کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی اورحق پرست نمائندوں پرمشتمل وفدنے ڈاکٹر فرمان فتح پوری کی تدفین میں شرکت کی۔ اور سوگوار اہل خانہ سے ملاقات کی، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پرایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور حق پرست اراکین اسمبلی پر مشتمل نمائندہ وفدنے اردو کے ممتاز ادیب، محقق، نقاد اور ماہر تعلیم ڈاکٹر فرمان فتح پوری مرحوم کی تدفین میں شرکت کی اور مرحوم کے سوگوار لواحقین سے ملاقات کر کے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، ان کے درجات کی بلندی اور سوگوران کے صبرجمیل کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
ایم کیو ایم کے وفدمیں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انجینئرناصرجمال ،ارکان رابطہ کمیٹی واسع جلیل، سید امین الحق، قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور حق پرست اراکین اسمبلی مزمل قریشی، عدنان احمد کے علاوہ دیگر شامل تھے۔ ڈاکٹر فرمان فتح پوری مرحوم کو آج بعد نماز ظہر یونیورسٹی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا جبکہ مرحوم کی نماز جنازہ جامع مسجد درالعلوم خلفائے راشدین بلاک 13-DI گلشن اقبال میں ادا کی گئی۔