کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اب پرانے طریقہ کار کے مطابق نہیں چلائی جا سکتی۔
وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی ٹیم کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں، وفاقی وزراء علی زیدی، حماد اظہر، فیصل واوڈا سمیت مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں تاجروں اور آٹوموٹوو سیکٹر کے وفد نے ملاقات کی جس میں سراج قاسم تیلی، جنید اسماعیل مکدہ، زبیر موتی والا اوردیگر بھی موجود تھے جب کہ حکومتی ٹیم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ سید زبیر حیدر گیلانی، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، مشیر اصلاحات عشرت حسین، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، وزیر بحری امور علی زیدی اور وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وفود نے ٹیکس نظام میں اصلاحات، مہنگائی پر کنٹرول، اسمگلنگ کی روک تھام، کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری میں فروغ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور محصولات میں اضافہ کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔
اس موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے آنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ کے مسائل حل کروں، میری پوری معاشی ٹیم یہاں موجود ہے تاکہ مسائل کا فوری حل نکالا جائے، ہماری اولین ترجیح غربت کا خاتمہ اور معاشی عمل کو تیز کرنا ہے جس میں آپ کی مدد چاہیے، کاروباری برادری پارٹنر بن کر حکومت کے ساتھ کام کرے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت اب پرانے طریقہ کار کے مطابق نہیں چلائی جاسکتی، معاشی عمل کو تیز کرنے کے لیئے تاجر اور صنعتکار حکومت کی مدد کریں۔