ڈنگہ کی خبریں 15.7.2013

ڈنگہ شہر کے مختلف محلہ جات میں اور سڑکوں کے کنارے لگے گندگی کے ڈھیر شہر کی پہچان بن گئے

ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) ڈنگہ شہر کے مختلف محلہ جات میں اور سڑکوں کے کنارے لگے گندگی کے ڈھیر شہر کی پہچان بن گئے۔ کئی کئی فٹ لگے کوڑے کے ڈھیر بدبو مہلک امراض اور تعفن کا سبب بن رہے ہیں ۔ مون سون کی بارشوں اور موسم برسات میں کوڑے کے یہ بڑے بڑے ڈھیر متعدد وبائی امراض کی سب سے بڑی وجہ بن سکتے ہیں لیکن اس سنگین مسئلہ پر انتظامیہ مکمل طور پر خاموش “تفصیلات کے مطابق ڈنگہ کے مختلف محلہ جات بالخصوص محلہ کشمیریاں، محلہ مغل پورہ، کھاریاں لنک رود، اندرون بازار سیم نالہ اور درسگاہ روڈ سمیت دیگر محلہ جات اور سڑکوں کے کنارے کوڑے کے کئی کئی فٹ ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جو بہت ساری مہلک بیماریاں پھیلانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کوڑے کے ڈھیروں کے صرف قریب سے گزرنے پر بھی سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔ ان کوڑے کے ڈھیروں میں مچھر اپنی بھرپور افزائش نسل میں مصروف ہے ۔ اہلیان علاقہ اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈنگہ میں مون سون کے موسم میں بیماریوں کا سبب بننے والے کوڑے کے بڑے بڑے ڈھیروں کو فی الفور اٹھایا جائے تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں ، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے،حاجی محمد اقبال منج
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) ممتاز سماجی شخصیت اور ٹرانسپورٹر حاجی محمد اقبال منج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے اور خوش قسمت ہیں وہ لوگو جو اس مقدس مہینہ میں روزہ، عبادت اور جائز منافع کما کر اپنے رب کو راضی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ڈنگہ میں ماہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی بازار میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ المیہ ہے ۔ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں ہمیں اپنے دوسرے مسلمان بھائیوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ تاکہ وہ بھی ماہ رمضان کی رحمتوں سے مستفید ہو سکیں ۔ ہمیں اس ماہ مبارک میں عبادات کے ساتھ ساتھ دوسرے مسلمان بھائیوں کو بھی ماہ رمضان کی خوشیوں اور برکات میں شامل کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ:رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ڈنگہ شہر اور اس کے گردنواح میں شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ڈنگہ شہر اور اس کے گردنواح میں شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،لوگ گرمی سے نڈھال ہو چکے ہیں ، بچے بلبلا رہے ہیں، اور دوسری طرف بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، سحری، افطاری اور نماز تراویح کے دوران بھی بجلی بند کی جارہی ہے۔ جس سے روزہ داروں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تفصیلات کے مطابق ڈنگہ اور گردنواح میں سحریک، افطاری اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی طویل ترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومت نے سحری ، افطاری اور نماز تراویح کے دوران بجلی بند نہ کرنے کا اعلان کیا تھا، شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شہریوں کو بجلی کی بندش سے دقت کا سامنا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : دہشت گردوں نے ہر طرف آگ و خون کا بازار گرم کر رکھا ہے،ملک بابر اعوان
ڈنگہ ( محمد بلال احمد بٹ ) پاکستان تحریک انصاف سٹی ڈنگہ کے صدر ملک بابر اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ہر طرف آگ و خون کا بازار گرم کر رکھا ہے ، حکومت بے بس نظر آرہی ہے ، دلکش دلفریب نعروں سے برسراقتدار آنے والے حکمرانوں نے عوامی مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہوا ہے ، بجلی اور پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی اور بے روزگاری کے ایک نئے طوفان کو جنم دیا ہے ، ن لیگ کی حکومت نے پہلے دنوں میں ہی وعام کے مسائل کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے حکومتی اہلکار صرف اور صرف فائدے اٹھانے اور عام کے جیبوں پر ڈاکے ڈالنے میں مصروف نظر آرہے ہیں ۔ دلکش دلفریب نعروں سے برسر اقتدار آنے والے حکمران پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں ، حکومت غریب کش پالیسیاں بنا کر عوامی غیض و غضب کو دعوت نہ دے ، ناجائز او بھاری ٹیکس کو جگا ٹیکس یا بھتہ وصول کی شکل دے حکومت وقت مزدور اور کسان کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے ، اگر حکومت پاکستان نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو شاہراہ دستور کو تحریک اسکوائر بنتے ہوئے دیر نہیں لگے گی ، مسلم لیگ ن حکومتتی پالیسیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے پاکستان کے لوگوں کو عذابوں میں دھکیلنے سے باز آجائے کسی کسی بھی وقت قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو سکتا اور پاکستان دشمن پالیسیوں سے بھی باز آئے اور قوم کو ریلیف دے ، حکومت پنجاب امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سفارش اور رشوت کلچر کا خاتمہ کرے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ:پولیس تھانہ ڈنگہ نے رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے پر دو دکانداروں کو گرفتار کر لیا
