کراچی (جیوڈیسک) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔ ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے لیکن ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔
کیس کے فیصلے پر شدید مایوسی ہوئی ہے۔ عدالت کو انصاف دینا چاہیے تھا۔ اس قسم کے فیصلوں سے اشتعال بڑھے گا۔ ایسے فیصلوں سے ہماری آواز کمزور پڑ جائے گی۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اگر مداخلت کرتی تو کیا یہ نتائج نکلتے؟۔ ہم کسی بھی ادارے سے اس کا حق نہیں چھین سکتے۔
اپیل میں جانے کا فیصلہ ڈاکٹر عاصم کے گھر والے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے جمہوریت کو تسلسل دیا، جسے قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ جمہوریت کی گاڑی چل نکلی ہے اسے منزل تک جانا چاہیے۔