کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان میں امریکی ڈالر کی قیمت نے تاریخ کا نیا بلند ریکارڈ بنالیا، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں 8.30 روپے اور انٹربینک میں6.48روپے اضافہ ہوا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران کرنسی کی دونوں مارکیٹوں میں روپیہ امریکی ڈالر سمیت تمام غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں مسلسل اپنی قدر کھوتا رہا۔ آئی ایم ایف کی پابندی یا پھر مارکیٹ میں طلب اور رسد کے فرق کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر151روپے تک پہنچ گیا جس کی قیمت ہفتے کے آغاز پر 142.70روپے روپے تھی اسی طرح انٹربینک میں ڈالرکی قیمت141.39روپے سے بڑھ کر147.87 روپے پر بند ہوئی۔
دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ ایکسچینج کمپنیوں سے ڈالر مل ہی نہیں رہے کئی دن کوشش کے بعد متعدد ایکسچینج کمپنیوں کے کاؤنٹر سے مجموعی طور پر صرف چند سو ڈالر لینے میں کامیابی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ روپے کی صورت میں سرمایے کی مالیت کم ہونے کے ڈر سے ڈالر میں سرمایہ کاری کا رجحان مسلسل بڑھتا جارہا ہے۔