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) پولیس تھانہ ڈنگہ نے رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے پر دو دکانداروں کو گرفتار کر لیا تھانہ ڈنگہ میں مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ ڈنگہ نے ڈنگہ کھاریاں روڈ پر واقع الشہباز برگر ہائوس میں رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر لائسنس کے کھلے عام کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتے اور کھلاتے ہوئے موقع پر جا کر ہوٹل مالک کاشف شہزاد ولد محبوب احمد قوم راجپوت کو گرفتار کر کے رمضان آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کر لیا ، جبکہ پولیس تھانہ ڈنگہ نے دوران گشت ڈھلیان چوک پر واقع ہوٹل میں رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی ہونے پر ہوٹل مالک نوید احمد ولد غلام قادر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :بلدیہ ڈنگہ میں SE واپڈا ایکسیئن واپڈا کی چوہدری جعفر اقبال ایم این اے کے ہمراہ کھلی کچہر
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) بلدیہ ڈنگہ میں SEواپڈا ایکسیئن واپڈا کی چوہدری جعفر اقبال ایم این اے کے ہمراہ کھلی کچہری ، عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے ، چوہدری جعفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر واپڈا حکام نے سحر و افطار ، نماز تراویح اور نماز جمعہ کے اوقات میں ڈیڑھ گھنٹہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ، عوام کی کثیر تعداد نے اس کھلی کچہر ی میں شرکت کی اور واپڈا سے متعلقہ مسائل بیان کیے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلدیہ ڈنگہ میں ایم این اے چوہدری جعفر اقبال کی دعوت پر ایس ای واپڈا ، ایکسیئن واپڈا اور دیگر واپڈا حکام نے عوام کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے کھلی کچہر ی لگائی ، جس میں چوہدری جعفر اقبال کے ہمراہ واپڈا حکام نے عوام کے واپڈا سے متعلقہ مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے، اس موقع پر عوام کی طرف سے سحر و افطار اور نماز تراویح کے دوران حکومت کے واضع اعلان کے باوجود ڈنگہ میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ اجاگر کیا جس پر چوہدری جعفر اقبال نے واپڈا حکام کو خصوصی طور پر سحر و افطار اور نماز تراویح ، نماز جمعہ کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے ہدایت کی اور کم از کم ان اوقات میں ڈیڑھ گھنٹہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا کہا جس پر واپڈا حکام نے یقین دہانی کروائی کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی طور پر سحر و افطار ، نماز تراویح اور نماز جمعہ کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔ اس کھلی کچہری میں عوام ،صحافیوں ، سماجی و سیاسی شخصیات کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : ملک پاکستان میں غربت کا مورال بلند ہو رہا ہے،حاجی محمد اقبال منج
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ)ڈنگہ کی معروف سماجی وکاروباری شخصیت اور ممتاز ٹرانسپورٹر حاجی محمد اقبال منج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک پاکستان میں غربت کا مورال بلند ہو رہا ہے ، جو مزدور طبقہ تھوڑی بہت بجلی سے اپنا کام دھندا چلا رہا تھا اب بجلی تقریباً نہ ہونے کی وجہ سے اپنے چولہے ٹھنڈے کر کے بیٹھ چکا ہے ۔ اس غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے ملکی معیشت کو تباہ و برباد کر کے تمام کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں بے روزگاری نے عوام کو مفلوج کر دیا ہے کمر توڑ مہنگائی عروج پر ہے جس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا غربت ایک جرائم کی جڑ ہے نئی روشنی تباہی و بربادی کی راہ پر گامزن ہے آوارہ گردی اور منشیات کی عادی ہو چکی ہے دن بدن جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے ، منشیات اور شراب وافر مقدار میں سپلائی ہو رہی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اور انتظامیہ ٹس سے مس تک نہیں ہو رہی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ محکمہ پولیس کے زیر نگرانی جدیدترین سہولیات سے لیس GTF پولیس فورس کا قیام
