ڈاکٹر طارق سلیم اور میاں شبیر احمد خاور نے برما میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت

گجرات : جماعت اسلامی ضلع گجرات کے قائمقام امیر ڈاکٹر طارق سلیم اور جنرل سیکرٹری میاں شبیر احمد خاور نے برما میانمار میں مسلمانوں کے بڑے پیمانے پر قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ ان نام نہاد اداروں کے نزدیک مسلمانوں کے انسانی حقوق کی کوئی اہمیت نہیں۔

وہ صرف غیر مسلموں اور جارح قوتوں کے حقوق کے نگران ہیں۔ جماعت اسلامی کے ان راہنمائوں نے کہا کہ ارکان میں مسلمانوں کو مساجد اور گھروں میں شہید کیا جا رہا ہے، انہیں زندہ جلایا جا رہاہے اور جرم بے گناہی میں اذیت دے کر معصوم بچوں تک کو شہید کیا جارہا ہے۔

اس طرح مسلمانوںکی مکمل طور پرنسل کشی کے منصوبہ پر عملدرآمد ہو رہاہے۔جماعت اسلامی کے ان راہنمائوں نے کہا کہ غیرمسلم قوتوں کی کاسہ لیس انسانی حقوق کی مقامی این جی اوز(NGOs) جو آئے روز مسلمانوں کی طرف سے جھوٹے سچے واقعات پر آسمان سر پر اٹھا لیتی ہیں۔

بھی برمی مسلمانوں کے اس قتل عام پر منہ میں گھنگھیاں ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیروں کی مجرمانہ خاموشی تو سمجھ میں آتی ہے مگر عالم اسلام کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو بھی سانپ سونگھ گیا ہے جو اتنے بڑے سانحہ پر بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جمعة المبارک کو مظاہروں کی اپیل کی ہے تاکہ عالمی ضمیر کے ساتھ ساتھ خواب غفلت کے شکار مسلمانوں کو جھنجھوڑا جا سکے۔