کراچی (جیوڈیسک) انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں گزشتہ روز روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں روپے کی نسبت یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں اضافہ ہو گیا، فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹربینک میں روپے کے مقابلےمیں ڈالر کی قدر 5 پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 98.55 روپے سے کم ہو کر 98.50 روپے اور قیمت فروخت 98.65 روپے سے کم ہو کر 98.60 روپے ہو گئی، اس طرح 5 پیسے کی کمی سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 99.65 روپے سے کم ہو کر 99.60 روپے اور قیمت فروخت 99.85 روپے سے کم ہو کر 99.80 روپے ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں روپے کی نسبت یوروکی قدر 25 پیسے بڑھ گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 134.50 روپے سے بڑھ کر 134.75 روپے اور قیمت فروخت 134.75 روپے سے بڑھ کر 135 روپے ہو گئی اسی طرح 15 پیسے کے اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 166.60 روپے سے بڑھ کر 166.75 روپے اور قیمت فروخت 166.85 روپے سے بڑھ کر 167 روپے پر جا پہنچی۔ فاریکس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز یو اے ای درہم کی قدر 5 پیسے کم ہوئی جس سے یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 27.35 روپے سے کم ہو کر 27.30 روپے ہو گئی جبکہ سعودی ریال کی قیمت فروخت 26.60 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