کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان پر پابندیاں لگانے پر غور کی خبروں کی تردیدکیساتھ پاکستان سے دہشتگردی کے محفوظ ٹھکانوں کے خاتمے اور پڑوسیوں کو نشانہ بنانےوالو ں کیخلاف آپریشن کے تقاضے پر تبصرہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کردار و افادیت کے اعتراف کے باوجود پاکستان میں امن و استحکام کو نظر انداز کرنا اور پاکستان کے امن و استحکام کیخلاف بھارتی سازشوں کیخلاف ایکشن نہ لینا دہشتگردی کیخلاف آپریشن کیلئے ہی نہیں بلکہ خود امریکہ کی افغانستان سے با عزت واپسی کیلئے بھی انتہائی خطرناک ہے۔
اسلئے امریکہ پاکستان سے ڈومورکے بے معنی تقاضے کی بجائے معروضی حقائق کا ادارک کرتے ہوئے خطے میں بھارتی جارحیت و سازشوں کیخلاف کاروائی کرے اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں فوری استصواب رائے کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار اداکرے۔
کیونکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نہ صرف پر امن پاک بھارت تعلقات کی ضمانت بن سکتا ہے بلکہ پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ خطے میں امن اور افغانستان سے امریکہ کی محفوظ و باعزت واپسی کا ضامن بھی ثابت ہوسکتا ہے !۔