ڈنگہ کی خبریں 23.5.2013
Posted on May 24, 2013 By Abeer Webmaster سٹی نیوز
ڈنگہ :طالبات 200 ، واش روم کی سہولت ناپید ، نکاسی آب ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ناممکن
ڈنگہ : طالبات 200 ، واش روم کی سہولت ناپید ، نکاسی آب ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ناممکن ، تعمیر کے وقت ہی لیول تقریباً 4 فٹ نیچا رکھا گیا ،ناقص تعمیر ، فرش میں جگہ جگہ دراڑیں ، محکمہ کی طرف سے پنکھوں اور پینے کے پانی کی سہولت کی عدم فراہمی ، شدید گرمی میں سکول کربلا کا منظر پیش کرنے لگا ۔ حلقہ پی پی 113 ہمارا خواب ۔۔۔۔۔پڑھا لکھا پنجاب ، آئیے دیکھئے ہم فروغ تعلیم کے لیے کیسے کوشاں ہیں ۔ شہنشاہ ِ تعمیرات ، سر سید ثانی ، ایم پی اے ڈنگہ کی رہائش گاہ سے چند سو گز دور گورنمنٹ پرائمری سکول محلہ نبی پورہ مسائل کا گڑھ بن گیا ۔ تقریباً 20 سال تک کرایہ کی عمارتوں میں چلنے والے گرلز پرائمری سکول محلہ نبی پورہ کی 2011 میں تقریباً 28 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی عمارت 2 سال میں ہی ہڑپہ کا منظر پیش کرنے لگی ، تعمیر کے وقت ہی ناقص منصوبہ بندی اور پیسے بچانے کی وجہ سے لیول مین گلی سے تقریباً 4 فٹ نیچا رکھا گیا ۔ جس کی وجہ سے نکاسی آب تقریباً ناممکن ہو گئی اور سکول انتظامیہ کو ایک حوض بنوا کر نکاسی آب کا انتظام کرنا پڑا ۔واش روم موجود ہونے کے باوجود نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے معصوم طالبات کو کھیتوں میں رفع حاجت کے لیے بھیجا جاتا ہے اور اساتذہ کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ پہلے دن سے ہی سکول میں پینے کے پانی کی فراہمی کا مناسب انتظام نہیں اور سکول میں لگائی گئی موٹر عرصہ قبل چوری ہو چکی ہے ۔ 200 سے زائد طالبات اپنی مدد آپ کے تحت لگائے گئے نلکے سے پانی پینے پر مجبور ہیں ۔ محکمہ تعلیم کی طرف سے سکول انتظامیہ کو پنکھوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے سکول انتظامیہ اپنی مدد آپ کے تحت خیراتی اداروں کی طرح پنکھے لگوانے پر مجبور ہو گئی ۔ 2 سال کی قلیل مدت میں 28 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی بلڈنگ جگہ جگہ سے توڑ پھوڑ کا شکار ہو گئی ۔ کمروں کے فرش بیٹھ گئے ۔ دیواروں میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ گئیں ۔ 3 کمروں میں 200 سے زائد طالبات کو شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے دوران بھیڑ بکریوں کی طرح گھسا کر درس و تدریس کی جا رہی ہے ۔ فرنیچر کی شدید قلت کی وجہ سے 70 فیصد سے زائد طالبات شدید گرمی میں تپتے فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ سکول انتظامیہ کی طرف سے ذمہ دار حکام اور عوامی نمائندگان کی بار بار توجہ اور درخواستوں کے باوجود تا حال صورتحال جیسی کی تیسی ہے ۔ اور محکمہ تعلیم کے اربابِ اختیار اور عوامی نمائندوں کی پر اسرار خاموشی معنی خیز ہے ۔تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خدمت کے بلندو بانگ دعوے کرنے والوں کو معصوم بچیوں کی حالت زار پر ترس نہ آیا ۔ ڈنگہ کے سماجی حلقوں اور والدین نے محکمہ تعلیم اور عوامی نمائندگان کی اس بے حسی اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فل فور نوٹس لینے کی استدعا کی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ: شدید گرمی کا آغاز برف فروشوں کی چاندی برف کو آگ لگ گئی عوام بدحال
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) شدید گرمی کا آغاز برف فروشوں کی چاندی برف کو آگ لگ گئی عوام بدحال تفصیلات کے مطابق ڈنگہ اور گردونواح میں لوڈشیڈنگ اور گرمی کے بڑھنے پر برف فروشوں نے برف کو آگ لگا دی ، پورے ڈنگہ میں شدید لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے برف کی شدید قلت اور بلیک مارکیٹنگ ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں گرمی شروع ہونے سے پہلے برف کی مجوزہ قیمت مقرر کر کے کارخانہ مالکان اور تھوک فروش اور پرچون فروشوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھتی تھی ۔ علاوہ ازیں اپنی نگرانی میں شہریوں کو فروخت کروائی جاتی تھی جس میں محکمہ مال ، محکمہ پولیس اور مارکیٹ کمیٹی کا عملہ اپنی نگرانی میں تمام امور طے کرواتا ہے امسال ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل نہ دی گئی جس سے کارخانہ مالکان تھوک فروش اور پرچون فروش اپنی من مانیاں کرتے ہوئے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور پرائس کنٹرول کمیٹیاں متحرک کرکے گراں فروشوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :پروفیسر محمد اسلم فریدی چشتی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حجاز مقدس سے گزشتہ روز وطن واپس پہنچ گئے
ڈنگہ : نائب ناظم منہاج علماء کونسل پنجاب و خطیب جامع مسجد منہاج القرآن ڈنگہ عظیم مذہبی سکالر پروفیسر محمد اسلم فریدی چشتی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حجاز مقدس سے گزشتہ روز وطن واپس پہنچ گئے ۔ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مذہبی ، تعلیمی ، منہا جیز سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے انہیں عظیم سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے ۔ ڈنگہ کے صحافیوں نے گزشتہ روز پروفیسر محمد اسلم فرید ی چشتی سے ملاقات کی اور ان کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :لالہ موسیٰ اور ڈنگہ میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام کی مکمل درستگی اور ازسرِنو تعمیر و تنصیب ہماری اولین ترجیح ہے ،چوہدری جعفر اقبال ایم این اے
