کراچی (جیوڈیسک) اقتصادی محاذ پر مثبت خبروں کے باوجود جمعے کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپے کی قدر غیر متوقع طورپر تنزلی کا شکار رہی۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپے کی قدر0 اشاریہ53 فیصد جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں 0 اشاریہ 75 فیصدگھٹ گئی۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر75پیسے کے اضافے سے140روپے 24 پیسے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپیہ 10پیسے کے اضافے سے141روپے30 پیسے پر بند ہوئی۔
واضح رہے کہ ملائیشین وزیراعظم کی جانب سے پاکستان میں900 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کرنے اور چین کی جانب سے آئندہ پیر کو 2 ارب 10کروڑ ڈالر کے آسان قرضے فراہم کرنے کے اعلانات جیسی مثبت خبریں زیرگردش رہیں لیکن ان مثبت خبروں کے باوجود جمعے کو روپے کی قدر تنزلی کا شکار رہی۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے بتایا کہ مارکیٹ میں مئی تک پاکستان کیلیے روپے کی ڈی ویلیو ایشن جیسی شرائط پر آئی ایم ایف کا بیل آوٹ پیکیج منظور ہونے کی اطلاعات نے روپے کے مقابلے میں ڈالر کو تگڑا کیا۔