ڈومیسٹک کرکٹ، بنگلہ دیش نے مشکوک پلیئرز کو شرکت سے روک دیا

Bangladesh

Bangladesh

ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش نے مشکوک پلیئرز پر ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے کھولنے سے انکار کردیا، بی پی ایل کرپشن ٹریبونل کی جانب سے مشرف حسین اور محبوب العالم کو کلین چٹ دیے جانے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔ ادھر دونوں کے وکیل نوروز چوہدری کا کہنا ہے کہ اپیل سے فیصلے کی موجودہ نوعت بدل نہیں سکتی۔

تفصیلات کے مطابق ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے مشرف حسین اور محبوب العالم ان 9 کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جن پر بی پی ایل میں میچ فکسنگ کے الزامات تھے، ٹریبونل نے انھیں کلین چٹ دیتے ہوئے کرکٹ کیریئر جاری رکھنے کی اجازت دے دی، اس فیصلے پر آئی سی سی اور بی سی بی دونوں نے ہی ناخوشی ظاہر کی تھی۔ اب فرسٹ کلاس ایونٹ نیشنل کرکٹ لیگ کا ساتواں رائونڈ 12 اپریل سے شروع ہونے والا ہے، جہاں ایک طرف یہ دونوں پلیئرز اس میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں وہیں بورڈ نے انھیں ایونٹ کا حصہ بننے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، ٹریبونل فیصلے کیخلاف اپیل بھی کی جارہی ہے۔

میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے کہاکہ بورڈ ان کھلاڑیوں کو دی جانے والی کلین چٹ کے خلاف ایک، دو روز میں اپیل کرنے والا ہے جس کے بعد یہ دونوں لیگ نہیں کھیل پائیںگے، کرکٹرز کے وکیل نوروز چوہدری نے کہاکہ بی سی بی اپیل تو کرسکتا ہے مگر اس کا فیصلے کی صحت پر کوئی اثر نہیں ہو گا، انھوں نے کہا کہ اگر تفصیلی فیصلہ بھی جاری کردیا جائے تب بھی اپیل کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ اسٹے آرڈر نہیں ہے، ٹریبونل قوانین کے تحت اپیل تو ہوسکتی ہے مگر اس سے فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