کوئٹہ (جیودیسک) بلوچستان اسمبلی کے قائد ایوان کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے علاوہ کسی اور امیدوار نے وزرات اعلی کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کر ائے جس کے بعد نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بلامقابلہ وزیر اعلی بلوچستان منتخب ہو گئے ہیں۔
تاہم سرکاری اعلان کل کیا جا ئے گا جبکہ کل شام کو ہی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ وزیراعلی بلوچستان کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا عمل اسمبلی سیکرٹریٹ میں صبح 10 بجے سے شر و ع ہوا جو دوپہر 2 بجے تک جاری رہا، اس دوران صرف نیشنل پارٹی کے صدر اور نامزد وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کاغذات نامزدی گی جمع کرائے۔
جبکہ کوئی اور امیدوار سامنے نہیں آیا اوروزرات اعلی کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کر ائے ،جس کے بعد نامزد وزیر اعلی ڈاکٹر مالک بلوچ بلامقابلہ نئے وزیر اعلی بلوچستان منتخب ہو گئے تاہم سرکاری اعلان ہو نا ابھی باقی ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر مالک بلوچ کو پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل ہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف)نے بھی ڈاکٹر مالک بلوچ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