کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 153 روپے سےدوبارہ تجاوز کر گئی۔
زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے ڈالر پاؤنڈ اور یورو کی قدروں میں اتارچڑھاؤ کے بعد اضافہ رہا۔ برآمدی شعبوں کی جانب سے اپنی زرمبادلہ کی ترسیلات بھنانے سے بعض سیشنز میں روپیہ تگڑا بھی ہوا لیکن درآمدی ضروریات کے لیے نئے ایل سیز کھلنے کاحجم بڑھنے سے غیرملکی کرنسیوں کے سامنے روپیہ ڈھیر ہوا۔
ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر153روپے سےدوبارہ تجاوز کرگئی، ہفتہ وار کاروبار میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدراتارچڑھاؤ کے بعد 1.02روپے بڑھکر کر154.37 روپے پر بند ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر50پیسےبڑھ کر 154.80 روپے ہوگئی۔
اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 1.51روپے بڑھ کر 218.98روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر2 روپے بڑھ کر 219.50روپے ہوگٸی۔
انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 1.86روپےبڑھ کر 189.20 روپے ہوگئی اور اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدربغیر کسی تبدیلی کے183روپے پر مستحکم رہی۔