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) نو منتخب ایم این اے حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے گزشتہ روز ڈیر ہ ڈنگہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لالہ موسیٰ اور ڈنگہ میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام کی مکمل درستگی اور ازسرِنو تعمیر و تنصیب ہماری اولین ترجیح ہے ۔ لالہ موسیٰ اور ڈنگہ کے سی ۔او ز سے تفصیلی طور پر ملاقات کرتے ہوئے اپنی پلاننگ اور ترجیحات کے متعلق آگاہ کر چکے ہیں اور ان کو اس حوالے سے منصوبہ جات کی فزیبلیٹی رپورٹ مکمل کرنے کا کہہ دیا ہے انشاء اللہ بہت جلد ڈنگہ اور لالہ موسیٰ سمیت پورے حلقہ این اے 106 میں واٹر سپلائی اور سیورج کے سسٹم کو مکمل طور پر ازسرِ نو شروع کروا کر کئی دہائیوں قبل ڈالے گئے واٹر سپلائی کے پائپوںاور سیوریج کے سسٹم کو درست کروائیں گے ۔ علاوہ ازیں حلقہ میں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ حلقہ کے عوام نے ہم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب کروایا انشاء اللہ ہم اپنی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور ہماری ایسی کارکردگی ہو گی کہ عوام کو اپنے فیصلے شرمندگی نہیں ہو گی ۔ جن مقاصد کے لیے عوام نے ہمیں کامیاب کرایا وہ بہت جلد حل ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام نے ہمیں محبتوں سے نوازا اور کامیاب کروایا ہم یہ احسان کبھی نہیں اتار سکیں گے ۔ انشاء اللہ اپنی کارکردگی بہتر کرتے ہوئے عوام کی بھلائی کے لیے ہمیشہ مثبت فیصلے کریں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : عوام لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں جبکہ بحران کو حل کرنے کے دعوے کرنیوالے اب جان چھڑا رہے ہیں،پروفیسرمحمد اسلم فریدی چشتی
ڈنگہ ( محمد بلال احمد بٹ ) پاکستان عوامی تحریک ڈنگہ کے راہنما ، مذہبی سکالر پروفیسر محمد اسلم فریدی چشتی نے کہا ہے کہ عوام لوڈ شیڈنگ سے تنگ ہیں جبکہ بحران کو حل کرنے کے دعوے کرنیوالے اب جان چھڑا رہے ہیں اور عوام کے مسائل کو حل کرنا انکی ترجیحات میں شامل نہیں ہیں ۔ 11 مئی کے الیکشن کے بعد عوام کو اندازہ ہو چکا ہے کہ الیکشن کے نام ر اسکے ساتھ کتنا بڑادھوک ہوا ہے ۔ دنیا کی تاریخ کا انوکھا اور واحد الیکشن ہے جس میں ہارنے اور جیتنے والے دونوں سر پیٹ رہے ہیں ۔ اور دھرنے دے رہے ہیں ۔ 11 مئی کے الیکشن نے امانت و دیانت کا جنازہ نکال دیا ہے اور آئین کی دھجیاں ہر سو بکھیر دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری نظام کو پاکستان میں چلایا تو جا رہا ہے مگر یہ ملک و قوم کو ہمیشہ حقیقی جمہوریت سے دور رکھے گا کیونکہ جن ملکوں میں یہ نظام کامیابی سے چل رہا ہے وہاں خواندگی اور شعور کا تناسب بہت بلند ہے ۔ وہاں الیکشن کمیشن آزاد ہے اور مقتدر بھی قانون سے مبرا نہیں ہیں وہاں الیکشن میں برادری سسٹم ، غنڈہ گردی اور پیسے کا عمل دخل نہیں ہے ۔ وہاں ہر شخص جانتا ہے کہ فلاں پارٹی اگر اقتدار میں آئی ہے تو اس کی خارجہ پالیسی ، معاشی اور داخلہ پالیسی کیا ہو گی ۔ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اس کا پروگرام کیا ہو گا اور ملک کے دیگر مسائل کے لیے اس کا منشور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اشرفیہ ہی سب سے بڑی مافیا ہے ۔ پاکستان عوامی تحریک پوری عوامی طاقت اور قوم کی حمایت کے ساتھ اشرافیہ سے حلقوں کے قبضے چھڑائے گی ۔ ملک میں موجود سیاسی جماعتیں بھی اس کرپٹ سسٹم کی قیدی ہیں اگر اس عوام دشمن نظام کو بدل دیا جائے تو پارٹیاں اور قوم دونوں آزاد ہو جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس الیکشن ڈرامے کے بعد جان لینا چاہئیے کہ جعلی ڈگری والے بھی کرپٹ اور انہیں دیانت دار قرار دینے والے بھی کرپٹ ہیں ۔ موجودہ نظام انتخاب دھن ، دھونس ، اور دھاندلی ہے اس لیے نیک نیتی سے تبدیلی چاہنے والے بھی موجودہ کرپٹ نظام کے تحت تبدیلی نہیں لا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ساری جماعتیں بر سر اقتدار ہیں ۔ اس لیے حقیقی اپوزیشن کا وجود نہیں ہو گا ۔ پاکستان کے انتخابات سے عالمی طاقتیں اپنے مقاصد کا حصول چاہتی ہیں ۔ ساری قوم کو سمجھنا ہو گا کہ یہ کرپٹ نظام انتخاب ملک میں تبدیلی نہیں لا سکتا ۔ قوم پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے تو ان کو حقیقی تبدیلی ضرور ملے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کے ہوش اڑا دیے ہیں
ڈنگہ : بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کے ہوش اڑا دیے ہیں ۔ سب سے زیادہ یوٹیلیٹی بل ادا کرنے والے صوبہ پنجاب میں 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے باعث دن میں کام اور رات میں آرام کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے اور عوام کے اس کڑھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ، جبکہ دیگر تمام صوبوں میں دھڑلے کے ساتھ بجلی چوری کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پنجاب کی نسبت دیگر تمام صوبوں میں کم رکھا جا رہا ہے ۔ عوامی نمائندگان اور محکمہ واپڈا کے اربابِ اختیار ائیر کنڈیشنڈ کمروں، گاڑیوں اور تمام سہولیات سے آراستہ پر تعیش گھروں میں بیٹھ کر عوامی مسائل اور مشکلات سے بے خبر لوڈ شیڈنگ ک خاتمے کے زبانی دعوئوں میں مصروفِ عمل ہیں ۔ لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے چار سو میں اندھیرے پھیلا دیے اور گرمی لوگوں کے ہوش اڑا دیے ، ٹارچ کی روشنی میں پڑھنے والے ان نوجوانوں کو دیکھ کر طلباء کی مشکل کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ بجلی کی بندش نے عوام کی نیندیں بھی حرام کر دی ہیں ۔ مجبوراً گھر سے باہر سونے والے شہریوں کی اذیت بیان کیلئے لفظوں کی محتاج نہیں ۔ ایسے حالات میں لوگ دن کے معمولات کس طرح چلائیں ۔ طویل لوڈ شیڈنگ صنعتوں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کے لیے قاتل بنی ہوئی ہے ۔ کاروبار کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے اور مزدوروں سے روٹی چھن گئی ہے ۔سماجی حلقوں نے عوامی نمائندگا ن اور اربابِ اختیار سے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اہلیان ڈنگہ بجلی کے تمام بل ادا کرتے ہیں تو اس کے باوجود ان کے ساتھ 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرکے سوتیلی ماں جیسا سلو ک کیوں کیا جا رہا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :گاڑیاں سی این جی پر کریہ پٹرول کا آرٹی سیکرٹری کی عدم توجہی ٹرانسپورٹرز نے از خود من مانے کرائے بڑھا لیے
