کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ڈالر کی اونچی پرواز پھر شروع ہوگئی، آج ڈالر کے انٹربینک ریٹ 175 روپے اور اوپن ریٹ 178 روپے سے تجاوز کرگئے۔
روسی افواج کی یوکرین کی سرحدوں پر پیش قدمی سے دونوں ممالک کے درمیان جنگی صورتحال کے نتیجے میں خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے کے رحجان نے پیر کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی نسبت ڈالر کو دوبارہ تگڑا کردیا۔ نتیجے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 175 روپے اور اوپن ریٹ 178 روپے سے بھی تجاوز کر گئے۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 77 پیسے کے اضافے سے 175.47 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 70 پیسے کے اضافے سے 178.20 روپے پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی عالمی قیمت میں تسلسل سے اضافہ پاکستان کے درآمدی بل کے حجم اور مہنگائی کی شرح بڑھانے کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی ہے جو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپیہ کی کمزوری کا باعث بن رہا ہے۔