قصور (محمد عمران سلفی سے) صوبائی سیکرٹری ماحولیات ڈاکٹر اقبال محمد چوہان کے زیر صدارت قصور ٹینری ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی (KTWMA) کے حوالے سے گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ ، ڈائریکٹر ماحولیات نسیم الرحمن شاہ ، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش، ای ڈی او فنانس ڈاکٹر ظفر اقبال شاکر ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد شکور، ڈی او سی چوہدری محمد رفیق ، ڈی او ماحولیات قصور فہیم نسیم شیخ ، پلانٹ منیجر نثار احمد ، ایکسئین پبلک ہیلتھ ،ٹینریز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری ماحولیات ڈاکٹر اقبال محمد چوہان کو قصور ٹینری ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی (کے ٹی ڈبلیو ایم اے )کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی گئی اور پلانٹ کی توسیع ،نئی مشینری خریدنے اور دیگر معاملات کا بھی تفصیلاً جائزہ لیا گیا ۔بعدازاں صوبائی سیکرٹری ماحولیات ڈاکٹر اقبال محمد چوہان نے دیگر افسران کے ہمراہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ بھی کیا اوراس موقع پر انہیں پلانٹ کے متعلق مکمل بریفنگ دی گئی۔