فیصل آباد کی خبریں 1/3/2014

بھٹہ مزدوروں کے لئے مقررہ اجرت (740 روپے فی ہزار اینٹ) پر عملدرآمد کرایا جائے گا، ڈی سی او نور الامین مینگل

فیصل آباد (ایچ ایس این) بھٹہ مزدوروں کے لئے مقررہ اجرت (740 روپے فی ہزار اینٹ) پر عملدرآمد کرایا جائے گا تاہم بھٹہ مالکان اور مزدوروں کے مفادات کا یکساں خیال رکھیں گے ۔ ڈی سی او نور الامین مینگل کی طرف سے بھٹہ مزدوروںکے احتجاجی دھرنے سے اعلان ، اس سلسلے میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لیبر چوہدری ظفر اقبال ناگرا کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ، جو ایک ہفتہ کے اندر اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے گی۔انہوں نے اس امر کا اعلان ڈی سی اوآفس کے باہر دھرنا دینے والے بھٹہ مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بھٹہ مزدوروں نے فوری طور پر دھرنا ختم کر دیا ۔ اس موقع پر لیبر افسران کے علاوہ مزدور رہنما اسلم معراج اور بابالطیف انصاری و دیگر بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ویجلینس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم این اے میاں عبدالمنان ‘ ایم این اے میاں محمد فاروق ‘ ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال ناگرا ‘ ڈی سی او نور الامین مینگل اور بھٹہ مالکان و مزدوروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر آصف چوہدری ‘ اے سی سٹی ظہیر انور جپہ ‘ محکمہ لیبر اور سوشل سیکورٹی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران بھٹہ مالکان اور مزدوروں کے معاملات کے تصفیہ کے لئے چوہدری ظفر اقبال ناگرا کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر آصف چوہدری ‘ ڈی او لیبر ‘ ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی اور بھٹہ مالکان و مزدوروں کے دو نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے ۔اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ حکومت کو دونوں طبقات کے حقوق و مفادات کا خیال ہے لہذا خوشگوار انداز اور باہمی افہام و تفہیم سے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز بے شمار خطرات سے دو چار ہے اور اس وقت احتجاجی دھرنوں اور ہڑتال کا متحمل نہیں ہو سکتا لہذا ہمیں قومی سلامتی اور امن سب سے زیادہ عزیز ہونا چاہئے ۔ انہوں نے دونوں طبقات کی طرف سے دھرنا ختم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ملک دشمن عناصر اس موقع سے فائدہ اٹھا کر ہمیں نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی فیصلے نہیں بلکہ عوامی مسائل کا پائیدار حل کے لئے اقدامات کر رہی ہے جن کے تحت مزدوروں سمیت تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے متعدد انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ۔ ڈی سی او نور الامین مینگل نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے لئے ویج بورڈ کی طرف سے مقررہ اجرت پر عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ بھٹہ مزدوروں کی مشکلات اور معاشی دبائو کا خیال بھی رکھیں گے۔ اجلاس کے دوران بھٹہ مالکان اور مزدوروں نے اپنا اپنا موقف پیش کیا۔
—————————
———————–
کراچی قا تلوں، بھتہ خوروں، لٹیروں اور لینڈ مافیا کی آماجگاہ بن چکا ہے،سر براہ سنی تحریک ثروت قا دری

