فیصل آباد : پاکستان طبی کانفرنس اور پاکستان طبی فارما سیوٹیکل مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما وبانی جاوید یونانی لیبارٹرزمیانوالی ونامور طبیب و مصنف حکیم ملک محمد عبداللہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سولو ہوٹل ریلوے روڈ سرگودھا میں زیر صدارت ڈاکٹر زاہد اشرف سینئر نائب صدر پاکستان طبی کانفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انعام اللہ خان نیازی (سابق ایم پی اے میانوالی) ملک صدیق اکبر ،نوید الفظر، پروفیسر حکیم منصور العزیز ، پروفیسر حکیم حافظ محمد یونس ،محترمہ اسماء وڑائچ، پروفیسر حکیم وید محمد جمیل خان ،پروفیسر حکیم سید صابر علی ،حکیم راحت نسیم سوہدروی،پروفیسر حکیم سید ذوالحسنین بخاری ،پروفیسر حکیم محمد یوسف،پروفیسر حکیم بشیر احمد بھیروی ودیگر نے کہا کہ حکیم ملک محمد عبداللہ خداترس ،نیک سیرت انسان تھے۔
انہوں نے ساری زندگی طب اسلامی کی ترویج وترقی اور طبی دواء سازی کوجدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں گزاری ،جس طرح انہوں نے مسلسل اور پیہم جدوجہد کی اب یہ پاکستان کے تمام اطبا ء اور باالخصوص ان کے فرزندان حکیم محمد جاوید ،حکیم محمد طارق پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے بزرگ گوار کے مشن کو زندہ رکھنے میں تن من دھن کی بازی لگادیں اور متحد ومنظم ہوکر کاروان طب کو آگئے بڑھائیں اور مخالفین طب کے سامنے کوہ گراں بن کر انہیں پسپائی پر مجبور کردیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم حکیم ملک محمد عبداللہ کورہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ، وہ ایک مرد قلندر انسان تھے انکی ساری زندگی انسانیت کی خدمت میں گزری ، وہ غریبوں اور یتیموں کی مددفرماتے تھے۔ موت اس کی ہے کرے جسکا زمانہ افسوس٭یوں تو دنیا میں سبھی آتے ہیں مرنے کیلئے۔