ڈالر کی قدر پھر بڑھ گئی، اسٹاک ایکسچینج میں 60 ارب روپے ڈوب گئے

Stock Exchange

Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے جب کہ اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے 60 ارب روپے ڈوب گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعے کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا اور انٹر بینک میں ڈالر 36 پیسے مہنگا ہوکر 156.92 روپے پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 157.50 روپے تک فروخت کیا گیا تاہم دن کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں استحکام رہا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 157 روپے کی سطح پر ہی بند ہوا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے تسلسل کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا، 100 انڈیکس میں 1.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 380 پوائنٹس کمی سے 34190 کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں 5 کروڑ شیئرز کے سودے 1.85 ارب روپے میں طے ہوئے اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 50 ارب روپے کم ہوکر 6910 ارب روپے ہوگئی جب کہ اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے مزید 60 ارب روپے ڈوب گئے۔