ڈنگہ : گاڑیاں سی این جی پر کریہ پٹرول کا آرٹی سیکرٹری کی عدم توجہی ٹرانسپورٹرز نے از خود من مانے کرائے بڑھا لیے لوکل روٹوںپر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان کے اندھیر نگری مچا رکھی ہے ۔ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔ 15 کلو میٹر سفر کا کرایہ 30 روپے وصول کیا جا رہا ہے تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹر ز نے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث کرایوں میں ازخود اضافہ کر لیا اٹھارہ سواریوں کے مخصوص کو چز میں 26 سے ائد سواریاں بھیڑ بکریوں کی طرح سوار کر کے ذلیل رسوا کیا جا رہا ہے لوکل روٹس پر انتظامیہ کی سرد مہری کے باعث ہائی ایس ڈالہ جات میں ستر سے زائد سواریاں لوڈ کر کے نہ صرف قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہے بلکہ آئے روز حادثات کو اللہ کی مرضی قرار دے کر چشم پوشی اختیار کی جا رہی ہے ۔ عوامی سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ فی الفور کرایہ جات میں اضافہ کو روکا جائے کہ ٹرانسپورٹروں کو باقاعدہ کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزان کرنے کا پابند بنائیں اور جو ٹرانسپورٹرز شیڈول سے زیادہ کرایہ وصول کرے اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ علاوہ ازیں اوورلوڈنگ کے نتیجہ میں انسانوں کی تذلیل کا سلسلہ بند کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : بجلی کی ریکارڈ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو سنگین عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے،محمد اقبال منج
ڈنگہ (محمد بلال احمد بٹ ) ممتاز سماجی شخصیت اور ٹرانسپورٹر حاجی محمد اقبال منج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بجلی کی ریکارڈ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو سنگین عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اگر ن لیگ کی حکومت نے بجلی کا مسئلہ حل نہ کیا تو ڈنگہ کے شہری ایک بار پھر سے تاریخ دہرائیں گے اور پہیہ جام و شٹرڈائون ہڑتال ہو گی واپڈا کے ستائے ہوئے عوام نے پیپلز پارٹی کیخلاف نفرت کا اظہار انتخابات میں کائرہ برادران کو ووٹ نہ دے کر کر دیا ہے اگر یہ درینہ مسئلہ حل نہ ہوا تو عوام کے غیض و غضب کو روکنا مشکل ہو جائیگا ۔ ڈنگہ کے شہری اپنا حق لینا بخوبی جانتے ہیں بجلی نہ ہونے سے کاروبار تباہ گھریلو نظام متاثر مساجد ہیں نمازیوں کو پریشانی طلبہ شدید ذہنی کو فت میں مبتلا ہیں واپڈا کا قبلہ درست کیا جائے او رغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری ختم کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ: نور الحسن شاہ اور انکے خاندان کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے انہیں حراساں نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی سادات خاندان کی محبت میں کمی واقع ہو سکتی ہے،چوہدری آفتاب احمد
ڈنگہ : سید نور الحسن شاہ اور انکے خاندان کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے انہیں حراساں نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی سادات خاندان کی محبت میں کمی واقع ہو سکتی ہے ۔ سادات خاندان کا مرنا جینا اپنے حلقہ کی عوام کے لیے ہے اور حلقہ کے عوام بھی سادات خاندان پر اپنی جان نچھاور کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق جنرل کونسلر ممتاز سماجی شخصیت چوہدری آفتاب احمد نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سید نور الحسن شاہ کی ضمانت منظور ہو چکی ہے انشاء اللہ وہ اس مقدمہ میں باعزت بری بھی ہو جائینگے انہوں نے کہا کہ سادات خاندان عوام کو انصاف اور حق دلاتا ہے قبضہ کرنا ان کا شیوہ نہیں انتخابات میں55 ہزارسے زائد ووٹ بغیر کسی پارٹی ٹکٹ کے اس بات کا ثبوت ہیں کہ نور الحسن شاہ حلقہ کے مقبول ترین لیڈر ہیں انشاء اللہ سادات خاندان عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے ۔ ہم سید نور الحسن شاہ کی ہر آواز پر لبیک کہیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : مسلم لیگ ن کے شیروں نے میدان جیت لیا ہے مخالفین چوہے اب پانچ سال اپنے بلوں سے باہر نہیں نکلیں گے،ملک نوید اعوان
ڈنگہ : مسلم لیگ ن ڈنگہ کے نائب صدر ملک نوید اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے شیروں نے میدان جیت لیا ہے مخالفین چوہے اب پانچ سال اپنے بلوں سے باہر نہیں نکلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران نے عوام کے حقوق کی بات کی اور سینہ تان کر امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے انشاء اللہ ن لیگ بر سر اقتدار آکر حکومت بنائیگی اور میاں نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہو کر پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلا کر دوبارہ سے باوقار مقام دلائینگے اور دہشتگردی مہنگائی اور خصوصاً لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : ایم این اے حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے ڈیرہ ڈنگہ پر مصروف ترین دن گزارا
ڈنگہ: ایم این اے حلقہ این اے 106 چوہدری جعفر اقبال نے ڈیرہ ڈنگہ پر مصروف ترین دن گزارا ۔ عوامی وفود کے علاوہ ڈنگہ کے صحافیوں سے بھی ملاقات ۔ حلقہ کے فلاح و بہبود کے لیے اپنی آئندہ کی ترجیحات اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی ۔ تفصیلات کے مطابق ایم این اے چوہدری جعفر اقبال نے گزشتہ روز اپنے ڈیرہ ڈنگہ پر مصروف ترین دن گزارا ۔ ڈنگہ اور گردونواح سے علاقہ کی اہم سماجی و سیاسی شخصیات اور وفود نے چوہدری جعفر اقبال سے ملاقاتیں کیں اور پنے علاقہ کے مسائل سے ان کو آگاہی دینے کے علاوہ الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارکبادیں دیں ۔ علاوہ ازیں ڈنگہ کے صحافیوں نے بھی چوہدری جعفر اقبال سے ملاقات کی اور ان کو ایم این اے بننے پر دلی مبادکباد پیش کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔ اس موقع پر چوہدری جعفر اقبال نے میڈیا کو حلقہ کی تعمیر و ترقی اور اپنے آئندہ کی ترجیحات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :ہم اچھے عمل پر حکومت سے تعاون کریں گے ،چوہدری قمر زمان کائرہ سابق ایم این اے
