اندرون ملک ہوائی سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار

Corona Vaccination Travel

Corona Vaccination Travel

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اندرون ملک ہوائی سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا۔

این سی او سی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست سے اندرون ملک ہوائی سفر کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازم ہے لہٰذا پریشانی سے بچنے کیلئے 31 جولائی تک ویکسین لگوائیں اور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی پابندی 18 سال اور اس سے زائد عمر والوں کے لیے ہے، پاکستان آنے والے اور پاکستان سے بیرون ملک جانے والے افراد پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ جزوی ویکسی نیشن کرانے والوں، غیر ملکی شہریوں پربھی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

این سی او سی کے مطابق بیرون ملک سے ویکسی نیشن کرانے کا ثبوت رکھنے والوں پربھی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ ری ایکشن کے باعث ویکسی نیشن سے روکےگئے افراد پابندی سے مستثنی ہیں۔

واضح رہےکہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ سندھ حکومت نے ایک ہفتے میں ویکسی نیشن نہ کرانے والے شہریوں کی موبائل سمز بند کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