کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ نگراں وزیراعلی بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ٹیلیفون کرکے انہیں وزیراعلی نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نگراں وزیراعلی بلوچستان نے اس بات پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیاکہ بلوچستان میں انتقال اقتدار کے مراحل تیزی اور خوش اسلوبی کے ساتھ طے پارہے ہیں۔
ان کی خواہش ہے کہ وہ جلد از جلد وزیراعلی کا منصب منتخب وزیراعلی کے سپرد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے موجودہ حالات بھی اس بات کے متقاضی ہیں کہ پرانی روشوں اور رویوں کو ترک کرتے ہوئے تمام فیصلے جمہوری اصولوں اور منتخب نمائندوں کی منشا اور رائے کے مطابق کئے جائیں اور صوبے کی تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مبارکباد دینے اور نیک خواہشات کے اظہار پر نگراں وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا۔