ڈنگہ : سابق وفاقی وزیر راہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدی قمر زمان کائرہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم اور علاقہ کی تعمیر و ترقی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خوشخالی کیلئے میاں محمد نواز شریف انکی پارٹی مسلم لیگ ن اور اپنے حلقہ کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال کو نہ صرف مبارکباد پیش کرتا ہوں بلکہ انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیںتحفظات کے باوجود ہم اور ہماری پارٹی انتخابی نتائج کو دل و جان سے تسلیم کرتے ہیں،پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتیں انتخابی نتائج کو ہماری طرح کھلے دل سے تسلیم کریں،دھرنے کی بجائے دھاندلی کے ثبوت الیکشن کمیشن کو دیں،جمہوری حکومت جمہوری انداز میں اقتدار منتقل کر رہی ہے جو وطن عزیز میں جمہوریت کے استحکام کی علامت ہے،ہم اچھے عمل پر حکومت سے تعاون کریں گے جبکہ مخالفت براے مخالفت نہیں تعمیری مخالفت کر کے اپنا قومی فریضہ سر انجام دیں گے،نگران حکومت کو بجلی یا تیل کی قیمتوں میں اضافہ یا ردوبدل کا اختیار نہیں،یہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے یہ فیصلہ نئیی حکومت کا اختیار ہے،سپریم کورٹ اس بات کا از خود نوٹس لے کر اقدامات اٹھائے،بلدیاتی انتخابات کرانامسلم لیگ ن کا وعدہ ہے جب بھی جب بھی الیکشن ہوئے بھر انداز سے الیکشن میں حصہ لیں گے،ہر الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونا چاہیے ناظم سیٹ کا نظام بہترین بلدیاتی نظام ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :عوام نے مسلم لیگ ن اور میاں برادران کو ووٹ دے کر ان سے اپنی عملی محبت کا ثبوت دیا ،چوہدری جعفر اقبال ایم این اے
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)مسلم لیگ ن کے ممتاز راہنما ایم این اے اور متوقع وفاقی وزیر چوہدری جعفر اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ حلقہ این اے106 سمیت ملک بھر کی عوام نے مسلم لیگ ن اور میاں برادران کو ووٹ دے کر ان سے اپنی عملی محبت کا ثبوت دیا اور ثابت کیاکہ وہ اب کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے باشعور عوام نے دانشمندانہ فیصلہ کے ساتھ ملک و قوم کی باگ دوڑ محب وطن قیادت کو سونپ دی،انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی اپنے اور عوام کے ہر ل عزیز قائدین میاںبرادران کی ولولہ انگیز قیادت میں علاقہ کی تعمیر وترقی اب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئے میگا پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ پرانے تمام رکے ہوئے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کروائیں گے،مسلم لیگ ن اور میاں برادران وطن عزیز کی ترقی کے ضامن ہیں،انشاء اللہ ان کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ایشیاء کا ٹائیگر بنائیں گے،ملک بھر کی عوام میاں براران کو اپنا راہبر اور مسیحا سمجھتی ہے وہی ان کے دکھوں کا مداواہ کریں گے عوام نے انتخابات میں کرپشن ابن الوقت مفاد پرست قوم کو بری طرح مسترد کر کے سیاسی پختگی کا عملی ثبوت دیا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :میاں برادران کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بنے گا،میاں طارق محمود ایم پی اے
ڈنگہ : نومنتخب ایم پی اے میاں طارق محمو د نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کی غیور عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مسلسل چھٹی بار ہم پر اظہار اعتماد کیا انشاء اللہ پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے میاں برادران کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بنے گا،انشاء اللہ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حلقہ کی عوام کی وفائوں کا بدلہ وفائوں سے دیں گے،ہمارے خاندان کے خون میں وفا شامل ہے،میری اولاد میرے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی محبتوں کا قرض اتارتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبودکیلئے کام کریں،ہم عوام میں سے ہیں اور عوام ہم میں سے ہیں ہم ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ہم اپنے چاہنے والے سپورٹرز کی دل و جان سے قدر،پیار اور عزت کرتے ہیں اور انشاء اللہ کرتے رہیں گے،میرے حلقہ کی عوام میرا خاندان ہے میرے متعلق غلط سوچ رکھنے والے ہر قسم کے شک کو دور کر لیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ:گرمی کی شدت میں اضافہ سورج آگ برسانے لگا،شدید گرمی جان لیوا ہے اور گرم لو کے تھپیڑوں نے شہریوں کو جھلسا کر رکھ دیا
ڈنگہ : گرمی کی شدت میں اضافہ سورج آگ برسانے لگا،شدید گرمی جان لیوا ہے اور گرم لو کے تھپیڑوں نے شہریوں کو جھلسا کر رکھ دیا اوپر سے بجلی کی بندش نے عوام کا جینا حرام کر دی جانے کس جرم کی پائی ہے سزا قیامت خیر گرمی میں واپڈا کی بدترین لوڈشیڈنگ اور22گھنٹے کی کی بجلی کی بندش سے عوام اپنے ہواس کھو بیٹھے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں زبردست اضافہ سے عوام زندہ درگور ہو گئے ،عوام نے سابقہ حکمرانوں کا غصہ ووٹ کی طاقت سے اتارکر حکمرانوں کو مسترد کر دیا مگر توانائی کا مسلسل بحران جاری ہونے کا نگران حکومت پر عدم اعتماد،عوامی سماجی تجارتی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام پر ترس کھائیں اور شدید گرمی حبس میں ان کے جذبات سے مت کھیلیں،عوام کی آہوں اور سسکیوں میں اب اتنی طاقت نہیں کہ انکی گونج ملک کے اعلیٰ ایوانوں کی بلند و بالا عمارتوں میں پہنچ کر ہلچل مچا دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات پر یقین رکھتی ہے،خواجہ سعد رفیق
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور ہماری حکومت برسراقتدار آتے ہی جہاں جہاں ہماری حکومتیں ہونگی وہاں انشاء اللہ ماہ نومبر تک بلدیاتی انتخابات کراو کر اختیارات نچلی سطح پر عوام تک منتقل کریں گے مسلم لیگ ن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کا علان ہوتے ہی متوقع امیدواروں نے لنگوٹ کس لئے ہیں اور انہوں نے اپنے گروپ دھڑوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،ڈنگہ شہر میں بلدیاتی انتخابات دلچسپ اور کانٹے دار ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈیرہ چوہدری جعفر اقبال ایم این اے میں 14ویںروز بھی مبارکبادیوں کا زبردست ہجوم حلقہ این اے106سے عوام جوق در جوق مبارکباد دینے آرہے ہیں
ڈنگہ : ڈیرہ چوہدری جعفر اقبال ایم این اے میں 14روز بھی مبارکبادیوں کا زبردست ہجوم حلقہ این اے106سے عوام جوق در جوق مبارکباد دینے آرہے ہیںچوہدری جعفر اقبال کے ایم این اے منتخب ہونے کے بعد سے لے کر تادم تحریر انکے چاہنے والوں کا جوش و خروش قابل دید ہے،حلقہ بھر سے معززین و عمائدین علاقہ چوہدری جعفر اقبال کو انکی رہائش گاہ پر آکر مبارکباد دے رہے ہیں،ڈیرہ چوہدری جعفر اقبال کی انتظامیہ مہمان نوازی میں مصروف ہے۔