فیصل آباد (ایچ ایس این) سر براہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قا دری نے کہا ہے کہ کراچی قا تلوں،بھتہ خوروں، لٹیروں اور لینڈ مافیا کی آماجگاہ بن چکا ہے۔اہلسنت کے نوجوانوں اور ہمارے علماء کو چن چن کر دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عدلیہ آزاد ہے مگر ہمیں 9سال بعد بھی سانحہ نشتر پار ک ”کراچی” کا انصاف نہیں ملا۔ہمارے قائد و بانی امیر شہداء اہلسنت محمد سلیم قادری کو2001ء شہرء ”کراچی”میں شہید کیا گیا مگرقاتل آج بھی کیوں آزاد ہیں؟2006سانحہ نشتر پا رک کے ملزمان کہاں ہیں؟ ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ کراچی اور کوئٹہ میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک میں شیعہ سنی فسادات ہو رہے ہیں جبکہ حقائق یہ نہیں ہیں ۔خارجی گروہ پا کستان میں ایک مخصو ص سوچ کیساتھ مذہبی ،سیاسی اور لسانی فسادات کو ہوا دے رہے ہیں۔لاپتہ افراد کے بارے حکومت کا موقف جاننا اور سمجھنا ضروری ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں ،عدلیہ اور میڈیا کو کمزور کر کے کبھی بھی ملک کے عوام کو ان کے بنیادی شہری حقوق نہیں دلائے جا سکتے ۔انصاف کا گلہ دبانے اور ظالم کا ساتھ دینے والے ایک روز خود اس کنویں میں گریں گے جو لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ پا رلیمنٹ سے اس قوم نے جو امیدیں وابسطہ کیں تھیں ان سب پر پانی پھر گیا ہے۔حکومت اس شترنج کا مہرا بن چکی ہے جس سے پا کستان کی خود مختاری اور سلامتی سے کھیلا جا رہا ہے۔اس مو قع پر صو بائی صدر سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ سعودی عرب حکومت کی پا کستان کے مذہبی اور سیاسی معاملات میں مداخلت قابل تشویش ہے ۔حکومت پا کستان کو چاہئے کہ وہ کسی دوسرے ملک کے مسائل میں مدا خلت کرنے یا اپنی افواج کو کسی بھی دوسرے ملک میں بھیجنے سے قبل اپنے ملکی حالات کو سنوارے۔ پا کستان میں حکومت کی کو ئی پا لیسی موجود ہی نہیں ہے۔دہشت گرد اس قدر بے باک اور نڈر ہیں کہ کسی کو فوج،پولیس سمیت کسی کا کوئی ڈڑ نہیں رہا جس کی بنیادی وجہ حکومت کی ناقص پالیسی اور دہشت گردوں بارے نرم رویہ ہے۔شاداب رضا نے کہاکہ سنی تحریک کے بانی اور قائد محمد سلیم قادری شہید نے 1990میں یہ کہاتھا کہ پا کستان میں موجود جہادی تربیتی کیمپ بند کئے جائیں مگر ہماری باتوں کو مذاق سمجھا گیا لکین آج یہی جہاد ملکی سلامتی اور خود مختاری کیلئے عذاب بنے ہوئے ہیں۔حکومت ء پا کستان کو چاہئے کہ وہ دنیا کو دھوکہ دینے کی بجائے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرے۔
—————————
———————–
فیصل آباد کی تعمیر وترقی اور عوامی سہولیات کے لئے تجویز ، منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں محکمانہ کوششوں کو تیز کیا جائے،ڈویژنل کمشنر سرداراکرم جاوید

