ساہیوال (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ساہیوال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ حکمرانوں کی کرپشن ہے۔ حکمرانوں کی کرپشن ملک کو تباہ کر رہی ہے۔ پاناما کیس میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ دے وہ قبول ہے لیکن نواز شریف کی کرپشن قبول نہیں کریں گے۔
میرے لیے دعا کریں کہ میں کرپشن کے بادشاہ کا احتساب کر سکوں۔ مجھے کرپشن کیخلاف اس ملک کی ماؤں کی دعائیں چاہیں۔ ان لوگوں کی وجہ سے ہمیں ذلت ملتی ہے۔ کیا لوگ بھیک مانگنے والوں کی عزت کرتے ہیں؟ جب تک کرپشن کا فیصلہ ملک میں واپس نہیں آ جاتا میں نہیں رکوں گا۔ عمران خان نے کہا کہ آپ کو اندازہ نہیں کہ پاکستان کتنی بڑی نعمت ہے۔ پاکستان ہمارا گھر ہے، اس کا نظام ٹھیک کرنا ہوگا۔ پاکستان کے کمزور طبقے کو عدل وانصاف کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز امریکا میں پاکستانی لڑکی پر تشدد کیا گیا، اس لڑکی کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ مسلمان تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے اب شاید پاکستانیوں کو امریکا کا ویزہ ہی نہ ملے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ حقیقی معنوں میں پاکستانیوں کا ویزہ بند کر دے، پھر ہم اپنے ملک کو ٹھیک کریں گے۔ ملک ٹھیک کر دینگے تو ہم بھی ایران کی طرح امریکیوں کے ویزے بند کر دیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جھوٹ کے جتنے ریکارڈ نواز شریف نے قائم کیے کسی نے نہیں کیے۔ وزیراعظم پاکستان کے ہیں اور چیک اپ کیلئے باہر جاتے ہیں۔ پاکستان کو اپنا سمجھ لیا تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔ پاکستانی عوام اس ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔
شہریوں پر خرچ کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ یہیں جینے اور مرنے والی حکومت آ گئی تو ہمیں کسی کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ہمیں وہ قوم بننا ہے جس کے لیڈر قائد اعظم محمد علی جناح تھے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ کسی سے امداد نہیں لینی۔ ہم امریکا اور آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے۔ کسانوں کی ایسی مدد کریں گے جیسے ہندوستان کی حکومت کرتی ہے۔