اضلاع کی خبریں 1/1/2014

چیئر مین سی ڈی اے معروف افضل کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس آج سی ڈی اے ہیڈ کواٹرز میں منعقد ہوا
اسلام آباد (این این اے ) چیئر مین سی ڈی اے معروف افضل کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس آج سی ڈی اے ہیڈ کواٹرز میں منعقد ہوا جس میںسی ڈی اے بورڈ کے تمام ممبران نے شرکت کی ۔ اسلام آباد کے شہریوں کے معیاری بس سروس کے دیرین مطالبے پر غور کرتے ہوئے سی ڈی اے بورڈ نے اسلام آباد بس سروس پرو جیکٹ کی اصولی منظوری دی۔ابتدائی طور پر اسلام آباد بس سروس پرو جیکٹ کے ذریعے تین روٹس پر بسیں چلائی جائیں گی جن میں روات تا پاک سیکرٹیریٹ، بہارہ کہو تا پاک سیکرٹیریٹ اور آئی ٹین IJP/روڈ تا پاک سیکرٹیریٹ روٹس شامل ہیں۔ابتدائی طور پر 33 بسوں سے شروع ہونے والے اسلام آباد بس سروس پروجیکٹ کے ذریعے سفر کرنے والوں کو تمام ممکنہ ضروری سہولیات بشمول سروس کے اوقا ت کار ، بس شیلٹرز ، الیکٹرانک ٹکٹنگ ، کنٹرول روم اور سیکورٹی سسٹم فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ نے پارک انکلیو پراجیکٹ کے رہا ئشی پلاٹس کے الاٹیز کی سہولت کے لئے قسطوں کی ادئیگی کو ری شیڈول کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں سیکٹر I-15کے باقی ماندہ فلیٹ مالکان کیلئے فلیٹ کے بدلے پلاٹ کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار کی اصولی منظوری دی گئی۔سی ڈی اے بورڈ نے سی ڈی اے کے وفات پا جانے والے ملازمین کے ورثاء کو علی پور فراش ماڈل ویلج میں رہائشی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے ترجیحی طریقہ کار کی بھی منظوری دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تعمیرات اور جائیداد سے متعلق حل فراہم کرنے کے حوالے سے عالم گیر شہرت کی حامل کمپنی Emaarنے کراچی میں اپنے Crescent Bay کے منصوبے میں
کراچی (این این اے) تعمیرات اور جائیداد سے متعلق حل فراہم کرنے کے حوالے سے عالم گیر شہرت کی حامل کمپنی Emaarنے کراچی میں اپنے Crescent Bay کے منصوبے میں Coral Towersکا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس افتتاحی تقریب کو بے حد پذیرائی حاصل ہوئی اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے Crescent Bay، کراچی میں اپارٹمنٹس کی بکنگ کے لیے رابطہ کیا۔ Emaarپاکستان نے اپنے Crescent Bay کے منصوبے کو کراچی کے ساحل کے کنارے شروع کیا ہے جس میں Coral Towersکی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ Crescent Bay کے منصوبے میں گھروں، ہوٹل، شاپنگ مالز، دفاتر اور تفریحی مقامات کی تعمیر شامل ہے۔ ہلال کی شکل والی تین تعمیر شدہ خلیجوں پر مشتمل یہ منصوبہ پُر تعیش طرزِ زندگی کی نئی مثال قائم کرے گا۔Emaarنے بہت کم عرصے میں پاکستان میں عالمی معیار کی تعمیرات متعارف کروائی ہیں۔ گذشتہ مہینے Emaar نے اسلام آباد میں اپنے ‘La Paraiso apartment ‘کے منصوبے کا افتتاح کیا تھا جہاں لوگوں کی بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے اسی وقت بکنگ کروا لی تھی۔ دنیا کی سب سے بلند عمارت برج خلیفہ بنانے والی کمپنی Emaarکو جدید ترین اور پُر تعیش تعمیرات پر مبنی بہترین حل فراہم کرنے کا اعزاز حاصل ہے کیوں کہ یہ کمپنی کبھی معیار پر سمجھوتا نہیں کرتی۔ Emaarپاکستانی مارکیٹ میںتعمیر و ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور حال ہی میں Crescent Bayکی شکل میں کراچی میں متعارف کروایا گیا منصوبہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا
اسلام آباد (این این اے ) نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہاکہ پوری دنیا کی طاغوتی اور سامراجی قوتیں متحد ہو کر مسلمانوں کے وجود کو مٹانے اور اسلام کے حقیقی پیغام اور تشخص کو مسخ کرنے کے لیے سرگرم عمل ہوگئی ہیں ۔ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ خود بھی اسوہ رسولۖ پر عمل کیا جائے اور پوری دنیا میں بھی تعلیماتِ نبویۖ کو عام کرنے کی کوشش کی ہے،اسلام کے ابدی و آفاقی پیغام کو انسانیت تک پہنچاناہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنگجانی میں تعز یتی اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا آج اگر مسلمان ذلت اور پستی کا شکار ہیں اور ہر جگہ پس رہے ہیں تو اس کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے کہ ہم نے بحیثیت مجموعی تعلیمات نبویۖ کو پس پشت ڈال دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مرکزی انجمن تاجران میرپور کے صدر چوہدری محمد نعیم نے کہا
