کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی ایم سی کورنگی کے زیر اہتمام جلال اکیڈمی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جانے والا پہلا ڈی ایم سی کورنگی جشن آزادی انڈور کرکٹ ٹورنامنٹ کورنگی زون نے دلچسپ مقابلے کے بعد شاہ فیصل زون کی مضبوط ٹیم کو 18رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کا فائنل کورنگی اور شاہ فیصل زون کے مابین کھیلا گیا ۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں کورنگی زون کی ٹیم نے 78 رنز اسکور کئے جواب میں شاندا ر کھیل کا مظاہرہ کرنے کے باوجود شاہ فیصل زون کی ٹیم اپنی غلطیوں کی وجہ سے مقررہ اوور سے قبل60رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ،شاہ فیصل زون کے کپتان دانش (افضال ) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جنہوں نے اپنی ٹیم کے اسکور میں 24رنز کا اضافہ کیا اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ اور عوام کی کثیر تعداد نے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی پر بھر پور داد دی ۔اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں شاہ فیصل زون کی ٹیم نے لانڈھی زون کی مضبوط ٹیم کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔فائنل میچ کے اختتام پر تقسیم انعامات کے حوالے سے شایان شان تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
اس موقع پر جلال اکیڈمی کرکٹ اسٹیڈیم کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا تقریب کے مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے اسسٹنٹ کمشنر کورنگی ،ڈائریکٹر کونسل ارشاد آرائیں ،ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ اور ڈائریکٹر انفارمیشن ایاز خان کے ہمراہ ٹورنامنٹ کی فاتح کورنگی زون کے کپتان اور رنر اپ شاہ فیصل زون کے کپتان کو ٹرافی پیش کی اس موقع پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ کورنگی زون کے نیئر کو دیا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر نثار احمد سومرو کہا کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور صحت مند تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بلدیہ کورنگی اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جشن آزادی کے موقع پر ڈی ایم سی کورنگی نے کھیلوں کے مختلف مقابلوں کے ساتھ ملی نغموں ،تقاریر اور ٹیبلو کے مقابلوں کا بھی منعقد کررہی ہے جس میں نوجوانوں اور اسکولوں کے بچوں اور بچیوں کو ملی جذبے سے روشناش کرانے کے ساتھ ساتھ ٹیلنٹ کو بھی پروان چڑھا نا ہے اس موقع پر انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تینوں زونز کے ملازمین پر مشتمل کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی صحت مند سرگرمیوں کے حوالے سے ایونٹ کو جاری رکھا جائیگا۔