لندن (جیوڈیسک) ریحام خان نے برطانوی اخبار کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے طلاق ایس ایم ایس کے ذریعے نہیں بھجوائی، عمران کے کتوں کے بیڈروم آنے پر بھی کبھی پابندی نہیں لگائی، ایک شیپرڈ کتا ہمارے ساتھ بیڈروم میں سوتا تھا۔
ریحام خان نے برطانوی اخبار کے دعوؤں کو غلط اور حسد کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے کتوں پر ریحام نے کوئی روک ٹوک نہیں لگائی، بلکہ ایک شیپرڈ کتا تو عمران خان اور ریحام کے بیڈروم میں ہی سوتا تھا۔
ریحام خان نے کہا ہے کہ انہوں نے بنی گالا میں ڈانس کلاسز کا اہتمام نہیں کیا تھا۔ بلکہ اس گھر میں کسی نے بھی ڈانس کلاسز نہیں لیں۔ ریحام خان کے ایک دوست نے بتایا کہ عمران خان نے ایس ایم ایس کے ذریعے تین طلاقیں کبھی نہیں بھیجیں۔ انھوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا وہ کاغذ کے ایک ٹکڑے پر تحریر تھا جو ریحام کو ہفتے کے روز ملا اور اسی روز ریحام نے اس کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے گھر میں 5 کتے ہیں اور ان میں سے کسی ایک کو بھی گھر سے نہیں نکالا گیا۔ میکسی مَس نامی شیپرڈ کتا خود ریحام نے انگلستان سے خریدا اور اسے اسلام آباد لائیں۔ یہ شیپرڈ کتا پچھلے 10 ماہ کے دوران عمران اور ریحام کے ساتھ نظر آتا رہا ہے۔ ذریعے کے مطابق میکسی مَس عمران خان کا بھی فیورٹ کتا بن گیا اور وہ عمران اور ریحام کے بیڈ روم میں ہی سوتا تھا، اس کے علاوہ دوسرے کتوں کے آنے جانے پر بھی کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