ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے نتیجے میں جاں بحق 3 سالہ بچہ کی انکوائری کا حکم دے دیا

Abdul Rahman

Abdul Rahman

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ای ڈی اوہیلتھ گوجرانوالہ نے وزیرآباد کے محلہ شیش محل میں کچھ عرصہ قبل ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے نتیجے میں جاں بحق 3 سالہ بچہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔بچہ ہنستا کھیلتاہسپتال گیا اور نعش واپس گھر پہنچی۔لواحقین کی جانب سے ڈاکٹر کی نا اہلی کے خلاف کار روائی کی درخواست ۔بچے کے لواحقین کے مطابق محلہ شیش محل کا تین سالہ بچہ عبد الرحمان ولد ملک گلزاراپنے گھر میں چارپائی پر کھیلتے ہو ئے لڑھک کر فرش پا آ گرا۔

بچہ گرنے کی وجہ سے روتا رہا۔ بچے کا والد ملک گلزار شام کوگھر آیا تو ماں نے بچے کے بارے میں بتایاجو بیٹے کو لے کر قریب ہی اقراء میڈیکل ہسپتال لے گیا ۔ بچے کو ڈاکٹر جمال ناصرنے دیکھا اور بچے کو انجکشن دیا اور ڈرپ بھی لگا دی جس سے بچہ کچھ دیر بعدبے ہوش ہو گیا ۔بچے کے لواحقین نے ڈاکٹر جمال ناصرکو بارباراس کی حالت کے بارے میں آگا کیا مگر ڈاکٹر جمال ناصرنے کوئی توجہ نہ دی اور کہا کہ بچہ اب سکون کر رہا ہے۔

دو گھنٹے بعد لواحقین نے ڈاکٹر کو سختی سے بچے کی حالت سے آگاہ کیا تو ڈاکٹر جمال ناصرمعائنہ کے لیے وارڈ میں آیا اور بچے کی حالت دیکھ کر اس کو فوری طور پر لاہور لے جانے کا مشورہ دیا۔ بچے کو لاہور لے جایا گیا لیکن وہ راسے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔

لواحقین نے ڈاکٹر کی غیر ذمہ داری اور نااہلی کے خلاف کار روائی کے لئے ای ڈی او گوجرانوالہ کو درخواست دے دی جنہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی ڈی اوہیلتھ وزیرآبادڈاکٹر نصر اللہ کو تحقیقاتی افسر مقرر کر دیا۔ڈاکٹرنصر اللہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مرحوم بچے کے لواحقین کابیان لیا گیا اور آئندہ چند روز میں ڈاکٹر کے بیان کے بعد میرٹ پرتمام انکوائری مکمل کر کے رپورٹ ا ی ڈی اوہیلتھ گوجرانوالہ کو بھیج دی جائے گی۔