ڈالر کے مقابلے میں بجلی اور تیل کی قیمتیں کم ہونا چاہیے۔ عبدالعلیم خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ہر مہینے مسلسل پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت کی طرف سے کی جانے والی کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکمرانوں کے نزدیک عام آدمی کے مسائل کسی اہمیت کے حامل نہیں۔

ڈالر کی قیمت میں ہونے والی کمی کے تناسب سے کم از کم دس روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت میں کمی آنی چاہیے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسی عوامی پیسے سے آئی ایم ایف کی قسط ادا کی جارہی ہے اور بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں وہ کمی نہیں کی جارہی جس کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف نئے قرضے لینے کے لیے دوڑ دھوپ کی جارہی ہے جبکہ دوسری طرف قرضوں کی بھاری قسطیں ادا کرنے کے لیے عوام کا خون پسینہ نچوڑا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء نے بھی عوام کو گمراہ کرنے اور من پسند پالیسیاں اختیار کرنے کی روش اپنا رکھی ہے اور پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی کرکے جو “احسان عظیم”کیا ہے عوام اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔

عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ اور ہمسایہ ملک میں پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی ہونے کے باوجود حکومت عام آدمی کی جیب سے پیسہ کھینچ رہی ہے تاکہ وہ اپنی من پسند ضرورتوں کو پورا کرسکے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس اقدام کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سے پٹرول کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