جمہوریت اور آزاد عدلیہ کاچہرہ تسلیم کروانا ہوگا۔ ملک اسی طرح کرپشن کی دلدل سے نجات پائے گا۔ لیاقت بلوچ کی سابق گورنر خواجہ طارق رحیم کے صاحبزادے خواجہ حسن طارق مرحوم کی تعزیت کے موقع پر سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر ملک خصوصا کراچی اور بلوچستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ میر ظفر اللہ جمالی نے کہاکہ بیرونی قوتوں کی مزاحمت قومی اتحاد اور یکجہتی سے ہو سکتی ہے وگرنہ پاکستان کی دشمن قوتیں پاکستان کو فیڈریشن کی بجائے کنفیڈریشن کی طرف لے جارہی ہیں ۔ قومی سلامتی کی غلط پالیسی اور ملک دشمن قوتوں کے مقابلہ میں عوامی طاقت کی تقسیم بڑا خطرہ ہے ۔ قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کر کے قومی چارٹر تشکیل دیا جائے اور پوری قوم کو اس کے گرد جمع کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب میں نیورولوجیکل اینڈ سپائن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا جائزہ لیاجائے،وزیراعلی
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ماڈل ٹائون میں معروف بین الاقوامی نیوروسرجن ڈاکٹر آصف بشیر نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیرصحت خلیل طاہر سندھو، سیکرٹری صحت اور دیگر حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ معروف نیوروسرجن ڈاکٹر آصف بشیر نے نیورولوجیکل اور سپائن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محمدشہبازشریف نے کہاکہ پنجاب میں نیورولوجیکل اینڈ سپائن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا جائزہ لیاجائے۔انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر آصف بشیر محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مل کر قابل عمل منصوبہ کے لئے سفارشات تیار کریں۔انہوںنے ہدایت کی کہ پنجاب نیورولوجیکل اینڈ سپائن انسٹی ٹیوٹ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کرنے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عوام کو توانائی کی کمی کے مسئلے سے جلد از جلد چھٹکارا دلانا چاہتے ہیں: شہباز شریف
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے توانائی کے سرمایہ کار ایچ بی گروپ انٹرنیشنل کے نمائندہ وفد نے آج ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سولر انرجی میں تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، مشیر عزم الحق، ایچ بی گروپ کے مسٹر کیون(Mr. Kevin)، مسٹر نیل جونز(Mr. Neil Jones)، رابعہ ضیائ، ثوبیہ ضیائ، ماہرین توانائی اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ایچ بی گروپ انٹرنیشنل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔ عوام کو توانائی کی کمی کے مسئلے سے جلد از جلد چھٹکارا دلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو، سولر، ونڈ، بائیوگیس، بائیو ماس، کوئلہ اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ایچ بی گروپ انٹرنیشنل پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ایچ بی گروپ انٹرنیشنل اور پنجاب کے حکام مل بیٹھ کر سولر پاور پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کیلئے فنانشل ماڈل سمیت دیگر امور طے کریں۔ وزیراعلی نے کہاکہ پاکستان میں توانائی کے ایسے منصوبے لگانا چاہتے ہیں جو جلد سے جلد پیداوار شروع کریں تاکہ عوام کو فوری ریلیف دیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ میانوالی میں سلیکون موجود ہے جوکہ سولر پینل بنانے میں استعمال ہوتاہے۔ ہماری خواہش ہے کہ کوئی غیرملکی کمپنی اس سلیکون کو استعمال میں لاتے ہوئے پاکستان میں سولر پینل تیار کرے۔ایچ بی گروپ انٹرنیشنل کے وفد کے رکن مسٹر کیون نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے گروپ نے دنیا کے مختلف ممالک میں سولر انرجی کے پلانٹ لگائے ہیں، پنجاب میں بھی شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے گروپ کی توانائی کے حوالے سے سرگرمیوں اور سولر پاور پلانٹ میں مختلف ممالک میں کی گئی سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
توانائی بحران بڑا مسئلہ ہے،عوام سے لوڈشیڈنگ میں کمی کا وعدہ کیاہے :شہبازشریف
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران پاکستان کا بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے۔ عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلہ سے جلد سے جلد نجات دلانا ہمارا عزم ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ملکی اور غیرملکی توانائی سے وابستہ کمپنیوں سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ترکی کی توانائی کی کمپنیاں کوئلے، سولر، ہائیڈرو پاور اور کوڑا کرکٹ سے توانائی کے حصول کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ ترک کمپنی پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں سالڈویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا جائزہ لے اور قابل عمل منصوبے کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے، پنجاب حکومت ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔وہ آج ماڈل ٹائون میں ترکی کی توانائی کمپنی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کر رہے تھے۔صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، معاون خصوصی ارشد جٹ، مشیر عزم الحق، خواجہ احمد حسان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین سیسلے ہولڈنگز (Sesly Holdings)مسٹر ہازم (Mr. Hazim)، ترکی کی ہر(Her) انرجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر ارسن (Mr. Ersin)، اوزکارتالار(Ozkartalar) سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے محبی کرتال(Mr. Muhibbi Kartal) اور ماہرین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران پنجاب حکومت اور ترک کمپنی کے درمیان لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں کوڑا کرکٹ سے بجلی کی پیداوار کے حوالے سے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں مختلف ترک کمپنیوں نے سالڈویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں ہمارے گزشتہ دور حکومت میں 500 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔ ترک انرجی کمپنیاں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں ہمیں خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے، سولر، ہائیڈور پاور پراجیکٹ اور سالڈویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں ترک کمپنیاں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی مثالی ہے۔ ترک توانائی کمپنیوں کی توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری سے دوستی کے رشتے او ر اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ بجلی کی کمی آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی توانائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات شروع کئے ہیں۔ عوام نے ہمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے اور ہم عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور انشا اللہ انہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے میں ضرورکامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی حکومت بجلی پیدا کرنے پر توجہ دینے کی بجائے کمیشن اور لوٹ مار میں مصروف رہی۔ اگر وہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوششیں کرتے تو ملک کو آج توانائی کے شدید بحران کا سامنا نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے منصوبے میں تاخیر کرکے سابق وفاقی حکومت نے سنگین جرم کیا ہے۔ اگر ایل این جی کا پراجیکٹ چل رہا ہوتا تو شاید عوام کو لوڈشیڈنگ کا یہ شدید عذاب نہ سہنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی توانائی کی کمپنیاں آگے آئیں، بجلی کے شعبہ میں
ان کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ ترک کمپنیاں بجلی کے شعبہ میں تعاون کرکے بھائی چارے اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنا سکتی ہیں۔ ترک کمپنیوں کے ساتھ مل کر نہایت شفاف اور تیزی سے توانائی کے منصوبے لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں سالڈویسٹ سے توانائی کے منصوبے لگانے کے امکانات موجود ہیں، ترک کمپنی کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا جائزہ لے اور اس حوالے سے جلد سے جلد حتمی سفارشات پیش کرے تاکہ بلاتاخیر منصوبے پر کام شروع کیا جاسکے۔ترک کمپنی سیسلے ہولڈنگز کے چیئرمین مسٹر ہازم نے کہا کہ توانائی کے بحران سے ترکی کے عوام بھی گزرے ہیں۔ ترک قوم نے لگن اور محنت کے ساتھ اس بحران پر قابو پایا ہے۔ امید ہے میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان بھی انشا اللہ توانائی کے بحران پر جلد قابو پالے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمپنیاں ترکی سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں کوڑا کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے پر کام کر رہی ہیں۔ ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر پنجاب میں بھی ایسے منصوبے لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک عوام پاکستانیوں سے دلی لگائو اور گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ ہم توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور ترکی کی دوستی بے مثال ہے۔ توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر دوستی کے بندھن کو مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہبازشریف کی ترک وفد سے ترکی زبان میں گفتگو
لاہور(جی پی آئی) وزیر اعلی محمد شہباز شریف اور ترک انرجی کمپنیوں کے وفدکے اراکین کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔ وزیراعلی شہبازشریف نے ترک وفد کے ساتھ ترکی زبان میں بھی گفتگو کی اور وفد کی لاہور آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کے اراکین نے وزیراعلی کی ترکی زبان میں گفتگوپرخوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ وزیراعلی محمدشہبازشریف کے سابق دور میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہوئے ہیں۔وفد کے اراکین نے کہاکہ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لئے آئے ہیں جس پر وزیراعلی نے کہاکہ آپ کو جلد آنا چاہئیے تھا لیکن کوئی بات نہیں “دیر آید درست آید” ۔ جس پر اجلاس کے تمام شرکا مسکرا دیئے۔وفد کے اراکین نے وزیراعلی محمدشہبازشریف کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اورپاک ترک تعلقات مضبوط بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ترک بھائیوں کے دلوں میں بستے ہیں اور ترک عوام آپ سے بہت پیار کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجلس وحدت مسلمین مقامی ہوٹل میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
