اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکا میں زیرحراست ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ کمیٹی دس روزمیں وزیرداخلہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ عافیہ صدیقی رہائی کمیٹی میں نیشنل کرائسسز منیجمنٹ سیل کے ڈائریکٹر جنرل طارق لودھی، وزارت داخلہ کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری عمر حمید خان اور وزارت داخلہ کے سینئر ڈائریکٹر فرید خان شامل ہیں۔
کمیٹی انٹرا امریکن کنونشن کے تحت ٹرانسفر آف اوفینڈر ٹریٹی کا جائزہ لے گی وزیرداخلہ کمیٹی سے ملنے والی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کریں گے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے حتمی لائحہ عمل بنایا جائے گا۔