۔
ڈنگہ :سابق ناظم ڈنگہ1الحاج محمد صادق بٹ کی چوہدری جعفر اقبال،چوہدری اعجاز احمد منڈی،میاں طارق محمود کو مبارکباد
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)سابق ناظم ڈنگہ1الحاج محمد صادق بٹ کی چوہدری جعفر اقبال،چوہدری اعجاز احمد اور میاں طارق محمو د کو مبارکبادالحاج محمد صادق بٹ اپنے دوست احباب،عزیز و اقارب کے ہمراہ ایم این اے چوہدری جعفر اقبال ایم این اے،چوہدری اعجاز احمد ایم این اے،میاں طارق محمود ایم پی اے کو مبارکباد دینے کیلئے انکی رہائش گاہوں پر خصوصی طور پر گئے،الحاج محمد صادق بٹ نے چوہدری جعفر اقبال،چوہدری اعجاز احمد منڈی،میاں طارق محمود کو ہار پہنائے اور مٹھائیوں کی ٹوکریاں پیش کیں اس موقع پر ان کے ہمراہ محمد اکرم بٹ،غلام عباس،نیاز علی،محمد رفیق اور دیگر افراد بھی موجود تھے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :پیپلز پارٹی کے سابقہ دور میں میرٹ سے ہٹ کر سوئی گیس کے میٹروں کی تنصیب کے باوجود تاحال میرٹ پر سوئی گیس کے کنکشن نہیں لگائے جارہے
ڈنگہ : یپلز پارٹی کے سابقہ دور میں میرٹ سے ہٹ کر سوئی گیس کے میٹروں کی تنصیب کے باوجود تاحال میرٹ پر سوئی گیس کے کنکشن نہیں لگائے جارہے ،تفصیلات کے مطابق گذشتہ دور میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری قمر زمان کائرہ کی وساطت سے ڈنگہ کو سوئی گیس کا منصوبہ مکمل کروایا گیا،لیکن بدقسمتی سے میٹروں کی تنصیب اور سوئی گیس کنکشن کی فراہمی کی ذمہ داری محکمہ سوئی گیس کو دینے کی بجائے منظور نظر افراد کو اہلیان ڈنگہ کو سوئی گیس کنکشن فراہمی کی ذمہ داری دے دی گئی جنہوں نے میرٹ کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے بھرپور طریقے سے اقراباء پروری اور ذاتی تعلقات نبھانے کی آخری حد کرتے ہوئے 2013 میں بھی جمع کروائی گئی درخواستوں پر فل الفور کاروائی کرتے ہوئے چند روز میں کنکشن فراہم کروا لیے جبکہ میرٹ پر آئے ہوئے 2010 اور 2011 کے سینکڑوں درخواست دہندہ تاحال سوئی گیس کنکشن سے محروم ہیں اور پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر چوہدری قمر زمان کائرہ سے تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے محکمہ سوئی گیس کے ارباب اختیار غریب عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کرتے ہوئے عوام کو سوئی گیس کی بنیادی سہولت سے ہی محروم رکھے ہوئے ہیں سماجی حلقوں نے نو منتخب عوامی نمائندگان اور محکمہ سوئی گیس کے ارباب اختیار سے یہ استدعا کی ہے کہ اس مسلئے کا فل الفور نوٹس لے کر محکمہ سوئی گیس کو پابند کیا جائے کہ ڈنگہ میں سوئی گیس کنکشن کی میرٹ پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اقراباء پروری کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : آئندہ بلدیاتی الیکشن میں یونین کونسل سیکریالی سے بل بطورِ ناظم الیکشن لڑوں گا،چوہدری عاصم اکرم مہر سیکریالی
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ) ممتاز سماجی شخصیت کاروانِ فرحان نظام ِ مصطفی یوتھ فورس کے رکن چوہدری عاصم اکرم مہر سیکریالی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں یونین کونسل سیکریالی سے بل بطورِ ناظم الیکشن لڑوں گا اور انشاء اللہ اپنے عوام کی طاقت سے کامیابی حاصل کر کے حلقہ کی تعمیرو ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کروں گا ۔ گزشتہ الیکشن میں بھی کسی ذاتی مفاد ، پارٹی ، دھڑے کی بنیاد پر کسی بھی امیدوار کی سپورٹ نہیں کی بلکہ عوامی مفاد اور ملک و قوم کے فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ این اے 106 کے آزاد امیدوار چوہدری نصر اقبال سکھ چیناں اور چوہدری شرافت حسین ایڈووکیٹ کی حمایت کا فیصلہ کیا ۔ زندہ ضمیر ہوں چوہدری نصر اقبال آف سکھ چینا سے نسبت رسول ۖ کا رشتہ ہے جو کبھی نہیں ٹوٹے گا ۔ ہار جیت تو قسمت کی بات ہے نا لالچ میں آکر بکے اور نہ بے ضمیرلوگوں کی صف میں آئے ۔ الیکشن کے دوران بھی پوری ایمانداری سے ورک کیا اور اب بھی چوہدری نصر اقبال کے ساتھ تمام ہمدردیاں رکھتے ہیں ۔ سکھ چین ہائوس ہمارا گھر ہے اور ہم تا حیات ساتھ رہیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ شہر کے مختلف محلوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر
ڈنگہ: شہر کے مختلف محلوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ۔ غلاظت بھرے شاپر اور گندگی دن بھر منہ چڑھاتی ہے ۔ نالوں کا کیچڑ نکال کر سڑکوں پر ڈھیر لگا دئیے جاتے ہیں اور کئی کئی دن کیچڑ اٹھانے کی زحمت نہیں کی جاتی۔ وہی کیچڑ خشک ہو کر دوبارہ سڑکوں اور نالوں میں شامل ہو جاتا ہے ۔ محکمہ بلدیہ ڈنگہ نے بے حسی کی چادر تان لی ۔ دن بارہ بجے تک مین بازار میں بھی گندگی کے ڈھیر پڑے ہوتے ہیں اور ڈنگہ شہر میں خرید و فروخت کے لیے آنے والے حضرات کا منہ چڑھاتے ہیں جبکہ بلدیہ افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیںاور کبھی محلوں یا بازاروں میں آکر حالات دیکھنا بھی گوارا نہیں کیا ۔ شہر کے لوگوں کو اس حوالہ سے سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔ اعلیٰ حکام نوٹس لیں اور ڈنگہ آکر موقع ملاحظہ کریں اور مرتکب عناصر کے خلاف کاروائی کریں ۔ مین بازار میں آنے والی ٹرالی کو بھی پابند کریں کہ صبح 8 بجے تک بازار کا گنداٹھا لیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : ہمارے مخالفین سچ کہتے ہیں ہمارا ایک ایک ووٹر فرشتہ ہے ۔ چوہدری جعفر اقبال کو ووٹ دینے والے 82 سے زائد تمام لوگ فرشتے ہیں،عمران بھٹی
ڈنگہ : سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ن ڈنگہ عمران بھٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے مخالفین سچ کہتے ہیں ہمارا ایک ایک ووٹر فرشتہ ہے ۔ چوہدری جعفر اقبال کو ووٹ دینے والے 82 سے زائد تمام لوگ فرشتے ہیں ۔ مخالفین کو تاریخ ساز شکست ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ ابھی تک سکتہ سے نہیں نکل رہے ۔ چوہدری جعفر اقبال کو عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے کامیاب کروایا ہے سب کو عوام کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہئیے ۔ بیرون ملک بیٹھ کر فضول بیان بازی کر دینے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ انہوں نے کہا کہ قمر زمان کائرہ نے عوام مینڈیٹ تسلیم کرنے کا کہا ہے اچھی بات ہے ، مگر ان کے بعض ساتھی اپنے لیڈر کی بات کو تسلیم نہ کرتے ہوئے عوام کے فیصلے کو غلط قرار دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری جعفر اقبال کامیاب ہو گئے ہیں وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب اراکین اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز الحمراء ہال لاہور میں ہوا چوہدری جعفر اقبال ایم این اے اور چوہدری اشرف دیونہ ایم پی اے کی بھی شرکت