لاہور(جی پی آئی)مجلس وحدت مسلمین مقامی ہوٹل میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں “دہشت گردی کی حالیہ لہر اور گلگت بلتستان کا مستقبل” کے عنوان سے تمام سیاسی جماعتوں ، وکلا برادری، چیمبر آف کامرس، سول سوسائٹی کے عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ تمام Burning Issues پر سیر حاصل گفتگو کے بعد گلگت بلتستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔یہ کانفرنس حالیہ دنوں بونر نالے میں غیر ملکی سیاحوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے پرطالبان کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس واقعے کو ملکی سالمیت کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتا ہے۔ طالبان دہشت گردوں کی جانب سے اس قسم کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے پہلے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ماہرین کو قتل کیا جاچکا ہے۔البتہ گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحوں کے قتل کا یہ پہلا واقعہ ہے جو کہ ملک عزیز پاکستان کو بالعموم اور گلگت بلتستان کو بالخصوص بین الاقوامی برادری میں بدنام کرنے کی سازش ہے۔ اسی علاقے میں بے گناہ مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا جس پر سیکورٹی ایجنسیز اور خفیہ اداروں نے اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کیا ۔ اگر اس وقت ان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاتی تو آج ملک عزیز پاکستان دنیا کے سامنے یوں بدنام نہ ہوجاتا۔یہ ایک ناقابل تردید اور تلخ حقیقت ہے کہ گلگت بلتستان کو گزشتہ کئی دہائیوں سے فرقہ واریت کی جنگ میں دھکیلنے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیںاور یہاں کے پر امن لوگوں کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھاکرعلاقے کے امن کو برباد کیا جارہا ہے۔یہ کانفرنس اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ خود ساختہ معیارات سے بالاتر ہوکر حقیقی اسلامی اور فلاحی معاشرے کی تشکیل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اختلاف برائے تعمیر مد نظر ہوگااور ہر سطح پر دہشت گردی اور فرقہ ورانہ سوچ کی حوصلہ شکنی کی جائیگی۔یہ کانفرنس گزشتہ کئی مہینوں سے گلگت شہر
میں قائم امن و امان کی صورت حال کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنے والے حکومتی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، مساجد بورڈ، سیاسی و سماجی حضرات کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور قیام امن کیلئے کوششوں میں مزید گنجائش کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے تمام سیاسی پارٹیوں کو جوائنٹ پولیٹیکل فورس کے طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔فرقوں کے مابین فاصلوں کو ختم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائینگے۔ تمام سیاسی و مذہبی پارٹیاں پر مشتمل ایک ایسا فورم تشکیل دیا جائیگا جو بین المذاہب ہم آہنگی اور ملی و قومی مسائل میں مفاہمت کیلئے کوشش اور جدوجہد کرے۔دہشت گردی کو کسی مذہب سے منسلک کرنے کی بجائے زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر عالمی سازشوں کا ادراک کیا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف بغیر کسی دبائو میں آئے پوری ریاستی طاقت کو استعمال کیا جائے۔دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور کیمپوں کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت اور ہماری مقتدر فورسز کو تمام سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر عملی اقدامات اٹھانا چاہئے۔صوبائی حکومت کو اس سلسلے میں جس طرح کے تعاون کی ضرورت ہو وفاقی حکومت کو اسے پورا کرنا چاہئے۔مستقبل میں علاقے کی سالمیت، وحدت اور امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوششوں کے مقابلے میں خطے کی تمام پارٹیاں مل کر مثبت کردار ادا کریں گی۔مختلف جماعتوں اور شخصیات کی جانب سے خطے میں قیام امن اور دہشت گردی کے مقابلے کیلئے نہایت مفید اور قابل عمل تجاویز پیش کی گئیں ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ان تمام تجاویز کو مرتب کرنے کے بعد عنقریب ایک پمفلٹ یا بک لیٹ کی صورت میں قوم کے سامنے پیش کریگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر دیا، یا سر گیلانی
لاہور(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لاہو ر کے نائب صدر یاسر گیلانی نے گذشتہ روز شاہدرہ میںپارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر دیاہے۔ زرداری حکومت میں لاڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے خادم اعلی
کو اب غریب عوام کا کوئی خیال نہیں رہا۔ پانچ سال شور مچایا گیا کہ غریبوں کا خیال رکھا جائے گا۔ دور اقتدار میں آتے ہی خادم اعلی عوام سے کئے گئے وعدے بھول گئے ہیں۔موجودہ حکومت نے امیر دوست بجٹ پیش کر کہ غریبوں سے نفرت کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر میاں مبشر یعقوب، شاہد منظور، ملک مصباح، میاں سرفراز ووٹو،عمر دراز، یونس کاہلوں، تبریز،ابوبکر عظیم سمیت علاقے کی متعدد سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر نواز حکومت نے غریب عوام کا خیال نہ رکھا تو انکا حال زرداری سے بھی برا ہو گا۔