فیصل آباد (ایچ ایس این) ڈویژنل کمشنر سرداراکرم جاوید نے شہری خوبصورتی اور عوامی ریلیف کے لئے شہر سے تجاوزات کے خاتمہ اور اس مسئلہ کو پائیدار بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا ہے اور اس سلسلے میں ڈی سی او کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جس میں چیف ٹریفک آفیسر،ٹی ایم اوز اور تاجروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا جس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کی وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے تناظر میں صوبائی وزرا اور افسران پر مشتمل اعلیٰ سطحی ٹیم کے دورہ فیصل آباد کے دوران مختلف شہری مسائل کی نشاندہی کے بعدان کے حل کے لئے محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈویژنل کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فیصل آباد کی تعمیر وترقی اور عوامی سہولیات کے حوالے سے تجویز کئے گئے منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں محکمانہ کوششوں کو تیز کریں اور فوری حل ہونے والے مسائل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پارکنگ کے مسئلہ کے لئے گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں کے قریب تین پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے منصوبوں کی تکنیکی وفنی تیاریاں مکمل ہیں جبکہ ٹریفک مینجمنٹ اور لوکل ٹرانسپورٹ سسٹم میں بھی بہتری لائی جارہی ہے ۔اسی طرح ساہیانوالہ موٹروے انٹرچینج سے گٹ والا تک دورویہ سڑک کی تعمیر اور جھال خانوآنہ میں اضافی انڈر پاس کے قیام کے منصوبے تجویز کئے گئے ہیں۔الائیڈ ہسپتال میں برن یونٹ کی تکمیل آخری مراحل میں ہے جبکہ سٹاف کی بھرتی کے لئے حکومت پنجاب کو تحریر کردیا گیا ہے ۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اصغر بٹ نے بتایا کہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نے چلڈرن ہسپتال کے قیام کی منظوری دے دی ہے جبکہ منصوبے میں مزید پیش رفت کی جارہی ہے ۔ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹرنے کڈنی سنٹر کے قیام سے متعلق بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال میں آئندہ ہفتہ کے دوران آئوٹ پر شعبہ یورالوجی میں مریضوں کا معائنہ شروع کردیا جائے گا اور اس شعبے کے لئے 3کروڑ 80لاکھ روپے کے فنڈز سے مختلف نوعیت کا طبی سامان ومشینری کی خریداری کے لئے محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔اجلاس کے دوران فیصل آباد ایئر پورٹ کی اپ گریڈیشن،ایف آئی سی میں ایمرجنسی وارڈ کی توسیع کے منصوبوں سمیت ٹیوٹا کی اصلاح وبہتری اور شہرکے مشرقی حصے میں جنرل ہسپتال کے قیام کے منصوبے بھی زیربحث آئے اور بتایا کہ زرعی یونیورسٹی میں ایکسپو سنٹر کی تکمیل کے آخری مرحلے میں تزئین وآرائش کا کام جاری ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد احمد رجوانہ،ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز،ای ڈی اوز محمد ایوب خاں،محمد اقبال،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شوکت علی،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
—————————
———————–
شہری دفاع کا عالمی دن، اس عزم کو دہرانے کی یاد دلاتا ہے کہ ہم،مشکل حالات اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رہیں،میجر(ر)عبدالرحمن

فیصل آباد (ایچ ایس این)موجودہ تیز رفتار اور مختلف نوعیت کے امکانی خطرات کے دور میں شہری دفاع کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ زمانے کی ترقی کے ساتھ ساتھ ممکنہ حادثات اورکسی بھی ہنگامی صورت حال میں امدادی کارروائیوں اورتحفظ عامہ کے لئے تربیت یافتہ فورس ناگزیر ہے اس مقصد کے لئے ہر فرد کو شہری دفاع کے اصولوں اورحفاظتی تدابیرسے آگاہ ہونا چاہیے۔یہ بات چیف وارڈن میجر(ر)عبدالرحمن رانا نے ضلعی محکمہ سول ڈیفنس کے زیراہتمام عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف وارڈن حاجی بشیر احمد،کمانڈنٹ فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ سکول شاہین زاد خٹک،ڈی او سول ڈیفنس اصغر علی چوہدری،سابق ڈین زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر محمد اشفاق،فاضل مدینہ یونیورسٹی کے قاری صہیب احمد میرمحمدی،نائب صدر چیمبر آف کامرس چوہدری اصغر علی کے علاوہ شہری کثیر تعداد میں اس موقع پر موجود تھے۔چیف وارڈن میجر(ر)عبدالرحمن رانا نے سول ڈیفنس کی تاریخی اہمیت اورحالات حاضرہ میں شدید ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس عالمی سطح پر ایک مسلمہ حیثیت کا حامل نظام ہے اور ضلعی انتظامیہ کی خصوصی کاوشوں سے فیصل آباد میں گزشتہ سالوں کے دوران اس سسٹم میں جدت لاکراسے مضبوط اور فعال بنایا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں شہری دفاع تنظیم کی مزید بہتری کے لئے حکومت پنجاب کو جامع منصوبہ بندی تیار کرکے بھجوائی گئی ہے جس کے تحت50ہزار آبادی کے لئے وارڈن پوسٹ کے قیام اور100رضاکار سٹاف بھرتی کرنے کے علاوہ تمام نظام کو کمپیوٹرائزڈکیا جائے گا۔انہوں نے تنظیم شہری دفاع کے رضا کاروں کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر آڑے وقت میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بے لوث انسانی خدمت کا بھاری بیڑہ اٹھایا ہوا ہے ۔میجر(ر) عبدالرحمن رانا نے کہا کہ شہری دفاع کا عالمی دن ہمیں اس عزم کو دہرانے کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے آپ کو مشکل حالات اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رکھیں گے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف وارڈن نے سول ڈیفنس کی داخلی اور خارجی محاذ پراہمیت پر روشنی ڈالی اور ضلعی تنظیم شہری دفاع کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔کمانڈنٹ فیڈرل سول ڈیفنس ٹریننگ سکول نے سول ڈیفنس ٹریننگ سکول میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹریننگ کے پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی شہری دفاع کی تربیت حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔فاضل مدینہ یونیورسٹی کے قاری صہیب احمد میرمحمدی نے شہری دفاع کی اہمیت کومذہبی نقطہ نظر سے اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی تحفظ اور امداد کے سلسلے میں یہ سسٹم اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ شہری دفاع کے رضاکاروں کی امدادی سرگرمیاں اور مصیبت زدہ انسانیت کی خدمت حقوق العباد کی ادائیگی کی عملی تصویر ہیں۔ڈی او سول ڈیفنس نے سیمینار میں شرکت کرنے پر مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔بعدازاں مہمان خصوصی نے شہری دفاع کی ترویج وترقی میں اہم کردار ادا کرنے والوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔
—————————
———————–
مارکیٹوں اور بازاروںمیں نرخنامے آویزاں نہ کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے پر 7گرانفروشوں کو 13ہزار500روپے جرمانہ

