لاہور (جیوڈیسک) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں تیز کر دی جائیں اور ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹیوں کے اجلاس طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہفتہ وار منعقد کئے جائیں۔ پنجاب میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ صوبے میں ڈینگی ریگولیشنز کو 15 فروری سے پہلے ہی فعال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کی ممبر اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے بتایا کہ DEAG نے رواں سیزن میں اب تک 624 ڈاکٹرز کی ڈینگی کے مریضوں کی کلینیکل مینجمنٹ کے بارے میں ٹریننگ مکمل کر لی ہے اور نئے آنے والے پی جی ٹرینی ڈاکٹرز کی تربیت کے لئے ریگولر بنیادوں پر اہتمام کر دیا گیا ہے۔