ڈنگہ : پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب اراکین اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز الحمراء ہال لاہور میں ہوا چوہدری جعفر اقبال ایم این اے اور چوہدری اشرف دیونہ ایم پی اے کی بھی شرکت ۔ اس موقع پر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملکی مسائل کے فوری حل کے لیے مشاورت کی گئی ۔ ڈنگہ رسول روڈ پر ٹریفک حادثہ میں ایک نوجوان بھائی جاں بحق،دوسرا شدید زخمیرسول روڈ پر ٹریفک حادثہ میں ایک نوجوان بھائی جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہو گیا بتایا جاتا ہے کہ نواحی گائوں امرہ کے دو بھائی عطا الرحمن اور محمد فرقان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر امرہ سے ڈنگہ آرہے تھے کہ لوکڑی چارہ گاہ کے قریب ان کا موٹر سائیکل سڑک پر پڑی ہوئی اینٹ پر لڑکھڑا کر گر گئی جس سے دونوں بھائی شدید زخمی ہو گئے اوپر سے پیچھے سے آنیوالی تیز رفتار ویگن نے انہیں کچل دیا جس کے نتیجہ میں عطا ء الرحمن موقع پر جاں بحق ہو گیا اور محمد عرفان شدید زخمی ہو گای جسے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ۔
ڈنگہ :تین موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر ڈنگہ کے تاجر کی صاحبزادی اور نواسے سے طلائی زیورات نقدی موبائل فون اور گاڑی چھینی تاہم مسلح افراد انکی کارکو گنجہ کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ) تین موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر ڈنگہ کے تاجر کی صاحبزادی اور نواسے سے طلائی زیورات نقدی موبائل فون اور گاڑی چھینی تاہم مسلح افراد انکی کارکو گنجہ کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے بتایا جاتا ہے کہ ڈنگہ کے تاجر راجہ مشرف کی صاحبزادی اپنے بیٹے کے ہمراہ اپنی کار نمبر ایل ای اے 3949 پر ڈرائیور مبشر کے ہمراہ لاہور سے ڈنگہ آرہی تھی کہ کھاریاں ڈنگہ روڈ پر تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے انہیں گن پوائنٹ پر روک لیا اور انہیں جان سے مار دینے کی دھمکی دیکر ان سے طلائی زیورات نقدی موبائل فون اور دیگر اشیاء چھین کر لے گئے تاہم نواحی گائوں گنجہ کے قریب کار ٹریکر کی وجہ سے جام ہو گئی تو مسلح افراد گاڑی اور اپنا موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ کھاریاں روڈ پر تین نامعلوم مسلح افراد نے گلیانہ کے رہائشی شخص سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل ، موبائل ، اور نقدی چھین لیے
ڈنگہ : ڈنگہ کھاریاں روڈ پر تین نامعلوم مسلح افراد نے گلیانہ کے رہائشی شخص سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل ، موبائل ، اور نقدی چھین لیے ۔ تھانہ ڈنگہ میں مقدمہ درج ۔ تفصیلات کے مطابق گلیانہ کے رہائشی فیصل محمود ولد محمد اکرم نے تھانہ ڈنگہ میں درخواست دی ہے کہ وہ اپنے ضروری کام کے سلسلہ میں ڈنگہ آرہا تھا کہ موضع دھکڑ کے قریب 3 نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے اسلحہ کے زور پر اس سے موٹر سائیکل ہنڈا 125cc ، دو عدد موبائل اور 12 ہزار نقدی لوٹ لیے او رموقع واردات سے فرار ہو گئے ۔ پولیس تھانہ ڈنگہ نے مدعی فیصل محمود ولد محمد اکرم کی درخواست پر تین نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 392 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
۔۔۔
نواحی گائوں دھکڑانوالی میں موبائل فون پر گالی گلوچ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)نواحی گائوں دھکڑانوالی میں موبائل فون پر گالی گلوچ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر 3 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج ۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں دھکڑانوالی کے رہائشی اسجد علی ولد محمد انور قوم گجر نے تھانہ ڈنگہ میں درخواست دی ہے کہ عرصہ چند روز سے نامعلوم افراد اسے موبائل فون پر گالی گلوچ کرتے ہیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ مدعی کی درخواست پر پولیس تھانہ ڈنگہ نے 3 عدد نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 506 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :انجمن صدائے مدینہ کے زیر اہتمام 19واں ماہانہ درس قران و حدیث 26مئی کو جامع مسجد گلزار مدینہ میں ہو گا
ڈنگہ : انجمن صدائے مدینہ کے زیر اہتمام 19واں ماہانہ درس قران و حدیث 26مئی کو جامع مسجد گلزار مدینہ میں ہو گاجس میں پیر طریقت راہبرشریعت حضرت علامہ مولانا صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بائولی شریف حسب روایت ایمان افروز خطاب ذیشان فرمائیں گے،درس قرآن ممتاز قاری محمد یعقوب نقشبندی،رجب علی چشتی،وسیم علی چشتی،قاری محمد اشرف کی زیر نگرانی ہوتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :ملک بھر میں28مئی کو یوم تکبیر ملی جوش و خروش سے منایا جائے گا
ڈنگہ(محمدبلال احمد بٹ)ملک بھر میں28مئی کو یوم تکبیر ملی جوش و خروش سے منایا جائے گا اس روز ملک بھر میں مسلم لیگ ن اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات سیمینار ز منعقد ہونگے 28مئی 1999ء کووزیراعظم میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے تھے جس کے بعد اس سال اس دن کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے امسال یہ دن میاں محمد نواز شریف کی واضح کامیابی حاصل کرنے کے بعد پہلے سے زیادہ جوش و جذبہ سے منایا جائے گا اور میاں محمد نوا ز شریف کو ایٹمی دھماکے کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے پر خراج تحسین پیش کیا جا ئے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : حکومت کی طر ف سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا،محمد اقبال منج
