سڈنی (جیوڈیسک) گزشتہ روز ڈومسٹک میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے سر پر باؤنسر لگنے سے زخمی ہونے والے آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوجز کی حالت بدستور تشویشناک ہے جنہیں انہتائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر پیٹر برکنر نے سڈنی میں اسپتال کے باہر فلپ ہیوجز کی حالت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ فلپ بدستور تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں اور 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی جب کہ ڈاکٹروں نے زخمی کھلاڑی کی زندگی کے لئے 24 سے 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ فلپ کے سر کی سرجری ہوچکی ہے تاہم ڈاکٹرز زخمی کھلاڑی کی جان بچانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے ڈومسٹک ٹورنامنٹ ” شیفیلڈ شیلڈ ” کے تمام میچزملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلپ ہیوجز کی صحت یابی کے بعد ہی میچز دوبارہ کھیلے جائیں گے جب کہ فلپ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور تمام کھلاڑی اورکرکٹ بورڈ فلپ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی میں نیو ساؤتھ ویلز اور ساؤتھ آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران بیٹنگ کے دوران باؤنسی گیند فلپ ہیوجز کے سر پر جا لگی تھی جس کے بعد ہو گرکر بے ہوش ہوگئے تھے۔
فلپ آسٹریلیا کی جانب سے 26 ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ ایک روزہ میچز میں وہ 2 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں جب کہ ٹیسٹ کیرئیر میں 3 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