کراچی (جیوڈیسک) ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور تشدد کے خلاف آج کراچی کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں اوپی ڈیز احتجاجاً بند رہیں۔ ڈاکٹرز کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر ڈاکٹر تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔
احتجاج کے پہلے مرحلے میں شہر کے سرکاری اور بیشتر نجی اسپتال اور کلینکس میں او پی ڈیز بند ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹروں نے لیاقت نیشنل اسپتال سے احتجاجی ریلی بھی سے نکالی۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کوئی ان کی داد رسی کرنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹارگٹ کلرز، بھتا خوروں اور اغوا کاروں سے نجات دلائی جائے۔
اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں گزشتہ 10 سال کے دوران 127 جبکہ گزشتہ دو سال میں 21 ڈاکٹرزکو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جاچکا ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق یہ صورتحال تشویشناک ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