ڈنگہ : ممتاز تاجر اور جٹ راجپوت اتحاد ڈنگہ کے سربراہ الحاج محمد اقبال منج نے کہا ہے کہ ملک کے شہریوں کی طرح ہمیں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ پر سخت تشویش پر حکومت کی طر ف سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا،حکومت فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلہ کو واپس لے کیونکہ اس اقدام سے غریب بلکہ سفید پوش طبقہ بھی پس کر رہ جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہر اور گردونواح کے علاقہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پینے کا صاف پانی نایاب ہو گیا
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)شہر اور گردونواح کے علاقہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پینے کا صاف پانی نایاب ہو گیا،فلٹریشن پلانٹ کام نہ کرنے سے شہریوں کی مشکلات میں کئی گناہ اضافہ ہو گیا،عوامی سماجی حلقوں نے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : حلقہ این اے106سے نیک صالح کردار انسان ہمدرد قیادت چوہدری جعفر اقبال کی بے مثال کامیابی نیک شگون ہے،قاضی کفایت اللہ
ڈنگہ : ممتاز عالم دین قاضی کفایت اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حلقہ این اے106سے نیک صالح کردار انسان ہمدرد قیادت چوہدری جعفر اقبال کی بے مثال کامیابی نیک شگون ہے انہوں نے کہا کہ ہماری قائد مسلم لیگ ن اور متوقع وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے گذارش ہے کہ چوہدری جعفر اقبال کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے چوہدری جعفر اقبال نے پیپلز پارٹی کے ایک بڑے برج قمر زمان کائرہ اور سابق نگران وزیراعلیٰ میاں افضل حیات اور آزاد امیدوار سید نور الحسن شاہ چوہدری نصر اقبال کو بھاری اکثریت سے ہرا کر بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :نیشنل فٹ بال کلب ڈنگہ کے زیر اہتمام22مئی سے30مئی تک10 روزہ فٹ بال ٹورنامنٹ کالج گراونڈ میں شروع ہو گیا
ڈنگہ : یشنل فٹ بال کلب ڈنگہ کے زیر اہتمام22مئی سے30مئی تک10 روزہ فٹ بال ٹورنامنٹ کالج گراونڈ میں شروع ہو گیاتفصیلات کے مطابق تین اضلاع کی 16ٹیمیں ڈنگہ آکر10روزہ فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لینگی جبکہ دس روز تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے فائنل فلڈ لائٹ کھیلے جائیں گے،مہمانان خصوصی چوہدری جعفر اقبال اور صدر مرکزی انجمن تاجران ڈنگہ حاجی شاہد محمود بٹ ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :سابق چیئر مین بلدیہ ڈنگہ مسلم لیگ ن کے راہنما میاں محمد اسلم نجی دورہ پر انگلینڈ روانہ ہو گئے
ڈنگہ : سابق چیئر مین بلدیہ ڈنگہ مسلم لیگ ن کے راہنما میاں محمد اسلم نجی دورہ پر انگلینڈ روانہ ہو گئے ان کے دوست احباب عزیز واقارب نے انہیں ایئرپورٹ پر اسلام آباد سے الوداع کیا،میاں محمد اسلم نجی امور نبٹانے کے بعد واپس وطن لوٹیں گے اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے انگلنڈ جانے سے قبل انہوں نے الیکشن2013ء میں مسلم لیگ ن کی بے مثال کامیابی میں گیارہ مئی اپنا اہم اور موثر کردار ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے نشان عبرت بن جائیں گے،سید فیض الحسن شاہ
ڈنگہ : عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے نشان عبرت بن جائیں گے،کیونکہ وقت سب سے بڑا منصف ہے اور بہت جلد بددیانتی کی بنیاد پر کھڑی ہونے والی عمارت زمین بوس ہو جائے گی،عوام نے ووٹ کی طاقت سے ہمیں اپنا نمائندہ منتخب کیا مگرجو کچھ پورے ملک میں ہوا وہ سب کے سامنے ہے،انٹرنیشنل میڈیا اور دنیا بھر کے منصف چیخ چیخ کر بدترین دھاندلی کے انکشافات کر رہے ہیں، عوام جیت گئے ہیں اور بظاہر جیتنے کا دعویٰ کرنے والے ہار گئے ہیں،ان خیالات کا اظہار راہنما این اے106سید فیض الحسن شاہ نے بیلجیئم میں چوہدری بابر عرفان چوہان کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ عوام نے ہمیں بھر پور محبتوں سے نوازا اور ریکارڈ ووٹ دیئے جس پر ہم ان کے احسان مند ہیں،اپنے دھڑے اور ساتھیوں کے ساتھ ہیں انشاء اللہ بہت جلد نئے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان دوستوں کی مشاورت سے کریں گے اور بلدیاتی انتخابات میںبھر پور انداز میں حصہ لینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ : اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ میں سندھ سے ضمنی انتخاب لڑ رہا ہوں،قمر زمان کائرہ
ڈنگہ: سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ میں سندھ سے ضمنی انتخاب لڑ رہا ہوں،اگر میرے آبائی حلقہ کی عوام نے میری اچھی کارکردگی کے باوجود مجھے کامیاب نہیں کیا توکیا میں اس حلقہ کو چھوڑ کر کہیں اور اسے الیکشن لڑوں ؟میرے لئے ممکن نہیں میرا حلقہ ہی میری پہچان ہے،میری عوام نے مجھے ایوان اقتدار تک پہنچایا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ:پاکستان پیپلز پارٹی ہی میری پہچان ہے،قمر زمان کائرہ
ڈنگہ : سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حلقہ کی عوام آپ کو پسند کرتی ہے لیکن آپ کی شکست میں پیپلز پارٹی کا کردار ہے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حلقہ کی عوام نے مجھے کامیاب کرایا لیکن پاکستان بھر میں گورنر گلگت بلتستان سمیت اعلیٰ وزاتوں کے قلمدان دے کر میری پارٹی ہی نے مجھے عزت افزائی فرمائی پاکستان پیپلز پارٹی ہی میری پہچان ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :جماعت اسلامی پاکستان لاکھوں مخلص افراد پر مشتمل ایک سیاسی پارٹی ہے اس جماعت کا منشور اللہ کی زمین پر اللہ کاقانون نافذ کرنا ہے
