ڈاکٹر خالد محمود کا قتل سیاستدانوں پر قاتلانہ حملوں کا تسلسل ہے، امیر پٹی

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا، وائس چیئرمین اسلم خان، صدر محمد سلیمان سولنگی راجپوت، نائب صدر امیر علی خواجہ، ایڈوکیٹ راجہ انور،اقبال ٹائیگر، ایڈوکیٹ انیتا اور تبسم ناز نے جے یو آئی (فضل الرحمن) کے رہنما و سابق سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منافقانہ و مفاد پرستانہ سیاست، انصاف و مساوات سے گریز اور جبرو استحصال کے سبب پھیلنے والی بے یقینی اور مایوسی کے باعث پاکستان کا کوئی بھی حصہ کسی کیلئے بھی محفوظ نہیں رہا ہے۔

ہر سمت دہشتگرد اور قاتل دندناتے پھررہے ہیں اور حکمران و سیاستدان ملک و قوم کا بچانے اور محفوظ بنانے کی بجائے جمہوریت بچانے یا نیا پاکستان بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔

امیر پٹی نے سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل پر جمیعت علمائے پاکستان ،مولانا فضل الرحمن اور خالد محمود سومرو کے لواحقین تعزیت و اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ روشن پاکستان پارٹی ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

روشن پاکستان پارٹی نے ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود کا قتل سیاستدانوں کے قتل کا تسلسل ہے اور سیاستدانوں پر قاتلانہ حملے پاکستان کیخلاف کسی بڑی سازش کا پتا دے رہے ہیں۔