لاہور (جیوڈیسک) پاکستان میں ہندوؤں کے مذہبی تہوا ر دیوالی کو سرکاری سطح پر منانے کی اجازت دی جائے۔ ہندوؤں کی شادیاں رجسٹرڈنہ ہونا پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ ہے، دیوالی کے موقع پر حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہندوؤں کا میرج ایکٹ بنایا جائے اور ہندو شادی رجسٹر کی جائے۔پاکستانی ہندو برادری میرج سرٹیفکیٹ بنائے جانے کیلئے بہت پر امید ہے جبکہ بھارت میں اس کی پریکٹس پہلے سے ہی شروع ہو چکی ہے۔ ہندو میرج ایکٹ بن جانے سے ہندوؤ ں کے بہت سے مسائل حل ہو سکیں گے۔
ان خیالا ت کا اظہار مقامی ہندو اور مسیحی برادریوں نے گزشتہ روز دیوالی کے پروگرام میں روزنامہ دنیا سے دیوالی کے موقع پر حکومت سے اپنے مطالبات بیان کرتے ہوئے کیا۔ گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری نے اپنا مذہبی تہوار دیوالی منایا۔ اس سلسلے میں گزشتہ شام بالمیک مند نیلا گنبد میں دیوالی کی تقریب کا انعقاد ہوا جبکہ آج سرکاری طور پر کرشنا مندر راوی روڈ میں دیوالی کی بڑی تقریب شام 6 بجے منعقد ہو گی۔
دیوالی کے موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو، ہندو رکن پنجاب اسمبلی کانجی رام، سکھ رکن اسمبلی سردار رمیش اروڑہ سنگھ، مسیحی رکن اسمبلی شکیل آئیون، شہزاد منشی، شنیلہ روتھ، شازیہ طارق اور میری گل نے ہندو برادری کو خصوصی مبارک باددی جبکہ انہوں نے ہندو برادری کے سب سے بڑے مسئلے میرج رجسٹریشن کے حوالے سے ایوان میں آواز اٹھانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