میرپور(این این اے ) مرکزی انجمن تاجران میرپور کے صدر چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ تاجران کی سیاست میں جمہوریت پسند و عوامی رائے کا احترام کرنے والے ہیں۔میرپور کے ہزاروں تاجران نے تاریخ ساز کنونشن میں مجھے 2015تک کیلئے منتخب کیا تھا۔ہماری پوری تنظیم اور اسکے عہدے داران کو تاجران کی بھر پور تائید و حمایت حاصل ہے۔ڈیڈھ اینٹ کی مسجد بنانے کی بجائے تمام دوست مرکزی تنظیم میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اپنا حقیقی رول ادا کریں ان خیالات کا اظہاراْنہوں نے یہاں تاجران کے مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ تاجران کے باہمی وقار میں اضافے اور مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار جاری رکھا ہوا ہے۔چند دوست تاجران میں مزید پھوٹ ڈالنے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔جمہوریت پسند تاجران ہماری تنظیم کا حصہ ہیں اْنہوں نے کہا کہ ہم تاجران کے تحفظ کیلئے ہزاروں تاجران کے اعتماد کے ساتھ آئے ہیں ۔رات کی تاریکی یا بیک ڈور سے تاجران پر مسلط نہیں ہوئے جن افراد کو تاجران کی اکژیت مسترد کر چکی ہے وہ آج تاجران کی بات کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

چیرمین امن کمیٹی علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قائد جمیعت مولانا سمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات
راولپنڈی (این این اے) چیرمین امن کمیٹی علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قائد جمیعت مولانا سمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات کا گرین ٹاکس دے کر سنجیدگی کا مظاھرہ کیا ۔ملک میں امن امان کے لیے طالبان سے مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ یکم جنوری2014 28. صفر حضرت امام حسن کا دن ہے ، دنیا جنہیں صلح کا بادشاہ کہتی ہے۔ امن و صلح نے امام حسن کے چہرے سے جنم لیا ۔ ان کی وجہ سے دوبڑے گروپ میں صلح ہو گی ۔حکومت کا اس دن اچھے فیصلے کرنا نیگ شگون ہو گا ۔حکومت مذاکرات کے حوالے سے جلد روڈمیپ کااعلان کرے ۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے ملک میں امن و امان کے قیام اورملک کو درپیش چیلنجزسے ملکر نمٹنے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ،ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ دونوں طرف سے امن وامان کے قیام میں سنجیدگی کامظاہرہ کیاجائے۔ اورمذاکرات کی کامیابی کے لیے سنجیدگی برقراررکھنی ہوگی۔حکومت کو اے پی سے کے اعلامیہ کی روشنی میں آگے بڑھنا اورقدم اٹھانااہم ہوگا اس کے لیے حکومت کوجلداپنے روڈمیپ کااعلان کرناہوگا جس کے تناظرمیں بات چیت آگے بڑھ سکے گی۔ اظہار بخاری نے کہا امریکہ افغانستان سے ناکام ہوکرواپس لوٹ رہاہے اوروہ باعزت واپسی کے لیے افغانستان میں طالبان سے مذاکرات کے لیے کوششیں کررہاہے۔ کھلے دل سے دونوں اطراف سے مذاکرات کا آغازکرناچاہیے تاکہ ملک وقوم کے لیے بہتری کاراستہ نکل سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تحقیقی ادارہ مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام”سوڈان:موجودہ اور مستقبل کے حالات” کے عنوان سے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد ہوا
اسلام آباد(این این اے)تحقیقی ادارہ مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام”سوڈان:موجودہ اور مستقبل کے حالات” کے عنوان سے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد ہوا۔چیئر مین مسلم انسٹیٹیوٹ سلطان احمد علی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا مسلم انسٹیٹیوٹ ایک تحقیقی ادارہ ہے جو کہ پاکستان اور دنیا کے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے تجزیہ اور غیر جانبدارانہ تحقیق کے ذریعے ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔آج کا سیمینا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ سوڈان کو نہ صرف افریقہ بلکہ تمام اسلامی دنیا میں بہت اہمیت حاصل ہے۔ ہماری یہ کاوش سوڈان میں غیر یقینی کیفیت اور موجودہ حالات کے بارے میں تحقیق کے ذریعے آگہی کو فروغ دینا ہے ۔ سوڈان میں موجود وسائل پر عالمی استعمار قبضہ کرنے کے لیے سوڈان میں مذہبی، لسانی اور تفرقہ بازی کو فروغ دے رہا ہے اس مسئلہ پر روشنی ڈالنے کے لیے آج مختلف طبقہ ہائے فکر سے انتہائی تجربہ کارافراد اپنی تحقیق سے ہمیں آگاہ کریںگے۔سوڈان کے سفارت کار ،الشافی احمد محمد نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا سوڈان میں بہت سے وسائل ہیں لیکن ہم بہت سے مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ان مسائل میں پاکستان کی عوام اور حکومت کی اخلاقی مدد لائق تعریف ہے۔سوڈان اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں اور سوڈان پاکستان کے لیے افریقہ میں داخلے کے لیے ایک ذریعہ ہے۔سوڈان اہم جغرافیائی حقیقت ہے۔امید ہے کہ ہمارے اور پاکستان کے درمیان میں تعلقات بہت جلد مزید مستحکم ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

حزب التحریر افغانستان سے محدود انخلا کے امریکی منصوبے کے اعلان
اسلام آباد (این این اے) حزب التحریر افغانستان سے محدود انخلا کے امریکی منصوبے کے اعلان کے بعد راحیل-نواز حکومت کی جانب سے خطے میں امریکی موجودگی کو دوام بخشنے کی کوششوں کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ یکم جنوری 2014 کو امریکہ میں پاکستان کے نئے سفیر ، جلیل عباس جیلانی نے ایک انٹرویو میں خبردار کیا کہ ” امریکی انخلا کی محض بات چیت ہونے کی وجہ سے اس کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ پہلے سے زیادہ افغان مہاجرین پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔۔۔اگر افواج کی بڑی تعداد واپس چلی جاتی ہیں تو زیادہ ذمہ داری ہمارے کاندھوں پر آجائے گی”۔یہ بیان ایک جھوٹ ہے کیونکہ اس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ جیسے محدود انخلا کے نتیجے میں خطے کی صورتحال مزید خراب ہوجائے گی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ایک دہائی سے مسلسل وسیع ہوتی امریکی موجودگی نے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں کو اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ خطے سے امریکہ کی موجودگی مکمل طور پر ختم ہوجائے جس میں سفارت خانوں، قونصل خانوں ، سفارتی عملے، انٹیلی جنس اور نجی امریکی افواج کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ یہ امریکی موجودگی ہی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک اب تک موجود ہے جو ہمارے ملک میں بم دھماکوں اور قتل و غارت گری کے واقعات کا اصل ذمہ دار ہے اور پھر اس صورتحال کو بہانا بنا کر ہماری افواج کو قبائلی علاقوں میں بھیجا جاتا ہے۔ یہ امریکی موجودگی ہی ہے جس نے افغانستان میں بھارت کی موجودگی کو یقینی بنایا ہے اور پھر بھارت اس سے فائدہ اٹھا کر قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں کاروائیاں کر کے پاکستان کو غیر مستحکم کرتا ہے۔ اور یہ امریکی موجودگی ہی ہے جس نے تباہی و بربادی کے سلسلے کو افغانستان کے مسلمانوں پر مسلط کردیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیر پیٹرولیم نے ایل پی جی کی قیمتوں کے حوالے سے مورخہ 3جنوری 2014کو اہم اجلاس طلب کر لیا
لاہور (این این اے ) وزیر پیٹرولیم نے ایل پی جی کی قیمتوں کے حوالے سے مورخہ 3جنوری 2014کو اہم اجلاس طلب کر لیا، جس میں خصوصی طور پر چیئرمین اوگرا سعید خان ، چیئرمین ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیز ایسوسی ایشن اقبال زیڈ احمداور چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کو طلب کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں ایل پی جی کی قیمتوں اور ملک بھر میں گیس کی ڈیمانڈ اور سپلائی کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ایل پی جی انڈسٹری کی ترقی کے لئے سفارشات تیار کر لی ہے ۔جس میں عام صارفین کو پیٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں 50فیصد گیس سستی ملے گی۔ اس انرجی بحران میں ہم حکومت کا بھر پور ساتھ دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے نومبر اور دسمبر کی لوکل ایل پی جی پیداواری قیمتوں کو انٹرنیشنل قیمتوں میںجوفرق رکھا گیاتھااسکو برقرار رکھا جائے تو قیمت میں مزید 20روپے فی کلو کمی ہو جائے گی۔ ایل پی جی آٹو گیس سٹیشن کے حوالے سے بھی پالیسی میں نرمی کی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