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ)تھانہ سول لائن گجرات میں سڑیٹ کرائم اور سڑکوں پر راہزنی اور ڈکیتیوں کی وارداتوں سمیت دیگر جرائم کے کنٹرول کے لیے محکمہ پولیس کے زیر نگرانی جدیدترین سہولیات سے لیس GTF پولیس فورس کا قیام ، 60رکنی GTFکے جوانوں اور افسران نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیا ، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی RPOگوجرانوالہ خدا بخش اور DPO گجرات علی ناصر رضوی تھے ، افتتاحی تقریب میں ضلع بھر کے DSP ، پولیس افسران ، ممبرانِ مصالحتی کمیٹی ، کنوینز ، ممبران امن کمیٹی ، ممبران انجمن تاجران ، صحافتی برادری ، علمائے کرائم ، اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد میں شرکت ، 60رکنی GTF کمانڈو فورس کو رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے وقت جرائم اور دہشت گردی کے واقعات کے کنٹرول کے لیے 30موٹرسائیکل اور 7موبائل گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :گزشتہ روز تھانہ سول لائن گجرات میں GTF کی کمانڈو فورس کے قیام کی افتتاحی تقریب میں ڈنگہ سے چوہدری ارشد نمبردار سمیت دیگر کی شرکت
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ)گزشتہ روز تھانہ سول لائن گجرات میں GTF کی کمانڈو فورس کے قیام کی افتتاحی تقریب میں ڈنگہ سے کنوینز مصالحتی کمیٹی تھانہ ڈنگہ چوہدری محمد ارشد نمبر دار نے اپنے دیگر عہدیداران و اراکین کے وفد کے ہمراہ تھانہ سول لائن میں ہونے والی اس تقریب پر شرکت کی ، چوہدری محمد ارشد نمبردار نے اپنے وفد کے ہمراہ DPO گجرات اور RPO گوجرانوالہ کے ساتھ خصوصی طور پر ملاقات کی اور ان کو تھانہ ڈنگہ میں مصالحتی کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے خصوصی طور پر بریفنگ دی ، اور تھانہ ڈنگہ میں رمضان المبارک کے دوران امن و امان کے قیام اور معمولی نوعیت کے مقدمات اور درخواستوں میں مصالحتی کمیٹی کے کردار کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :سابق ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول ڈنگہ ، سابق EDO ایجوکیشن گجرات ، منڈی بہائوالدین طارق حمید راٹھور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کرپشن کا الزام
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ) سابق ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول ڈنگہ ، سابق EDO ایجوکیشن گجرات ، منڈی بہائوالدین طارق حمید راٹھور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کرپشن کا الزام ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ناصر اقبال ملک نے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی تحقیقات کے بعد کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث EDO ایجوکیشن کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے DGاینٹی کرپشن پنجاب سے اجازت طلب کر لی ، جبکہ ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر منڈی بہائوالدین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ڈویثرن کو درخواست موصول ہوئی کہ سابق EDOمنڈی بہائوالدین حال تعینات ضلع سیالکوٹ طارق حمید راٹھور نے 34ہائر سیکنڈری سکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 1کروڑ 75لاکھ روپے حکومت پنجاب کے فنڈ سے جاری کیے تاکہ سکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے فی کس کے حساب سے 10دس لاکھ روپے جاری کیے جا سکیں اور سکولوں کی تعمیر و مرمت کا کام شروع ہو سکے ، لیکن EDO ایجوکیشن طارق حمید راٹھور ، ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر عنایت اللہ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر منڈی بہائوالدین مظہر اقبال تارڑ نے آپس میں ملی بھگت کر کے پونے دو کروڑ روپے رقم نکلوا کر پانچ لاکھ روپے کی قیمت والا انتہائی ناقص فرنیچر اور میٹریل منگواکر پونے دو کروڑ روپے کا کاغذات میں ظاہر کیا جبکہ اس کرپشن میں 34سکولوں کے پرنسپل اور ہیڈماسٹر صاحبان نے بھی EDO کا ساتھ دیا ، جس پر اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اعتزاز منیر گوندل اور الیاس گِل نے انکوائری میں گناہ گار پا کر تینوں افسران کے خلاف کرپشن اور بدعنوانی کے مقدمہ کے اندارج کی سفارش کی اور 34سکولوں کی 19خواتین ہیڈ مسٹریس اور 15مرد پرنسپل کے خلاف بھی محکمانہ طور پر کاروائی اور ایکشن کے لیے سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کو مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ناصر اقبال نے EDOایجوکیشن طارق حمید راٹھور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے DGاینٹی کرپشن پنجاب سے کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات میں اندراج مقدمہ کی اجازت طلب کر لی ہے ۔ جبکہ دسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر منڈی بہائوالدین عنایت اللہ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر مظہر اقبال تارڑ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