ڈاکیارڈ پر حملے میں اے آئی جی سندھ کا بیٹا دہشت گردوں کا ساتھی نکلا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے پولیس افسر کا بیٹا نیوی تنصیبات پر حملے میں ملوث نکلا۔ ڈاکس تھانے کے علاقے فشری کے نزدیک سمندر سے ملنے والی لاش کی اویس جاکھرانی کے نام سے شناخت کر لی گئی جو اے آئی جی انسپکشن علی شیر جاکھرانی کا بیٹا ہے۔

اویس جاکھرانی پی این ایس ڈاکیارڈ پر دہشت گردوں کی طرف سے کئے گئے حملے میں شریک تھا جو سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران مارا گیا۔

اس سے پہلے بتایا گیا تھا کہ اویس جاکھرانی دو روز سے لاپتہ تھا لیکن ذرائع کے مطابق اویس جاکھرانی کے اغوا یا لاپتہ ہونے کی کوئی شکایت سی پی ایل سی اور پولیس کے پاس رجسٹر نہیں۔ کراچی میں ہفتے کی رات پی این ایس ڈاک یارڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک بحریہ کا ایک افسر شہید اور آٹھ اہلکار زخمی ہوئے دو دہشت گرد مارے گئے چار گرفتار کر لئے گئے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حملے کی تفصیلات بتائیں۔

اویس جاکھرانی کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے سیکورٹی اداروں نے جیکب آباد اور لاڑکانہ سے اب تک 17افراد کو گرفتار کیا ہے۔