واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا مجوزہ دورہ منسوخ کر دیا۔ شیڈول کے مطابق پومپیو نے آئندہ ہفتے شمالی کوریا کے سرکاری دورے پر پیانگ یانگ جانا تھا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ہتھیاروں سے دست برداری کے مطالبے پرپیش رفت نہ ہونے کے باعث وزیر خارجہ کو پیانگ یانگ کے دورے سے روکا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دورے کی منسوخی کی جزوی ذمہ داری چین پر بھی عاید ہوتی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں لکھا کہ فی الحال وزیرخارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کے دورے پر نہیں جا رہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم جزیرہ نما کوریا کو تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنے کی مساعی میں پیش رفت نہیں کر سکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارت کے حوالے سے ہمارا موقف زیادہ سخت ہے۔