فیصل آباد (ایچ ایس این)ڈی سی اونورالامین مینگل کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ریاض حسین انجم نے مختلف مارکیٹوں اور بازاروںمیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کوچیک کرتے ہوئے نرخنامے آویزاں نہ کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے پر 7گرانفروشوں کو مجموعی طور پر 13ہزار500روپے جرمانہ عائد کیا۔تفصیلات کے مطابق نرخنامے آویزاں نہ کرنے پر نور پور کے علاقہ میں دودھ فروش زاہد کو 3ہزارروپے،دکاندار محمد علی اور فاروق کو دو،دوہزار روپے،دودھ فروش مظفر کو ایک ہزار روپے جبکہ مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے پر سبزی فروش عاشق کو 2ہزارروپے،سبزی فروش عمران کو ایک ہزار500روپے اور دکاندار آصف کو 2ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔
—————————
———————–
ڈی سی اوآفس کے ایڈمن آفیسر کنڈکٹ ریاض حسین انجم پبلک انفارمیشن آفیسر مقرر

فیصل آباد (ایچ ایس این)ڈی سی اونورالامین مینگل نے پنجاب ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹوانفارمیشن ایکٹ 2013ء کے تقاضے کے مطابق ڈی سی اوآفس کے ایڈمن آفیسر کنڈکٹ ریاض حسین انجم کو پبلک انفارمیشن آفیسر مقرر کیا ہے۔
—————————
———————–
سب انسپکٹرزکی بھرتی کے لئے 2مارچ اتوار کو ہونے والے تحریری امتحان کیلئے،5کالجز میں 19،امتحانی مراکز قائم

فیصل آباد (ایچ ایس این)پنجاب پبلک سروس کمشن کے زیراہتمام پولیس میں سب انسپکٹرزکی بھرتی کے لئے 2مارچ اتوار کو ہونے والے تحریری امتحان کے سلسلے میں فیصل آباد میں 5کالجز میں 19،امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ان کا گورنمنٹ اسلامیہ کالج سرگودھا روڈ،گورنمنٹ میونسپل ڈگری کالج عبداللہ چوک جڑانوالہ روڈ،گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف سائنس سمن آباد،گورنمنٹ کالج آف کامرس عبداللہ پور چوک اورگورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج سمن آباد میں قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اس سلسلے میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق تحریری امتحان دوپہر ایک بجے سے 3بجے تک منعقد ہوگا اور امتحانی مراکز میں تمام ترضروری انتظامات کے لئے ڈائریکٹر کالجز رانا منور احمد خاں کو فوکل پرسن مقررکیاگیا ہے۔امتحان کے پرسکون اور شفاف انعقاد کے لئے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
—————————
———————–