ڈنگہ : جماعت اسلامی پاکستان لاکھوں مخلص افراد پر مشتمل ایک سیاسی پارٹی ہے اس جماعت کا منشور اللہ کی زمین پر اللہ کاقانون نافذ کرنا ہے،اس جماعت کے خلوص پر کسی کو شک نہیں،یہ جماعت ہر آڑے وقت میں ملک اور قوم کی خدمت پر کمربستہ رہتی ہے،عمران خان بھی ایک ایماندار سیاسی راہنما ہیں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے مل کر صوبہ خیبر پی کے میں صوبائی حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے پاکستان کے شہری منتظر ہیں کہ مخلص ہونے کی دعویدار دو جماعتوںکو اگر قدر ت نے ایک صوبہ میں حکومت بنانے کا موقع دیا ہے تو وہ کیا کارکردگی دکھاتی ہے صوبہ کے پی کے بھی پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح بے پناہ مسائل ہیں،صوبہ کے بارڈوں پر ڈرون حملے ہو رہے ہیں صوبہ مہاجرین کے دبائو کا شکار ہے،دہشت گردی ہے امن و امان تباہ ہے،بے روزگاری ہے لوڈشیڈنگ ہے غربت ہے تعلیمی طبی اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں ناکافی ہیں لیکن سب سے بڑا عذاب یہ تھا کہ نا اہل اور کرپٹ حکمران صوبہ پر مسلط تھے،میرٹ کی دھجیاں بکھیری جاتی رہی ہیں،اقرباپروری عام تھی،حکمرانوں نے صوبہ کے عوام کو مفلوک الحال بنا کر اپنی تجوریاں بھری ہیں،لوگوں نے انہیں محرومیوں سے تنگ آکر پی ٹی آئی کو کامیاب کرایا ہے جماعت اسلامی کو بھی سب سے زیادہ سیٹیں اسی صوبہ کے عوام نے دی ہیں،دونوں سیاسی پارٹیاں مل کر بہتر سہولتیں مہیا کر سکتی ہیں،سابق دور میںکھربوں روپے کی کرپشن ختم کر کے اور صحیح طریقہ سے ٹیکس اور زکوٰة اور عشر وصول کر کے عوام کی محرومیاں ختم کر سکتی ہیں اگر یہ جماعت اس صوبہ کا نظام درست کر لیں تو آئندہ الیکشن میں
دیگر صوبوں کے لوگ بھی انہیں اکثریت دے سکتے ہیں،ان دونوں جماعتوں کا تعاون مرکز میں بھی بڑھ سکتا ہے،اور یہ مرکز میں بھی صحیح اپوزیشن کا رول ادا کر کے نواز شریف کو سمت صحیح رکھنے پر مجبورکر سکتی ہیں،ان جماعتوں کو ڈرون حملے روکنے میں دشواری پیش آسکتی ہے،امریکہ سے بات کرنا مرکزی حکومت کا کام ہے،اگر ڈرون حملے نہ رکے تو ردعمل کے طور پر طالبان اور امریکہ مخالف دیگر گروپوں کی طرف سے خودکش حملے جاری رہے تو صوبہ کے پی کے میں ان کی مقبولیت کم بھی ہو سکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف نے ہسپتال پہنچ کر اور عمران خان کی عیادت کرکے سیاسی پختگی اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کیا ہے
ڈنگہ: نواز شریف نے ہسپتال پہنچ کر اور عمران خان کی عیادت کرکے سیاسی پختگی اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کیا ہے ہمارا مذہب اور ہماری سماجی اور معاشرتی روایات ہمیں اسی قسم کے اچھے اخلاق کی تلقین کرتے ہیں،نواز شریف نے ملاقات کے بعد جو بیان دیا ہے اس سے یہ تاثر ابھرتاہے کہ عمران خان نے نواز شریف کی مخالفت کر کے تعاون کا یقین دلایا ہے، حالانکہ یہ تاثر غلط ہے عمران خان کے سیاسی ماضی کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ عمران خان نہ تو نواز شریف سے مل کر مرکز میں حکومت بنائے گا نہ نواز شریف کی مخالفت ترک کرے گا کیونکہ عمران خان کی ساری سیاست کا مرکز ہی نواز شریف حائل ہے جب تک نواز شریف پر الزامات کی بارش کر کے نواز شریف کو عوام کی نظروں سے گرا نہ دیا جائے تحریک انصاف کا اقتدار کی اعلیٰ گری تک پہنچنا ناممکن ہے عمران خان میں دوسرا وصف یہ پیدا ہو چکا ہے کہ وہ ہر جگہ نمبرون رہنا چاہتے ہیں وہ اگر نواز شریف سے سیاسی تعاون کرتا ہے تو اسے جونیئر پارٹنر بننا پڑے گا لیکن کپتان کبھی وائس کیپٹن بننے پر آمادہ نہیں ہو گا،عمران خان کے ارگرد موجود لوگ بھی عمران خان کو نواز شریف سے مفاہمت پر آمادہ نہیں ہونے دیں گے،وہ عمران خان کو محاذ آرائی کی طرف لے جائیں گے،انہیں لوگوں کے مشورہ پر عمران خان نے الیکشن کمیشن کو تین دن کا نوٹس دیا ہے کہ وہ پچیس نشستوں پر دوبارہ انتخاب کرائیں ورنہ وہ احتجاجی مہم شروع کر دیں گے،1977ء میں جب ذوالفقار علی بھٹو نے الیکشن میں دھاندلی کی اور کرائی تھی تو ساری قوم اس پر متفق تھی کہ دھاندلی ہوی ہے ساری قوم سڑکوں پر نکل آئی،سینکڑوں لوگ احتجاج کے دوران شہید ہوئے لاکھوں لوگ جیلوں میں گئے،اور بالآخر بھٹوکا اقتدار ختم ہو گیا،لیکن حالیہ دنوں میں کراچی کے سوا کہیں دھاندلی نہیں ہوئی عمران خان کی کال پر کچھ لوگ تو سڑکوں پر ضرور آئیںگے لیکن اکثریت خاموش رہے گی اور احتجاج سے الیکشن کے نتائج تبدیل نہیں کئے جا سکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ: حالیہ الیکشن میں ووٹرز کے بیلٹ پر لگے انگوٹھے کے نشان کی جانچ پڑتال اور شناخت کیلئے نادرا کی ڈیمانڈ کے مطابق
انہیں مشینری کی خریداری کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کر دیئے
ڈنگہ(محمد بلال احمد بٹ)نگران وزیراعظم نے حالیہ الیکشن میں ووٹرز کے بیلٹ پر لگے انگوٹھے کے نشان کی جانچ پڑتال اور شناخت کیلئے نادرا کی ڈیمانڈ کے مطابق انہیں مشینری کی خریداری کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کر دیئے تاکہ بوگس ووٹرز کا پتہ لگایا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :افغانستان میں جنگ کے نتیجہ میں تباہ ہونے والے امریکہ کے فوجی سازو سامان سے بھرے اڑھائی ہزر کنٹینرز گذشتہ چار ماہ میں پندرہ بحری جہازوں کے ذریعے کراچی اور بن قاسم کی بندرگاہوں سے امریکہ روانہ کئے گئے ہیں
ْڈنگہ : ذرائع کے مطابق افغانستان میں جنگ کے نتیجہ میں تباہ ہونے والے امریکہ کے فوجی سازو سامان سے بھرے اڑھائی ہزر کنٹینرز گذشتہ چار ماہ میں پندرہ بحری جہازوں کے ذریعے کراچی اور بن قاسم کی بندرگاہوں سے امریکہ روانہ کئے گئے ہیں،امریکہ اس راز کو پردہ میں رکھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ دنیا پر اس کی جنگی ناکامی آشکار نہ وہ دونوں بندرگاہوں پر بڑے بڑے کنٹینروں کی دیواریں کھڑی کر کے عام آدمی کی نگاہوں سے اس سازو سامان کو چھپایا جا رہا ہے،تباہ ہونے والا سامان جنگی گاڑیوں،کرینوں،ٹرکوں،ہیلی کاپٹروں،جہازوںاور آمنے سامنے لڑائی میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں پرمشتمل ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈنگہ :ممتاز تاجر اور گجرات چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ عہدیدار حاجی محمد شریف جنجوعہ کی ہمشیرہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں
ڈنگہ : ممتاز تاجر اور گجرات چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ عہدیدار حاجی محمد شریف جنجوعہ کی ہمشیرہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں،انکی نمازجنازہ اور ختم قل میں عوامی سماجی سیاسی تجارتی شخصیات سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں چوہدری جعفراقبال ایم این اے،میاں طارق
محمودایم پی اے،میاں امجد محمود،میاں محمد اسلم،چوہدری شہریار اسلم،چوہدری فیاض احمد،طارق محمود جنجوعہ،محمد اسلم بسوی،فاروق گل بٹ،میر اشتیاق خالد،چوہدری آفتاب احمد،حاجی غلام رسول،ظفر اقبال عطاری،جاوید اقبال سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